کسی بھی معاشرے کی تعمیر وترقی کے لیے شخصی تعمیر انتہائی ضروری ہے ۔ شخصی تعمیرمیں انسان کی اپنی سوچ اور فکر کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے۔ جب تک انسان کی ذہنی تربیت نہ ہو اس وقت تک اس کی اصلاح مشکل ہے ،اور ذہنی تربیت کے ذرائع میں سے یہ بھی ہے کہ انسان کو دینی کتابوں کے مطالعے کی طرف راغب کیا جائے کیونکہ انسان جو کچھ پڑھتا ہے وہ اس کے دل ودماغ میں رچ بس جاتا ہے،اور اس کا اثر اس کے عمل کی صورت میں ظاہر ہونے لگتا ہے۔ اس وقت معاشرے میں پھیلی تباہ کاریوں کی ایک بڑی وجہ جہالت ہے جب تک معاشرہ علم کے زیور سے آراستہ نہیں ہوگا تب تک اس میں موجود برائیوں کا خاتمہ نہیں ہوسکے گا۔ اصلاحِ معاشرہ کے لئے ”علم “ کی اسی ضرورت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے دعوتِ اسلامی نے  پانچ ہفتہ وار دینی کام دیئے ہیں :

(1) ہفتہ وار اجتماع (2) ہفتہ وار مدنی مذاکرہ (3) علاقائی دورہ (4)یومِ تعطیل اعتکاف (5) ہفتہ وار رسالہ

یہ پانچوں کام جہالت کے خاتمے اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ بالخصوص ہفتہ وار رسالہ شخصی تعمیر اور علم میں اضافے کے ساتھ ساتھ اپنے قاری کے اندر مطالعے کا شوق بھی بیدار کرتا ہے ۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ امیر ِدعوت اسلامی حضرتِ علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ اپنے مریدین اور محبین کو ہر ہفتے دعوت اسلامی کی طرف سے جاری ہونے والے اس رسالے کو پڑھنے ، سننے کی نہ صرف ترغیب دلاتے ہیں بلکہ انہیں دعاؤں سے بھی نوازتے ہیں۔

ہفتہ وار رسالہ دعوتِ اسلامی کے اسلامک ریسرچ سینٹر ”المدینۃ العلمیہ “ کی طرف سے جاری کیا جاتا ہے جس میں عقائد ومسائل ، اسلامی اخلاق وآداب ، بزرگانِ دین کی سیرت، فضائل وحکایات اور معاشرتی مسائل جیسے مختلف موضوعات کے ساتھ ساتھ شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے ملفوظات اور آپ کی کتب سے مخصوص اور منتخب مضامین شائع کئے جاتے ہیں ۔اب تک211 رسائل شائع ہوچکے ہیں ۔ آئیے! چند رسائل کے موضوعات کے انفرادی پہلوؤں پر نظر ڈالتے ہیں:

(1) رشتے داروں سے اچھا سلوک : اس رسالے میں آپ ملاحظہ کریں گے: جہاں رشتہ توڑنے والا ہوتا ہے وہاں رحمتِ الٰہی نہیں اُترتی،کس کس رشتہ دار سے کب کب ملیں،دشمنی چھپانے والے رشتے دار کو صدقہ دینا افضل ترین ہے، اس کے علاوہ قَسَم اور اس کے کفارے کے احکام بھی اس رسالے میں پڑھنے کو ملیں گے۔

(2) میٹھی عید اور میٹھی باتیں: اس رسالے میں آپ پڑھ سکتے ہیں: عید کی خوشیوں میں یتیموں کو شامل کرنے کی برکتیں ،یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرنے کی فضیلت،اور یتیموں کا مال ناحق کھانے کے وبال سے متعلق سخت وعیدیں ۔

(3) کام کے اوراد: یہ رسالہ بیماریوں ،پریشانیوں اور رنج والم سے نجات حاصل کرنے کے لیے بزرگوں سے منقول وظائف، سورۃ الکافرون،سورۃ الاخلاص ،سورۃ الفلق اور سورۃ النّاس کے فضائل پر مشتمل ہے۔

(4) مولیٰ علی کے 72 ارشادات: اس رسالے میں آپ پڑھ سکیں گے : دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار کرنے والے 72 فرامینِ مولیٰ علی۔

