رمضان کی مبارک سعاتوں کے دوران عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 13 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال : ہم کسی کو سمجھائیں اوروہ نیکی کی دعوت قبول نہ کرے توہم کیا کریں؟

جواب : پیار محبت اورنرمی سے سمجھانےکا سلسلہ جاری رکھیں ، سمجھانے کا فائدہ ہی ہے، مخاطب نہ بھی سمجھے تو نیکی کی دعوت دینے کا ثواب ملے گا، کسی کو موقع کی مناسبت، حکمتِ عملی اورپیار محبت سےاگرہزارباربھی مدنی مذاکرے میں شرکت کی دعوت دی اوروہ شریک نہ ہوا،پھربھی دعوت دینے والےکو ثواب ملے گا،اِنْ شاۤء اللہ ُالکریم۔

سوال : 12 اسلامی مہینوں کے بارے میں معلوما ت کیسے حاصل ہوں؟

جواب: مکتبۃ المدینہ نے ایک کتاب شائع کی ہے،جس کا نام ہے ’’اسلامی مہینوں کے فضائل ‘‘یہ کتاب ہرگھرکی ضرورت ہے،اسے خریدفرمائیں اورمطالعہ کریں ۔ اس کتاب میں 150 سے زائد مختلف کتب و رسائل سے اسلامی مہینوں کے فضائل،عبادات اور اوراد و و ظائف شامل کیے گئے ہیں۔

سوال: روزے کی نورانیت کن کاموں سے ختم ہوجاتی ہے؟

جواب: غیبت ،جھوٹ ،چغلی وغیرہ وغیرہ گناہوں سے روزے کی نورانیت ختم ہوجاتی ہے۔

سوال: کتاب کس صورت میں زیادہ مفید ہوتی ہے؟جِلد والی (Hard Book ) یاPDFمیں؟

جواب: جِلد والی (Hard Book ) میں جولطف ہےPDF میں نہیں ،ٹیبلٹ(Tablet PC) یاموبائل سے مطالعہ کریں تو آنکھوں پر زورپڑتاہے ،گھر میں جِلد والی کتاب (Hard Book ) ہونی چاہئے۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بعض غریبوں کے پاس کھانے کے لیے بھی کچھ نہیں ہوتا،ان کو نمازاورنیکی کی دعوت کیسے دیں؟

جواب:صحابیِ رسول ،مؤذنِ رسول اللہ ،حضرت بلال حبشی رضی اللہ عنہ غلام تھے ،ان کا آقا ان پر ظلم کرتاتھا ، اس کے باوجودیہ دینِ اسلام پر جمے رہے،اس طرح سینکڑوں بزرگانِ دین کی مثالیں ہیں ،یہ واقعات انہیں بتائیں ،غریبوں میں دین پر عمل کرنے کاجذبہ زیادہ ہوتاہے، انہیں نمازاورنیکی کی دعوت ضروردینی چاہئے،انہیں توکل کا درس دیں ،روحانی علاج کے بستے سے رزق میں برکت کے وظائف بھی لے کردیں۔

سوال: اجتماعی دعامیں کیا فائدہ ہے ؟

جواب: اجتماعی دعاکے اپنے فوائدہیں ،اس میں دل لگتاہے ،لوگوں کے اجتماع میں دعاکرنا قبولیت کے زیادہ قریب ہے ،کسی کی مقبول اٰمین کی وجہ سے ہماری بھی دعاقبول ہوسکتی ہے۔

سوال: اگردورانِ نماز کسی نمازی کی کال آنا شروع ہو جائے اورقریب بیٹھا شخص جو نمازمیں نہیں، کیا وہ اس کا موبائل اس کے جیب سے نکال کر بند کرسکتاہے؟

جواب: ایسانہ کیا جائے ،ہوسکتاہے کہ وہ نمازی سمجھے کہ یہ شخص میراموبائل چوری کرنے لگاہے اورنمازتوڑدے ۔

سوال:خواتین جب موٹرسائیکل پر بیٹھیں تو برقع یاچادرکے بارے میں کیااحتیاط کریں؟

جواب: برقع اورچادرکو سنبھال کر بیٹھیں ،موٹرسائیکل کی چین پر کورنہ ہوتو اس پر نہ بیٹھیں بلکہ چین کورکے بغیرموٹرسائیکل نہ چلائی جائے ۔

سوال : حضورغوث ِاعظم سیدعبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کو گیارہویں والے پیرکیوں کہاجاتاہے؟

جواب: ربیع الاخرکی 11تاریخ کوآپ رحمۃ اللہ علیہ کا وصال ہواتھا ،اس لیے ہر اسلامی مہینے کی 11 تاریخ کودنیا بھر میں آپ کو ایصال ِثواب کیا جاتاہے، اسی لیے آپ کو گیارہویں والے پیرصاحب کہاجاتاہے ۔

سوال: کیا کائنات میں 18 ہزارعالَم(جہان) ہیں؟

جواب:جی ہاں! حضرت وہب بن منبہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : کل 18 ہزار عالَم(جہان) ہیں، دنیا اُن میں سے ایک ہے۔

(تفسیردرمنثور 1/66)

سوال: بندہ بعض اوقات نیکی کررہا ہوتاہے مگردرست ادانہ کرنے کی وجہ سےوہ نیکی نہیں رہتی ،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب : نیکی کی طرف رجحان ہوتاہے مگر بعض اوقات علمِ دین کی کمی کی وجہ سے نیکی درست اندازسے نہیں کرپاتا مثلاً نمازتو پڑھتاہے مگرنمازدرست نہ سیکھنے کی وجہ سے وہ درست ادانہیں کرتا،ہرکام سیکھنے سے آتاہے ،نیکیاں بھی کی جائیں اورنیکی کرنا سیکھا بھی جائے ، نیکی کو سلامت رکھنے کے لیے ریاکاری سےبچاجائے ،اس سے بچنے کے لیے ریا کاری کے بارے میں معلومات حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ (مکتبۃ المدینہ کی کتاب"باطنی بیماریوں کی معلومات"کا مطالعہ انتہائی مفید رہے گا)

سوال: آپ کس طرح کے چاول کھانا پسندفرماتے ہیں؟

جواب:جو چاول نرم پکے ہوئے ہوں ،اس میں 3 انگلیوں سے نوالہ لینا آسان ہوتاہے ،حدیث پاک میں ہے :3 انگلیوں سے کھاناانبیائے کرام کی سنت ہے ۔(550سنتیں اورآداب،21) یہ پکانا مشکل نہیں ہیں ،پانی زیادہ ڈالیں گے تو چاول نرم بن جائیں گے۔

سوال: بخارہوتو کیا پڑھنا چاہئے؟

جواب: بخارکی صورت میں ’’بِسْمِ اللہِ الْکَبِیْر‘‘بکثرت پڑھا جائے ۔

سوال: ڈراؤنے خواب نہ آئیں،اس کا کوئی وظیفہ بتادیجئے؟

جواب: سونے سے پہلے ’’یَامُتَکَبِّرُ‘‘21مرتبہ پڑھ لیا جائے۔

سوال : شیطان سے بچنے کے لیے کیاپڑھیں؟

جواب: روزانہ صبح 10مرتبہ ’’اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ‘‘پڑھاکریں ۔

سوال: پھلوں کے چھلکے راستے میں پھینکنے کا کیا نقصان ہوتا ہے؟

جواب: پھلوں کے چھلکے راستے میں پھینکنے سےچلنے والے گِرسکتے ہیں ،میرے بڑے بھائی ایک حادثے میں وفات پاگئے ،حادثےکی وجہ کیلے کاچھلکا ہی بنا تھا ،احادیثِ مبارکہ میں توراستے سے تکلیف دہ چیزیں ہٹانے کی ترغیب دلائی گئی ہے،مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’تکلیف نہ دیجئے ‘‘ کے صفحہ نمبر 194پراحادیث موجودہیں ۔مثلا ًفرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )ہے :راستے سے تکلیف دہ چیزہٹادینا صدقہ ہے ۔ (صحیح بخاری،2/306)’’تکلیف نہ دیجئے ‘‘ یہ کمال کی کتاب ہے ،ایصالِ ثواب کے لیے اس کتاب کو تقسیم کریں ،اس کامطالعہ کرنے سے اُمّت سے تکالیف دُورہوں گی ،مسجد کےامام صاحب کو پیش کریں ۔ بہت پیاری اوراچھی کتاب ہے یہ ہرگھرمیں ہونی چاہئے۔

سوال:کیا آپ نے دعوتِ اسلامی کے آغازسےپہلے بھی کلام لکھے تھے؟

جواب: جی ہاں! اردواورگجراتی کلام لکھے تھے ، مشاعروں(شعراء کا جمع ہو کر شعر خوانی کرنا) میں بھی شرکت کرتاتھا۔


علم سیکھنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے۔ اسی سلسلے میں عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں12 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: مشورہ کرنااچھی بات ہے، مگرکوئی ایساشخص بھی ہے جس سےمشورہ نہ کیا جائے ؟

جواب:نااہل اورخائن( یعنی خیانت کرنے والے) ،رازکی بات ہرکسی کو بتادینے والے سے مشورہ نہ کیاجائے ، جس طرح کا مشورہ ہو، اسی طرح کے اہل فردسے مشورہ کیا جائے، مشورہ سنت ہے، اس میں برکت ہے ۔

سوال: داڑھی کے بال چبانا کیسا؟

جواب: داڑھی کے بال چبانا درست نہیں ،انسانی بال کھاناحرام ہے ،داڑھی کے بال چباتے ہوئے کہیں اس کا کوئی حصہ حلق میں نہ اُترجائے۔

سوال : کوئی صدمہ پہنچے تو کیاکرنا چاہئے؟

جواب: نمازاورصبرسے مددلینی چاہئے ،نمازاداکرنے اورصبرکرنے سے صدمہ سہنا آسان ہوجاتاہے ۔پارہ2،سورۂ بقرہ کی آیت نمبر153 میں ارشاد ہوتاہے۔ یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَ الصَّلٰوةِ ؕاِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ(153)۔ ترجمۂ کنزالعرفان:اے ایمان والو! صبر اور نمازسے مدد مانگو، بیشک اللہ صابروں کے ساتھ ہے۔

تفسیر صراط الجنان:اس آیت میں فرمایا گیا کہ صبر اور نماز سے مدد مانگو ۔ صبر سے مدد طلب کرنا یہ ہے کہ عبادات کی ادائیگی، گناہوں سے رکنے اور نفسانی خواہشات کو پورا نہ کرنے پر صبر کیا جائے اور نماز چونکہ تمام عبادات کی اصل اوراہل ایمان کی معراج ہے اور صبر کرنے میں بہترین معاون ہے اس لئے اس سے بھی مدد طلب کرنے کا حکم دیاگیا اور ان دونوں کا بطورِ خاص اس لئے ذکر کیاگیا کہ بدن پر باطنی اعمال میں سب سے سخت صبر اور ظاہری اعمال میں سب سے مشکل نمازہے ۔(روح البیان، البقرۃ، تحت الآیۃ۱۵۳، ۱ / ۲۵۷، ملخصاً)

سوال: صبرکرنے سے کیامرادہے؟

جواب:صبراوّل صدمے پرہوتاہے ،کوئی مصیبت ،پریشانی ،آزمائش آ جائے توخاموش ہوجانا چاہئے ، بغیرضرورت کسی کونہ بتایا جائے، لوگ صرف ہمدردی کے کچھ بول سننے کے لیے اپنے صدمے اوردکھوں کا تذکرہ دوسروں سے کررہے ہوتے ہیں،اس سے بچاجائے ۔

سوال : ہمیں دعوتِ اسلامی کا دینی کام کب تک کرناہے؟

جواب: دعوتِ اسلامی کے دینی کام کے لیے کوئی دن یا مہینا مخصوص نہیں ہے ، ہمیں ساراسال ہی نیکی کی دعوت دینی ہے، دعوت اسلامی کا دینی کام کرنا ہے ،جب تک مسلمانوں کا ایک بھی بچہ بے نمازی ہے ،یہ سلسلہ جاری رکھنا ہے ،دعوت ِاسلامی آپ کی اپنی ہے ،اس کے دینی کام کو آگے بڑھاتے رہیں ،بچے بچے کو نمازی بنانے کا ہدف قبول فرمائیں ۔

سوال: وہ کون سے اوقات ہیں جن میں دعاقبول ہوتی ہے؟

جواب:ساراماہِ رمضان قبولیتِ دعاکاوقت ہے ،بالخصوص افطارکے فوراًبعد،جمعہ کوغروبِ آفتاب کے وقت ،اس کے علاوہ جب بھی بندہ رب سےدل لگا کر گِڑگِڑاکر دعامانگے تو دعا قبول ہوتی ہے ،اللہ پاک کی اطاعت کی نیت سے دُعا کرنی چاہئے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: شادی سے پہلے نکاح کے احکام اورمیاں بیوی کے حقوق کی معلومات حاصل کرنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب : جو بھی کام کرناہو،اس کے بارے میں شرعی معلومات حاصل کرنی چاہئیں ،کئی علوم فرض ہیں جیسے نمازفرض ہوئی تو اب نمازکے احکام اسی طرح نکاح کرنا ہوتو نکاح کے احکام،خدانخواستہ طلاق دینے کا معاملہ ہوتوطلاق کے ضروری احکام بھی سیکھنے ہوں گے ،فیضان آن لائن اکیڈمی سے ایک ماہ کا نکاح کورس کرلیں ،مکتبۃ المدینہ کی کتاب " اسلامی شادی" کا مطالعہ بے حد مفید رہے گا۔

سوال: مریض کی عیادت کے بارےمیں آپ کیافرماتے ہیں ؟

جواب:مریض کی عیادت کرنی چاہئے ،بالخصوص جو قریبی ہوں تو ضرور عیادت کی جائے ، محاورہ ہے کہ لِقَاءُ الْخَلِیْلِ شِفَاءُ الْعَلِیْلِ یعنی دوست کی ملاقات مریض کےلیے شفاکاکام کرتی ہے ، بعض اوقات مریض انتظارمیں ہوتاہے کہ فلاں عیادت کے لیے آئے اورجب ماں باپ بیمارہوں تو ضرورعیادت کرنی چاہئے ،مریض کے پاس موقع کی مناسبت سے ہی بیٹھناچاہئے ،بہتریہ کہ تھوڑی دیرہی بیٹھا جائے ۔

سوال: امیراہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے 1981ء کے اپنے آپریشن کاکون ساواقعہ سنایا؟

جواب: 1981ء میں جب دعوتِ اسلامی کا آغازہوااورگلزارِحبیب مسجد(کراچی) میں پہلے اجتماع کا اعلان بھی ہوگیا تومجھے آپریشن کروانا پڑا،اس وجہ سے اجتماع کو کینسل کرنا پڑا،میراگھربہت چھوٹاتھا،صرف2کمرے تھے، اس لیے میرے دوست سکندرماما(مرحوم)کے ہاں ایک مہینا رہا کیونکہ عیادت کرنے والے کافی اسلامی بھائی آتےتھے اور اپنے گھر میں جگہ کی کمی تھی۔

سوال: حضرت امامِ اعظم، ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے سرڈھانپ کررکھنے کے بارے میں کچھ ارشاد فرمائیں؟

جواب:بہت بڑے ولی اللہ حضرت شیخ داؤدطائی رحمۃ اللہ علیہ حضرت سیدنا امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد اورصحبت یافتہ ہیں ، آپ فرماتے ہیں کہ مَیں نے امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ کو جلوت وخلوت (لوگوں کے درمیان اورتنہائی دونوں )میں کبھی ننگِ سرنہیں دیکھا ،آپ اللہ پاک کی تعظیم کی وجہ سے سرڈھانپ کررکھتے تھے ۔

سوال : عمامہ شریف باندھنے کے کیافضائل ہیں ؟

جواب: عمامہ شریف پیارے آقا،مکی مدنی مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بہت ہی پیاری سنت ہے ،فرامینِ مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ): (1)عمامے کے ساتھ دورکعت نمازبغیرعمامے کی 70رکعتوں سے افضل ہے۔(الفردوس،2/265،حدیث،3233) (2)عمامے کے ساتھ نماز10ہزارنیکیوں کے برابرہے ۔ (الفردوس،2/406،حدیث،3805) (3)عمامے کے ساتھ ایک جمعہ بغیرعمامے کے 70جمعوں کے برابرہے ۔ (ابن عساکر،37/355) (4)عمامے عرب کے تاج ہیں تو عمامہ باندھو،تمہاراوقاربڑھے گا۔(کنزالعمال ،15/133،رقم،41138)

سوال: مکتبۃ المدینہ نے عمامہ شریف کے فضائل پرمشتمل کون سی کتاب شائع کی ہے؟

جواب:’’عمامے کے فضائل‘‘بڑی ضخیم (بڑی)کتاب ہے ،اسے مکتبۃ المدینہ سے لیں، اس کا مطالعہ کریں۔

سوال: عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ( کراچی) کتنا بڑاہے ؟

جواب :یہ تقریباً 10 ہزارگزپرمشتمل ہے،یہ جگہ 2کروڑروپے میں خریدی تھی ،اس کی تعمیرات میں کافی مشکلات ہوئیں مگرجب یہ بن گیا تو لوگوں کا رجوع اس کی طرف ہوگیا ،ایک چراغ روشن ہواپھراس سے ملک وبیرونِ ملک کئی چراغ روشن ہوچکے ہیں(یعنی مدنی مراکز فیضانِ مدینہ بن چکے) ، صرف پاکستان میں392 فیضانِ مدینہ ہیں ۔

سوال :دعوتِ اسلامی کے ساتھ کتنے لوگ منسلک ہیں ؟

جواب: دعوتِ اسلامی کے صرف دو شعبوں(Departments) مدرسۃ المدینہ اور جامعۃ المدینہ میں پڑھنے پڑھانے والوں اور والیوں کی تعدادلاکھوں میں ہے ،دعوتِ اسلامی سے محبت کرنے والے تو کروڑوں ہیں ۔

سوال: بچے کون ساکھیل کھیلیں اورکون سا نہ کھیلیں ؟

جواب: جائز کھیل کھیلیں اوریہ کھیل کھیلنا بچوں کا حق ہے ،وہ کھیل جس میں بھاگنا دوڑنا ہوتاہے وہ بچوں کے لیے مفیدہے ، بالکل نہ کھیلنے دینا درست نہیں، کھیلنے سے ان کے جوڑمضبوط ہوں گے ،دماغ کھلے گااورحافظہ مضبوط ہوگا ،بچوں کو موبائل سے گیمز(Games) وغیرہ نہ کھیلنے دیں ،اس سے ان کی صحت اورپڑھائی کو نقصان پہنچ سکتاہے ۔

سوال: بچے بھی اسلامی کتابوں،رسائل کا مطالعہ کریں، اس بارے میں کچھ مدنی پھول عنایت فرما دیں۔

جواب: بچے ضرورمطالعہ کریں ،اسلامی کہانیاں پڑھیں ،مکتبۃ المدینہ نے مختلف موضوعات پر بچوں کی سچی کہانیاں بھی شائع کی ہیں(مثلاًجھوٹا چور،بیٹا ہوتوایسا،نور والا چہر ہ وغیرہ)۔ کتاب ’’152رحمت بھری حکایات‘‘ بہت دلچسپ ہے ،اتنی پیاری کتاب ہے کہ ہرگھرمیں ہونی چاہئے ،بچے بڑے سب پڑھیں ۔

سوال : جس گھرمیں دینی ماحول نہ ہو وہاں بچے کیسے دینی ماحول بنائیں؟

جواب:پہلے اپنے دل اوراندرکا ماحول دِینی بنائیں ،اپنے اخلاق بہترکریں ،ماں باپ کا احترم کریں ،والدصاحب یا والدہ آئیں تو کھڑےہوجائیں ،ہاتھ چُومیں ،ہرجائز حکم پر فوراًعمل کریں ،یوں ایک بااخلاق اورباادب بچہ گھرکا دِینی ماحول بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔


رمضان المبارک میں عاشقان رسول کو علم دین سے بہرہ مند کرنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں11 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: اپنے آپ کو کسی وجہ سے پرندے ،درخت وغیرہ کی طرح قراردینا کیسا؟

جواب :کوئی حرج نہیں، صحابۂ کرام اوربزرگانِ دین کے خوفِ خداکی وجہ سے اس طرح کے کئی اقوال ہیں مثلا (1)اسلام کے پہلے خلیفہ امیرالمؤمنین حضرت سیدناابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ نے ایک بارپرندے کودیکھ کرفرمایا :اے پرندے !کا ش!میں تمہاری طرح ہوتااورمجھے انسان نہ بنایا جاتا۔(2)اسلام کے دوسرے خلیفہ حضرت عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کاقول ہے:کاش!میں ایک درخت ہوتاجس کوکاٹ دیاجاتا ۔( کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب،27)

سوال:روزانہ کتنے گلاس پانی پیناچاہئے ؟

جواب: نارمل حالات میں طبعی طورپر10/12 گلاس پانی پینا چاہئے اورگرمی کا موسم ہو،پسینے آرہے ہوں یا مزدوری کرتے ہوں تو پانی کےگلاس بڑھا کر 17/18کر دینے چاہئیں، بدن میں پانی کم جائے گا تو چربی بنے گی ،پیٹ وآنتوں کی صفائی نہیں ہوسکے گی ،گُردے فیل ہوسکتے ہیں ،گُردوں میں انفیکشن(infection) بھی ہوسکتاہے ،کمزوری بڑھ سکتی ہے،بندہ بیمارہوسکتاہے ۔

سوال: دُشمن سے حفاظت کا کوئی وظیفہ بتادیجئے؟

جواب:اٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے ’’یَاسَلَامُ‘‘ کا وِردکیا جائے ،دشمن سے حفاظت ،روزی میں برکت اوربیماریوں سے بچت ہوگی ، سورۂ قریش(لِاِیْلٰفِ قُرَیْشٍ) بھی دشمن سے حفاظت کے لیے ڈھال ہے ،میں جب بھی باہرنکلتاہوں تو یادآنے پرسورۂ قریش پڑھ لیتاہوں ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بعض نادان عشقِ مجازی میں مبتلاہوکراپنی زندگیاں بربادکرلیتے ہیں ، سب سے پہلے کس سے محبت ہونی چاہئے؟

جواب : سب سے پہلے اللہ پاک اور رسول ِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت ہونی چاہئے ،موجودہ عشقِ مجازی کا اندازبہت سخت ہے، اس میں بہت گناہ ہوتے ہیں،ایسے کام کئے جاتے ہیں کہ خاندان بھرکی عزت خراب ہوجاتی ہے ،شادی نہ ہوتو خُودکشی بھی کرتے ہیں، بےپردگی کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوتاہے ،اسلامی پردہ نافذہوجائے تو یہ بُرائی بھی دم توڑجائے ،مکتبۃ المدینہ کی کتاب’’پردے کے بارے میں سوال جواب‘‘میں عشقِ مجازی کے بارے میں کافی تفصیل ہے، اس کا مطالعہ کریں ۔

سوال :فیضانِ قرآن ڈیجیٹل پین مکتبۃ المدینہ پر دستیاب ہے، اس پر آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: اسے ضرورحاصل کریں ،اس میں علم کا بہت بڑاخزانہ ہے،گویا ایک ڈیجیٹل(Digital) لائبریری آپ کے گھر میں آجائے گی، جب آپ چاہیں گے اس کے ذریعے تلاوت ،نعتیں ،مدنی چینل کے پروگرامز ،کتابیں،نعتیں اورکلام وغیرہ سن سکیں گے ،یہ ہرگھرمیں ہونا چاہئے ،اپنے رشتہ داروں کو تحفہ دیں۔ (تفصیلی معلومات جاننے کے لیے رابطہ نمبر:0313-1139278)

سوال : جو بچے کسی چیز سے ڈرتے ہوں تو کیا کرنا چاہئے ،ان کاخوف کیسے دُورکریں؟

جواب: بچوں کی ٹھارس بندھائی جائے، انہیں مختلف چیزوں سے ڈرایانہ جائے ۔

سوال: بلاکیاہوتی ہے؟

جواب: آفتیں ،آزمائش ،آسیب کو بلاکہتے ہیں ۔

سوال: کھانا کس نیت سے کھانا چاہئے ؟

جواب :جب بھی کوئی چیز کھائیں، پئیں تو یہ نیت کرلیں کہ عبادت پر قوت حاصل کرنے کے لیے کھا ،پی رہا ہوں۔


رمضان المبارک میں عاشقان رسول کو علم دین سے بہرہ مند کرنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 10 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: معتکف کو مسجدمیں ہی سحری وافطاری کاکھانا کھانا ہوتاہے توکس مقام پر کھایاجائے؟

جواب :میرامشورہ ہے کہ فنائے مسجد(وہ جگہ جو ضروریاتِ مسجدکے لیے ہوتی ہے )میں کھایا جائے کیونکہ کھانے کے ذرّات عینِ مسجدمیں گرنے کا اندیشہ ہوتاہے ،عالمی مدنی مرکز فیضان ِمدینہ کراچی میں بھی معتکف اسلامی بھائی فنائے مسجدمیں ہی کھانا کھاتے ہیں ۔

سوال:شیطان کون ہے؟

جواب: شیطان جنّ ہے اورنظرنہیں آتا ۔

سوال:قضا نمازوں کی ادائیگی کی معلومات کے لیے کون سارسالہ پڑھا جائے؟

جواب:مکتبۃ المدینہ کے شائع کردہ رسالے ’’قضا نمازوں کا طریقہ ‘‘کا مطالعہ کریں ،یہ رسالہ کتاب ’’نمازکے احکام ‘‘میں بھی شامل ہے ۔

سوال: موت تو آنی ہی ہے کوئی ایساوردبتادیجئے جو ہرمرض میں فائدہ مندہو۔

جواب:101مرتبہ ’’یَاسَلاَمُ ‘‘پڑھ کر مریض خود یاکوئی اورپڑھ کر دم کرے ،اسی طرح101مرتبہ’’یَاسَلَامُ ‘‘پڑھ کر پانی پردم کرکے پی لیا جائے ،مریض اُٹھتے بیٹھتے ’’یَاسَلَامُ ‘‘ کاوِردکرتارہے ۔مزیدہم نے بچپن سے سُن رکھا ہے کہ

ہر درد کی دوا ہے صَلّ ِعَلٰی مُحَمَّد تعویذ ِہر بلا ہے صَلّ ِعَلٰی مُحَمَّد

سوال : کھاناکھلانے کے جوفضائل ہیں ،اس سےمرادکیا غریبوں ،مسکینوں کو کھانا کھلاناہی مراد ہے یا امیرغریب سب کوکھلایا جاسکتاہے۔

جواب: امیرغریب سب کوکھلاسکتے ہیں ،انسب یہ ہے کہ غریبوں کوکھانا کھلایاجائے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کوئی غُصّہ دلائے تو کیا کریں ؟

جواب : غصہ پی جائیں،اینٹ کا جواب پتھرسے دینے کے بجائے پھول سے دیں ،قرآنِ مجیدمیں متقی مؤمن کی ایک خوبی یہ بھی بیان کی گئی ہے کہ وہ غُصّہ پی جانے والاہوتاہے،غُصّہ کو نافذکریں گے تو ہوسکتاہے کہ بندہ زیادتی کربیٹھے اورگنہگار ہوجائے۔

وَ الْكٰظِمِیْنَ الْغَیْظَ وَ الْعَافِیْنَ عَنِ النَّاسِ ؕوَ اللّٰهُ یُحِبُّ الْمُحْسِنِیْنَ(134)۔ ترجمۂ کنز العرفان :اور غصہ پینے والے اور لوگوں سے درگزر کرنے والے ہیں اور اللہ نیک لوگوں سے محبت فرماتا ہے۔(پارہ4،سورۂ اٰل عمران،آیت نمبر134)

سوال:آپ کومبارک ہو کہ آج مدنی مذاکرے کی قسط نمبر(Episode Number) 2000ہے، جومدنی مذاکرہ سنتے ہیں ان کے لیے دعافرمادیں ؟ آپ کاآپریشن بھی ہواتھا لیکن پھربھی آپ نے مدنی مذاکرہ فرمایا تھا،اس کی کیا وجہ ہے؟

جواب: کچھ ناغے بھی ہوئے ہیں،لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ مدنی مذاکرہ کرنے میں ناغہ نہ ہو، اللہ پاک مجھے زندگی بھراس کو کرنے کی توفیق عطافرمائے (آمین)،جو پابندی کے ساتھ مدنی مذاکرے میں شرکت کرتے ہیں ، دعاہے کہ اللہ پاک سب کو حج نصیب فرمائے ،میٹھا مدینہ دِکھائے، ان کے صدقے مَیں بھی حج کروں ،میٹھا مدینہ دیکھوں ۔

سوال : والدہ کےپاؤں اوروالد صاحب کے ہاتھ چُومنے میں شرم آتی ہوتو کیا کریں؟

جواب: شرم کو دُورکرکے والدہ کے پاؤں اوروالدصاحب کے ہاتھ چُوما کریں۔

سوال:اعتکاف والی عبادت کب سے ہے؟

جواب:طواف ،نمازاوراعتکاف بڑی پُرانی عبادتیں ہیں جوحضرت ابراہیم علیہ السلام کے زمانے میں بھی تھیں،چنانچہ پارہ1، سورۂ بقرہ ، آیت نمبر :125میں ارشاد ہوتاہے: وَعَھِدْنَاۤ اِلٰۤى اِبْرٰهٖمَ وَ اِسْمٰعِیْلَ اَنْ طَهِّرَا بَیْتِیَ لِلطَّآىٕفِیْنَ وَ الْعٰكِفِیْنَ وَ الرُّكَّعِ السُّجُوْدِ(125)۔ترجمۂ کنز العرفان :اور ہم نے ابراہیم و اسماعیل کو تاکید فرمائی کہ میرا گھر طواف کرنے والوں اور اعتکاف کرنے والوں اور رکوع و سجود کرنے والوں کے لئے خوب پاک صاف رکھو۔

سوال : بندہ گنا ہ سے کیسے بچے؟

جواب: صَلٰوۃُ التَّوبہ پڑھ کرتوبہ کرے ،اللہ پاک کےغضب سےاپنے آپ کو ڈرائے ،نیک صحبت اختیارکرے ،گناہ سے بچنے کی دعابھی کرتارہے۔

سوال: گھرکا کچراگلی میں پھینکناکیسا؟

جواب:صفائی ایمان سے ہے ،ہم مسلمان ہیں ہماراہرکام شریعت کے مطابق ہوناچاہئے ،گھرکاکچراگلی ا ورراستے میں نہیں ڈالنا چاہئے ،اس سے جراثیم پیداہوتے ہیں اوربیماریاں بڑھتی ہیں۔

سوال: کیا آپ دعوت ِاسلامی سے پہلے بھی مدنی مذاکرہ فرمایاکرتے تھے؟

جواب : دعوتِ اسلامی سے پہلے مدنی مذاکرے کی اصطلاح اوراس طرح کے اجتماعات تو نہیں تھے البتہ میراسوال جواب کا سلسلہ دعوتِ اسلامی سے پہلے بھی تھا ،بہارِشریعت ،احکام ِشریعت وغیرہ کامطالعہ کرتا رہتاتھا ،علماءسے بھی پوچھتارہتاتھا،یوں میراسوالات کےجوابات دینے کاسلسلہ پرانا ہے۔

سوال: کیا ہراُمّت میں ولی ہوئے ہیں اورافضل اولیا ءکس اُمت کے ہیں؟

جواب: جی ہاں پہلے والی امتوں میں بھی اولیا تھے ،اُمّتِ مصطفےٰ سب سے افضل اُمّت ہےاوراس اُمّت کے اولیاء بھی تمام امتوں سے افضل ہیں ۔

سوال: افطارکے وقت دسترخوان پرکھانے پینے کی بہت ساری چیزیں سامنے رکھی ہوتی ہیں، اس وقت دعامیں دل کیسے لگے ؟

جواب:افطاری کے سامان کا تھال یامختلف چیزیں آگے نہ ہوں تودل لگاکردعاہوسکے گی،ایک کھجوریا پانی کا ایک گھونٹ پی کر روزہ افطارکریں، پھردل لگاکر دعاکریں کہ قبولیتِ دُعاکا وقت ہے ، اس کے بعد جو چاہےکھا پی لیں۔


نعمت الہی کا شکریہ ادا کرنے اور رمضان المبارک کی گھڑیوں کو عبادتوں میں گزرنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 9اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کیا بچو ں کی کنیت رکھنا بھی ضروری ہے؟

جواب :ضروری تو بڑوں کو بھی نہیں ،البتہ کنیت رکھنا سُنّت ہے ،بچوں کی کنیت رکھنا بھی دُرست ہے۔

سوال: دعوتِ اسلامی کے بننے سے پہلے آپ ماہِ رمضان کیسے گزارتے تھے ؟

جواب: دعوتِ اسلامی کے بننے سے پہلے مدنی مذاکروں اوراجتماع کا سلسلہ تو نہیں تھا،لیکن الحمدللہ! روزے رکھتاتھا،نمازِتراویح پڑھتاتھا، بہارِشریعت کا درس بھی دیتاتھا ،کبھی کبھی مختلف مقامات پربیان کرنے بھی چلاجاتاتھا،مسجدمیں امامت کرتاتھا ،جمعہ میں بیان کرتاتھا ،ایک انجمن بنا رکھی تھی ،اس کے تحت ایک مدرسہ بھی تھا،انجمن کے لیے چندہ کرنے بھی جاتاتھا ۔

سوال: کیا نبی ِپاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر نمازِتہجدبھی فرض تھی ؟

جواب: جی ہاں ۔

سوال:افطارکی دعاکیا ہے؟

جواب:سننِ ابوداؤدمیں یہ دعاہے : اَللّٰهُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلَی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ ۔ ( سنن ابو داؤد، 1/322)۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال:ضروری شرعی علم کیسے حاصل ہو؟

