جس طرح نماز پڑھنے کے فوائد کا احاطہ کرنا ممکن نہیں اسی طرح نماز نہ پڑھنے کے نقصانات کا شمار نہیں ۔ذیل میں ہم ان پانچ دنیاوی نقصانات کا ذکر کریں گےجس کا ایک فہم رکھنے والا شخص اپنی کھلی آنکھوں سے مشاہدہ کر سکتا ہے ۔

1 ۔بے ترتیب جدول: نماز کی حفاظت کا ذہن رکھنے والا شخص اپنے دن بھر کے کاموں کو بھی اسی حساب سے ترتیب دے گا ، جب کہ نماز کی پابندی نہ کرنے والا ایک آزادانہ ذہن کا مالک ہوتا ہے۔

2 ۔ وقت کی کمی :ایک باقاعدہ جدول نہ ہونے کے سبب انسان اپنے وقت کو صحیح طور پر تقسیم نہیں کر پاتا اور یوں وقت کی کمی کا شکار رہتا ہے ۔

3 ۔ نیند کی کمی اور زیادتی :وقت پر نماز پڑھنے والا شخص اپنے سونے اور جاگنے کے اوقات بھی لحاظ رکھتا ہے اور جسے اپنی نماز کی حفاظت کی فکر نہ ہو وہ اپنے سونے اور بیدار ہونے پر بھی غور نہیں کرتا ۔ رات کو دیر تک جاگنا اور صبح دیر تک سوتے رہنے سے نہ صرف صحت خراب ہوتی ہے بلکہ دن بھر کے کام بھی متاثر ہوتے ہیں ۔

4 ۔ کھانے میں بے ترتیبی :دیر سے سونے اور جاگنے کا عادی کھانا بھی اسی روٹین سے کھاتا ہے کھانے میں بے ترتیبی انسان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو متاثر کر سکتی ہے ۔

5 ۔فوائد سے محرومی: نماز پڑھنے والا جن فوائد کا سزاوار ٹھہرتا ہے نماز کا تارک ان فوائد سے محروم رہتا ہے اور فائدے سے محروم رہ جانا بھی ایک طرح کا نقصان ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ رضائے الہی کے لئے نہ صرف نماز کی پابندی کریں بلکہ وقت پر ادا بھی کریں تاکہ دونوں جہاں میں نماز کی حقیقی برکتوں سے مستفیض ہو سکیں ۔