(5) ہر صحابیِ نبی جنتی جنتی: اس رسالے میں آپ پڑھ سکیں گے:سب صحابہ سے جنّت کا وعدہ،فضیلت کے اعتبار سے صحابۂ کرام کی ترتیب، کسی صحابی سے کوئی بھی ولی افضل نہیں ہو سکتا، اورفضائلِ صحابہ کے بارے میں 40 حدیثیں اور بہت کچھ۔

(6) ڈرائیور کی موت: اس رسالے میں آپ ملاحظہ فرمائیں گے: کھانا کھانے کے آداب ، کھانے کا وضو کرنے کی برکتیں ،کھانا کھانے کی نیتیں اور بہت ساری معلومات۔

(7) جوئے میں جیتا ہوا مال : اس رسالے میں آپ حرام مال کی تباہ کاریاں بالخصوص جوئے کی مذمت اور موجودہ کاروباری معاملات میں پیش آنے والی جوئے کی 6 مختلف صورتیں بیان کی گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ مسلمان کی عزت وحُرمت کی اہمیت کا بیان بھی اس رسالے میں موجود ہے ۔

(8) کام کی باتیں: اس رسالے میں آپ پڑھیں گے: عمومی زندگی میں کام آنے والی مختلف کار آمد باتیں ، 30 غلطیوں کی نشاندہی، سانپ،بچھو،کنکھجورا اور چیونٹیوں سے نجات کے طریقے،معدے کی خرابی،مختلف امراض اور معدے کی بیماریوں کا گھریلو علاج۔

(9) قرآنی سورتوں کے فضائل: اس رسالے میں ملاحظہ کیجئے: تلاوتِ قرآن کے فضائل اور مختلف سورتوں کی برکات۔

(10) درود شریف کی برکتیں: اس رسالے میں آپ پڑھ سکیں گے:درود شریف کےفضائل کے متعلق فرامینِ مصطفےٰ اور فرامینِ صحابہ اور بزرگانِ دین سے منقول درودِ پاک اور ان کے فضائل۔

محترم قارئین! اِن 10رسائل کے موضوعات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دعوتِ اسلامی کی طرف سے جاری کردہ یہ ہفتہ وار رسالہ پڑھنا کس قدر مفید ثابت ہوسکتا ہے ۔ یقیناً اچھا مطالعہ انسان کو جہالت کی اندھیریوں سے نکال کر علم کی روشنی کی طرف لے جاتا ہے۔ آئیے ہم آپ کو مطالعہ کے چند ایسے فائدے بتاتے ہیں جن سے آپ کو مطالعے کی بے پناہ اہمیت کا اندازہ ہو گا ۔

مطالعہ کے فوائد:

٭دینی کتب کا مطالعہ حصولِ علم کا ایک اہم ذریعہ ہے۔(آنسوؤں کا دریا، ص7) ٭مطالعہ انسان کوعمل پر اُبھارنےمیں معاون ثابت ہوتا ہے اوریہی علم کا تقاضاہے جیسا کہ حضرت سیّدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہُ عنہ کا فرمان ہے : اے لوگو! علم حاصل کرو ، پس جو علم حاصل کرے اسے چاہئے کہ (علم پر)عمل بھی کرے۔ (معجم کبیر،9/152، حدیث:8760) ٭ مطالعے سے حافظہ مضبوط ہوتا ہے۔ امام بخاری رحمۃُ اللہِ علیہ سے کسی نے پوچھا : کیا حافظے کو قوی کرنے کے لئے بھی کوئی دوا ہے؟ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ نے فرمایا : دوا کا تو مجھے معلوم نہیں ، البتہ آدمی کے اِنْہِماک اوردائمی مطالعے کو میں نے قوّتِ حافظہ کے لئے مفید ترین پایا ہے۔ (فتح الباری ،1/460) ٭مطالعہ علم میں اضافے اور پریشانیوں سے چھٹکارے کے لیے نہایت موثر نسخہ ہے۔٭ مطالعہ ذہنی تناو ختم کر کے پُرسکون فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو جلا بخشتا ہے۔٭مطالعہ کرنے سے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ اور سوچنے کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔ ٭جتنی دیر بندہ مطالعے میں مصروف رہتا ہے اتنی دیر تک جھوٹ بولنے ، فریب کرنے، کسی کی برائی کرنے اورگالی گلوچ کرنےجیسی بہت سی بُرائیوں سے بچا رہتا ہے۔ ٭مطالعے کی عادت رکھنے والا کتاب میں اتنا منہمک رہتا ہے کہ سستی اور کاہلی سے مغلوب نہیں ہوتا۔٭ مطالعے کی وجہ سے اچھے انداز میں گفتگو کرنے کا ملکہ پیدا ہوتا ہے۔ ٭مطالعے سے ذہن کھلتا ہے اور خیالات میں پاکیزگی پیدا ہوتی ہے۔ ٭مطالعے سے یادداشت میں وسعت اور معاملہ فہمی میں تیزی آتی ہے۔ ٭مطالعہ کرنے والا اوقات کے ضیاع سے محفوظ رہتا ہے۔