جواب: دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ ہوجائیں ،ہفتہ واراجتماع میں پابندی سے شرکت کریں ،مکتبۃ المدینہ نے فرض علم پر مشتمل کئی کتابیں شائع کی ہیں ،اِنہیں خریدکر مطالعہ کریں ،دعوت اسلامی کےشعبے فیضان آن لائن اکیڈمی سے مختلف آن لائن کورسز کرلیں ۔شعبہ مدنی کورسز کے ذریعے 7 دن کا فیضانِ نمازکورس کرلیں۔

واضح رہے کہ فیضان آن لائن اکیڈمی کے ذریعے اسلامی بھائیوں کو 30 اور اسلامی بہنوں کو 28 مختلف کورسز کروائے جاتے ہیں۔

کورس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور داخلہ لینے کے لئے اس نمبر پر رابطہ کریں:

0313-9292992

سوال:علمِ نافع سے کیا مرادہے ؟

جواب : علمِ نافع سے مراد نفع بخش علم ہے جیسے دِینی علم ہے ،اس کے ذریعے حلال حرام ،عقائد،گنا ہ وثواب وغیرہ معاملات کی رہنمائی ہوتی ہے ، قبروآخرت میں کام آنے والا علم شرعی علم ہے ،اگرعالم نہیں بن سکتے تو ہرمسلمان کو اپنی ضروریات کے مطابق فرض شرعی علوم حاصل کرنے چاہئیں ،یادرہے! فرض علوم حاصل کرنا ضروری ہیں۔

سوال: جھوٹ کسے کہتے ہیں ؟

جواب: خلافِ واقع بات جھوٹ ہے یعنی جوکام نہیں ہوا،اس کے بارےمیں کہنا کہ یہ کام ہواہے،جھوٹ کہلاتاہے ۔

سوال:کیا ماہِ رمضان میں مرنے کی بھی کوئی فضیلت ہے؟

جواب:جی ہاں !فرمان ِمصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم) :جس کا روزےکی حالت میں اِنتقال ہوا، اللہ پاک اُسکو قِیامت تک کے روزوں کا ثواب عطا فرماتا ہے۔ (الفردوس بماثورالخطاب ، 3/504،حدیث5557) محدثین کا قول ہے :جومؤمن اس مہینے (رمضان المبارک)میں مرتاہے وہ سیدھا جنت میں جاتاہے گویا اس کے لیے دوزخ کا دروازہ بند ہے۔(فیضان سنت ،1/904)

سوال : آپ نے کتابیں لکھنا کب سے شروع کیں؟

جواب: میں نے دعوتِ اسلامی کے آغاز سے کئی سال پہلے رسالہ ’’تذکرۂ امام احمدرضا‘‘تیارکرکے شائع کروایا تھا ،80روپے میں ایک ہزارشائع ہوئے تھے، میں اسےبانٹنے کے لیے 10روپے میں ایک سو(100) بیچتا تھا تاکہ یہ عام ہو،بعدمیں یہ رسالہ ترمیم کےبعد شائع ہواہے۔

سوال: کیاسحری وافطاری کا حساب نہیں ہوگا؟

جواب:جی ہاں!فرمان ِمصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ):3 آدمیوں کے کھانے کا حساب نہیں ہوگا بشرطیکہ ان کا کھانا حلال ہو۔ روزہ دار کا، سحری کرنے والے کااورمجاہد (جہاد کرنے والے )کا۔ (معجم الکبیر، 11/359، رقم: 12012)

سوال: پیٹ بھرکرکھاناکیسا؟

جواب :زیادہ کھانا سُنّت نہیں، پیارے آقا،مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم دن میں صرف ایک مرتبہ کھا ناتناول فرماتے تھے۔ کنزالعمال میں ہے کہ رحمتِ عالم،نورِ مجسم صلی اللہ علیہ والہ وسلم جب صبح کھاناکھالیتے تو شام کو نہ کھاتے اوراگرشام کو تناول فرمالیتے تو صبح نہ کھاتے ۔ (کنزالعمال ،7/39،رقم18173)

حدیث پاک کے مطابق پیٹ کے 3 حصے کرنے چاہئیں ، ایک حصہ کھانے،ایک حصہ پانی اورایک حصہ سانس کے لیے مختص کیاجائے ۔

فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم) :آدمی اپنے پیٹ سے زیادہ بُرابرتن نہیں بھرتا،انسان کے لیے چندلقمے کافی ہیں ،جو اس کی پیٹھ کوسیدھا رکھیں ،اگرایسانہ کرسکے تو تِہائی (3/1)کھانے کے لیے ،تہائی پانی کے لیے اورایک تِہائی سانس کے لیے ہو۔ (ابن ماجہ ،4/48،رقم، 3349 )،اس حدیث پاک پرعمل کیاجائے تو ڈاکٹرکی ضرورت نہ پڑے ،دوائی(Medicine)نہ کھا نی پڑے۔

سوال : جھوٹ اوربہانے میں کیا فرق ہے؟

جواب: جھوٹ تو واقع کے خلاف بات کوکہتے ہیں اوربہانہ ٹالنے کے لیے ہوتاہے ،کسی کام کو نہ کرنے یا ٹالنے کے لیےہوتاہے، یہ سچابھی ہوتاہے اورجھوٹابھی۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” رمضان کی شان “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت براکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”رمضان کی شان“ پڑھ یا سُن لے، اُسے ماہِ رمضان کا قدردان بنا اور ساری زندگی گناہوں سے بچ کر نیکیوں میں گزارنے کی توفیق عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


رمضان المبارک کی سعاتوں کو عبادتوں میں گزارنے کے لئے  عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 8 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: خودکو حقیراورسامنے والے کونیکوکارکس طرح سمجھا جاسکتاہے جبکہ سامنے والا نمازبھی نہیں پڑھتا؟

جواب :خود کوگنہگارسمجھنا تو بزرگانِ دین کاطریقہ ہے کہ گناہوں سے بچ کررہنے کے باوجود وہ اپنے آپ کو گنہگارسمجھتے تھے جبکہ ہم اپنے آپ کو جانتے ہیں کہ ہم واقعی گنہگارہیں،اللہ پاک کی خفیہ تدبیرسے ڈرتے رہنا چاہئے ،سامنے والااگر نمازہی نہیں پڑھتاتو اسے نیکو کارتو نہیں کہہ سکتے لیکن اللہ پاک کی بارگاہ میں کون مقبول ہے ؟یہ ہمیں معلوم نہیں ،یہ ذہن رکھنا چاہئے کہ ہوسکتاہے کہ اسے توبہ نصیب ہوجائے اوروہ اللہ پاک کے ہاں مقبول ہوجائے ۔

سوال : صحیفہ کسے کہتے ہیں ؟

جواب: اللہ پاک نے قرآن ِمجید،تورات ،انجیل اورزبور آسمانی کتابیں نازل فرمائیں ،ان کے علاوہ دیگر انبیائےکرام پر کچھ کچھ صفحے اور رسائل بھی نازل ہوئے،انہیں صحیفے کہاجاتاہے ۔

سوال: کینسر کاروحانی علاج بتادیجئے ؟

جواب:7 دن تک روزانہ باوضو َیارقِیبُ 100بار(اول وآخر11مرتبہ درودپاک)پڑھ کرکینسرکے مریض پر دم کیجئے ۔

سوال: کیا دم ہوئے پانی کا بھی ادب کرنا چاہئے ؟

جواب:جی ہاں ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: روحانیت کیا ہے ،یہ کیسے حاصل ہو؟

جواب: عموماً عوام روحانیت اسے کہتے ہیں کہ کسی کام کوکریں یا کسی بزرگ کے پاس جائیں تو دل لگارہے ،دل نرم ہو،قلب کوفرحت وراحت ملے ،بوریت نہ ہومگربعض اوقات رانگ نمبر(Wrong Number)بھی لگتے ہیں مثلاً بظاہر کو ئی بزرگ ہے مگراس کا عقیدہ درست نہ ہوتووہاں ایسی کیفیات ملیں تو یہ روحانیت نہیں ہے ،سب سے پہلے عقیدہ دیکھنا ہوگا ،اگرعقیدہ درست ہے تو ان کی صحبت میں رہنا ہے اوراگرعقیدہ درست نہیں تواس کی گلی میں بھی نہیں جانا چاہئے،اصل روحانیت کی ہمیں پہچان ہو،ضروری نہیں ۔

سوال: مہمان نوازی کیسے کرنی چاہئے ؟

جواب: مہمان کی مہمان نوازی کرنی چاہئے ، فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم):”جو شخص اللہ پاک اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے، اسے چاہیے کہ اپنے مہمان کااِکرام کرے، جو شخص اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اس کو چاہیے کہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ پہنچائے اور  جو شخص اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اس کو چاہیے کہ بھلی بات کہے یا چپ رہے“۔ ( مشكاة المصابيح،2/463 )

مہمان نوازی بہت اچھی چیز ہے، مہمان آتاہےتو اپنا رزق لے کرآتا ہے، جاتاہے تو اہلِ خانہ کے گناہوں کی مغفرت کا سبب ہوتاہے ،ثواب کی نیت ہوگی تو یہ فضائل حاصل ہوں گے ،مہمان کو اللہ پاک کی نعمت سمجھاجائے ،بوجھ نہ جانیے ،مسکراکر ہشاش بشاش طریقے پر ملاقات کیجئے،اس کے لیےکھانے کا اہتمام کیجئے،حتی الامکان اپنے ہاتھ سے مہمان کی خدمت کیجئے، خودکھاناپیش کیجئے،مہمان نوازی کرناحضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے ،مہمان کو دوتین مرتبہ مزیدکھانے کاکہنا تواچھا،3مرتبہ سے زیادہ نہ کہا جائے۔ مہمان کی پلیٹ میں سالن وغیرہ نہ ڈالا جائے ،مہمان کوخود ڈالنے دیا جائے تاکہ وہ اپنی طبیعت و پسند کے مطابق ڈال سکے ۔مہمانوں میں کوئی سید صاحب یا غریب ہوتواس پر بھی توجہ دی جائے، ان سے بھی عزت سے پیش آیا جائے،انہیں بھی 2/3بار مزیدکھانے کوکہا جائے ۔

سوال:پانی پلانے کے کیافضائل ہیں ؟

جواب: ثواب کی نیت سے پانی پلانے کی بہت فضیلت ہے، نبیِّ کریم صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس نے کسی مسلمان کو ایک گھونٹ پانی وہاں پلایا جہاں پانی عام مِلتا ہو تواس نے گویا غلام آزاد کیا اور جس نے مسلمان کو وہاں ایک گھونٹ پانی پلایا جہاں پانی نہ مِلتا ہوتو اُس نے گویا اسے زندگی بخشی۔ (ابن ماجہ،ج3،ص،177، حدیث: 2474)

سرکارِ مدینہ صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم نےفرمایا: جب تیرے گناہ زیادہ ہوجائیں تو کثرت سے پانی پلا تیرے گناہ اس طرح جھڑ جائیں گے جس طرح تیز ہوا سے درخت  کے پتّے جھڑ جاتے ہیں۔ (تاریخِ بغداد، ج6،ص400) 

