نعمت الہی کا شکریہ ادا کرنے اور رمضان المبارک کی گھڑیوں کو عبادتوں میں گزرنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 9اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کیا بچو ں کی کنیت رکھنا بھی ضروری ہے؟

جواب :ضروری تو بڑوں کو بھی نہیں ،البتہ کنیت رکھنا سُنّت ہے ،بچوں کی کنیت رکھنا بھی دُرست ہے۔

سوال: دعوتِ اسلامی کے بننے سے پہلے آپ ماہِ رمضان کیسے گزارتے تھے ؟

جواب: دعوتِ اسلامی کے بننے سے پہلے مدنی مذاکروں اوراجتماع کا سلسلہ تو نہیں تھا،لیکن الحمدللہ! روزے رکھتاتھا،نمازِتراویح پڑھتاتھا، بہارِشریعت کا درس بھی دیتاتھا ،کبھی کبھی مختلف مقامات پربیان کرنے بھی چلاجاتاتھا،مسجدمیں امامت کرتاتھا ،جمعہ میں بیان کرتاتھا ،ایک انجمن بنا رکھی تھی ،اس کے تحت ایک مدرسہ بھی تھا،انجمن کے لیے چندہ کرنے بھی جاتاتھا ۔

سوال: کیا نبی ِپاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر نمازِتہجدبھی فرض تھی ؟

جواب: جی ہاں ۔

سوال:افطارکی دعاکیا ہے؟

جواب:سننِ ابوداؤدمیں یہ دعاہے : اَللّٰهُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلَی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ ۔ ( سنن ابو داؤد، 1/322)۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال:ضروری شرعی علم کیسے حاصل ہو؟

جواب: دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ ہوجائیں ،ہفتہ واراجتماع میں پابندی سے شرکت کریں ،مکتبۃ المدینہ نے فرض علم پر مشتمل کئی کتابیں شائع کی ہیں ،اِنہیں خریدکر مطالعہ کریں ،دعوت اسلامی کےشعبے فیضان آن لائن اکیڈمی سے مختلف آن لائن کورسز کرلیں ۔شعبہ مدنی کورسز کے ذریعے 7 دن کا فیضانِ نمازکورس کرلیں۔

واضح رہے کہ فیضان آن لائن اکیڈمی کے ذریعے اسلامی بھائیوں کو 30 اور اسلامی بہنوں کو 28 مختلف کورسز کروائے جاتے ہیں۔

کورس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور داخلہ لینے کے لئے اس نمبر پر رابطہ کریں:

0313-9292992

سوال:علمِ نافع سے کیا مرادہے ؟

جواب : علمِ نافع سے مراد نفع بخش علم ہے جیسے دِینی علم ہے ،اس کے ذریعے حلال حرام ،عقائد،گنا ہ وثواب وغیرہ معاملات کی رہنمائی ہوتی ہے ، قبروآخرت میں کام آنے والا علم شرعی علم ہے ،اگرعالم نہیں بن سکتے تو ہرمسلمان کو اپنی ضروریات کے مطابق فرض شرعی علوم حاصل کرنے چاہئیں ،یادرہے! فرض علوم حاصل کرنا ضروری ہیں۔

سوال: جھوٹ کسے کہتے ہیں ؟

جواب: خلافِ واقع بات جھوٹ ہے یعنی جوکام نہیں ہوا،اس کے بارےمیں کہنا کہ یہ کام ہواہے،جھوٹ کہلاتاہے ۔

سوال:کیا ماہِ رمضان میں مرنے کی بھی کوئی فضیلت ہے؟

جواب:جی ہاں !فرمان ِمصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم) :جس کا روزےکی حالت میں اِنتقال ہوا، اللہ پاک اُسکو قِیامت تک کے روزوں کا ثواب عطا فرماتا ہے۔ (الفردوس بماثورالخطاب ، 3/504،حدیث5557) محدثین کا قول ہے :جومؤمن اس مہینے (رمضان المبارک)میں مرتاہے وہ سیدھا جنت میں جاتاہے گویا اس کے لیے دوزخ کا دروازہ بند ہے۔(فیضان سنت ،1/904)

سوال : آپ نے کتابیں لکھنا کب سے شروع کیں؟

جواب: میں نے دعوتِ اسلامی کے آغاز سے کئی سال پہلے رسالہ ’’تذکرۂ امام احمدرضا‘‘تیارکرکے شائع کروایا تھا ،80روپے میں ایک ہزارشائع ہوئے تھے، میں اسےبانٹنے کے لیے 10روپے میں ایک سو(100) بیچتا تھا تاکہ یہ عام ہو،بعدمیں یہ رسالہ ترمیم کےبعد شائع ہواہے۔

سوال: کیاسحری وافطاری کا حساب نہیں ہوگا؟

جواب:جی ہاں!فرمان ِمصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ):3 آدمیوں کے کھانے کا حساب نہیں ہوگا بشرطیکہ ان کا کھانا حلال ہو۔ روزہ دار کا، سحری کرنے والے کااورمجاہد (جہاد کرنے والے )کا۔ (معجم الکبیر، 11/359، رقم: 12012)

