عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت پچھلے دنوں عمر کوٹ ڈسٹرکٹ میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کالجز کے کم و بیش 25 اسٹوڈنٹس سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

معلومات کے مطابق بعدِ اجتماع اسٹوڈنٹس کے لئے سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے شرکا کی تربیت کرتے ہوئے انہیں دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے کورسز میں داخلہ لینے کی ترغیب دلائی جس پر 10 اسٹوڈنٹس کورس کرنے کے لئے تیار ہوگئے۔(رپورٹ:شعبہ تعلیم، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری) 


مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی دینی و اخلاقی تربیت کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ڈگری کالج عمر کوٹ میں سنتوں بھرا اجتما ع ہوا جس میں کالج کے پرنسپل اور پروفیسرز سمیت اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔

قراٰنِ پاک کی تلاوت کرنے اور نعت شریف پڑھنے کے بعد مبلغِ دعوتِ اسلامی نے ”حسنِ اخلاق“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شرکا کو اپنے اخلاق سنوارنے کا ذہن دیا اور پیارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کی ترغیب دلائی۔

بعدازاں کالج کے پرنسپل اور اسٹاف کے درمیان سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے مختلف موضوعات پر کلام کیا نیز شرکا کو ذمہ داران کی جانب سے تحائف بھی دیئے گئے۔(رپورٹ:شعبہ تعلیم، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


شعبہ تعلیم دعوتِ اسلامی کے تحت پاکستان کے شہر  ملتان میں واقع شیر شاہ ٹاؤن میں ٹیچرز اجتماع منعقد کیا گیا جس میں ٹیچرز سمیت دیگر کثیر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس اجتماعِ پاک میں نگرانِ ملتان شہر راشد عطاری نے ”علمِ دین سیکھنے کی فضیلت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیااور وہاں موجود عاشقانِ رسول کو دعوتِ اسلامی کے تحت منعقد ہونے والے مختلف کورسز کرنے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

آخر میں اجتماع میں شریک ٹیچرز نے اپنے اپنے اداروں میں دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے دینی کاموں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔(رپورٹ:شعبہ تعلیم، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

پچھلے دنوں ڈسٹرکٹ لودھراں میں قائم دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں شعبہ تعلیم کے ڈویژن مشاورت اور شعبہ مدنی قافلہ کا اجتماعی طور پر مدنی مشورہ ہوا ۔

اس مدنی مشورے میں صوبائی ذمہ دار شعبہ تعلیم اور نگرانِ ملتان ڈویژن نے ذمہ داران سے دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں کے متعلق گفتگو کی نیز متعلقہ شعبہ جات کے بارے میں اہم نکات پر مشاورت کی جن میں سے بعض یہ ہیں:

٭سال 2022ء میں شعبے کے تحت ہونے والے دینی کاموں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ:

٭سال 2023ء میں ہونے والے دینی کاموں کے اہداف۔

٭1ماہ اور 12 دن کےمدنی قافلے کی پلاننگ۔

٭18 دسمبر 2022ء سے 15 جنوری 2023ء تک ڈسٹرکٹ وائز 10 مدنی قافلہ اجتماعات میں شعبہ تعلیم کے تحت 313 ٹیچرز اور اسٹوڈنٹس کو ہر اجتماع میں شرکت کروانے کا ہدف۔

مزید نگرانِ ڈویژن ملتان نے شعبوں کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں دعوتِ اسلامی کے تحت دینی کام کرنے والے مختلف شعبہ جات میں سے شعبہ تعلیم کی تیسری (3) پوزیشن رہی۔(رپورٹ:شعبہ تعلیم، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

گزشتہ روز دعوتِ اسلامی کے شعبہ تعلیم کےتحت سپیرئیر گروپ آف کالجز خانیوال (Superior group of colleges Khanewal) میں فیضانِ نماز کورس ہوا جس میں کالج کے اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔

دورانِ کورس مبلغِ دعوتِ اسلامی نے نماز کے متعلق چند اہم چیزیں بیان کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی نیز 16 دسمبر سانحہ پشاور آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی و دعا کا سلسلہ رہا۔(رپورٹ:شعبہ تعلیم، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


قراٰن و حدیث کی باتیں سیکھنے سکھانے، بزرگانِ دین کے واقعات اور اُن کے حکمت بھرے فرامین سے اپنی اور لوگوں کی اصلاح کرنے کے لئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہےجس میں کراچی کے اسلامی بھائی براہِ راست جبکہ دیگر شہروں سے بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ رسول شریک ہوتے ہیں۔

معمول کے مطابق 17 دسمبر 2022ء بروز ہفتہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی مذاکرے میں شریک اسلامی بھائیوں کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائیں گے اور حاضرین کی دینی ، تنظیمی ، اخلاقی اور شرعی اعتبار سے تربیت و رہنمائی کریں گے۔علمِ دین حاصل کرنے اور امیرِ اہلِ سنت کے فرامین سننے کے لئے مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔ (کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

14 دسمبر 2022 ءبروز بدھ فیضان آن لائن اکیڈمی کی برانچ فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مشورہ ہواجس میں فیس  و فنانس ڈیپارٹمنٹس کے ذمہ داران اور صوبائی ذمہ داران نے شرکت کی ۔

مدنی مشورے میں غلام الیاس عطاری مدنی نے شعبہ فنانس ڈیپارٹ کے سابقہ کا موں کا جائزہ لیتے ہوئے اس میں بہتری لانے کےحوالے سے مدنی پھول دیئے اور آئندہ کے لئےاہداف بتائے ۔(رپورٹ:علی حمزہ عطاری شب و روز ذمہ دار فیضان آن لائن اکیڈمی، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دعوتِ  اسلامی کی جانب سے 13 دسمبر2022 ء بروز منگل فیضان آن لائن اکیڈمی کی برانچ کورنگی 4 کراچی میں میٹنگ ہوئی جس میں کورنگی برانچ سے شعبے کے آئی ٹی منیجر یونس عطاری اور مارکیٹنگ منیجر عابد عطاری نے شرکت کی ۔

دورانِ میٹنگ مولانا غلام الیاس عطاری مدنی نے فیضان آن لائن اکیڈمی مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے اسٹاف کی ہائیرنگ کے حوالے سے مدنی پھول بیان کئے نیز اس کے متعلق گفتگو کرتے ہوئےباہمی مشاورت سے آئندہ کے لئےاہداف طے کئے۔( رپورٹ:علی حمزہ عطاری شب و روز ذمہ دار فیضان آن لائن اکیڈمی، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ ا صلاحِ اعمال کے تحت مدنی مرکز  فیضانِ مدینہ راجن پور میں سحری اجتماع منعقد ہوا جس میں جامعۃ ُالمدینہ کے طلبۂ کرام و ذمہ داران نے شرکت کی۔

سحری اجتماع میں اسلامی بھائیوں نے نمازِ تہجد باجماعت ادا کی بعدازاں ڈویژن ذمہ دار غلام عباس عطاری نے ’’تہجد کے فضائل اور نفل روزوں کے فضائل‘‘ کے موضوعات پر سنتوں بھر ا بیان کیا اور نفل روزے رکھنے کی ترغیب دلائی ۔

اس موقع پرروزہ رکھنے والے عاشقانِ رسول نے سحری کی جبکہ اذانِ فجر کے بعد اسلامی بھائیوں نے علاقے میں فجر کی نماز کے لئے اہلِ محلہ کو جگایا۔بعدِ نمازِ فجر تفسیر سننے سنانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے قراٰنِ پاک کی چند آیتوں کی تفسیر پڑھ کر سنائی نیز اشراق و چاشت پر اس اجتماعِ پاک کا اختتام ہوا۔(رپورٹ: غلام عباس عطاری اصلاح اعمال ڈی جی خان ڈویژن ،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت   9 دسمبر 2022ء کو فیضانِ مدینہ لدھانہ ڈسٹرکٹ لیہ پنجاب میں فیضانِ نماز کورس کے اختتام پرتقسیمِ اسناد اجتماع ہوا جس میں یوسی ذمہ دار سمیت کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

