سود حرام قطعی ہے اس کی حرمت کا منکر کافر ہے جس طرح سود لینا حرام ہے سود
دینا بھی حرام ہے، قرآن و حدیث میں اس کے متعلق سخت وعیدیں بیان ہوئی ہیں۔
سود کی تعریف:سود کا لغوی معنی
اضافہ کرنا ہے، جبکہ اصطلاحی معنی عقد معاوضہ یعنی لین دین کے کسی معاملے میں جب
دونوں طرف مال ہو اور ایک طرف زیادتی ہو کہ اس کے بدلے میں دوسری طرف کچھ نہ ہو یہ
سود ہے۔اسی طرح قرض دینے والے کو قرض پر جو نفع، جو فائدہ حاصل ہو وہ سب سود ہے۔
فرامین مصطفیٰ:
1۔ رات میں نے دیکھا کہ میرے پاس دو شخص آئے اور مجھے زمین مقدس میں لے گئے
پھر ہم چلے یہاں تک کہ خون کے دریا پر پہنچے یہاں ایک شخص کنارے پر کھڑا ہے جس کے
سامنے پتھر پڑے ہوئے ہیں اور ایک شخص بیچ دریا میں ہے یہ کنارے کی طرف بڑھا اور
نکلنا چاہتا تھا کہ کنارے والے شخص نے ایک پتھر ایسے زور سے اس کے منہ پر مارا کہ
جہاں تھا وہیں پہنچا پھر جتنی بار وہ نکلنا چاہتا ہے کنارے والا منہ پر پتھر مار
کر وہیں لوٹا دیتا ہے،میں نے پوچھا:یہ کون شخص ہے؟کہا یہ شخص جو نہر میں ہے سود
خور ہے۔(بخاری،ص 543، حدیث:2085)
2۔جب کسی بستی میں زنا اور سود پھیل جائے تو اللہ اس بستی والوں کو ہلاک کرنے
کی اجازت دے دیتا ہے۔ (کتاب الکبائر،ص 69)
3۔جس قوم میں سود پھیلتا ہے اس قوم میں پاگل پن پھیلتا ہے۔(کتاب الکبائر
للذہبی،ص 70)
4۔ پیارے آقا ﷺ فرماتے ہیں کہ شب معراج میں ایک ایسی قوم کے پاس سے گزرا جن
کے پیٹ کمروں کی طرح (بڑے بڑے) تھے جن میں سانپ پیٹوں کے باہرسے دیکھے جا رہے تھے،
میں نے جبرائیل سے پوچھا: یہ کون لوگ ہیں؟ انہوں نے عرض کی: یہ سود خور ہیں۔
5۔ سود کے 70 دروازے ہیں ان میں سب سے کم تر ایسا ہے جیسے کوئی مرد اپنی ماں
سے زنا کرے۔(شعب الایمان،ص 394،حدیث:5560)
سود کے چند معاشرتی نقصانات: مال کی حرص سود کا باعث بنتی ہے، فضول خرچی خاص طور پر شادی وغیرہ تقریبات
میں فضول رسموں کی پابندی کہ ایسے افراد کم خرچ پر قناعت نہ کرنے کی وجہ سے سود پر
قرض اٹھا لیتے ہیں، علم دین کی کمی، بعض اوقات سود سے بچنے کا ذہن بھی ہوتا ہے مگر
معلومات نہ ہونے کی وجہ سے آدمی سود کے لین دین میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
سود سے بچنے کی ترغیب: قناعت اختیار کیجیے، لمبی امیدوں سے کنارہ کشی کیجیے، موت کو کثرت سے یاد
کیجیے ان شاء اللہ دل سے دنیا کی محبت نکلے گی اور آخرت کی تیاری کا ذہن بنے گا،
سود کے عذابات اور دنیوی نقصانات کو پڑھیے سنیے اور غور کیجیے کہ سود کس قدر تباہی
و بربادی کا سبب بنتا ہے۔