دین اسلام میں جہاں والدین، اولاد، استاد،رشتہ
داروں، پڑوسیوں، مزدوروں، جانوروں اور دیگر طبقات کے حقوق بیان فرمائے اسی طرح ایک
مسلمان پر بھی دوسرے مسلمان کے حقوق مقرر فرمائے جن کا ادا کرنا ہر مسلمان پر لازم
و ضروری ہے۔ انہی حقوق میں سے 5 حقوق ملاحظہ ہوں:
1۔ مسلمان کے حقوق میں سے ہے کہ اپنی زبان اور کسی
فعل سے دوسرے مسلمان کو دکھ نہ پہنچائے۔ فرمان مصطفیٰ ﷺ ہے: مسلمان وہ ہے جس کے
ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ (مسلم، ص 41،
حدیث: 65)
ایک طویل حدیث مبارکہ ہے جس میں آقا ﷺ نے لوگوں کو
اچھی عادات اپنانے کے متعلق حکم ارشاد فرمایا: اگر تم یہ نہیں کر سکتے ہو تو لوگوں
کو اپنے شر سے محفوظ رکھو یہ تمہارے لیے صدقہ ہے جو تم نے اپنی ذات کے لیے دیا ہے۔(بخاری،
2/150، حدیث: 2518)
2۔ مسلمان کا دوسرے مسلمان پر یہ بھی حق ہے کہ جو
کچھ اپنے لیے پسند کرتا ہے وہی اپنی مسلمان بھائی کے لیے پسند کرے اور جو چیز اپنے
لیے بری سمجھتا ہے دوسرے مسلمان کے لیے بھی اسے برا سمجھے۔ فرمان آخری نبی ﷺ ہے: تم
سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک اپنے بھائی کے لیے بھی وہی
چیز پسند نا کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔ (مسلم،ص 47، حدیث: 170)
3۔ مسلمانوں کے حقوق میں سے یہ بھی ہے کہ لوگوں کی
باتیں ایک دوسرےکو نہ بتلائی جائیں اور کسی کی بات سن کر دوسرے کو نہ سنائی جائے
یعنی کسی مسلمان کی چغلی نہ کھائی جائے۔ چنانچہ آقا جان ﷺ کا فرمان عبرت نشان ہے: چغل
خور جنت میں نہیں جائے گا۔ (بخاری، 4/115، حدیث: 6056)
4۔ حقوق مسلم میں سے ہے کہ غصے کی حالت میں اپنے
مسلمان بھائی سے تین دن سے زائد ترک تعلق نہ رکھا جائے۔ اپنے مسلمان بھائی کی
لغزشوں کو معاف کرنے پر میٹھے میٹھے آقا ﷺ کا فرمان عالی شان ہے: جس نے کسی مسلمان
بھائی کو اس کی لغزش کے سبب چھوڑ دیا اللہ پاک قیامت میں اسے چھوڑ دے گا۔ (ابن ماجہ،
3/36، حدیث: 2199)
5۔ ایک مسلمان کے دوسرے پر جو حقوق ہیں ان میں سے
یہ بھی ہے کہ مسلمان کے عیبوں کی پردہ پوشی کی جائیں اور اخلاص کے ساتھ دوسروں کو
بھی اس کی ترغیب دلائی جائے۔ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی
کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے کسی مسلمان کا پردہ رکھا اللہ قیامت کے دن اس کے
عیوب کا پردہ رکھے گا۔(بخاری، 2/126، حدیث:2442)
اللہ سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں حقوق اللہ کے ساتھ
ساتھ حقوق العباد کی بھی اچھی طرح ادائیگی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ
خاتم النبیین ﷺ