سوال: پیٹ بھرکرکھاناکیسا؟

جواب :زیادہ کھانا سُنّت نہیں، پیارے آقا،مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم دن میں صرف ایک مرتبہ کھا ناتناول فرماتے تھے۔ کنزالعمال میں ہے کہ رحمتِ عالم،نورِ مجسم صلی اللہ علیہ والہ وسلم جب صبح کھاناکھالیتے تو شام کو نہ کھاتے اوراگرشام کو تناول فرمالیتے تو صبح نہ کھاتے ۔ (کنزالعمال ،7/39،رقم18173)

حدیث پاک کے مطابق پیٹ کے 3 حصے کرنے چاہئیں ، ایک حصہ کھانے،ایک حصہ پانی اورایک حصہ سانس کے لیے مختص کیاجائے ۔

فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم) :آدمی اپنے پیٹ سے زیادہ بُرابرتن نہیں بھرتا،انسان کے لیے چندلقمے کافی ہیں ،جو اس کی پیٹھ کوسیدھا رکھیں ،اگرایسانہ کرسکے تو تِہائی (3/1)کھانے کے لیے ،تہائی پانی کے لیے اورایک تِہائی سانس کے لیے ہو۔ (ابن ماجہ ،4/48،رقم، 3349 )،اس حدیث پاک پرعمل کیاجائے تو ڈاکٹرکی ضرورت نہ پڑے ،دوائی(Medicine)نہ کھا نی پڑے۔

سوال : جھوٹ اوربہانے میں کیا فرق ہے؟

جواب: جھوٹ تو واقع کے خلاف بات کوکہتے ہیں اوربہانہ ٹالنے کے لیے ہوتاہے ،کسی کام کو نہ کرنے یا ٹالنے کے لیےہوتاہے، یہ سچابھی ہوتاہے اورجھوٹابھی۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” رمضان کی شان “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت براکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”رمضان کی شان“ پڑھ یا سُن لے، اُسے ماہِ رمضان کا قدردان بنا اور ساری زندگی گناہوں سے بچ کر نیکیوں میں گزارنے کی توفیق عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


رمضان المبارک کی سعاتوں کو عبادتوں میں گزارنے کے لئے  عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 8 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: خودکو حقیراورسامنے والے کونیکوکارکس طرح سمجھا جاسکتاہے جبکہ سامنے والا نمازبھی نہیں پڑھتا؟

جواب :خود کوگنہگارسمجھنا تو بزرگانِ دین کاطریقہ ہے کہ گناہوں سے بچ کررہنے کے باوجود وہ اپنے آپ کو گنہگارسمجھتے تھے جبکہ ہم اپنے آپ کو جانتے ہیں کہ ہم واقعی گنہگارہیں،اللہ پاک کی خفیہ تدبیرسے ڈرتے رہنا چاہئے ،سامنے والااگر نمازہی نہیں پڑھتاتو اسے نیکو کارتو نہیں کہہ سکتے لیکن اللہ پاک کی بارگاہ میں کون مقبول ہے ؟یہ ہمیں معلوم نہیں ،یہ ذہن رکھنا چاہئے کہ ہوسکتاہے کہ اسے توبہ نصیب ہوجائے اوروہ اللہ پاک کے ہاں مقبول ہوجائے ۔

سوال : صحیفہ کسے کہتے ہیں ؟

جواب: اللہ پاک نے قرآن ِمجید،تورات ،انجیل اورزبور آسمانی کتابیں نازل فرمائیں ،ان کے علاوہ دیگر انبیائےکرام پر کچھ کچھ صفحے اور رسائل بھی نازل ہوئے،انہیں صحیفے کہاجاتاہے ۔

سوال: کینسر کاروحانی علاج بتادیجئے ؟

جواب:7 دن تک روزانہ باوضو َیارقِیبُ 100بار(اول وآخر11مرتبہ درودپاک)پڑھ کرکینسرکے مریض پر دم کیجئے ۔

سوال: کیا دم ہوئے پانی کا بھی ادب کرنا چاہئے ؟

جواب:جی ہاں ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: روحانیت کیا ہے ،یہ کیسے حاصل ہو؟

جواب: عموماً عوام روحانیت اسے کہتے ہیں کہ کسی کام کوکریں یا کسی بزرگ کے پاس جائیں تو دل لگارہے ،دل نرم ہو،قلب کوفرحت وراحت ملے ،بوریت نہ ہومگربعض اوقات رانگ نمبر(Wrong Number)بھی لگتے ہیں مثلاً بظاہر کو ئی بزرگ ہے مگراس کا عقیدہ درست نہ ہوتووہاں ایسی کیفیات ملیں تو یہ روحانیت نہیں ہے ،سب سے پہلے عقیدہ دیکھنا ہوگا ،اگرعقیدہ درست ہے تو ان کی صحبت میں رہنا ہے اوراگرعقیدہ درست نہیں تواس کی گلی میں بھی نہیں جانا چاہئے،اصل روحانیت کی ہمیں پہچان ہو،ضروری نہیں ۔

سوال: مہمان نوازی کیسے کرنی چاہئے ؟

جواب: مہمان کی مہمان نوازی کرنی چاہئے ، فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم):”جو شخص اللہ پاک اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے، اسے چاہیے کہ اپنے مہمان کااِکرام کرے، جو شخص اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اس کو چاہیے کہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ پہنچائے اور  جو شخص اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اس کو چاہیے کہ بھلی بات کہے یا چپ رہے“۔ ( مشكاة المصابيح،2/463 )

