نماز کی ادائیگی ہر مسلمان عاقل بالغ پر ضروری ہے۔ ایک نماز کو جان بوجھ کر چھوڑ دینا گناہ ِکبیرہ ہے۔ میرے آقا اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فتاویٰ رضویہ شریف میں ارشاد فرماتے ہیں: پنجگانہ (یعنی پانچ وقت کی نمازیں )اللہ پاک کی وہ نعمت عظمٰی کہ اس نے اپنے کرمِ عظیم سےخاص ہم کو عطا فرمائی ہم سے پہلے کسی امت کو نہ ملی۔( فتاویٰ رضویہ 5/43)

آئیے پانچ نمازوں میں سے نماز فجر سے متعلق سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کے5 فرامین سنتے ہیں:۔

(1) فجر پڑھنے والا اللہ کے ذمے ہیں: صحابی ابن صحابی حضرت سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو صبح کی نماز پڑھتا ہے وہ شام تک اللہ پاک کے ذِمّے میں ہے۔(معجم کبیر 12/240،حدیث:1321)

(2) شیطان کی تین گِرھیں: حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جب تم میں سے کوئی سوتا ہے تو شیطان اس کی گدی (یعنی گردن کے پچھلے حصے) میں تین گرھیں( یعنی تین گانٹھیں) لگا دیتا ہے، ہر گِرہ( یعنی گانٹھ) پر یہ بات دل میں بٹھاتا ہے کہ ابھی رات بہت ہے سو جا، پس اگر وہ جاگ کر اللہ کا ذکر کرے تو ایک گِرہ یعنی گانٹھ کھل جاتی ہے، اگر وضو کرے تو وہ دوسری گِرہ کُھل جاتی ہے اور نماز پڑھے تو تیسری گِرہ بھی کُھل جاتی ہے۔ پھر وہ خوش اور تروتازہ ہو کر صبح کرتا ہے۔ورنہ غمگین دل اور سستی کے ساتھ صبح کرتا ہے ۔(بخاری 1/287،حدیث:1142)

(3) جہنم میں نہیں جائے گا :حضرت سیدنا عمارہ بن رویبہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے مصطفےٰ جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:" جس نے سورج کے طلوع و غروب (یعنی نکلنے اور ڈوبنے) سے پہلے نماز ادا کی( یعنی جس نے فجر اور عصر کی نماز پڑھی) وہ ہر گز جہنم میں داخل نہ ہوگا۔(مسلم ، ص 25،حدیث:1436)

(4) جمعہ کی فجر باجماعت کی فضیلت: حضرت سیدنا ابو عبیدہ بن جرّاح رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جمعہ کے دن پڑھی جانے والی فجر کی نمازِ باجماعت سے افضل کوئی نماز نہیں ہے۔ میرا گمان( یعنی خیال) ہے کہ تم میں سے جو اس میں شریک ہو گا اس کے گناہ معاف کر دیئے جائیں گے۔(معجم کبیر 1/156،حدیث:366)

(5) دو آزادیاں: حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے چالیس دن فجر و عشاء باجماعت پڑھی اس کو اللہ پاک دو آزادیاں عطا فرمائے گا ایک نار( یعنی آگ) سے، دوسری نفاق( یعنی منافقت) سے۔( ابن عساکر 2/338)

اللہ کریم کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ہمیں پانچوں نمازیں پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم