سید ثقلین عطاری (درجہ سادسہ مکی جامعہ المدینہ فیضان
مدینہ کراچی،پاکستان)
اللہ اور اس کے رسول پر
ایمان لانے کے بعد اسلام کا سب سے بڑا رکن نماز ہے۔ ہر ہر نماز کے بہت سےفضائل
ہیں مگر نماز فجر کے فضائل کے کیا کہنے،
حدیث پاک میں جگہ جگہ نماز فجر کے فضائل بیان کئے گئے ہیں۔ ان میں سے پانچ
فرامین مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم آپ کے سامنے پیش کرتا ہوں۔ پڑھتے چلے جائیے اور
احادیث کی خوشبو سے اپنے ذہنوں کو معطر کرتے چلے جائیے۔
(1) حضور علیہ
الصلاۃوالسلام نے ارشاد فرمایا: جو صبح کی نماز پڑھتا ہے، شام تک اللہ پاک کے
ذِمّے میں ہے۔ (معجم کبیر ،12/240، حدیث: 1321)
(2) تاجدار
مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :جو
صبح کی نماز کو گیا ایمان کے جھنڈے کے ساتھ گیا اور جو صبح بازار کو گیا ابلیس کے
جھنڈے ساتھ گیا۔(ابن ماجہ ،3/53، حدیث:2234)
(3) آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جب
تم میں سے کوئی سوتا ہے تو شیطان اس کی گدی میں تین گرہیں (گانٹھیں) لگا دیتا
ہے ہر گرہ پر یہ بات دل میں بٹھاتا ہے کہ ابھی رات بہت ہے سو جا، پس اگر وہ
جاگ کر اللہ کا ذکر کرے تو ایک گرہ کھل جاتی ہے، اگر وضو کرے تو دوسری گرہ کھل
جاتی ہے اور نماز پڑھے تو تیسری گرہ بھی کھل جاتی ہے، پھر وہ خوش خوش اور تروتازہ
ہو کر صبح کرتا ہے، ورنہ غمگین دل اور سستی کے ساتھ صبح کرتا ہے۔(بخاری ،1/387،
حدیث:1147)
(4) رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: منافقین پر سب سے زیادہ
بھاری عشاء اور فجر کی نماز ہے اور وہ جانتے کہ اس میں کیا ہے؟ تو گھسٹتے ہوئے
آتے۔(مسلم، کتاب المساجد ومواضع الصلاۃ، باب فضل صلاۃ الجماعۃ۔۔۔ الخ، ص:327،
الحدیث:252(651))
(5) سرکار مدینہ
صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:ہمارے اور منافقین کے
درمیان عشاء اور فجر کی (جماعت میں) حاضری کا فرق ہے منافقین کو ان دو نمازوں میں
حاضری کی طاقت نہیں۔ " (موطا امام مالک ،1 /133، حدیث:298)
پیارے اسلامی بھائیو! جہاں
احادیث میں نماز پڑھنے کے فضائل بیان فرمائے گئے تو دوسری طرف نماز نہ
پڑھنے والوں کہ بارے میں وعیدات بھی بیان فرمائی گئی ۔ چنانچہ حضور اکرم صلی
اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دیتا ہے اس کا نام
جہنّم کے اس دروازے پر لکھ دی جاتا ہے جس سے وہ داخل ہو
گا۔(حلیۃالاولیاء،7/992، حدیث:10590)
ہمیں اپنا ذہن بنانا چاہئے
کہ ہماری کبھی بھی کوئی نماز قضاء نہ ہونے پائے ۔ فجر کی نماز میں جاگنا تھوڑا
دشوار ہوتا ہے۔ اگر فجر کی نماز میں اٹھنے کے لئے رات سونے سے پہلے
پارہ 16 سورۃ الکہف کی آخری 4 آیات اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا سے لے کر بِعِبَادَةِ رَبِّهٖۤ اَحَدًا۠ تک پڑھنا اپنا
معمول بنا لیں گے تو جس وقت اٹھنے کی نیت کریں گے ان آیات کی برکت سے اس مقررہ وقت
میں آپ کی آنکھ کھل جاے گی۔
اللہ پاک ہمیں پانچوں نمازیں باجماعت ادا کرنے
کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمین بجاہ النبی الامین
صلی اللہ علیہ وسلم