مہمان نوازی بہت اچھی چیز ہے، مہمان آتاہےتو اپنا رزق لے کرآتا ہے، جاتاہے تو اہلِ خانہ کے گناہوں کی مغفرت کا سبب ہوتاہے ،ثواب کی نیت ہوگی تو یہ فضائل حاصل ہوں گے ،مہمان کو اللہ پاک کی نعمت سمجھاجائے ،بوجھ نہ جانیے ،مسکراکر ہشاش بشاش طریقے پر ملاقات کیجئے،اس کے لیےکھانے کا اہتمام کیجئے،حتی الامکان اپنے ہاتھ سے مہمان کی خدمت کیجئے، خودکھاناپیش کیجئے،مہمان نوازی کرناحضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے ،مہمان کو دوتین مرتبہ مزیدکھانے کاکہنا تواچھا،3مرتبہ سے زیادہ نہ کہا جائے۔ مہمان کی پلیٹ میں سالن وغیرہ نہ ڈالا جائے ،مہمان کوخود ڈالنے دیا جائے تاکہ وہ اپنی طبیعت و پسند کے مطابق ڈال سکے ۔مہمانوں میں کوئی سید صاحب یا غریب ہوتواس پر بھی توجہ دی جائے، ان سے بھی عزت سے پیش آیا جائے،انہیں بھی 2/3بار مزیدکھانے کوکہا جائے ۔

سوال:پانی پلانے کے کیافضائل ہیں ؟

جواب: ثواب کی نیت سے پانی پلانے کی بہت فضیلت ہے، نبیِّ کریم صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس نے کسی مسلمان کو ایک گھونٹ پانی وہاں پلایا جہاں پانی عام مِلتا ہو تواس نے گویا غلام آزاد کیا اور جس نے مسلمان کو وہاں ایک گھونٹ پانی پلایا جہاں پانی نہ مِلتا ہوتو اُس نے گویا اسے زندگی بخشی۔ (ابن ماجہ،ج3،ص،177، حدیث: 2474)

سرکارِ مدینہ صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم نےفرمایا: جب تیرے گناہ زیادہ ہوجائیں تو کثرت سے پانی پلا تیرے گناہ اس طرح جھڑ جائیں گے جس طرح تیز ہوا سے درخت  کے پتّے جھڑ جاتے ہیں۔ (تاریخِ بغداد، ج6،ص400) 

پانی پلانے کی برکت سے جہاں گناہ جھڑتے ہیں وہیں مختلف بیماریوں سے شِفا بھی نصیب ہوتی ہے۔ مشہور مُحَدِّث امام ابو عبداللہ محمد حاکِم نیشاپوری رحمۃُ اللہِ علیہ کے چہرے پر پھوڑا نکل آیا، بہت علاج کروایا مگر بے سُود۔ ایک عورت کو  خواب میں نبیِّ پاک صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: ابو عبداللہ سے کہو! لوگوں کو پانی پلانے میں کُشادَگی کرے! امام حاکم رحمۃ اللہ علیہ کو یہ بات پہنچی تو آپ نے اپنے دروازے پر پانی کی سبیل لگوائی جس سے لوگ پانی پینے لگے، ابھی ایک ہفتہ نہ گزرا تھا کہ آپ شفایاب ہو گئے اور چہرہ پہلے کی طرح اچھا ہوگیا۔ (شعب الایمان،ج 3،ص222)

سوال:آپ نمازکے بعد کھانا کھانے کے بجائے سلادکھاتے ہیں اس کی کیا وجہ کیا ہے ؟

جواب: میں بھاپ شدہ سلادکھاتاہوں ،یہ صحت کے لیے مفید ہے ،بعد میں نارمل کھا نا بھی کچھ نہ کچھ کھا لیتاہوں ،کچی سلادموافق ہوتو بہترین ہے ورنہ ابلی ہوئی یا بھاپ والی سلادکھانی چاہئے یہ صحت کو فائدہ دے گی ۔

سوال : امامِ عالی مقام ،امام حسین رضی اللہ عنہ کا بدن مبارک کہاں دفن ہوا؟

جواب: شہزادہ ٔکونین ،امام حسین رضی اللہ عنہ کا بدن مبارک کربلامعلیٰ میں دفن ہوا،جہاں آپ کا مزارِپُرانوارہے ،آپ کےسرمبارک کے بارے میں ایک قول یہ ہے کہ مدینہ شریف کے مبارک قبرستان جنت البقیع میں والدۂ محترمہ خاتونِ جنت حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے پہلومیں دفن کیا گیا اورایک روایت میں ہے کہ مصرمیں دفن کیا گیا ۔

سوال: آپ جس صوفے پر بیٹھتے ہیں اس پر جوچمڑہ ہے یہ کس جانورکا ہے؟

جواب:یہ بکرے کا چمڑا(کھال)ہے ،بکری ،بکرے ،دُنبے اورمینڈھے کی کھال پر بیٹھنے سے عاجزی پیداہوتی ہے۔

سوال: ہم اپنی سوچ ،نفس اوربدن کوکس طرح پاک کرسکتے ہیں،اس کے لیے ہم کون سی کتابیں پڑھیں ؟

