مطالعہ کے فوائد

Tue, 31 Mar , 2020
4 years ago

علم حاصل کرنے کا ذریعہ ’’مطالعہ‘‘ ہے انسان کے لیے مطالعہ کی اہمیت اسی طرح ہے جس طرح پانی اور غذا کی اہمیت انسان کے لیے، کیونکہ پانی اور غذا انسان کی جسمانی نشوو نما کے لیے ضروری ہے۔اور مطالعہ انسان کی روح کی تقویت اور تازگی کے لیے ضروری ہے.؟

درست مطالعے کے کئی فوائد ہیں جن میں سے چند مقید بالقلم کیے جاتے ہیں۔

۱۔ مطالعہ کرنے سے ذہن کھلتا ہے، اور وسعتِ نظری پیدا ہوتی ہے۔

۲۔مسلسل مطالعہ کرتے رہنے سے اپنے مافی الضمیر کواچھی طرح بیان کرنے اور اپنی بات کو دلائل کے ساتھ ثابت کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔

۳۔ مطالعہ کرنے سے علم میں اضافہ ، یادداشت میں پختگی اور معاملہ فہمی میں تیزی آتی ہے۔

۴۔ مسلسل مطالعہ کرنے والے پر علم کے دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں اور بہت سی نامعلوم چیزیں معلوم ہوتی ہیں۔

۵۔ مطالعہ لا علمی کے جنگل سے نکال کرعلم کے خوشگوار باغات میں پہنچادیتا ہے اور احمقوں اور جاہلوں کی فہرست سے نکال کر علمی لوگوں میں شامل کردیتا ہے جیسا کہ شاعر کہتا ہے۔

ہم کیوں مطالعہ نہ کریں ذوق و شوق سے

کرتے نہیں ہیں احمق و اجھل مطالعہ

۶۔ مطالعہ کرتے رہنے سے تحقیق کا مادہ پیدا ہوتا ہے کتابوں کو چھاننے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے اور مطالعہ کرنے سے فصاحت و بلاغت کی صفت پیدا ہوتی ہے۔

۷۔ مطالعہ کرنے سے غم دور ہوتا ہے اور مطالعے کی عادت سستی کاہلی اور بے چینی سے محفوظ رکھتی ہے۔

۸۔ مطالعہ کرنے سے اچھے برے کی تمیز پیدا ہوتی ہے اور شکوک و شبہادت دور ہوتے ہیں، مطالعے کے فوائد ظاہر کرتے ہوئے شاعر کہتا ہے۔

کھلتے ہیں را ز علم کے انہی کے قلوب پر

جو دیکھتے ہیں دل سے مسلسل مطالعہ

۹۔ مطالعہ کرنے والا اوقات کے ضیاع سے محفوظ رہتا ہے،

۱۰۔ مطالعہ کرنے والا دوسروں کے تجربات ے فائدہ اٹھاتا ہے اس طرح وہ ذہنی طور پر بلند پایا مصنفین کا ہم عصر بن جاتا ہے۔

۱۱۔دینی مطالعہ کے ذریعے انسان رب تعالیٰ کا قرب حاصل کرتا ہے، اور علم وو فضل کے ذریعے امت کے لیے ہدایت کا سامان بنتا ہے، اسی بات کو بیان کرتے ہوئے کسی نے کیا خوب کہا؟َ

اسعد مطالعہ میں گزاروں تمام عمر

ہے علم و فضل کے لیے مشعل مطالعہ

اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمیں صحیح کتب کا مطالعہ کرنے او راس کے فوائد و ثمرات حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

امین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم