سود کی تعریف فقہائے کرام یہ کرتے ہیں کیلی یا وزنی  چیز کے تبادلے میں دونوں فریقوں میں سے کسی ایک کو ایسی زیادتی کا ملنا جو عوض سے خالی ہو اور عقد میں مشروط ہو۔اسلام سے قبل جاہلیت میں سودی لین دین کا رواج تھا،جب قرآن میں اس کی حرمت نازل ہوئی تو مسلمان پورے طور پر اس سے کنارہ کش ہوگئے اور ایک طویل زمانہ تک اسلامی معاشرہ اور اسلامی حکومتیں اس سے محفوظ رہیں،حدیث مبارکہ میں پیشن گوئی ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:یقینا لوگوں پر ایک وقت ایسا ضرور آئے گا کہ کوئی بھی بغیر سود کھائے نہ بچ سکے گا اور اگر کھایا نہیں تو کم از کم اس کا دھواں یا گرد تو پہنچ ہی جائے گا۔

احادیث مبارکہ:

1۔سود کھانے،کھلانے والے اور اس کی تحریر لکھنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت کی گئی اور فرمایا کہ یہ سب گناہ میں برابر ہیں۔

وضاحت:اے سودی کھانے لکھنے اور سود پر گواہ بننے والو! دیکھو کس قدر وعید مروی ہے اللہ سے اس گناہ کی توبہ کرلو آج وقت ہے کل وقت نہیں ملے گا۔(کتاب المساقاۃ،حدیث:1598)

2۔جس قوم میں سود پھیلتا ہے اس قوم میں پاگل پن پھیلتا ہے۔(کتاب الکبائر للذہبی،ص 70)

3۔سود کے 70 دروازے ہیں ان میں سے کم تر ایسا ہے جیسے کوئی مرد اپنی ماں سے زنا کرے۔میرے آقا اعلیٰ حضرت امام اہل سنت اس حدیث مبارکہ کو نقل کرنے کے بعد لکھتے ہیں: تو جو شخص سود کا ایک پیسہ لینا چاہے اگر رسول اللہ ﷺ کا ارشاد مانتا ہے تو ذرا گریبان میں منہ ڈال کر پہلے سوچ لے کہ اس پیسہ کا نہ ملنا قبول ہے یا اپنی ماں سے ستر ستر بار زنا کرنا۔(شعب الایمان،4/394، حدیث:5520)

4۔قیامت کے دن سود خور کو اس حال میں اٹھایا جائے گا کہ وہ دیوانہ و مخبوط الحواس ہوگا۔یعنی سود خور قبروں سے اٹھ کر حشر کی طرف ایسے گرتے پڑتے جائیں گے جیسے کسی پر شیطان سوار ہو کر اسے دیوانہ کر دے،جس سے وہ یکساں نہ چل سکیں گے، اس لیے کہ جب لوگ قبروں سے اٹھائے جائیں گے اور محشر کی طرف چلیں گے تو سب یہاں تک کہ کفار بھی درست چل پڑیں گے مگر سود خور کو چلنا پھرنا مشکل ہوگا اور یہی سود خور کی پہچان ہوگی۔(معجم کبیر،18/60،حدیث:110)

5۔حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:معراج کی رات میرا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جن کے پیٹ گھروں کی مانند بڑے تھے اور ان میں سانپ تھے جو باہر سے نظر آرہے تھے،میں نے جبرائیل سے ان لوگوں کے بارے میں دریافت فرمایا تو انہوں نے عرض کی:یہ وہ لوگ ہیں جو سود کھاتے تھے۔(کتاب التجارات،3/71، حدیث:2273)

اللہ پاک ہمیں سود سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے،آمین