قارئینِ کرام ! اچھے کام کرنے سے آپ لوگوں کی آنکھوں کے تارے بن سکتے
ہیں جبکہ برے کام کرنے سے یا بری
عادات اپنانے سے آپ لوگوں کی نظروں سے گِر
بھی سکتے ہیں اور آپ کو ذلت و شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔ اس مضمون
میں ہم 16 ایسے کاموں کی نشاندہی کررہے
ہیں جن سے اجتناب کرکے آپ شرمندگی سے بچ سکتے ہیں۔
(1)کسی کے فون میں جھانکنا بہت ہی نامناسب بات ہے یقین
جانیں شریف اور سمجھدار لوگ ایسی حرکتیں نہیں کرتے، یہ عمل ذلیل بھی کرواسکتا ہے
اور شرمندہ بھی ۔
(2)کسی کا نمبر اس کی اجازت کے بغیر کسی کو بھی نہ دیں کیا پتا جس کا نمبر آپ
نے کسی کو دیا اس کو یہ بات سخت نا پسند ہو ۔ ہاں اگر اس کی طرف سے اجازت ہے تو ٹھیک
ہے۔
(3)اگر
آپ کے پاس کسی کا فون آئے تو اس طرح فون پر بات نہ کیجئے کہ جس سے اور لوگ ڈسٹرب
ہوں اگر کمرے میں ہوں تو باہر چلے جائیں تاکہ دوسرے لوگوں کو پریشانی نہ ہو، نیز
موبائل کی ٹون ایسی نہ رکھیں جس سے دوسرے لوگ ڈر جائیں یا پریشان ہوں ۔
(4)بعض لوگوں کو جب فون کیا جائے تو انہوں نے عجیب ٹونز سیٹ کی ہوتی ہیں کسی
نے گانے کی ٹون معاذ
اللہ سیٹ کی ہوتی ہے اور نہ جانے کیا
کیا بعض اوقات کسی دینی ذہن رکھنے والے کو بھی جب فون کیا جائے تو میوزک یا گانے کی
آواز آجاتی ہے حالانکہ ان کو خود بھی اس بات کا پتہ نہیں ہوتا اس پر بھی وقتاً
فوقتاً غور کرلینا چاہیے شاید یہ کمپنی والے ایسا کردیتے ہیں یا کوئی اور وجہ ہوتی
ہے۔
(5)اگر
آپ کو کوئی کام دیا گیا اور آپ نہیں کرنا چاہتے تو اپنی جان چھڑانے کے لئے کسی اور
کو اس میں خدارا نہ پھنسائیں کہ بھائی میں تو نہیں کرسکوں گا ایسا کرو وہ فلاں
بندہ ہے نا اس کے پاس چلے جاؤ وہ تمہارا کام کردے گا جیسے اس کے پاس دنیا کا کوئی
کام نہیں ہے وہ اسی لئے بیٹھا ہے کہ کہیں سے بھی کوئی بھی کیسا بھی کام اس کو دے
اور وہ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اسی کام میں مصروف ہوجائے۔لوگوں کے اپنے اپنے کام فکس
ہوتے ہیں آپ کے ایسا کرنے سے کوئی آزمائش میں آسکتا ہے۔
(6)کسی کی چیز اس کی اجازت کے بغیر استعمال نہ کریں چاہے کوئی معمولی چیز ہی
کیوں نہ ہو اگر آپ اس سے اجازت لے لیں گے تو اس کی نظر میں آپ کا مقام اور بڑھ
جائے گا۔
(7)لوگوں
سے چیزیں لے کر واپس نہ کرنا بہت ہی معیوب اور برا عمل ہے، اولاً کوشش کریں ایسی
نوبت نہ آئے بصورت مجبوری وقت پر لوٹادیں، سکھی رہیں گے۔
(8)کھانے کے دوران منہ سے چبانے کی آوازیں نکالنے سے لوگوں کو الجھن ہوتی
ہے اور یہ مہذب لوگوں کا طریقہ نہیں اس سے
بچیں اور لوگوں کے سامنے بلند آواز سے ڈکار نے سے بھی گریز کریں نیز جمائی کے
دوران منہ سے آواز نکالنا اور منہ پر ہاتھ نہ رکھنا بھی بری صفات میں شمار کیا
جاتا ہے۔
