عاشقان رسول کی مدنی تحریک دعوت اسلامی کا مدنی پیغام دنیا کے کئی ممالک میں  پہنچ چکا ہے اور الحمدللہ یہ سلسلہ روز بروز بڑھتاہی چلا جارہا ہے۔ نیکی کی دعوت کے ساتھ ساتھ دعوت اسلامی کئی شعبہ جات کے ذریعے دنیا بھر میں دین کی خدمت کرنے میں مصروف ہے۔ دعوت اسلامی کا ایک شعبہ خدام المساجد و المدارس بھی ہے جس کے تحت ہزارہا مساجد تعمیر کی جاچکی ہیں اور مزید یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔

اسی سلسلے کو قائم رکھتے ہوئے افریقی ملک موزمبیق کے سٹی مانگا میں بہار شریعت مسجد کی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ نگران بئیرا زون ودیگر ذمہ داران نے زیر تعمیر مسجد کا وزٹ کیا اور تعمیراتی کا موں کا جائزہ لیتے ہوئےانکی حوصلہ افزائی کی اور مزید تعمیرات کےحوالے سے رہنمائی کی۔

واضح رہے کہ یہ وہ مسجد ہے جس کا سنگ بنیاد جانشین امیر اہلسنت مولاناحاجی عبید رضا عطاری مدنی نے سفر افریقہ کے دوران رکھا تھا۔

زیر تعمیر مسجد بہارشریعت کے اطراف میں ذمہ داران کی کاوشوں سے مختلف مواقع پر نیکی کی دعوت کی بدولت اب تک کم وبیش 132 غیر مسلم اسلام قبول کرچکے ہیں۔ نگران بئیرا زون نےان نو مسلم اسلامی بھائیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں اسلامی معلومات حاصل کرنےاورنمازوں کی پابندی کرنے کی ترغیب دلائی۔


پچھلے دنوں مبلغین دعوت اسلامی  نے نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے جذبے کے تحت افریقی ملک ملاوی کے شہر ملانجی پہنچے جہاں انہوں نے سنتِ رسول ﷺ اور امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی تربیت پر عمل کرتے ہوئے حسن اخلاق کے ساتھ مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور انہیں نیکی کی دعوت پیش کی۔ مبلغ ِدعوت اسلامی نے دامنِ اسلام سے وابستہ ہونے کے لئے ان پر انفرادی کوشش کی اور سامعین کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔ حسنِ اخلاق کےساتھ دیئے گئے جوابات سے متاثر ہوکر سامعین میں سے 30 افراد نے اسلام کی دعوت کو قبول کیا اور کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔

اس حوالے سے مبلغ دعوت اسلامی محمد عثمان عطاری مدنی کا کہنا تھا کہ ایک بہت ہی بلند چوٹی ملانجی ماونٹن کےنام سے ملاوی میں موجود ہے۔اس مقام پر اسلامی بھائیوں کا سفر ہوا اور مقامی لوگوں میں نیکی کی دعوت پیش کی جس سےمتاثر ہوکر 30 افراد نے اسلام قبول کرلیا۔ مبلغ دعوت اسلامی نے مزید کہا کہ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دعوت اسلامی کے زیر اہتمام اُس مقام پر نیو مسلم کورس کروایا جائیگا جبکہ اس شہر میں مسجد و مدرسہ کے قیام کے لئے بھر پور کوشش کی جائیگی۔


دعوت اسلامی کی مجلس بیرون ملک کا مدنی مشورہ ہوا جس میں یورپ، افریقہ اور امریکہ سمیت دنیابھر کے ریجن نگران اور اراکین مجلس نے شرکت کی۔ مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد بلال عطاری نے راولپنڈی سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکا کی تربیت کی اور مدنی کاموں کے حوالے سے ان اسلامی بھائیوں کی رہنمائی کی۔مدنی مشورے میں انٹر نیشنل لینگویج ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے، ائمہ کرام کی تربیتی نشست کروانے ، نئے مقامات پر مدنی کاموں کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ جامعات، مدارس اور دارالمدینہ قائم کرنے کے متعلق کلام ہوا جبکہ  2026 تک کے اہداف طے کئے گئے۔


دعوت اسلامی کے تحت 22 اگست2020ء کو بذریعہ انٹرنیٹ مدنی مشورہ ہوا جس میں نگران کابینہ جاپان محمد ندیم عطاری اور اراکین کابینہ نے شرکت کی۔ رکن شوریٰ سید لقمان عطاری نے مدنی کاموں کی کارکردگی کا جائزہ لیااور مدنی کاموں کو بڑھانے کے حوالے سے مدنی پھول دیئے۔ رکن شوریٰ نے جاپان میں فیضان مدینہ کے لئے جگہ خریدنےاور مصلے بنانے پر کلام کیا۔ مدنی مشورےمیں  2020ء کے اختتام تک فیضان مدینہ کے لئے ایک جگہ خریدنے اور پانچ مصلے بنانے کے اہداف طے ہوئےجس پر جاپان کے ذمہ داران نے اہداف کو پورا کرنےکی نیتیں بھی کیں۔ اس موقع پر نگران فار ایسٹ ریجن محمد توصیف رضا عطاری بھی موجود تھے۔


