انبیاء کرام علیہم السلام کو اللہ عز و جل نے بہت سی شان و کمالات سے نوازا ہے اللہ عزوجل نے اپنے حبیب لبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بھی انبیاء کرام علیہم السلام کا ذکر فرمانے کا حکم دیا تاکہ انبیاء کرام علیہم السلام کا ذکر حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنت ہو جائے اور یہ ذکر سن کر لوگ ان نفوس قدسیہ کی پاک خصلتوں سے نیکیوں کا ذوق و شوق حاصل کریں۔ اور انبیاء کرام میں سے حضرت اسحاق علیہ السلام کو بھی اللہ عزو جل نے بہت شان وکمالات سے نوازا ہے اور ان کا ذکر قرآن پاک میں بھی فرمایا ہے۔ آیئے آپ علیہ السلام کا قرآنی تذکرہ پڑھئے اور اپنے علم و عمل میں اضافہ کیجیے:

(1) اسحاق علیہ السلام کی بشارت:فَبَشَّرْنٰهَا بِاِسْحٰقَۙ-وَ مِنْ وَّرَآءِ اِسْحٰقَ یَعْقُوْبَ(71) ترجمہ کنز الایمان: تو ہم نے اسے اسحاق کی خوشخبری دی اور اس کےپیچھے یعقوب کی۔(پارہ 12 ، ھود آیت 71)

حضرت سارہ کو بشارت دینے کی وجہ یہ تھی کہ اولاد کی خوشی مردوں سے زیادہ عورتوں کو ہوتی ہے اور ایک وجہ یہ تھی کہ ان کی اولاد نہ تھی۔ اس لیے زیادہ خوشی ہوئی۔(تذکرۃ الانبیاء)

(2) حضرت اسحاق علیہ السلام نبی ہوئے: الله عز و جل نے فرمایا:وَهَبْنَا لَهٗۤ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَؕ-وَ كُلًّا جَعَلْنَا نَبِیًّا(49)ترجمہ کنز الایمان: ہم نے اسے اسحاق اور یعقوب عطا کیے اور ہر ایک کو غیب کی خبریں بتانے والا کیا۔ (پارہ 16، مریم آیت 49)

(3) دعا کی قبولیت: الله عزوجل نے فرمایا: اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِیْ وَهَبَ لِیْ عَلَى الْكِبَرِ اِسْمٰعِیْلَ وَ اِسْحٰقَؕ- اِنَّ رَبِّیْ لَسَمِیْعُ الدُّعَآءِ(39) ترجمۂ کنز الایمان:سب خوبیاں اللہ کو جس نے مجھے بڑھاپے میں اسمٰعیلو اسحاق دیئے بیشک میرا رب دعا سننے والا ہے۔(پارہ 13، ابراھیم آیت 39)

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بڑھا پے میں دعا کی تھی اللہ عزوجل نے ان کی دعا کو قبول کیا اور انہوں نے شکر ادا کیا اور انہیں فرزند عطا فرمایا۔(تفسیر خزائن العرفان ابراھیم تحت الآیۃ 39)

(4) خاص نعمت عطا کرنا : اللہ عزوجل نے فرمایا:وَ كَذٰلِكَ یَجْتَبِیْكَ رَبُّكَ وَ یُعَلِّمُكَ مِنْ تَاْوِیْلِ الْاَحَادِیْثِ وَ یُتِمُّ نِعْمَتَهٗ عَلَیْكَ وَ عَلٰۤى اٰلِ یَعْقُوْبَ كَمَاۤ اَتَمَّهَا عَلٰۤى اَبَوَیْكَ مِنْ قَبْلُ اِبْرٰهِیْمَ وَ اِسْحٰقَؕ-اِنَّ رَبَّكَ عَلِیْمٌ حَكِیْمٌ(6) ترجمۂ کنز الایمان:اور اسی طرح تجھے تیرا رب چن لے گا اور تجھے باتوں کا انجام نکا لنا سکھائے گا اور تجھ پر اپنی نعمت پوری کرے گا اور یعقوب کے گھر والوں پر جس طرح تیرے پہلے دونوں باپ دادا ابراہیم اور اسحق پر پوری کی بیشک تیرا رب علم و حکمت والا ہے۔(پارہ 12یوسف آیت 6 تفسیر خزائن العرفان)

حضرت اسحاق علیہ السلام کو اللہ عزوجل نے یعقوب اور اسباط عطا فرما کر نعمت پوری کی۔(پارہ 12سورت یوسف آیت 6 تفسیر خزائن العرفان)

(5) اسحاق علیہ السلام کی طرف وحی:الله عز و جل نے جس طرح تمام انبیاء کرام کی طرف وحی فرمائی اسی طرح حضرت اسحاق علیہ السلام کی طرف بھی وحی فرمائی جیسا کہ اللہ عزوجل نے ارشاد فرمایا: وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰۤى اِبْرٰهِیْمَ وَ اِسْمٰعِیْلَ وَ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَ وَ الْاَسْبَاطِترجمۂ کنز الایمان:ہم نے ابراہیم اور اسمٰعیل اور اسحٰق اور یعقوب اور ان کے بیٹوں کو وحی کی۔(پارہ 6سورت النساء آیت 163)

یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