(9)لوگوں سے ایسا مذاق کرنا جس سے ان کی دل آزاری
ہو اور ان کی تحقیر ہو اسلام میں اس کی سخت مذمت بیان کی گئی ہے اس عادت سے خود کو
لازمی بچائیں۔
(10)بار بار کسی کے پاس بلاوجہ چلے جانے سے اہمیت کم ہوجاتی ہے اور سامنے والے کی نظر میں آپ کی وقعت بھی ختم ہوجائے گی،اگرچہ
وہ آپ کا دوست یا ررشتہ دار ہو۔
(11)کسی سے کچھ بھی منگوائیں تو پیسے پہلے اس کے حوالے کریں تاکہ وہ بغیر کسی
مشقت کے آپ کی چیز لے آئے بہت سے لوگوں میں یہ بری عادت موجود ہے کہ لوگوں کو آرڈر
دیئے چلے جاتے ہیں کہ یار میرے لئے یہ لے آنا یا مجھے فلاں چیز لادینا پیسے میں د
ے دوں گا وغیرہ جبکہ وہ بے چارہ کئی بار لوگوں کے لئے ان کا مطلوبہ سامان تو لے آیا
لیکن جس کے لئے لایا اس نے پھر مڑ کر بھی اس کی طرف نہ دیکھا اور اس کا نقصان ہوگیا
یاد رکھئے بہت سے لوگ ایسے ہیں کہ انہیں خود سے مانگنا اچھا نہیں لگتا اگر کسی نے
ان کے پیسے ادھار لئے ہوں تب بھی وہ اپنے پیسے واپس مانگنے میں شرم محسوس کرتے ہیں
اس لئے خدارا لوگوں کی پرواہ اور فکر کریں ۔ ایسی حرکتوں کی وجہ سے ہی پھر سامنے
والا بھی ٹال مٹول کرنا شروع کردیتا ہے کہ یار میں تمہاری چیز لانا بھول گیا ذہن میں
نہیں رہا یاد نہیں رہا اب بتائیں اگر آپ کا کردار صاف ہوتا تو وہ کیوں آپ کی مدد
نہ کرتا لہذا پیسوں کے معاملے میں سستی کاہلی کا مظاہرہ نہ کریں۔جس کے جو پیسے آپ
کے ذمہ ہوں فورا لوٹانے کی کوشش کریں۔
(12)کسی سے قرض لیا یہ بول کر کہ دو دن بعد لوٹادوں گا تو اب لازمی لوٹادیں
ورنہ یہ ہوگا کہ اس بار تو آپ نے اس سے پیسے لے لئے لیکن آئندہ پھر وہ کبھی بھی آپ
کو اُدھار پیسے نہیں دے گا۔ لوگوں کا
بھروسہ مت توڑیں۔
(13)لوگ دوسروں کی مدد کرناچاہتے ہیں ان کی مشکل میں کام آنے کا جذبہ رکھتے ہیں
لیکن کم ظرفوں کی کوتاہیوں کی وجہ سے مستحقین بھی ان کی بھلائی سے محروم ہوجاتے ہیں۔
(14)کسی کے پاس جو کچھ بھی ہے اس سے جلنا ،چڑنا ،حسد کرنا ،بغض رکھنا چھوڑ دیں
کیونکہ یاد رکھیں آپ کے ایسا کرنے سے اس کا کچھ نہیں بگڑے گا لیکن ان کاموں کی
نحوستیں آپ تک ضرور پہنچیں گی ہاں توبہ کرلیں تو ان شاء اللہ بچت ہوجائے گی۔بلکہ
دوسروں کے پاس نعمتیں دیکھیں تو ان کے لئے مزید دعا کریں اس سے اللہ پاک آپ کی بھی
نعمتوں میں اضافہ کردے گا۔
(15)اپنی چیزوں کو ترتیب سے رکھیں تاکہ وقت ضرورت دشواری کا سامنا نہ ہو اور
غصے کی کیفیت سے بچ سکیں۔
(16)کوئی بھی ضروری کام ایسا ہو جو بعد میں کرنا ہو اور بھول جانے کا اندیشہ
ہو تو اس کو موبائل میں ایک فولڈر بنا کر نوٹ کرلیں ۔ تاکہ وقت ضرورت دیکھا جا
سکے۔اسی طرح کسی کو کچھ دیں یا لیں تو اس کو نوٹ کرلیں تاکہ بعد میں جھگڑا نہ ہو۔
از: محمد بلال سعید
عطاری مدنی
اسکالر اسلامک ریسرچ
سینٹر ، دعوتِ اسلامی
02-03-2022