دعوت اسلامی کی مجلس خدام المساجد والمدارس بیرون ملک نے یوکے کے شہر ٹیلفورڈ (Telford) میں ایک نئی مسجد ”فیضان رمضان“ کی تعمیر مکمل کرلی۔ 21 اگست 2020ء بمطابق یکم محرم الحرام 1442ھ کو اس مسجد کا افتتاح ہوا۔ مسجد کا افتتاح عاشقان رسول نے نماز جمعہ ادا کرکے کی۔ نماز جمعہ نگران ریجن برمنگھم سید فضیل رضا عطاری کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز جمعہ کے بعد نگران برمنگھم ریجن نے اس مسجد کی تعمیرات کرنے والے اور اس میں حصہ لینے والے مسلمانوں کے لئے دعائیں کیں۔

اس حوالے سے نگران برمنگھم ریجن سید فضیل رضا عطاری کا کہنا تھا کہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ اسلامی سال کے پہلے جمعے کو اس مسجد کا افتتاح کیا گیا۔ نگران ریجن نے مزید کہا کہ یہ عمارت مسجد کے قیام سے پہلے غیر مسلموں کی عبادت گاہ تھی جسے دعوت اسلامی نے خرید کر مسجد میں تبدیل کردیا۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کرونا کی صورت میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے بعد یوکے میں مساجد کھل چکی ہیں اور Social Distanceکے ساتھ جمعہ کی نماز کی اجازت ہے، اسی حکومتی پالیسی کوFollowکرتے ہوئے یہ سب اہتمام کیا گیا۔


نیکی  کی دعوت ایک ایسا عمل ہے جوکہ گناہوں میں ڈوبے ہوئے لوگوں کوراہ راست پر لانے اورغیرمسلموں کونور ایمان سے منور کرنے کا بہترین انداز ہے۔ کچھ ایسا ہی ہوا افریقی ملک موزمبیق کے شہر ماپوتو میں جہاں مبلغ دعوت اسلامی نے ایک غیر مسلم پر انفرادی کوشش کرتے ہوئے اسے اسلام کی دعوت دیتے رہےاور چند دنوں کی انفرادی کوشش کی بدولت غیرمسلم نے اسلام قبول کرنے کی نیت کا اظہار کیا۔ مبلغ دعوت اسلامی نے انہیں ہاتھوں ہاتھ کلمہ پڑھایااور یوں یہ غیر مسلم دامن اسلام سے وابستہ ہوگئے ان کا اسلامی نام علی حسن رکھا گیا ۔


دعوت اسلامی کے تحت اسپین کے شہر پامپلونا میں قائم ایک اسلامک سینٹر میں مدنی حلقے کا سلسلہ ہوا جس میں پامپلونا کے مقامی ذمہ داران ، اہل علاقہ اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔مبلغین دعوت اسلامی نے ا س مدنی حلقے میں اسلامی بھائیوں کو سنتیں اور دیگر آداب سکھائے اور نیکی کی دعوت دی۔


ساؤتھ کوریا کے شہر تھیگو کے علاقے بُکبُو میں قائم فیضان جمال مصطفیٰ مسجد میں ایک اسلامی بھائی عامر شیخ عطاری کی بھابھی کے ایصال ثواب کیلئے محفل نعت کا انعقاد کیاگیا جس میں  مقامی تاجر، فیکٹری ورکرز اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ مبلغ دعوت اسلامی نے ” مرنے سے قبل آخرت کی تیاری“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا جبکہ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ بھی ہوا۔

واضح رہے مرحومین کوایصال ثواب کرنا شعائراہلسنت سے ہے اوریہ مستحسن اور اجروثواب کا عمل ہے ۔


عرب شریف میں مناسکِ حج کا آغاز ہو گیا ہے۔ عازمینِ حج کے قافلےمنیٰ سے میدان عرفات پہنچ گئے ہیں۔

مناسک حج کی ادائیگی کے لیے محدود پیمانے پر ایک ہزار عازمینِ حج منی پہنچے جہاں فرض نمازوں کے علاوہ نفلی عبادات بھی کی گئیں، وزارتِ صحت کی جانب سے پچاس عازمین حج کو ایک ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی سہولت دی گئی ہے۔

عازمین رات منیٰ میں گزارنے کے بعد فجر کی نماز ادا کرکے میدان عرفات پہنچ چکے ہیں جہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

منی روانگی سے قبل احرام باندھے عازمین نے مسجد الحرام میں نوافل ادا کیے اور حرم میں سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔


سالانہ معمول کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب غلاف کعبہ تبدیل کردیاگیا۔ خانہ کعبہ کو غسل دینے اور غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کا آغاز نمازِعشا کی ادائیگی کے بعد ہواجو نماز فجر تک جاری رہی۔ غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا کام بار ش کے دوران بھی جاری رہا۔