پانی پلانے کی برکت سے جہاں گناہ جھڑتے ہیں وہیں مختلف بیماریوں سے شِفا بھی نصیب ہوتی ہے۔ مشہور مُحَدِّث امام ابو عبداللہ محمد حاکِم نیشاپوری رحمۃُ اللہِ علیہ کے چہرے پر پھوڑا نکل آیا، بہت علاج کروایا مگر بے سُود۔ ایک عورت کو  خواب میں نبیِّ پاک صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: ابو عبداللہ سے کہو! لوگوں کو پانی پلانے میں کُشادَگی کرے! امام حاکم رحمۃ اللہ علیہ کو یہ بات پہنچی تو آپ نے اپنے دروازے پر پانی کی سبیل لگوائی جس سے لوگ پانی پینے لگے، ابھی ایک ہفتہ نہ گزرا تھا کہ آپ شفایاب ہو گئے اور چہرہ پہلے کی طرح اچھا ہوگیا۔ (شعب الایمان،ج 3،ص222)

سوال:آپ نمازکے بعد کھانا کھانے کے بجائے سلادکھاتے ہیں اس کی کیا وجہ کیا ہے ؟

جواب: میں بھاپ شدہ سلادکھاتاہوں ،یہ صحت کے لیے مفید ہے ،بعد میں نارمل کھا نا بھی کچھ نہ کچھ کھا لیتاہوں ،کچی سلادموافق ہوتو بہترین ہے ورنہ ابلی ہوئی یا بھاپ والی سلادکھانی چاہئے یہ صحت کو فائدہ دے گی ۔

سوال : امامِ عالی مقام ،امام حسین رضی اللہ عنہ کا بدن مبارک کہاں دفن ہوا؟

جواب: شہزادہ ٔکونین ،امام حسین رضی اللہ عنہ کا بدن مبارک کربلامعلیٰ میں دفن ہوا،جہاں آپ کا مزارِپُرانوارہے ،آپ کےسرمبارک کے بارے میں ایک قول یہ ہے کہ مدینہ شریف کے مبارک قبرستان جنت البقیع میں والدۂ محترمہ خاتونِ جنت حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے پہلومیں دفن کیا گیا اورایک روایت میں ہے کہ مصرمیں دفن کیا گیا ۔

سوال: آپ جس صوفے پر بیٹھتے ہیں اس پر جوچمڑہ ہے یہ کس جانورکا ہے؟

جواب:یہ بکرے کا چمڑا(کھال)ہے ،بکری ،بکرے ،دُنبے اورمینڈھے کی کھال پر بیٹھنے سے عاجزی پیداہوتی ہے۔

سوال: ہم اپنی سوچ ،نفس اوربدن کوکس طرح پاک کرسکتے ہیں،اس کے لیے ہم کون سی کتابیں پڑھیں ؟

جواب : سوچ ،نفس اوربدن کوپاک کرنے کے لیے ظاہری اورباطنی گناہوں سے بچنا ہوگا، اس کے لیے بہترین کتاب احیاء العلوم مترجم(5 جلدیں ،شائع شدہ مکتبۃ المدینہ ) کا مطالعہ کریں ،اگرمختصرکتاب پڑھنا چاہتے ہیں تو دوکتابیں’’ نجات دلانے والے اعمال کی معلومات اورباطنی بیماریوں کی معلومات‘ کامطالعہ کریں ،اس کے ساتھ ساتھ اچھی صحبت اختیارکریں ،دعوتِ اسلامی کے ہفتہ واراجتماع میں پابندی سے شرکت کیا کریں ۔

سوال: حُبِّ جاہ اورمنصب حاصل کرنےکی کوشش کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: حُبِّ جاہ (شہرت و عزّت کی خواہش کرنے)کی تمنا اگردل میں ہے تو اسے ختم کرنے کی کوشش کی جائے اورجومنصب وشہرت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ عموماً حُبِ جاہ کے مریض ہوتے ہیں مگرہم کسی مُعَیَّن شخص کویہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ اس باطنی مرض میں مبتلاہے، حُبِّ جاہ سے نجات پانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ ایک مُسَلمان کےلیےتاجدارِمدینہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا یہ فرمانِ عِبْرت نِشان ہی کافی ہےکہ”دو (2) بُھوکے بھیڑیے بکریوں کے ریوڑ میں اِتنی تَباہی نہیں مَچاتےجتنی تَباہی حُبِّ جاہ و مال(یعنی مال و دَولت اور عزّت وشُہرت کی مَحَبَّت)مُسَلمان کے دِین میں مَچاتی ہے۔‘‘ (ترمذی،4 /166، حدیث2383) بیان کردہ حدیثِ پاک سے مَعلُوم ہوا! حُبِّ جاہ  )یعنی مال و دَولت اور عزّت وشُہرت کی مَحَبَّتمیں ہلاکت ہی ہلاکت ہے۔


رمضان کی مبارک سعاتوں کے دوران عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 7 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کیا گھرمیں لیموں رکھنے سے جناّت گھرمیں نہیں آتے؟کیا ایسا ہی ہے؟

جواب :جناّت لیموں سےڈرتے ہوں گے جس طرح بچے مختلف چیزوں سے ڈرتے ہیں۔

سوال: کیا رمضان شریف میں نیکی کی دعوت زیادہ پُراثر ہوتی ہے ؟

جواب:جی ہاں ! رمضان شریف میں دل نرم ہوجاتاہے ،نیکیوں کا جذبہ بڑھ جاتاہے ،اس میں نیکی کی ترغیب دلائی جائے توزیادہ اثرکرتی ہے ۔

سوال: اللہ پاک کے آخری نبی،حضور مکی مدنی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پہلاجمعہ کب ادافرمایا ؟

جواب:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے جب مکہ شریف سے مدینہ شریف ہجرت فرمائی تو 12ربیع الاول بروزپیرمقامِ قبامیں پہنچے اورجمعرات تک وہاں قیام فرمایا اور مسجدبنائی ،جمعہ کو مدینہ شریف روانہ ہوئے تو بنی سالم ابنِ عوف کے بطن ِ وادی میں جمعہ کا وقت آیا ، اس جگہ کو لوگوں نے مسجدبنایا ،آپ نے وہاں جمعہ ادافرمایا۔ (نمازکے احکام،399)

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: آپ نے پانی پینے کا مشورہ دیا تو ماہِ رمضان میں اسے کیسے روٹین میں شامل کریں ؟

جواب :پانی پینے کا وقت مقررکرلیں ،ماہِ رمضان میں رات کو13/14 گلاس پانی پینا مشکل ضرورہے مگرممکن ہے ،پیشاب لگے گامگریہ پیٹ، گُردے ،مثانے اورنالیوں کی صفائی کرے گا ،پودے کو پانی نہیں ملے گا تو وہ مُرجھاجائے گا، بدن بھی پودے کی طرح ہے ۔

سوال : کوئی چیز گم ہوجائے توکیا پڑھا جائے ؟

جواب: ’’ لَا ۤاِلٰہَ اِلَّا اللہُ‘‘ایک ہزارآٹھ(1008) بارپڑھئے ،اللہ پاک نے چاہا تو گمی ہوئی چیز اورگمشدہ آدمی مل جائے گا۔

سوال: خوشی کے موقع پرکیا کرنا چاہئے ؟

جواب:خوشی کے موقع پر صدقہ وخیرات کرنا چاہئے ،اپنے اہلِ خانہ پر بھی فراخی کی جائے ۔

سوال:ہمیں روزانہ کتنی تلاوت کرنی چاہئے؟

جواب:شجرہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں روزانہ1 پارہ پڑھنے کا لکھا ہے ،ہرماہ ایک قرآنِ کریم ختم کیجئے۔

سوال : مرکزی مجلس شوریٰ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: میں مرکزی مجلس شوریٰ کے ساتھ ساتھ ہوں ،مرکزی مجلس شوریٰ دن رات دعوتِ اسلامی کے لیے دنیا میں چاروں طرف کام کررہی ہے، اس کو مان ملنا چاہئے ۔

سوال: کیاپو را ماہِ رمضان اعتکاف کرنے والوں کا 1 ماہ کا مدنی قافلہ اور آخری عشرے کا اعتکاف کرنے والوں کا12 دن کا مدنی قافلہ شمارہوگا؟

جواب:جی ہاں!

سوال: سفیدکپڑےپہننے کی کیا فضیلت ہے ؟

جواب : سرکارِدوعالم،نورِ مجسم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا مبارک لباس اکثرسفیدکپڑےکا ہوتا۔(کشف الالتباس ،36)

فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم):سب میں اچھے وہ کپڑےجنہیں پہن کرتم خداکی زیارت قبروں اورمسجدوں میں کرو، سفیدہیں۔ (ابن ماجہ،4/146،رقم3568) یعنی سفیدکپڑوں میں نمازپڑھنااورمُردے کفنانا اچھا ہے۔ (بہارِ شریعت ،3/403بحوالہ 550سنتیں ،صفحہ52،95)

سوال: شیخین سے کون سے صحابۂ کرام مرادہیں؟

جواب: اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکرصدیق اوراِسلا م کے دُوسرے خلیفہ حضرت عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہما

سوال:دِینی علم کے لیے کون سی کتابیں پڑھی جائیں؟

جواب: مکتبۃ المدینہ نے بہت سے کتابیں شائع کی ہیں، جنہیں دعوتِ اسلامی کے شعبے" المدینۃ العلمیہ"(Islamic Research Center) نے تیارکیاہے ،وہ خریدلیں ،قرآن پاک کی تفسیرپڑھنی ہے تو صراط الجنان کا مطالعہ کریں ۔

سوال: برستی بارش میں دعاقبول ہوتی ہے توکیا بارش میں بھیگ(گیلے ہو) کر دعاکریں یا ویسے بھی دعاکی جائے توقبول ہوگی ؟

جواب:بھیگ کر دعاکرنا ضروری نہیں۔

سوال : کیا مردبھی گھرکے کام کیا کریں نیزعورتیں گھر کا کام کریں، اس کے فوائد بھی ارشاد فرما دیں ؟

جواب: جی ہاں !سرکارصلی اللہ علیہ والہ وسلم گھرکے کام خود کردیا کرتے تھے ،سوداسلف لے آتے ،جوتاگانٹھ لیتے تھے وغیرہ، جو عورتیں گھرکا کام کریں گی ،ان کی صحت بھی اچھی رہے گی،صفائی ستھرائی بھی اچھی ہوگی ،روزی میں برکت ہوگی ،اخراجات میں بچت ہوگی، ماسیوں(گھر میں کام کرنے والیوں) کی وجہ سے جو چوری چکاری کے خطرے ہیں وہ بھی ختم ہوجائیں گے ۔

سوال: باریک بینی سے مطالعہ کرنے سے کیا مراد ہے اوراس کے کیا فوائدہیں ؟

جواب: باریک بینی یعنی گہرائی ،توجہ ،غوروتفکرکرکے مطالعہ کرنامرادہے ،دینی کتابیں جلدی جلدی پڑھنے کے بجائے باریک بینی سے پڑھی جائیں تاکہ سمجھ بھی آئیں ۔

سوال: جناّت کہاں نمازپڑھتے ہیں؟

جواب :مسلمان جنّات گھاس اورصحرامیں نمازپڑھتے ہیں ،اس لیے گھاس پر پیشاب وغیرہ کرنے سے بچناچاہئے ۔


رمضان  المبارک کی رحمتیں لوٹنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 6اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بوریت(اُکتاہٹ) کیسے دُورکی جائے؟

جواب : بوریت یعنی اُکتاہٹ تقریباً سارے کاموں میں ہوتی ہے ،ایک کام میں بوریت ہوجائے تو دوسراکام شروع کردیناچاہئے،البتہ دوسراکام گناہوں بھرانہیں ہونا چاہئے۔

سوال: مسجد وغیرہ میں افطاری کے لیے کیا پھل کاٹ کر بھیجا جائے؟

جواب: بغیر کاٹے(ثابت) بھیجا جائے ،پھل کے اوپرکھال یعنی چھلکاہوتا ہے جس سے وہ خراب نہیں ہوتا ،کٹاہواپھل اورکٹی ہوئی سبزیاں فریج میں نہیں رکھنی چاہئیں ،پھل کھاتے وقت اورسبزیاں پکاتے وقت کاٹنی چاہئیں ورنہ جراثیم داخل ہوجائیں گے اوران کے فوائدکم ہوجائیں گے۔

سوال: کہا جاتاہے کہ رمضان کےپہلے10دن عشرۂ رحمت ،دوسرے 10دن عشرۂ مغفرت اورآخری عشرہ جہنم سے آزادی ہے، کیا یہ حدیث پاک میں ہے؟

جواب:حی ہاں !حدیث میں ہے کہ رمضان کا اوّل رحمت، اوسط(درمیان) مغفرت اورآخرجہنم سے آزادی ہے۔ (صحیح ابن خزیمہ ،3/1887،بحوالہ فیضان سنت ،1/858)

سوال: بزرگانِ دِین کی سیرت پڑھنےکے کیا فوائد ہیں؟

جواب: بزرگانِ دِین کی سیرت پڑھنے کے کئی فائدےہیں ، جہاں اللہ والوں کا ذکرہوتاہے وہاں اللہ پاک کی رحمت نازل ہوتی ہے،ان کے واقعات پڑھنے سے دل میں نرمی پیداہوتی ہے ،ان کی محبت میں اضافہ ہوتا ہے اور عقیدت بڑھتی ہے ،عمل کی ترغیب ملتی ہے ،ان کے بعض واقعات سے دل پر چوٹ لگتی ہے ،ان کی باتیں دل میں اثرکرتی ہیں البتہ سیرت مستندہونی چاہئے ۔المدینۃ العلمیہ(Islamic Research Center) نے صحابۂ کرام اوراولیائےکرام کی سیرت پر بہت سی مستندکتابیں اوررسائل لکھے ہیں اورمکتبۃ المدینہ نے شائع کئے ہیں،یہ خرید کر مطالعہ کریں ۔

سوال : بزرگان ِ دین کی سیرت پر مستند کوئی کتاب بتادیجئے ۔

جواب: اللہ والوں کی باتیں (مترجم حلیۃ الاولیا )کی 8 جلدیں(Volumes) مکتبۃ المدینہ سے شائع ہوگئی ہیں ،اس کاپورا سیٹ خریدلیں، میں نے بھی اپنے پاس یہ سیٹ رکھا ہواہے ،یہ بہت دلچسپ کتاب ہے ،شروع کریں تو پڑھتے جائیں۔

سوال: آپ(امیرِ اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ) کس حساب سے صدقۂ فطراداکریں گے؟

جواب:میں عجوہ کھجورکے حساب سے صدقۂ فطراداکروں گا،جس سے بَن پڑے وہ عجوہ شریف اور کشمش کے حساب سےصدقہ ٔفطراداکرے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بعض نادان رمضان میں بھی گناہ کرتے ہیں،ایسوں کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب : گناہ کبھی بھی نہیں کرناچاہئے، رمضان میں تو بالخصوص بچناچاہئے ،رمضان میں نیکیوں کا ثواب بڑھ جاتاہے،لیکن ساتھ ساتھ گناہوں کی شدت ونحوست میں بھی اضافہ ہوجاتاہے۔

سوال: کس کی دِینی بات سنیں اورکس کی نہ سنیں؟

جواب: امامِ اہلسنّت ،سیدی اعلیٰ حضرت امام احمدرضا رحمۃ اللہ علیہ بہت بڑے عالم ،بہت بڑے مصنف تھے ،ان کا 33جلدوں پر فتاویٰ رضویہ ہے، قرآنِ پاک کا ترجمہ بھی کیا ہے ،یہ میرے آئیڈیل ہیں، جو ان کےذکرپر خوش ہوتاہے،ان کا چاہنے والا ہے اسی عالم کی بات سننی چاہئے، جو ان کانہیں ہے وہ ہمارانہیں ،ایمان سلامت رکھناچاہتے ہیں تو آپ بھی ان کے ہوکررہ جائیں ۔

سوال: گھرمیں اگر کوئی سورہا ہوتو کیا احتیاط کرنی چاہئے؟

جواب: اگروہ اتنا حساس ہے کہ تھوڑی سے روشنی سےاس کی آنکھ کھل جاتی ہے یا کسی طرح کی تھوڑی سی آوازسے بھی وہ جاگ جاتاہے تو پھر کوئی ایساکام نہ کیا جائے کہ اس کی آنکھ کھل جائے اوراسے تکلیف ہو ۔

سوال: ماں باربارڈانٹتی ہوتو بیٹی کو کیا کرنا چاہئے ؟

جواب: صبرکرے ،زبان سے کچھ نہ کہےاورجس وجہ سے ڈانٹ پڑتی ہووہ کام نہ کرے،ماں باپ کوچاہئے کہ اولاد کو باربارنہ ڈانٹیں، خصوصاًجوان اولاد کو بار بارڈانٹتے رہنا اسے باغی بناسکتاہے ۔

سوال: راہ ِخدامیں مال خرچ کرنے کے کیادُنیوی فوائد ہیں ؟

جواب: راہِ خدامیں خرچ کرنے سے روزی میں برکت ہوتی ہے ،پریشانیاں دور ہوتی ہیں اوربیماریاں ختم ہوتی ہیں ۔

سوال:کھانے کے اوّل وآخرنمک یا نمکین کھانے کاکیا فائدہ ہے؟

جواب: کھانے کے اوّل وآخرنمک یا نمکین کھانے سے 70بیماریاں دورہوتی ہیں ،میں اوّل وآخر پنک سالٹ (لاہوری نمک )استعمال کرتا ہوں یعنی تھوڑاساچکھ لیتاہوں ۔رسالہ" 220سنتیں اورآداب" کے صفحہ 20 پر ہے :اوّل آخرنمک کھائیے کہ سنت ہے اوراس سے 70بیماریاں دورہوتی ہیں ،اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے نمکین کھانے کو نمک کے حکم میں لیا ہے ۔

سوال: کیا والدین کے اچھا یا بُراہونے کا اولادپربھی اثرہوسکتاہے؟

جواب : ایساہوسکتاہے کہ اچھا تخم(بیج ) اچھا پھل لاتاہے،بُراتخم(بیج ) بُراپھل لاتاہے ،لیکن ایساہونا ضروری نہیں ۔

سوال: آپ سیدھے ہاتھ سے لینے دینےکی بہت تاکیدکرتے ہیں، اس کی کیا وجہ ہے ؟

جواب:سیدھے ہاتھ سے لینا دینا سنت اوراُلٹے ہاتھ سے لینا دینا شیطان کا کام ہے ،سنت پرعمل میں عظمت ہے ، مجھے قاری مصلح الدین رضوی رحمۃ اللہ علیہ کی بہت صحبت حاصل رہی ہے ،قاری صاحب کو کوئی اُلٹے ہاتھ سے چیز دیتاتو آپ نہ لیتے ،وہ سمجھ جاتااورسیدھے ہاتھ سے دیتااوراسے سیدھے ہاتھ سے لے لیتے ،میرابھی یہی اندازہے ۔فرمانِ محدثِ اعظم پاکستان حضرت علامہ سرداراحمدقادِری رحمۃ اللہ علیہ :سیدھے ہاتھ سے لیتے دیتے رہو گے تو قیامت میں جب نامہ اعمال دیاجائے گا توسیدھے ہاتھ سے لینے دینے کی عادت ہونے کی وجہ سے سیدھے ہاتھ سے نامہ اعمال لے لوگے ۔

سوال:سنتوں پر خودعمل کیسے کریں اوردوسروں کوکس طرح ترغیب دلائیں ؟

جواب: سنتوں کے بارے میں علم حاصل کریں، ان پرسنجیدگی سے عمل کرکے اپنے اوپرنافذکریں اورعمل کرکے دوسروں کو ترغیب دلائیں ۔

سوال: دسترخوان پر جوذرّات گِرجاتے ہیں،ان کا کیاکرنا چاہئے؟

جواب: دسترخوان پر جو ذرّات ،چاول کے دانے اورتِل وغیرہ گِرجائیں تو انہیں کھالیں ، ضائع نہ کریں ،جب روٹی توڑیں تو سالن کی پلیٹ کے اوپر کرکے توڑیں تاکہ روٹی کے ذرّات سالن میں گِریں اورپیٹ میں چلے جائیں ۔

سوال : کیا بڑابھائی چھوٹے بھائی کو کوئی کام کہہ سکتاہے؟

جواب: حدیث پاک ہے: جو اپنے بڑوں کا ادب نہ کرے اورچھوٹوں پر شفقت نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں (معجم اوسط،3/349)یعنی ہمارے طریقے پر نہیں ،بڑے بھائی کوچاہئے کہ وہ چھوٹے بھائی سے مشقت والاکام نہ لے ،معمولی کام لیا جاسکتاہے ،بارباربھی نہ کہے ،چھوٹابھائی بھی اس کے کام کردیا کرے ۔گھرکا ماحول حکمتِ عملی سے محبت وپیاروالارکھا جائے ۔

سوال: کیا دِینی احکام پرعمل خوش دلی سے کرناچاہئے ؟

جواب: جی ہاں !دِینی احکام پر خوش دلی سے عمل کرنا چاہئے ،بعض اوقات نفس پر بوجھ پڑتاہے تو وہ عمل کرنے پر ثواب زیادہ ملے گا۔ان شاۤء اللہُ الکریم


رمضان المبارک کی برکتیں لوٹنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 5 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: جو نمازِتہجدکی نیت سے سوئے مگربیدارنہ ہوسکےتو کیااُسے نمازِتہجدکا ثواب ملے گا ؟

جواب: جی ہاں،اُسے ثواب ملے گا۔

سوال: سیدہ خاتونِ جنّت،حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا کی نمازِجنازہ کس نے پڑھائی؟

جواب: ایک روایت کے مطابق اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ نے اوردوسری روایت کے مطابق،اسلام کے چوتھے خلیفہ حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ نے پڑھا ئی۔

سوال: کوئی ہماری تعریف کرے تو ہم کیا کریں ؟

جواب: کوئی تعریف کرے تو اچھا لگتاہے ،اس اچھالگنے میں خطرہ ہے کہ بندہ عُجب (خودپسندی) میں مبتلاہوجائے ،وہ اس تعریف کو اپنا کمال سمجھے کہ میں نے یہ کیا ہے، وہ کیا ہے وغیرہ ۔یادرکھئے! جس شاخ میں پھل ہوگاوہ جھکی رہے گی اورجس میں پھل نہیں وہ اکڑی رہے گی ،علم اوراچھی صحبت نہ ہونے کی وجہ سے باطنی بیماریاں یوں جڑپکڑلیتی ہیں کہ بندہ کہیں کا نہیں رہتا،دعوتِ اسلامی کا دِینی ماحول ایک نعمت ہے، عاشقانِ رسول کے ساتھ وابستہ رہیں ،ذیلی حلقے کے12 دینی کاموں میں مصروف رہیں بالخصوص نیک اعمال کے رسالے پر عمل کرتےرہیں ۔