ہفتہ وار رسالہ پڑھنے سے کیا فائدہ ہوگا ؟

ہفتہ وار رسالہ عام طور پر 17 صفحات پر مشتمل ہوتا ہے ۔ایک شخص اگر 2 منٹ میں ایک صفحہ مطالعہ کرتا ہے تو 34 منٹ میں 17 صفحات مطالعہ کرلے گا۔اگر کوئی پابندی سےہفتہ وار رسالے کا مطالعہ کرے تو ہفتے میں 34 منٹ اور پورے مہینے میں صرف 136 منٹ کے مختصر وقت میں 68 صفحات اور ایک سال میں 816 صفحات کا مطالعہ کرلے گا ،اگر ایک رسالے میں مجموعی طور پر2 آیاتِ قرآنی مع ترجمہ اور 5 احادیث ہوں تو ایک سال میں 96 آیات اور ان کا ترجمہ پڑھنے اور 240 احادیث پڑھنےکی سعادت حاصل ہوگی، یہ تو صرف آیات و احادیث کا حساب ہے دیگر جو مختلف موضوعات پر معلومات کا خزانہ ملے گا وہ الگ ہے۔ ذرا اندازہ کیجیے! ایک سال میں اتنے صفحات کا مطالعہ کرنے والے کے علم اور نالج کی کیفیت کیا ہو گی؟ اور اس علم کا اس کی اپنی ذات کو اور اس کے بچوں کو کس قدر فائدہ ہو گا۔

ہفتہ وار رسالہ کئی مراحل سے گزر کر قارئین تک پہنچتا ہے ، یہ مراحل تحریری مواد کو مستند ، معیاری اور عام فہم بناتے ہیں ۔ ہفتہ وار رسالے کی تیاری کے مراحل کا ایک سرسری جائزہ پیشِ خدمت ہے :

موضوع / عنوان کے انتخاب کامرحلہ

(1)ابتدائی مرحلے میں ہفتہ وار رسالے کے موضوع / عنوان کا انتخاب کیا جاتا ہے ، کوشش کی جاتی ہے کہ مخصوص ایام اور مہینوں میں اس کی مناسبت سے رسالہ لایا جائے ۔

جمعِ مواد اور ترتیب کا مرحلہ

(2) رسالے کا مواد حتّی الامکان ان کتابوں سے لیا جاتا ہے جو شرعی تفتیش کے مرحلے سے گزرچکی ہوتی ہیں ۔ اگر کہیں اور سے مواد سے شامل کیا جائے تو اس مواد کی شرعی تفتیش کروائی جاتی ہے ۔

(3)جمعِ مواد کے بعد مواد کو ترتیب دیا جاتا ہے ۔اس دوران جہاں ضرورت ہو وہاں محرر (Writer) موضوع کے اعتبار سے اپنی درایت کے مطابق تحریر لکھتا ہے اور ضروری ترمیم واضافہ کرتا ہے ۔

مرتب شدہ مواد کےجائزے کا مرحلہ

(4)رسالے کی ترتیب کااوّل تا آخرجائزہ لیا جاتا ہے اور رہ جانے والی کمی کو پورا کیا جاتا ہے ۔

(5)پروف ریڈنگ کی جاتی ہے اور تحریر کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جاتا ہے ۔

پروف ریڈنگ مراحل مرحلہ

اس رسالے کی مرحلہ وار تقریباً 5 مرتبہ پروف ریڈنگ کی جاتی ہے ، اس دوران درج ذیل کام کیئے جاتے ہیں ۔

(6)نامکمل عبارت یاجملے کو مکمل کیا جاتا ہے ۔

(7) تسہیل کی جاتی ہے ۔

(8) مشکل الفاظ، ناموں اور عربی الاصل الفاظ پر اعراب لگائے جاتے ہیں ۔

(9)ہرقسم کی نمبرنگ کو چیک کیا جاتا ہے۔

(10)فارمیشن کی غلطیوں کو ہائی لائٹ کیا جاتا ہے۔

(11) دعوتِ اسلامی کی تنظیمی اصولوں کے مطابق بھی تحریر کی تفتیش کی جاتی ہے ۔

شرعی تفتیش ، تصحیح لگانے اور فائنل کرنے کا مرحلہ

(12)دوسری پروف ریڈنگ میں آنے والی غلطیوں کی تصحیح کی جاتی ہے۔

(13) تمام مراحل کی تکمیل کے بعد رسالہ شرعی تفتیش کے لیے بھیج دیا جاتا ہے اور شرعی تفتیش کے بعد کریکشن لگا کرفائنل فارمیشن اور پیج سیٹ اپ کرکے ڈیزائنر کے پاس بھیج دیا جاتا ہے ۔

ڈیزائننگ کے بعد کا مرحلہ

(14) ڈیزائننگ کے بعد رسالے کی فائنل پروف ریڈنگ کی جاتی ہے، ٹائٹل بنوایا جاتا ہے اور پھر اسے شائع ہونے کے لیے بھیج دیا جاتا ہے ۔

کارکردگی

دعوتِ اسلامی کے اِس دینی کام میں امیر اہل سنّت حضرت علامہ مولانامحمد الیاس قادری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کی ذاتی دل چسپی اور اشاعتِ علمِ دین کے قابل رشک جذبے کی بدولت بلا مبالغہ لاکھوں لوگ ہفتہ وار رسالے کا مطالعہ کرتے /سنتے ہیں اور ہر ہفتے اس تعداد میں اضافہ ہی ہو رہا ہے،اس حوصلہ افزا پذیرائی اورہرہفتےبڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر یہ کہاجاسکتا ہے کہ چار زبانوں میں شائع ہونے والا دنیا کا یہ واحدہفت روزہ رسالہ(Weekly Booklet)ہے جو لاکھوں لوگوں تک اسلام کی روشن تعلیمات پہنچانے کاذریعہ بن رہاہے۔آئیے! گزشتہ تین ماہ کے رسائل کا مطالعہ کرنے / سننے والوں کی تعدادملاحظہ کیجئے اور آپ بھی اس نیک کام میں شامل ہونے کی نیت فرما لیجئے۔

جولائی 2021

کراماتِ خواجہ :29 لاکھ 90 ہزار 131 اسلامی بھائیوں نے اور 7 لاکھ 93 ہزار 615 اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے /سننے کی سعادت حاصل کی۔

ہر صحابیِ نبی جنّتی جنّتی : 31 لاکھ 44 ہزار 808 اسلامی بھائیوں نے اور 7 لاکھ 90 ہزار 447 اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے /سننے کی سعادت حاصل کی۔

فیضانِ شعبان: 31 لاکھ 6 ہزار 296 اسلامی بھائیوں نے اور 8 لاکھ 15ہزار 548 اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے /سننے کی سعادت حاصل کی۔

ڈرائیور کی موت: 32 لاکھ 85 ہزار 54 اسلامی بھائیوں نے اور 7 لاکھ 93 ہزار 615 اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے /سننے کی سعادت حاصل کی۔

اگست 2021

درود شریف کی برکتیں: 25 لاکھ 33 ہزار 828 اسلامی بھائیوں نے اور 8 لاکھ 48 ہزار 534 اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے /سننے کی سعادت حاصل کی۔

قبر کی پہلی رات: 22لاکھ 87 ہزار 35 اسلامی بھائیوں نے اور 8 لاکھ 49 ہزار 467 اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے /سننے کی سعادت حاصل کی۔

رشتے داروں بھلائی: 23 لاکھ 25 ہزار 571 اسلامی بھائیوں نے اور8 لاکھ 11ہزار 90 اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے /سننے کی سعادت حاصل کی۔

ماہِ رمضان اور امیرِاہلِ سنّت : 20 لاکھ 70 ہزار 146 اسلامی بھائیوں نے اور 8 لاکھ 11 ہزار 814 اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے /سننے کی سعادت حاصل کی۔