عرب خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف کعبے پر چڑھایا گیا، یہ کام کئی اداروں کے تعاون سے انجام دیا گیا ہے۔ غلافِ کعبہ کی تبدیلی کے دوران تما م احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

اس سے قبل غلاف کعبہ کو قافلے کی شکل میں اسپیشل ٹرک کے ذریعے کسوۃ کمپلیکس سے منتقل کیا گیا۔ غلاف کعبہ کی حفاظت اور کسی بھی قسم کے نقصان سے حفاظت کے لیے ٹرک کے اندرونی حصے میں خاص مادے کا لیپ کیا گیا تھا۔

اسپیشل ٹرک کے ہمراہ تکنیکی ٹیم اورموبائل ورکشاپ بھی موجود تھی۔ کسوۃ کمپلیکس کے ہیڈ کوارٹر سے مسجد الحرام تک غلاف کعبہ کے کاریگر اور ہنرمند جبکہ غلافِ کعبہ کمیٹی کے ارکان کاررواں کے ساتھ چل رہے تھے۔ غلاف کعبہ مسجدالحرام پہنچایا گیا جہاں غلاف کعبہ کی تبدیلی میں ہرسال کی طرح ایک سو ساٹھ ماہر کارکنان نے حصہ لیا۔

غلاف کعبہ کی تیاری کے مراحل:

نئے غلاف کی تیاری میں 670 کلو گرام خالص ریشم،120 کلو گرام خالص سونے اور100 کلو گرام چاندی کے دھاگے استعمال کیے جاتے ہیں۔ سونے کے دھاگوں سے قرآنی آیات کی کڑھائی ہوتی ہے۔ ریشم خصوصی طور پر ا ٹلی سے درآمد کیا جاتا ہے جبکہ سونے اور چاندی کا پانی چڑھے دھاگے جرمنی سے منگوائے جاتے ہیں۔ غلاف کعبہ کی تیاری پر ایک اندازے کے مطابق 22 ملین ریال سے زائد لاگت آتی ہے۔ کسوۃ کمپلیکس میں 200 سے زیادہ ماہرین غلافِ کعبہ کی تیاری میں حصہ لیتے ہیں۔

نیا غلاف کعبہ چار برابر پٹیوں اور ستار الباب پر مشتمل ہے۔ خانہ کعبہ کے چاروں اطراف کی پٹیوں کو الگ الگ تیار کیا جاتا ہے۔ تبدیلی کے عمل کے دوران سب سے پہلےحطیم کی طرف سے غلاف کعبہ کو کھولا جاتا اس کی جگہ نیا غلاف ڈالا جاتا ہے۔ غلاف کعبہ کو اوپر سے نیچے کی طرف پھیلایا جاتا ہے۔

’ اللہ اکبر‘ کے الفاظ پر مشتمل پانچ شمعیں حجر اسود کے اوپر باب کعبہ کے بیرونی پردے پر لگائی جاتی ہیں۔ آخری مرحلے میں کعبہ کے دروازے کا پردہ تبدیل کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب عرب شریف میں مناسکِ حج کا آغاز ہو گیا ہے۔ عازمینِ حج کے قافلے مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے ہیں۔

مناسک حج کی ادائیگی کے لیے محدود پیمانے پر ایک ہزار عازمینِ حج منی پہنچے ہیں۔ فرض نمازوں کے علاوہ نفلی عبادات بھی کی جارہی ہیں۔

وزارتِ صحت کی جانب سے پچاس عازمین حج کو ایک ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی سہولت دی گئی ہے۔

عازمین رات منیٰ میں گزارنے کے بعد فجر کی نماز ادا کرکے میدان عرفات روانہ ہونگے جہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

منی روانگی سے قبل احرام باندھے عازمین نے مسجد الحرام میں نوافل ادا کیے اور حرم میں سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔


پچھلے دنوں بیرون ملک مقیم جامعۃ المدینہ کے اساتذہ اور ناظمین کے درمیان اصلاح اعمال کورس ہوا ۔ دوران کورس رکن شوریٰ حاجی محمد فضیل رضا عطاری نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے آن لائن سنتوں بھرا بیان کیا۔ رکن شوریٰ نے عاجزی وانکساری کے فائدے اور تکبر کے دنیاوی و اخروی نقصانات کے متعلق شرکا کی رہنمائی کی۔ رکن شوریٰ کا کہنا تھا کہ اللہ ہمیں عاجزی اور انکساری کی دولت نصیب کرے کیونکہ اس میں سکون بھی ہے اور راحت بھی جبکہ تکبر میں جلن اور اکڑ کے سوا کچھ نہیں ہے۔


پچھلے دنوں روٹرڈیم ہالینڈ میں مبلغ دعوت اسلامی ونگران روٹرڈیم ڈویژن محمدتوصیف عطاری کی دادی کے ایصال ثواب کے لئےمحفل کا انعقاد کیاگیا  اورمرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ ایصال ثواب کی اس محفل میں نگران ہالینڈ کابینہ نے ”اچھی صحبت “کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیاجبکہ امام صاحب نے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کروائی۔