اللہ پاک نے ہم پر پانچ وقت کی نماز فرض کی ہے۔ تو چاہے فجر کی یا ظہر کی ،تمام نمازیں مسلمان پر ضروری
ہیں اور بالخصوص نماز فجر کہ اس کے متعلق کئی فرامین مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم
موجود ہیں جن میں پانچ درج ذیل ہیں :
(1) صحابی ابن
صحابی حضرت سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: تاجدار مدینہ صلی اللہ
علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں: جو صبح
کی نماز پڑھتا ہے، شام تک اللہ پاک کے ذِمّے میں ہے۔ (معجم کبیر ،12/240، حدیث:
1321)
(2) حضرت سیدنا
سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، میرے آقا تاجدارِ مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم
کا فرمان عبرت نشان ہے: جو صبح کی نماز کو گیا ایمان کے جھنڈے کے ساتھ گیا اور جو
صبح بازار کو گیا ابلیس کے جھنڈے کے ساتھ گیا۔ (ابن ماجہ ،3/53، حدیث :2234)
(3) حضرت سیدنا
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ بارگاہ رسالت میں ایک شخص کے
متعلق ذکر کیا گیا کہ وہ صبح تک سوتا رہا، نماز کے لئے نہ اٹھا، تو آپ صلی اللہ
علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :اس شخص کے کان میں شیطان نے پیشاب کر دیا۔(بخاری
،1/388، حدیث :1144)
(4)حضرت سیدنا
عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد
فرمایا: جو نماز عشاء جماعت سے پڑھے گویا اس نےآدھی رات قیام کیا۔ اور جو فجر
جماعت سے پڑھے اس نے پوری رات قیام کیا۔( مسلم ص:268، حدیث :1491)
(5)حضرت سیدنا
ابو عبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے
ارشاد فرمایا: جمعہ کے دن پڑھی جانے والی فجر کی نماز باجماعت سے افضل کوئی نماز
نہیں ہے، میرا گمان ہے تم میں سے جو اس میں شریک ہو گا اس کے گناہ معاف کر دیئے
جائیں گے۔ (معجم کبیر ،1/156، حدیث :366)
اللہ پاک سے دعا ہے اللہ
پاک ہمیں پانچ وقت کی نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
اٰمین ثم اٰمین