پیارے بھائیو! نماز کا تحفہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو معراج کی رات عطا ہوا۔ ہر عاقل ،بالغ مسلمان مرد و عورت پر دن رات میں پانچ نمازیں فرض ہیں۔ پانچوں نمازوں کے کثیر فضائل و فوائد ہیں مگر یہاں پر نماز فجر پر 5 فرامین مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ذکر کرتے ہیں۔

(1) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت فرمایا :رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کچھ فرشتے رات میں اور کچھ فرشتے دن میں یکے بعد دیگرے آتے رہتے ہیں اور نماز فجر اور نماز عصر میں اکھٹے ہوتے ہیں پھر وہ فرشتے جو تم میں رات بھر رہے ہیں اوپر جاتے ہیں تو ان سے ان کا رب پوچھتا ہے حالانکہ وہ ان کے حال کو خوب جانتا ہے تم نے میرے بندوں کو کس حال میں چھوڑا؟ فرشتے عرض کرتے ہیں: ہم نے جب انہیں چھوڑا تو وہ نماز پڑھ رہے تھے اور جب ہم ان کے پاس پہنچے تو وہ نماز پڑھ رہے تھے۔( مسلم کتاب الصلاۃ ،حدیث:1432،ص 255،مطبوعہ دارالسلام)

(2) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے طلوع آفتاب اور غروب آفتاب سے پہلے یعنی فجر اور عصر پڑھی وہ ہرگز دوزخ میں نہیں جائےگا۔( مسلم کتاب الصلاۃ ،حدیث:1436،ص 255،مطبوعہ دارالسلام)

(3) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے دو ٹھنڈی نمازیں یعنی عصر و فجر پڑھی وہ جنت میں جائے گا۔( بخاری،کتاب المواقیت،حدیث:574،ص118)

(4) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بے شک تم اپنے رب کو اس طرح دیکھو گے جس طرح اس چاند کو دیکھ رہے ہو اور اس کو دیکھنے میں تم کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں کرو گے۔ پس اگر ہو سکے تو طلوع آفتاب اور غروب آفتاب سے پہلے کی نماز یعنی عصر اور فجر کو قضا نہ ہونے دو۔( مسلم کتاب الصلاۃ ،حدیث:1434،ص 255،مطبوعہ دارالسلام)

(5) آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جو صبح کی نماز پڑھتا ہے وہ شام تک اللہ پاک کے ذِمّے میں ہے۔(معجم کبیر 12/240،حدیث:1321)

دوسری حدیث پاک میں ہے: جو صبح کی نماز کو گیا ایمان کے جھنڈے کے ساتھ گیا اور جو صبح بازار کو گیا ابلیس ( شیطان) کے جھنڈے کے ساتھ گیا ۔(ابن ماجہ 3/53،حدیث:2234)