تقسیمِ اسناد اجتماع میں تحصیل نگران اسلامی بھائی نے سنتوں بھرا بیان کیااور شرکائے کورس کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے نمازوں کی پابندی کرنے اور ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے کا ذہن دیا نیز شعبہ کورسز یوسی نگران نے کورس مکمل کرنے والے اسلامی بھائیوں میں تحائف اور اسناد تقسیم کیں۔ ( رپورٹ : اظہر حسین عطاری ، کانٹینٹ: رمضان رضا عطاری )


دعوتِ اسلامی کے شعبہ   مزاراتِ اولیا کے زیر ِاہتمام 11 دسمبر 2022ء کو ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے ڈسٹرکٹ سیالکوٹ جوڑیاں کلاں میں پیرسید عبدالجبار نقشبندی علی پوری اور پیر عاشق حسین شاہ نقشبندی رحمۃُاللہ علیھما کے مزارات پر حاضری دی۔

بعدازاں ڈویژن ذمہ دار ثناءُاللہ عطاری نے پیر سید طارق حسین شیرازی نقشبندی صاحب سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے شعبہ جات کا تعارف کروایا اس میں بالخصوص شعبہ مزاراتِ اولیا کے تحت ہونے والے دینی کاموں کے بارے میں تفصیل سے معلومات فراہم کیں جس پر سید طارق حسین شیرازی صاحب نے خدماتِ دعوتِ اسلامی پر اظہارِ مسرت کیا ۔

آخر میں انہیں ماہِ دسمبر2022ء کا ماہنامہ فیضانِ مدینہ بھی تحفہ میں پیش کیا۔( رپورٹ : ڈویژن ذمہ دار ثناءُاللہ عطاری شعبہ مزارات ا ولیا ، کانٹینٹ: رمضان رضا عطاری )


کسی شخص کی غیر موجودگی میں اس پر جھوٹ باندھنا بہتان کہلاتا ہے اس کو آسان لفظوں میں یوں سمجھیے کہ برائی نہ ہونے کے باوجود اگر پیٹھ پیچھے یا روبرو وہ برائی اس کی طرف منسوب کردی تو یہ بہتان ہوا،مثلا پیچھے یا منہ کے سامنے ریاکار کہہ دیا اور وہ ریاکار نہ ہوا،اگر ہوا بھی اور آپ کے پاس کوئی ثبوت نہ ہو کیوں کہ ریاکاری کا تعلق باطنی امراض سے ہے،لہٰذا اس طرح کسی کو ریاکار کہنا بہتان ہوا۔(غیبت کی تباہ کاریاں، ص 294)

بہتان تراشی کی مذمت:یاد رہے کہ کسی شخص کے پوشیدہ عیب کو جس کا وہ دوسروں کے سامنے ظاہر ہونا پسند نہ کرتا ہو اس کی برائی کرنے کےطور پر ذکر کرنا غیبت ہے اور اگر اس میں وہ بات ہی نہ ہو تو یہ غیبت نہیں، بلکہ بہتان ہے اور بہتان تراشی غیبت سے زیادہ تکلیف دہ ہے،کیونکہ یہ جھوٹ ہے اس لیے یہ ہر ایک پر گراں گزرتی ہے اور یہ بھی یاد رہے کہ بہتان تراشی کبیرہ گناہ ہے اور حدیث پاک میں اس کی شدید مذمت بیان کی گئی ہے۔(صراط الجنان،6/ 599)

