جس طرح کچھ نیکیاں ظاہر ی ہو تی ہیں اور کچھ باطنی اسی طرح
گناہ بھی ظاہر ی اور باطنی ہوتے ہیں انہیں امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب
احیاء العلوم میں تفصیل سے ذکر فرمایا ہے ان میں سے ایک مرض بغض و کینہ بھی ہے۔
بغض و نفر ت تعریف: کینہ یہ ہے کہ انسان اپنے دل میں کسی کو بوجھ جانے، اس سے غیر شرعی دشمنی رکھے،
نفرت کرے اور یہ کیفیت ہمیشہ ہمیشہ باقی رہے۔ ( باطنی بیماریوں کی معلومات، ص 53)
حکم: سیدنا
عبدالغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: حق بات بتانے یا عدل و انصاف کرنے
والے سے بعض و کینہ رکھنا حرام ہے۔ (باطنی گناہوں کی معلومات، ص 54) الله پاک قرآن
پاک میں ارشاد فرماتا ہے: اِنَّمَا یُرِیْدُ
الشَّیْطٰنُ اَنْ یُّوْقِعَ بَیْنَكُمُ الْعَدَاوَةَ وَ الْبَغْضَآءَ فِی
الْخَمْرِ وَ الْمَیْسِرِ وَ یَصُدَّكُمْ عَنْ ذِكْرِ اللّٰهِ وَ عَنِ
الصَّلٰوةِۚ-فَهَلْ اَنْتُمْ مُّنْتَهُوْنَ(۹۱) (پ7، المائدۃ:91) ترجمہ کنز الایمان: شیطان یہی
چاہتا ہے کہ تم میں بَیر اور دشمنی ڈلوا دے شراب اور جوئے میں اور تمہیں اللہ کی
یاد اور نماز سے روکے تو کیا تم باز آئے۔
احادیث مبارکہ:
1۔ ہر جمعرات اور جمعہ کے دن اعمال پیش کئے جاتے ہیں تو
مشرک کے علاوہ ہر شخص کی مغفرت کر دی جاتی ہے مگر دو شخصوں کے بارے میں کہا جاتا
ہے کہ انہیں آپس میں صلح کر لینے تک موخر کر دو۔ (جامع الاحادیث، 3/12، حدیث: 6975)
2۔ الله پاک (یعنی اس کی رحمت اور اس کا امر ) شعبان کی
پندرہویں رات آسمان دنیا پر جلوہ فگن ہوتا ہے پس والدین کے نافرمان اور کینہ پرور
شخص کے علاوہ ہر مسلمان کو بخش دیتا ہے۔ (شعب الایمان، 3/381، حدیث: 3829)
اے عاشقان رسول ﷺ آئیے ہم سب اپنی ذات میں غور کرتے ہیں کہ
کہیں ہم میں تو یہ مہلک بیماری نہیں پائی جارہی اگر جواب ہاں میں آتا ہے تو فورا
سے پیشتر توبہ کی ترکیب اور آئندہ اس گناہ سے بچنے کا عزم مصمم کرلیتے ہیں اللہ
پاک ہمیں اس بغض و کینہ جیسی بیماری سے محفوظ فرمائے۔ آمین