اللہ پاک نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اور عظیم نعمت زبان بھی ہے بظاہر زبان ایک گوشت کا ٹکڑا ہے اس کی قدر و اہمیت وہی جان سکتا ہے جو اس نعمت سے محروم ہے۔ یاد رکھئے اس کا درست استعمال جنت اور غلط استعمال جہنم میں داخل کروا سکتا ہے زبان کے غلط استعمال کی ایک صورت جھوٹ بولنا بھی ہے جھوٹ کے لئے عرب میں کذب کا لفظ استعمال ہوا ہے جس کے معنی جھوٹ ہے۔

جس بات کا حقیقت سے کوئی تعلق یا واسطہ نہ ہو وہ جھوٹ کہلاتی ہے۔

جھوٹ بولنا ایک ایسی بری عادت ہے جو دین اسلام بلکہ دیگر مذاہب میں بھی برا تصور کیا جاتا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ پاک نے جھوٹ کی مذمت بیان کرتے ہوئے فرمایا: ترجمہ: جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہوتی ہے۔ (پ 3،اٰل عمران:61)اگر دیکھا جائے تو جھوٹ کبیرہ گناہوں میں سے ہے اور جھوٹ بولنے اور جھوٹے الزام لگانے کی جرات وہی کرتا ہے جسے اللہ پاک کی نشانیوں پر یقین نہ ہو۔اور سب سے پہلے جھوٹ شیطان نے بولا تھا۔

جھوٹ کی مذمت پر پانچ فرامینِ مصطفیٰ ﷺ

1۔ جھوٹ بولنا فسق و فجور(گناہ) ہے اور فسق و فجور دوزخ میں لے جاتا ہے۔ (صحیح مسلم،ص 1077حدیث: 6638)

2۔ جھوٹ بولنا منافق کی علامتوں میں سے ہے۔ (صحیح مسلم،ص 50،حدیث: 106)

3۔بارگاه رسالت میں ایک شخص حاضر ہو کر عرض گزار ہوا: یا رسول الله ﷺ جہنم میں لے جانے والا عمل کونسا ہے ؟فرمایا: جھوٹ بولنا،جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو گناہ کرتا ہے حب گناہ کرتا ہے تو نا شکری کرتا ہے جب ناشکری کرتا ہے تو جہنم میں داخل ہو جاتا ہے۔ (مسند امام احمد،ص 589،حدیث: 6652)

4۔ لوگوں کو ہنسانے کے لئے جھوٹ بولنے والے کے لئے ہلاکت ہے (ترمذی،4/142،حدیث: 2322)

5۔ جھوٹ بولنا سب سے بڑی خیانت ہے (ابو داود،ص 381،حدیث: 4971)

اگر حدیث مبارکہ پر غور کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ رسول اللہ ﷺ نے جھوٹ بولنے والوں کے لئے کیا کیا مذمت فرمائی ہے اور جھوٹ بولنے سے انسان سراسر گھاٹے میں ہے اور اپنی دنیااور آخرت کو برباد کرتا ہے۔

جھوٹ کی چند مثالیں: جھوٹ کی چند مثالیں یہ ہیں جو ہمارے معاشرے میں بہت عام ہیں مثلا 1۔والدین کا کم عمری میں بچوں سے یوں جھوٹ بولنا یہاں آؤ یہ چیز لے لو حالانکہ دینا کچھ بھی نہیں ہوتا۔2۔جلدی سو جاؤ ورنہ بلی یا کتا آجائے گا وغیرہ اس طرح ماں باپ بھی گناه کار ہوتے ہیں اور بچوں کی تربیت پر برا اثر پڑتا ہے اس طرح بچے بچپن سے ہی سچ سننے اور بولنے سے محروم ہو کر جھوٹ بولنے کے عادی ہو جاتے ہیں۔3۔ خریدو فروخت کے معاملات میں جھوٹ بولنے کو کمال سمجھا جاتاہے۔ 4۔ لوگوں کو ہنسانے کے لئے محافل سجائی جاتی ہیں اور اسے رنگ دینے کے لیے جھوٹے چٹکلے،قصے سنا کر لوگوں کو ہنسایا جاتا ہے۔ 5۔ہمارے معاشرے میں اپریل فول منایا جاتا ہے جس میں لوگوں کو جھوٹی خبر دے کر خوش ہوتے ہیں۔

جھوٹ میں معاشرے کے نقصانات: جھوٹ بولنے سے معاشرے میں فساد پیدا ہوتا ہے جس کی وجہ سے ہمارا معاشرہ ترقی کی طرف نہیں بڑھتا اور برا اثر ہوتا ہے جس سے معاشرہ متاثر ہوتا ہے اور برائیاں جنم لیتی اور معاشرہ خراب ہو نے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