جواب : سوچ ،نفس اوربدن کوپاک کرنے کے لیے ظاہری اورباطنی گناہوں سے بچنا ہوگا، اس کے لیے بہترین کتاب احیاء العلوم مترجم(5 جلدیں ،شائع شدہ مکتبۃ المدینہ ) کا مطالعہ کریں ،اگرمختصرکتاب پڑھنا چاہتے ہیں تو دوکتابیں’’ نجات دلانے والے اعمال کی معلومات اورباطنی بیماریوں کی معلومات‘ کامطالعہ کریں ،اس کے ساتھ ساتھ اچھی صحبت اختیارکریں ،دعوتِ اسلامی کے ہفتہ واراجتماع میں پابندی سے شرکت کیا کریں ۔

سوال: حُبِّ جاہ اورمنصب حاصل کرنےکی کوشش کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: حُبِّ جاہ (شہرت و عزّت کی خواہش کرنے)کی تمنا اگردل میں ہے تو اسے ختم کرنے کی کوشش کی جائے اورجومنصب وشہرت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ عموماً حُبِ جاہ کے مریض ہوتے ہیں مگرہم کسی مُعَیَّن شخص کویہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ اس باطنی مرض میں مبتلاہے، حُبِّ جاہ سے نجات پانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ ایک مُسَلمان کےلیےتاجدارِمدینہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا یہ فرمانِ عِبْرت نِشان ہی کافی ہےکہ”دو (2) بُھوکے بھیڑیے بکریوں کے ریوڑ میں اِتنی تَباہی نہیں مَچاتےجتنی تَباہی حُبِّ جاہ و مال(یعنی مال و دَولت اور عزّت وشُہرت کی مَحَبَّت)مُسَلمان کے دِین میں مَچاتی ہے۔‘‘ (ترمذی،4 /166، حدیث2383) بیان کردہ حدیثِ پاک سے مَعلُوم ہوا! حُبِّ جاہ  )یعنی مال و دَولت اور عزّت وشُہرت کی مَحَبَّتمیں ہلاکت ہی ہلاکت ہے۔


رمضان کی مبارک سعاتوں کے دوران عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 7 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کیا گھرمیں لیموں رکھنے سے جناّت گھرمیں نہیں آتے؟کیا ایسا ہی ہے؟

جواب :جناّت لیموں سےڈرتے ہوں گے جس طرح بچے مختلف چیزوں سے ڈرتے ہیں۔

سوال: کیا رمضان شریف میں نیکی کی دعوت زیادہ پُراثر ہوتی ہے ؟

جواب:جی ہاں ! رمضان شریف میں دل نرم ہوجاتاہے ،نیکیوں کا جذبہ بڑھ جاتاہے ،اس میں نیکی کی ترغیب دلائی جائے توزیادہ اثرکرتی ہے ۔

سوال: اللہ پاک کے آخری نبی،حضور مکی مدنی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پہلاجمعہ کب ادافرمایا ؟

جواب:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے جب مکہ شریف سے مدینہ شریف ہجرت فرمائی تو 12ربیع الاول بروزپیرمقامِ قبامیں پہنچے اورجمعرات تک وہاں قیام فرمایا اور مسجدبنائی ،جمعہ کو مدینہ شریف روانہ ہوئے تو بنی سالم ابنِ عوف کے بطن ِ وادی میں جمعہ کا وقت آیا ، اس جگہ کو لوگوں نے مسجدبنایا ،آپ نے وہاں جمعہ ادافرمایا۔ (نمازکے احکام،399)

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: آپ نے پانی پینے کا مشورہ دیا تو ماہِ رمضان میں اسے کیسے روٹین میں شامل کریں ؟

جواب :پانی پینے کا وقت مقررکرلیں ،ماہِ رمضان میں رات کو13/14 گلاس پانی پینا مشکل ضرورہے مگرممکن ہے ،پیشاب لگے گامگریہ پیٹ، گُردے ،مثانے اورنالیوں کی صفائی کرے گا ،پودے کو پانی نہیں ملے گا تو وہ مُرجھاجائے گا، بدن بھی پودے کی طرح ہے ۔

سوال : کوئی چیز گم ہوجائے توکیا پڑھا جائے ؟

جواب: ’’ لَا ۤاِلٰہَ اِلَّا اللہُ‘‘ایک ہزارآٹھ(1008) بارپڑھئے ،اللہ پاک نے چاہا تو گمی ہوئی چیز اورگمشدہ آدمی مل جائے گا۔

سوال: خوشی کے موقع پرکیا کرنا چاہئے ؟

جواب:خوشی کے موقع پر صدقہ وخیرات کرنا چاہئے ،اپنے اہلِ خانہ پر بھی فراخی کی جائے ۔

سوال:ہمیں روزانہ کتنی تلاوت کرنی چاہئے؟

جواب:شجرہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں روزانہ1 پارہ پڑھنے کا لکھا ہے ،ہرماہ ایک قرآنِ کریم ختم کیجئے۔

سوال : مرکزی مجلس شوریٰ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: میں مرکزی مجلس شوریٰ کے ساتھ ساتھ ہوں ،مرکزی مجلس شوریٰ دن رات دعوتِ اسلامی کے لیے دنیا میں چاروں طرف کام کررہی ہے، اس کو مان ملنا چاہئے ۔

سوال: کیاپو را ماہِ رمضان اعتکاف کرنے والوں کا 1 ماہ کا مدنی قافلہ اور آخری عشرے کا اعتکاف کرنے والوں کا12 دن کا مدنی قافلہ شمارہوگا؟

جواب:جی ہاں!

سوال: سفیدکپڑےپہننے کی کیا فضیلت ہے ؟

جواب : سرکارِدوعالم،نورِ مجسم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا مبارک لباس اکثرسفیدکپڑےکا ہوتا۔(کشف الالتباس ،36)

فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم):سب میں اچھے وہ کپڑےجنہیں پہن کرتم خداکی زیارت قبروں اورمسجدوں میں کرو، سفیدہیں۔ (ابن ماجہ،4/146،رقم3568) یعنی سفیدکپڑوں میں نمازپڑھنااورمُردے کفنانا اچھا ہے۔ (بہارِ شریعت ،3/403بحوالہ 550سنتیں ،صفحہ52،95)

سوال: شیخین سے کون سے صحابۂ کرام مرادہیں؟

جواب: اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکرصدیق اوراِسلا م کے دُوسرے خلیفہ حضرت عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہما

سوال:دِینی علم کے لیے کون سی کتابیں پڑھی جائیں؟

جواب: مکتبۃ المدینہ نے بہت سے کتابیں شائع کی ہیں، جنہیں دعوتِ اسلامی کے شعبے" المدینۃ العلمیہ"(Islamic Research Center) نے تیارکیاہے ،وہ خریدلیں ،قرآن پاک کی تفسیرپڑھنی ہے تو صراط الجنان کا مطالعہ کریں ۔

سوال: برستی بارش میں دعاقبول ہوتی ہے توکیا بارش میں بھیگ(گیلے ہو) کر دعاکریں یا ویسے بھی دعاکی جائے توقبول ہوگی ؟

جواب:بھیگ کر دعاکرنا ضروری نہیں۔

سوال : کیا مردبھی گھرکے کام کیا کریں نیزعورتیں گھر کا کام کریں، اس کے فوائد بھی ارشاد فرما دیں ؟

جواب: جی ہاں !سرکارصلی اللہ علیہ والہ وسلم گھرکے کام خود کردیا کرتے تھے ،سوداسلف لے آتے ،جوتاگانٹھ لیتے تھے وغیرہ، جو عورتیں گھرکا کام کریں گی ،ان کی صحت بھی اچھی رہے گی،صفائی ستھرائی بھی اچھی ہوگی ،روزی میں برکت ہوگی ،اخراجات میں بچت ہوگی، ماسیوں(گھر میں کام کرنے والیوں) کی وجہ سے جو چوری چکاری کے خطرے ہیں وہ بھی ختم ہوجائیں گے ۔

سوال: باریک بینی سے مطالعہ کرنے سے کیا مراد ہے اوراس کے کیا فوائدہیں ؟

جواب: باریک بینی یعنی گہرائی ،توجہ ،غوروتفکرکرکے مطالعہ کرنامرادہے ،دینی کتابیں جلدی جلدی پڑھنے کے بجائے باریک بینی سے پڑھی جائیں تاکہ سمجھ بھی آئیں ۔

سوال: جناّت کہاں نمازپڑھتے ہیں؟

جواب :مسلمان جنّات گھاس اورصحرامیں نمازپڑھتے ہیں ،اس لیے گھاس پر پیشاب وغیرہ کرنے سے بچناچاہئے ۔


رمضان  المبارک کی رحمتیں لوٹنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 6اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بوریت(اُکتاہٹ) کیسے دُورکی جائے؟

جواب : بوریت یعنی اُکتاہٹ تقریباً سارے کاموں میں ہوتی ہے ،ایک کام میں بوریت ہوجائے تو دوسراکام شروع کردیناچاہئے،البتہ دوسراکام گناہوں بھرانہیں ہونا چاہئے۔

سوال: مسجد وغیرہ میں افطاری کے لیے کیا پھل کاٹ کر بھیجا جائے؟

جواب: بغیر کاٹے(ثابت) بھیجا جائے ،پھل کے اوپرکھال یعنی چھلکاہوتا ہے جس سے وہ خراب نہیں ہوتا ،کٹاہواپھل اورکٹی ہوئی سبزیاں فریج میں نہیں رکھنی چاہئیں ،پھل کھاتے وقت اورسبزیاں پکاتے وقت کاٹنی چاہئیں ورنہ جراثیم داخل ہوجائیں گے اوران کے فوائدکم ہوجائیں گے۔

سوال: کہا جاتاہے کہ رمضان کےپہلے10دن عشرۂ رحمت ،دوسرے 10دن عشرۂ مغفرت اورآخری عشرہ جہنم سے آزادی ہے، کیا یہ حدیث پاک میں ہے؟

جواب:حی ہاں !حدیث میں ہے کہ رمضان کا اوّل رحمت، اوسط(درمیان) مغفرت اورآخرجہنم سے آزادی ہے۔ (صحیح ابن خزیمہ ،3/1887،بحوالہ فیضان سنت ،1/858)

سوال: بزرگانِ دِین کی سیرت پڑھنےکے کیا فوائد ہیں؟

جواب: بزرگانِ دِین کی سیرت پڑھنے کے کئی فائدےہیں ، جہاں اللہ والوں کا ذکرہوتاہے وہاں اللہ پاک کی رحمت نازل ہوتی ہے،ان کے واقعات پڑھنے سے دل میں نرمی پیداہوتی ہے ،ان کی محبت میں اضافہ ہوتا ہے اور عقیدت بڑھتی ہے ،عمل کی ترغیب ملتی ہے ،ان کے بعض واقعات سے دل پر چوٹ لگتی ہے ،ان کی باتیں دل میں اثرکرتی ہیں البتہ سیرت مستندہونی چاہئے ۔المدینۃ العلمیہ(Islamic Research Center) نے صحابۂ کرام اوراولیائےکرام کی سیرت پر بہت سی مستندکتابیں اوررسائل لکھے ہیں اورمکتبۃ المدینہ نے شائع کئے ہیں،یہ خرید کر مطالعہ کریں ۔

سوال : بزرگان ِ دین کی سیرت پر مستند کوئی کتاب بتادیجئے ۔

جواب: اللہ والوں کی باتیں (مترجم حلیۃ الاولیا )کی 8 جلدیں(Volumes) مکتبۃ المدینہ سے شائع ہوگئی ہیں ،اس کاپورا سیٹ خریدلیں، میں نے بھی اپنے پاس یہ سیٹ رکھا ہواہے ،یہ بہت دلچسپ کتاب ہے ،شروع کریں تو پڑھتے جائیں۔

سوال: آپ(امیرِ اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ) کس حساب سے صدقۂ فطراداکریں گے؟

جواب:میں عجوہ کھجورکے حساب سے صدقۂ فطراداکروں گا،جس سے بَن پڑے وہ عجوہ شریف اور کشمش کے حساب سےصدقہ ٔفطراداکرے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بعض نادان رمضان میں بھی گناہ کرتے ہیں،ایسوں کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب : گناہ کبھی بھی نہیں کرناچاہئے، رمضان میں تو بالخصوص بچناچاہئے ،رمضان میں نیکیوں کا ثواب بڑھ جاتاہے،لیکن ساتھ ساتھ گناہوں کی شدت ونحوست میں بھی اضافہ ہوجاتاہے۔

سوال: کس کی دِینی بات سنیں اورکس کی نہ سنیں؟

جواب: امامِ اہلسنّت ،سیدی اعلیٰ حضرت امام احمدرضا رحمۃ اللہ علیہ بہت بڑے عالم ،بہت بڑے مصنف تھے ،ان کا 33جلدوں پر فتاویٰ رضویہ ہے، قرآنِ پاک کا ترجمہ بھی کیا ہے ،یہ میرے آئیڈیل ہیں، جو ان کےذکرپر خوش ہوتاہے،ان کا چاہنے والا ہے اسی عالم کی بات سننی چاہئے، جو ان کانہیں ہے وہ ہمارانہیں ،ایمان سلامت رکھناچاہتے ہیں تو آپ بھی ان کے ہوکررہ جائیں ۔

سوال: گھرمیں اگر کوئی سورہا ہوتو کیا احتیاط کرنی چاہئے؟

جواب: اگروہ اتنا حساس ہے کہ تھوڑی سے روشنی سےاس کی آنکھ کھل جاتی ہے یا کسی طرح کی تھوڑی سی آوازسے بھی وہ جاگ جاتاہے تو پھر کوئی ایساکام نہ کیا جائے کہ اس کی آنکھ کھل جائے اوراسے تکلیف ہو ۔

سوال: ماں باربارڈانٹتی ہوتو بیٹی کو کیا کرنا چاہئے ؟

جواب: صبرکرے ،زبان سے کچھ نہ کہےاورجس وجہ سے ڈانٹ پڑتی ہووہ کام نہ کرے،ماں باپ کوچاہئے کہ اولاد کو باربارنہ ڈانٹیں، خصوصاًجوان اولاد کو بار بارڈانٹتے رہنا اسے باغی بناسکتاہے ۔

سوال: راہ ِخدامیں مال خرچ کرنے کے کیادُنیوی فوائد ہیں ؟

جواب: راہِ خدامیں خرچ کرنے سے روزی میں برکت ہوتی ہے ،پریشانیاں دور ہوتی ہیں اوربیماریاں ختم ہوتی ہیں ۔

سوال:کھانے کے اوّل وآخرنمک یا نمکین کھانے کاکیا فائدہ ہے؟

جواب: کھانے کے اوّل وآخرنمک یا نمکین کھانے سے 70بیماریاں دورہوتی ہیں ،میں اوّل وآخر پنک سالٹ (لاہوری نمک )استعمال کرتا ہوں یعنی تھوڑاساچکھ لیتاہوں ۔رسالہ" 220سنتیں اورآداب" کے صفحہ 20 پر ہے :اوّل آخرنمک کھائیے کہ سنت ہے اوراس سے 70بیماریاں دورہوتی ہیں ،اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے نمکین کھانے کو نمک کے حکم میں لیا ہے ۔

