اللہ تعالیٰ نے انسان کو پاکیزہ اور حلال چیزوں کو اختیار کرنے کا حکم ارشاد فرمایا ہے،تو اس اعتبار سےدینِ اسلام میں حلال و حرام کا علم بھی ایک عظیم نعمت کا درجہ رکھتا ہے، جس کے ذریعے انسان اپنی زندگی کو شریعت کے مطابق گزار کر دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔

الحمدللہ! اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے دارالافتاء اہل سنت کے تحت شعبہ حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل (Halal Research & Advisory Council) نے 15 نومبر2024ء بروز جمعہ ایک اہم ویبینار بعنوان "الکوحل کی ٹیکنیکل اور شرعی حیثیت" (Technical & Shariah Aspects of Alcohol) کا انعقاد کیا گیا۔ اس ویبینار میں تقریباً 1400 افراد نے رجسٹریشن کروائی۔جس میں سنی جامعات و مدارس کے اساتذہ و طلبہ، اسکول، کالجز اور یونیورسٹیزکے طلبہ، حلال انڈسٹری کے ماہرین، P.H.D اسکالرز، M.B.B.S ڈاکٹرز، اور بیرونِ ممالک کے افراد کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکائے کورس میں برطانیہ، بھارت، آسٹریلیا، ماریشس، نیپال، اسپین، جنوبی افریقہ، اٹلی، عمان، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا، سعودی عرب، ناروے، جرمنی، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، کینیا، پرتگال، ہنگری، کینیڈا، جنوبی کوریا، چین، مصر، نائجیریا، عراق اور امریکہ جیسے ممالک کے افراد شامل تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ تخصص فی الفقہ الحنفی و فقہ الحلال کے طلبائے کرام نے بھی اس ویبینار میں حصہ لیا۔

اس سیشن کا آغاز اللہ تعالیٰ کی لاریب کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا،جس کے بعد نعت شریف پیش کی گئی۔ بعد ازاں حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل کا تعارف پیش کرتے ہوئے حلال انڈسٹری کا مختصر خاکہ بھی پیش کیا گیا۔تعارف کے بعد حلال انڈسٹری کے ٹیکنیکل ایکسپرٹ کی جانب سے الکوحل کی ٹیکنیکل حیثیت اور مختلف اقسام پر بریفنگ دی گئی۔اس کے بعد حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل کے ہیڈ مولانا مفتی محمد ساجد عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے الکوحل کی شرعی حیثیت پر تفصیلا گفتگو فرمائی جس میں سےچند عنوانات یہ ہیں:

٭ شراب کی حرمت کے متعلق آیات،احادیث و آثار ٭ شراب کی مختلف اقسام و احکام ٭ الکحل حاصل کرنے کے ذرائع مع شراب اور الکحل میں فرق ٭ الکوحل کی آمیزش والی اشیاء کے استعمال کے شرعی احکامات ٭ الکحل کے متعلق فتوے میں تبدیلی، اور اس کے اسباب

آخر میں مفتی صاحب نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی عطا فرمائے ۔کورس کے متعلق شرکاء کرام نے تاثرات بھی دئیے۔چند تاثرات ملاحظہ کیجئے۔

٭الحمدللہ، حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل کی طرف سے الکحل کے حوالے سےجو کورس کروایا گیا، وہ بہت ہی معلوماتی تھا۔ خاص طور پر مفتی ساجد صاحب دامت برکاتہم العالیہ کا لیکچر بہت زیادہ مفید رہا۔ آپ نے الکحل کے جدید مسائل کو بھی عمدگی سے بیان کیا۔ اللہ کریم ہم سب کو اس سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

٭ماشاء اللہ، بہت معلوماتی سیشن تھا۔ الکحل کے متعلق سائنسی اور شرعی پہلوؤں کو سمجھنے میں یہ کافی مددگار ثابت ہوا۔ پچھلے سال فقہ الحلال آگاہی کورس میں بھی اس موضوع پر ایک کلاس تھی، جس سے کچھ معلومات ملی تھیں، لیکن یہ سیشن زیادہ تفصیلی اور فائدہ مند رہا۔

٭ماشاءاللہ، بہت کمال کا لیکچر تھا۔ اس طرح کے لیکچرز مزید بھی ہونے چاہییں تاکہ امتِ مسلمہ کو فائدہ ہو۔اس سے بہت سی غلط فہمیاں دور ہوئیں۔

٭دعوتِ اسلامی کا شکریہ کہ اس کے ذریعے ہمیں نہ صرف الکوحل کے بارے میں شرعی رہنمائی ملی بلکہ اس کی ممانعت یا بعض صورتوں میں اجازت کی فقہی وجوہات بھی سمجھ آئیں۔

یہ ویبینار بحمداللہ ایک شاندار اور کامیاب سیشن ثابت ہوا، جس سے شرکاء کو علمی و عملی فائدہ حاصل ہوا ۔ کورس کے شرکاء کرام کو حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل کی جانب سے ای- سرٹیفیکیٹ بھی دئیے گئے۔ اور افادۂ عام کےلیے اس کورس کی ویڈیوز کو یوٹیوب چینل پر بھی اپلوڈ کر دیا گیا ہے۔(رپورٹ: قیصر عباس ، دار الافتاء اہل سنت جوہرٹاؤن لاہور)

شعبہ حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل(HRAC)

دارُ الافتاء اہل سنت دعوتِ اسلامی

اس ویبینار کو دیکھنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Watch Video