بہتان کے متعلق احادیث:

1۔ جو کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے اس پر الزام عائد کرے تو اللہ تعالیٰ اسے جہنم کے پل پر اس وقت تک روکے گا جب تک وہ اپنی کہی ہوئی بات (کے گناہ) سے (اس شخص کو راضی کر کے یا اپنے گناہ کی مقدار عذاب پا کر) نہ نکل جائے۔

2۔ جس نے کسی شخص کے بارے میں کوئی ایسی بات ذکر کی جو اس میں نہیں تھی تا کہ اس کے ذریعے اس کو عیب زدہ کرے تو اللہ تعالیٰ اسے جہنم میں قید کر دے گا،یہاں تک کہ وہ اس کے بارے میں اپنی کہی ہوئی بات ثابت کرے (اس سے مراد یہ ہے کہ طویل عرصے تک وہ عذاب میں مبتلا رہے گا)

3۔ جہاں کسی مرد کی بے حرمتی اور بے عزتی کی جاتی ہو ایسی جگہ جس نے اس کی مدد نہ کی (یعنی خاموش رہا اور سنتا رہا اور منع نہ کیا) تو اللہ تعالیٰ وہاں اس کی مدد نہیں کرے گا جہاں اسے پسند ہو کہ اس کی مدد کی جائے اور جو شخص ایسے موقع پر کسی مسلمان مرد کی مدد کرے گا جہاں اس کی بے حرمتی اور بے عزتی کی جا رہی ہو تو اللہ تعالیٰ ایسے موقع پر اس کی مدد فرمائے گا جہاں اسے محبوب ہو کہ مدد کی جائے۔(صراط الجنان، 6/599 تا 601)

4۔ جو کسی مسلمان کی برائی بیان کرے جو اس میں نہیں پائی جاتی تو اس کو اللہ پاک اس وقت تک دوزخیوں کے کیچڑ،پیپ اور خون میں رکھے گا جب تک کہ وہ اپنی کہی ہوئی بات سے نہ نکل آئے۔(ابو داود،3 / 427، حدیث: 3597)

بہتان کے نقصانات:( اِنَّ الَّذِیْنَ یُحِبُّوْنَ:بیشک جو لوگ چاہتے ہیں) اس آیت کا معنی یہ ہے کہ وہ لوگ جو یہ ارادہ کرتے اور چاہتے ہیں کہ مسلمانوں میں بے حیائی پھیلے ان کے لیے دنیا اور آخرت میں دردناک عذاب ہے،دنیا کے عذاب سےمراد حد قائم کرنا ہے چنانچہ عبد اللہ بن اُبی حضرت حسان اور حضرت مسطح رضی اللہ عنھما کو حد لگائی گئی اور آخرت کے عذاب سے مراد یہ ہے کہ اگر توبہ کیے بغیر مر گئے تو آخرت میں دوزخ ہے۔مزید فرمایا کہ اللہ تعالیٰ دلوں کے راز اور باطن کے احوال جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔(صراط الجنان، 6/601)

بہتان سے توبہ کرنے کا طریقہ:بہتان سے توبہ کرنے کے لیے اس توبہ میں تین باتوں کا پایا جانا ضروری ہے: 1)آئندہ بہتان کو ترک کرنے کا پکا ارادہ کرے۔2)جس کا حق ضائع کیا ممکن ہو تو اس سے معافی چاہنا،مثلا صاحبِ حق زندہ اور موجود ہے نیز معافی مانگنے سے کوئی جھگڑا یا عداوت پیدا نہیں ہوگی۔3)جن لوگوں کے سامنے بہتان لگایا تھا ان کے سامنے اپنے جھوٹ (یعنی بہتان) کا اقرار کرنا یعنی یہ کہنا کہ جو میں نے بہتان لگایا اس کی کوئی حقیقت نہیں۔(غیبت کی تباہ کاریاں، ص 294)