سوال: کیا والدین کے اچھا یا بُراہونے کا اولادپربھی اثرہوسکتاہے؟

جواب : ایساہوسکتاہے کہ اچھا تخم(بیج ) اچھا پھل لاتاہے،بُراتخم(بیج ) بُراپھل لاتاہے ،لیکن ایساہونا ضروری نہیں ۔

سوال: آپ سیدھے ہاتھ سے لینے دینےکی بہت تاکیدکرتے ہیں، اس کی کیا وجہ ہے ؟

جواب:سیدھے ہاتھ سے لینا دینا سنت اوراُلٹے ہاتھ سے لینا دینا شیطان کا کام ہے ،سنت پرعمل میں عظمت ہے ، مجھے قاری مصلح الدین رضوی رحمۃ اللہ علیہ کی بہت صحبت حاصل رہی ہے ،قاری صاحب کو کوئی اُلٹے ہاتھ سے چیز دیتاتو آپ نہ لیتے ،وہ سمجھ جاتااورسیدھے ہاتھ سے دیتااوراسے سیدھے ہاتھ سے لے لیتے ،میرابھی یہی اندازہے ۔فرمانِ محدثِ اعظم پاکستان حضرت علامہ سرداراحمدقادِری رحمۃ اللہ علیہ :سیدھے ہاتھ سے لیتے دیتے رہو گے تو قیامت میں جب نامہ اعمال دیاجائے گا توسیدھے ہاتھ سے لینے دینے کی عادت ہونے کی وجہ سے سیدھے ہاتھ سے نامہ اعمال لے لوگے ۔

سوال:سنتوں پر خودعمل کیسے کریں اوردوسروں کوکس طرح ترغیب دلائیں ؟

جواب: سنتوں کے بارے میں علم حاصل کریں، ان پرسنجیدگی سے عمل کرکے اپنے اوپرنافذکریں اورعمل کرکے دوسروں کو ترغیب دلائیں ۔

سوال: دسترخوان پر جوذرّات گِرجاتے ہیں،ان کا کیاکرنا چاہئے؟

جواب: دسترخوان پر جو ذرّات ،چاول کے دانے اورتِل وغیرہ گِرجائیں تو انہیں کھالیں ، ضائع نہ کریں ،جب روٹی توڑیں تو سالن کی پلیٹ کے اوپر کرکے توڑیں تاکہ روٹی کے ذرّات سالن میں گِریں اورپیٹ میں چلے جائیں ۔

سوال : کیا بڑابھائی چھوٹے بھائی کو کوئی کام کہہ سکتاہے؟

جواب: حدیث پاک ہے: جو اپنے بڑوں کا ادب نہ کرے اورچھوٹوں پر شفقت نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں (معجم اوسط،3/349)یعنی ہمارے طریقے پر نہیں ،بڑے بھائی کوچاہئے کہ وہ چھوٹے بھائی سے مشقت والاکام نہ لے ،معمولی کام لیا جاسکتاہے ،بارباربھی نہ کہے ،چھوٹابھائی بھی اس کے کام کردیا کرے ۔گھرکا ماحول حکمتِ عملی سے محبت وپیاروالارکھا جائے ۔

سوال: کیا دِینی احکام پرعمل خوش دلی سے کرناچاہئے ؟

جواب: جی ہاں !دِینی احکام پر خوش دلی سے عمل کرنا چاہئے ،بعض اوقات نفس پر بوجھ پڑتاہے تو وہ عمل کرنے پر ثواب زیادہ ملے گا۔ان شاۤء اللہُ الکریم


پچھلے دنوں دعوت اسلامی کے دینی کاموں کے سلسلے میں صوبائی ذمہ دار محمد لیاقت عطاری اورڈویژن ذمہ دار محمد سفیان عطاری نے گجرانوالہ کے مختلف جگہوں کا دورہ کیا جہاں مختلف شخصیات سے ملاقات ہوئی جن میں :

ایڈیشنل کمشنر جنرل شبیر بٹ، اسسٹنٹ کمشنر کامران، ایس ایس پی عبد القیوم گوندل، محمد اقبال اسسٹنٹ ٹو آر پی او، ایس پی لیگل ریجن گجرانوالہ محمد خان، ڈی ایس پی محمد نواز، ڈی ایس پی صفدر ، پی ایس او ٹو آر پی او خرم، سب انسپکٹر محمد نوازاور انسپکٹر اطہرشامل تھے دوران ملاقات مکتبۃ المدینہ کی کتاب فیضان رمضان تحفے میں پیش کئے ۔

جبکہ حافظ محمد سلیم زاہد چیئرمین امن کمیٹی ضلع گجرانوالہ نے فیضان مدینہ گجرانوالہ کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا اور دعوت اسلامی کے حوالے سے تاثرات بھی دئیے۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس ) 


گزشتہ روز لاہور  ڈویژن مجلس رابطہ برائے شخصیات (پولیٹیکل) کے تحت ایم این اے ممبر نیشنل اسمبلی ملک کرامت کھوکھر NA 135 اقبال ٹاؤن آفس میں افطار اجتماع کا سلسلہ ہوا جس میں آفس کے اسٹاف اوردیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

ڈویژن لاہورمجلس رابطہ برائے شخصیات (پولیٹیکل) کے ذمہ دار ندیم عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں رمضان المبارک کے حوالے سے مدنی پھول دیئے اور اعتکاف کرنے کے لئے لوگوں کو ترغیب دی نیز مکتبۃ المدینہ کی کتب ورسائل تحفے میں پیش کئے۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس ) 


19 اپریل 2022 ء کو بہاولپور مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ایڈیشنل کمشنر فیصل عطاخان کی آمد ہوئی ذمہ داران  نے استقبال کیا ۔

دعوت اسلامی کے مختلف شعبہ جات کا تعارف پیش کیا اور فیضان مدینہ میں موجود شعبہ جات دکھایا بالخصوص فیضان آن لائن اکیڈمی کا وزٹ کرایاجس پر ایڈیشنل کمشنر نے دعوت اسلامی کی ان خدمات کوخوب سراہا اور دعوت اسلامی کے کاموں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

جبکہ گزشتہ روز میاں دلشاد قریشی نے بھی فیضان آن لائن اکیڈمی کاوزٹ کیا ۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس ) 


گزشتہ روز  شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے ذمہ دار اسلامی بھائی نے ایس پی اورنگی ٹاؤن توحید میمن سے ملاقات کی ۔

دواران ملاقات دعوت اسلامی کےدینی وسماجی خدمات کو بیان کیا اور مدنی مذاکرے میں شرکت کی دعوت دی جس پر انہوں شرکت کی نیت کی اور ماہنامہ فیضان مدینہ تحفے میں پیش کیا۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس ) 


18 اپریل 2022 ء کو شعبہ رابطہ برائےشخصیات پنجا ب کے صوبائی ذمہ دار محمد لیاقت عطاری کا دیگر ذمہ داران سمیت ضلع سیالکوٹ میں دورہ ہوا جہاں ذمہ دار ان نے مختلف شخصیات سے ملاقات کی جن میں ڈپٹی کمشنر عمران قریشی، ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل، ڈپٹی کمشنر ریونیو راؤف ، سپرینٹنڈنٹ ڈپٹی کمشنر اسد، پی اے ڈپٹی کمشنر نثار احمد، انچارج جنرل برانچ عرفان بٹ، ڈسٹرکٹ آئی ٹی انچارچ حافظ ظہیر، اسسٹنٹ کمشنر محمد مرتضیٰ،  ڈی پی او محمد حسن اقبال ، ایس پی انوسٹی گیشن فاروق امجد، ڈی ایس پی لیگل محمد شہباز، ڈی ایس پی رانا زاہد، پی آر او ڈی پی او سب انسپکٹر خرم شہزاد، انچارج ڈسٹرکٹ فرنٹ ڈیسک آئی ٹی پولیس خرم اصغر جعسر، ایس ایچ او تھانہ رنگپورہ تحسین محسن، ایس ایچ او تھانہ کوتوالی مبشر مقصوداور چیف آفیسر کارپوریشن سیالکوٹ زبیر وٹوموجود ہیں

دوران ملاقات شخصیات کو فیضان رمضان کتاب ، ایف جی آر ایف کاتعارفی بک اور مکتبۃالمدینہ کے رسائل پیش کئے اور مدنی مرکز فیضان مدینہ سیالکوٹ وزٹ کی دعوت پیش کی جس پر انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ریسکیو 1122 کے دفتر میں افطار اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں سید عابد کمال اور 1122 کے آفیسر اور جوانوں نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ ذمہ داران نے فیضان مدینہ سیالکوٹ کا وزٹ کیا ، مسجد کے متعلقہ ضروری کاموں پر مشورہ ہوا ۔ (رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس ) 


18 اپریل 2022 ء کو شعبہ رابطہ برائے شخصیات لاہور کینٹ کے تحت تھانہ ڈیفنس سیکٹر A میں افطار اجتماع کا سلسلہ ہواجس میں ایس ایچ او ، سب انسپکٹرز ، کانسٹیبلز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز نے شرکت کی ۔

اس اجتماع میں لاہور ڈویژن شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے ذمہ دار محمد اقبال عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور رمضان المبارک کے حوالے سے مدنی پھول دیئے۔اجتماع کے بعد ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس ) 


18 اپریل 2022 ء کو ایم پی ا ےخواجہ سلمان رفیق کے آفس میں  افطار اجتماع کا سلسلہ ہوا جس میں آفس اسٹاف سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔

اجتماع میں لاہور ڈویژن شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے ذمہ دار محمد ندیم عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں اصلاح اعما ل اور گناہوں سے بچنے کا ذہن دیتے ہوئے حاضرین کو اعتکاف میں بیٹھنے کی نیت کروائی ۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس ) 


17 اپریل 2022 ء کولودہراں میں ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق چیئر مین بلدیہ شیخ افتخار الدین تاری قلب کے مرض میں مبتلاء ہونے کی وجہ سے ذمہ داران نے انکے گھر پر عیادت کی ۔

ذمہ دار اسلامی بھائی نے دوران ملاقات مرض سے شفاء یاب ہونے کے لئے دعائے صحت کی ۔اس موقع پر معروف بزنس مین و ممبر چیمبر آف کامرس راؤ احسان الحق اور تاجر رہنما راؤ نوید احمد موجود تھے۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ : محمد مصطفی انیس )