سوال: نیک اعمال رسالے پرعمل کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: نیک اعمال کا رسالہ پُرکرنا آسان ہے، مگرعمل کرنا مشکل ہےاس لیے نیک اعمال رسالے پر عمل کرنے والے تھوڑے ہیں کیونکہ نیک اعمال کرنے میں محنت لگتی ہے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: دسترخوان پر گِرے ہوئے ٹکڑوں کو کھانے کی کیافضیلت ہے؟

جواب :گِرے ہوئے دانے ،برتن میں بچاہواکھانا ،شوربہ وغیرہ جو قابلِ استعمال ہواُسے استعمال میں لایاجائے، ضائع نہ کیا جائے۔حدیث پاک میں ہے: جوشخص دسترخوان سے کھانے کے گِرے ہوئے ٹکڑوں کو اُٹھا کر کھائے وہ فراخی کی زندگی گزارتا ہے اوراس کی اولاداوراولاد کی اولاد کم عقلی سے محفوظ رہتی ہے ۔(کنزالعمال ،15/111بحوالہ فیضان سنت ،1/262)

سوال : برتن کو چاٹنے کے کیافائدے ہیں؟

جواب: حدیث پاک میں ہے :جوکھانے کے بعدبرتن کوچاٹ لے گاوہ برتن اُس کے لیے استغفارکرے گا۔(ابن ماجہ ،4/14)ایک اورروایت میں ہے کہ وہ برتن کہتاہے :اے اللہ !اس کو جہنم سے آزادکر،جس طرح اس نے مجھے شیطان سے نجات دی ۔(کنزالعمال ،15/111)،ایک حدیث پاک میں ہے :جورِکابی (پلیٹ)اوراپنی اُنگلیاں چاٹے ،اللہ پاک دنیاوآخرت میں اس کا پیٹ بھرے ۔(طبرانی کبیر،18/261)اس حدیث پاک کامعنی ہے :رکابی(پلیٹ) اوراپنی انگلیاں چاٹنے والا دُنیامیں فقروفاقہ سے بچے ،قیامت کی بھوک سے محفوظ رہے ،دوزخ سے پناہ دیا جائے کہ دوزخ میں کسی کا پیٹ نہ بھرے گا۔(فیضان سنت ،1/100)

سوال: چڑچڑاپن کیا ہے ؟

جواب:چڑچڑاپن غصے کی سوتیلی بہن ہے بلکہ غصے کی ایک قسم ہے،اس سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔

سوال: کیا روزے دارسے یہ سوال کرنا چاہئے کہ آج آپ کا روزہ کیسا گزرا؟

جواب: پوچھنا نہیں چاہئے ،وہ سچ بولے یاجھوٹ بول دےیہ اندیشہ ہے ،اس لیے نہ پوچھنا اچھا ہے ۔

سوال : کھانے کے بعد جو اجزاء منہ میں ہی رہ جائیں ،ان کاکیا کرنا چاہئے ؟

جواب: ایک گھونٹ پانی لےکر منہ میں پھیرلیں اورنگل جائیں،کھانے کے بعد مسواک کی جائے،چائے یا غذاکے ذرّات دانتوں پر نہیں لگے رہنے چاہئیں ۔

سوال:آپ کو کیا کیا کام کرنے والے اچھے لگتے ہیں؟

جواب: اچھائی کرنے والےاچھے لگتے ہیں۔

سوال: امی ابومیں اگر کسی بات پر جھگڑاہوجائے تو اولاد کو کیا کرنا چاہئے ؟

جواب : اولادخاموش رہے ۔بات کا وزن ہوتو جس کا قصورہواسے الگ سے نہایت ہی ادب سے سمجھا دے ۔


عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے زیر اہتمام رمضان المبارک میں روزانہ مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہےجس میں کثیر عاشقان رسول شرکت کرررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں 4 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ذکر و اذکار کے ساتھ ساتھ دیگر شرعی مسائل کے حوالے سے شرکا کی رہنمائی فرمائی۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کیا ماہِ رمضان میں ویڈیوگیمز(Video Games)کھیل سکتے ہیں ؟

جواب: ویڈیوگیمز عموماً گناہ بھری ہوتی ہیں ،رمضان المبارک اور اس کے علاوہ بھی اس سے بچنا ضروری ہے ۔والدین اپنے بچوں کو اس سے بچائیں ،ماہِ رمضان تو عبادت ،ذکرودُروداورتلاوتِ قرآن کے لیے آیا ہے، اس میں عبادت میں مصروف رہنا چاہئے ۔

سوال: سردردکا رُوحانی علاج بتادیجئے؟

جواب: بعدِعصر 67مرتبہ لَاۤاِلٰہ َاِلاَّ اللہُ پڑھ کر سرپر دم کیجئے،دوسراعلاج یہ ہے کہ 1 باربِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ کر سرپردم کیجئے، کاغذپر1 بارلکھ کر سرپرباندھ لیجئے ۔

سوال: کسی مسلمان کو تکلیف دیناکیسا؟

جواب: مسلمان کو ایذاوتکلیف دینا حرام اورجہنم میں لے جانے والاکام ہے، ایسا کرنے والے کو اللہ پاک سے توبہ کرنےکے ساتھ ساتھ جس کوتکلیف دی ہے اس سے معافی مانگنا بھی ضروری ہے ۔

سوال:پان کھانے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: پان کھاناجائز ہے مگرپان جتنی دیرمنہ میں رہے گا تو ذکرودُرود سے محروم رہیں گے ،میں نے بہت پہلے کچھ کچھ پان کھانا شروع کیا تھا مگرپھر غورکیا کہ اتنی دیرمیں ذکرودُرودنہیں کرسکتا،میں نے فیصلہ کرلیا کہ میں اب پان نہیں کھاؤں گا ،مجھ سے محبت کرنے والوں کوچاہئے کہ وہ بھی ان چیزوں سے بچیں ۔

سوال: کیا جُوتااُلٹارکھا ہوتو اس کو سیدھا کردینا چاہئے؟

جواب: استعمال شدہ جُوتا اُلٹارکھا ہوتوموقع کی مناسبت سے سیدھا کردینا چاہئے کہ یہ معیوب ہے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال:بیماروں کی عیادت و تیمارداری کے بارے میں کچھ مدنی پھول ارشادفرمادیں؟

جواب: ہرمریض سے تیمار داری کرنی چاہئے بالخصوص والدین بیمارہوں تو دن میں کئی کئی بارجاکر بیمارپرسی کریں ،علاج کی ضرورت ہوتوعلاج بھی کروائیں،بیمارکو تسلی دیں، دعوتِ اسلامی کے شعبہ روحانی علاج سے روحانی علاج بھی کروائیں، دعابہت بڑاعلاج ہے، دعامؤمن کا ہتھیارہے ، دعابلاکو ٹال دیتی ہے،مریض خود بھی اوردوسرے بھی دل لگا کر اس کی شفا کی دعا کریں ۔

سوال: میت کو کس چیزسے راحت حاصل ہوتی ہے؟

جواب: میت کو ایصالِ ثواب کریں تو اللہ پاک کی رحمت سے اسےٹھنڈک وراحت پہنچے گی ۔

سوال: نکاح کے بعدرخصتی کب تک ہو جانی چاہئے ؟

جواب: فی زمانہ جس دن نکاح کیا جائے،اُسی دن رخصتی کردینا زیادہ بہتر ہے ۔

سوال: علم ِ دین حاصل کرنے کا جذبہ برقراررہے، اس کے لیے کیا کریں ؟

جواب: بزرگوں کا قول ہے: اُطْلُبُوا الْعِلمَ مِنَ المَهدِ إلَى اللَّحْدِ یعنی ماں کی گود(مہد) سے لے کر قبر(لحد) تک علم حاصل کرو،اس طرح کے دیگراقوال سننے اورپڑھنے سے علم حاصل کرنے کی طرف رغبت بڑھے گی ،اگرکوئی بات معلوم بھی ہوتو شوق سے سنیں تاکہ بتانے والے کی دلجوئی ہو،اس کا دل خوش ہو ،کبھی وہ ایسی بات بھی بتادے گا جو آپ کو معلوم نہیں ہوگی ۔

سوال: آپ رسائل کب لکھتے ہیں؟

جواب: جب وقت اوریکسوئی ملتی ہے تو تحریری کام کرتاہوں، کیونکہ تحریری کام کے لیے یکسوئی ضروری ہے، اس لیے بیرونِ ملک بھی چلاجاتاہوں۔ میں اپنی تحریر کی مفتی صاحب سے تفتیش کرواتاہوں ،اس میں جو بات طب سے تعلق رکھتی ہے وہ حکیم صاحب سے اورجس کا تعلق ڈاکٹرصاحب سے ہو وہ ان سے تفتیش کرواتاہوں تاکہ کوئی غلطی نہ ہو۔

سوال: اِنشاپردازی کیا ہوتی ہے ؟

جواب: عمدہ اندازِ تحریرکو اِنشاپردازی کہتے ہیں ،تحریر میں اچھے اورمناسب الفاظ کا چناؤوغیرہ ،اس کے ساتھ قلم اورتحریرکی روانی میں مضبوطی بھی ضروری ہے، کوئی تحریرلکھنے کے لیے علم ضروری ہے، بغیرعلم کے درست نہیں لکھ سکتے، غلطی ہوسکتی ہے ،بہترتحریرکے لیے مسلسل کوشش ضروری ہے ۔

سوال: مطالعہ کی عادت بنانے کا کوئی طریقہ اِرشاد فرمادیں۔

جواب: مطالعہ کرنے میں اوّلاً دل نہیں لگتا، اس لیے جس دینی کتاب میں دلچسپی ہو ، پہلے وہ پڑھیں ،جنہیں شرعی مسائل سیکھنے کا ذوق ہو وہ بہارِشریعت پڑھیں،جنہیں واقعات اچھے لگتے ہوں،وہ اسلامی واقعات پڑھیں ،جو پڑھا ہے اچھی طرح یادہوتو کسی کو سنا دیں ،پڑھتے ہوئے جو بات اہم لگے اسےلکھ لیں اوراسے پڑھتے رہیں ۔

سوال: ایک عورت کو حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے کیا کیا باتیں سیکھنے کو ملتی ہیں؟

جواب: سیدہ خاتونِ جنت،حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے سیکھنے کو کیا نہیں ملتا ،آپ کا پردہ بے مثال تھا ، اسلامی بہنیں پردہ کریں ،آپ عبادت بہت زیادہ کرتی تھیں ،گھرکے سارے کام اپنے مبارک ہاتھوں سےکرتی تھیں ، آٹا پیس کرروٹی خود بناتیں ،گھرکا پانی مشک میں بھرکرلاتیں، اس کے ساتھ دن رات عبادت کرتیں ،اسلامی بہنوں کے لیےاس میں درس ہے۔کرنا ہے تو موقعے ہزار،نہیں کرنا تو بہانے ہزار۔

سوال: اچھی عورت کوگھرمیں کیسےرہنا چاہئے ؟

جواب: اسلامی بہن کے اخلاق اچھے ہوں گے،زبان محتاط ہوگی تو گھرمیں راج کرے گی ،گھر کے افراد اس سے محبت کریں گے ،بداخلاقی کرے گی تو میکےپہنچ جائے گی ،ساس اگرسخت سست کہہ دے تو ماں کو یادکرے، اس نے بھی تو کبھی ایساکہہ دیا ہوگا ،اسی طرح شوہرکو بھی ساس کی شکایات نہ کرے ،سسرال میں کوئی بات ہوجائے، سسرال اورشوہرکی کوئی خامی ہوتو میکے بلکہ کسی کو بھی نہ بتائے ،شادی سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتوں مثلاً اللہ پاک کوراضی کرنے کے لیے اپنے گھر والوں کی خوب خدمت کرے ،ماں کو کام نہ کرنے دے بلکہ گھر کےسارے کام کرے ،اچھے اچھے کھانے بناناسیکھے ،شادی کے بعدسسرال والوں کی خوب خدمت کرے ،اچھی نیت سےخدمت کی جائے تو جنت ہے ۔

سوال: بچوں کو امی کے ہاتھ کا بنا ہواکھانامزیدارنہ لگے تو وہ کیا کریں ؟

جواب: صبرکریں ، اپنی اپنی پسند ہے ،کھا نا مزیدارہومگراپنے کو پسندنہ ہو تو وہ مزیدارنہیں لگے گا ،کھانے میں عیب نہیں نکالنا چاہئے ۔پسندہوتو کھا لیں ورنہ ہاتھ روک لیں یہی سنت ہے ۔


رمضان المبارک 1443ھ کے آمد ہوتے ہی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام روزانہ بعد نماز عصر اور بعد نماز تراویح مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی میں جبکہ لاتعداد عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل شرکت کررہے ہیں۔اسی سلسلے میں 3 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے نماز، روزے کے ساتھ ساتھ دیگر شرعی مسائل کے حوالے سے شرکا کی رہنمائی فرمائی۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: عموماً مساجد میں افطارسے کچھ دیر قبل افطاری بھیجی جاتی ہے ،پہلے بتایا نہیں جاتا نیزافطاری میں کیابھیجاجائے ؟

جواب :افطاری بھیجنا کارِ ثواب ہے،اگراللہ پاک کی رضا کے لیےبھیجیں گے تو ثواب ملے گا۔ پہلے بتادینا بہترہے اورافطاری میں کیا بھیجیں گے یہ بھی بتادیں تو اچھا ہے۔افطاری میں وہ چیزیں بھیجیں جو انہیں پسندہوں ،نیزشرعی تقاضے پورے کرتےہوئے عرف وعادت کا بھی خیال رکھا جائے ۔

سوال: افطارپارٹی میں کیا احتیاطیں کی جائیں ؟

جواب: افطارپارٹی یا کوئی بھی تقریب ہو، جب نمازکی جماعت کا وقت ہوجائے تو میزبان اورمہمان دونوں جماعت سے نمازپڑھنے مسجدمیں جائیں ، بے پردگی بھی نہ ہونے پائے ،یادرکھئے !پردہ فرض ہے ،بے پردگی کی کوئی راہ نہ نکالی جائے ،عورتوں اورمردوں کے بیٹھنے کا جداجدااہتمام کریں ۔

سوال: حقیقی ہوشیارکون ہے ؟

جواب:حقیقی ہوشیاروہ ہے جو اپنے ایمان کی حفاظت کرنے کی کوشش کرتا ہے ،جو سچوں اور صالحین کا دامن پکڑکررکھتاہے، ان شاء اللہ الکریم اس کا ایمان محفوظ رہے گا ،اس کے ساتھ ساتھ اللہ پاک کی خفیہ تدبیرسے ڈرتے رہناچاہیئے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کس نبی علیہ السلام نے سب سے پہلے کپڑے سلائی کیے ؟

جواب: حضرتِ سیّدنا اِدرِیس علیہِ السَّلام نے ۔آپ کپڑا سینے کا کام کرتے تھےاورجو کماتےتھے اس میں سے بقدرِ ضَرورت رکھ کر بقیہ راہ خدا میں صَدَقہ کردیتےتھے۔(الحث  علی التجارۃ والصناعۃ، ص113 )

سوال : کیاحدیث پاک میں کپڑے سینے کے کام کی کوئی تعریف بھی آئی ہے ؟

جواب: جی ہاں ،فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم: نیک مَردوں کا کام کپڑے سینا اور نیک عورَتوں کا کام سُوت کاتنا (یعنی چرخے پر رُوئی سے دھاگا بنانا)ہے۔ (تاریخ ابن عساکر،ج36ص199) سرکارِمدینہ صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم گھر کے کام کرلیا کرتے تھے اور ان میں سینے کا  کام زیادہ ہوتا۔(طبقات ابن سعد،ج1ص275)

سوال: جودرزی خیانت کرے تو اس کے لیے کیا وعید ہے ؟

جواب: فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم: ”اللہ پاک قیامت کے دن خیانت کرنے والے درزی کو اس حال میں اٹھائے گا کہ اس پر وہ قمیص اور چادر ہوگی جس کے سینے میں اُس نے خیانت کی ہوگی“۔ (فردوس الاخبار،ج5ص479، حدیث: 8820)

سوال: سیدوں کے خلاف بات کرنے والوں کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: ہمیں نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شفاعت چاہئے، اس کےبغیرگزارانہیں، شفاعت بھی چاہئے اور ان کی اولاد کے خلاف بات بھی کرتے ہیں؟ہونا تو یہ چاہئے کہ زبان کٹ جائے مگرسیدوں کے خلاف کوئی بات زبان سے نہ نکلے۔

سوال: وراثت کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب:رقم جمع کرنے کامیرا ذاتی ذہن نہیں ہے ،میری بہن کی وراثت سے مجھے جو کچھ ملا تھا وہ میں نے بانٹ دیا ہے ،میرامشورہ ہے کہ ہرایک وصیت کرے کہ میری وراثت کا ایک تہائی(One Third)یعنی 33%فلاں دینی کام ،دعوت ِاسلامی کو پیش کر دیا جائے یا فلاں مدرسے میں خرچ کیا جائے ۔یہ بھی مشورہ ہے کہ اپنی زندگی میں دارالافتاء اہلِ سنت سے شرعی رہنمائی لے کر اپنے پاس جو ہے اسے اولادمیں تقسیم کردے ،یہ اولاد کے ساتھ بھلائی ہے کہ اس کے مرنے کے بعد وہ آپس میں لڑائی جھگڑے سے بچ جائیں گے ۔

سوال: بچوں کو کون کون سے فائدہ مندکام کرنے چاہئیں ؟

جواب: بچے اپنے ماں باپ کا احترام کریں ،ان کےہاتھ پاؤں چُومیں،والدین راضی ہوں گے تو دعائیں ملیں گی اورترقی حاصل ہوگی ،ماں باپ اوربڑے بہن بھائیوں کے سامنے آوازبلند نہ کریں ،چھوٹے بہن بھائیوں پر شفقت کریں ،جوسبق ملے اسے یاد کریں ۔


عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے زیر اہتمام علم دین کے فروغ اور لوگوں کو دین اسلام کے  عقائد و نظریات کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لئے پچھلے کئی سالوں سے ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہےجس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ شرعی، معاشرتی اور فقہی حوالے سے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

19 مارچ 2022ء کو بھی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد فیضان مدینہ کراچی آکر جبکہ سینکڑوں مقامات پر ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : بات کرتے ہوئے ہاتھ ہلانے کى عادت کے بارے مىں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب : بات کرتے ہوئے ہاتھ ہلانا بعضوں کی عادت ہوتی ہے۔البتہ ہاتھ ہلانے مىں معىوب اَنداز نہ ہو اور نہ ہی اس سے کسى کى دِل آزارى ہو۔

سوال: تازہ وضو کرکے نماز نہ پڑھىں تو نماز مىں خشوع و خضوع نہىں آتا ،اس کے لیے کىا کىا جائے؟

جواب: نماز خشوع و خضوع کے ساتھ پڑھنا شرىعت کو مطلوب ہے، وضو ہو اور نماز کے لىے تازہ وضو کرنا مستحب ہے، تازہ وضو سے نماز مىں خشوع و خضوع آتا ہو تو وُضو کر ہى لىنا چاہىے۔اِسی طرح تمام کاموں سے فارغ ہو کر، فرىش ہو کر نماز پڑھنے سے بھی خشوع و خضوع حاصل ہوتا ہے ۔

سوال: وَسوسہ کسے کہتے ہىں؟

جواب : وَسوسہ شىطان کى طرف سے ہے جبکہ اِلہام اللہ پاک کى طرف سے۔ عام لوگوں کے لیے اِن دونوں میں فرق کرنا مشکل ہوتا ہے۔ بہرحال وَسوسے سے اللہ پاک کى پناہ مانگنى چاہىے۔مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کے رِسالےوَسوسے اور ان کا علاجکا مطالعہ کیجیے۔

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

سوال: علما ءکى کىا اَہمىت ہے؟

جواب: خوش عقىدہ علماء، عام لوگ نہىں بلکہ سپر کوالٹى(Super Quality) ہىں، اِن کى بہت اَہمىت ہے،عوام علماء کی محتاج ہے یہاں تک کہ جنَّت مىں بھى عوام اِن کى محتاج ہوگی، قدم قدم پر علماء کى حاجت ہے لہٰذااِن کى صحبت مىں رہنا چاہىے۔

سوال: پورے ماہِ رَمَضانُ المبارک کا اِعتکاف کرنے والے کىا کرىں ؟

جواب: کتاب ”فىضانِ رَمَضان“ کا مطالعہ کرىں (اگراِس سال نہىں پڑھى تو رَمَضانُ المبارک کا چاند نظر آنے سے پہلے پہلے اس کا مطالعہ کر لیں )۔ اور اپنى نىت بھى دارُالسنہ مىں لکھوا دىں۔( دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول میں اعتکاف کے خواہشمند شعبہ رمضان اعتکاف کے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں)۔

0311-1021226

سوال : کىا خربوزہ کھانا سنَّت سے ثابت ہے؟

جواب :تر کھجور ( جو عموماً کھائى جاتى ہے) اور خربوزے کو ملا کر کھانا سنَّت سے ثابت ہے۔

سوال: کىا عورت کے جنازے کو غىر محرم بھى کندھا دے سکتا ہے؟

جواب:جى ہاں۔

سوال : دِل کى سختى کے کیا اَسباب ہىں؟ نیز ہمىں کىسے معلوم ہو کہ ہمارا دِل سخت ہے ىا نہىں؟

جواب :دِل کى سختى کے بہت سے اَسباب ہیں مثلاً گناہ کرنا،بغىر بھوک کے کھانا اور بغىر ضرورت کے بولنا وغىرہ۔ یوں ہی بے حىائى کى باتىں کرنا، تلاوتِ قرآن نہ کرنا اور موت سے غفلت وغىرہ دِل کى سختى کے اَسباب ہىں۔ جس کا دِل سخت ہو اس پر نصىحت اثر نہىں کرتى۔ ہمارى سوچوں مىں دُنىا کى محبت رَچ بس گئى ہے، ہر نماز کے بعد آىتُ الکرسى پڑھنے والے کے لیے جنَّت کى خوشخبرى ہے مگر ہم اس سے محروم رہتے ہىں۔

سوال: آدھے سر دَرد کا روحانى علاج بتادىجیے۔

جواب:بِسْمِ اللہ پڑھ کر سر پر دَم کردیجیے۔ مکتبۃ المدینہ کے رِسالے ’’بىمار عابد ‘‘ کا مطالعہ کیجیے ، اِس رسالے میں کئى روحانى علاج موجود ہىں۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” تندرست رہنے کے فارمولے “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنَّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رِسالہ” تندرست رہنے کے فارمولے “ پڑھ یا سُن لے، اُسے اپنی عبادت کے لئے اچھی صحت دے اور اُسے خوب نیکی کی دعوت عام کرنے کی توفیق عطا فرما، بِلا حساب مغفرت سے نواز دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