اہل بیت میں کون شامل: لفظ اہل کے لغوی معنی ہیں "والا" جیسا کہ کہا جاتا ہے اہل علم یعنی
(علم والا) اہل معرفت یعنی (معرفت والا) وغیرہ ۔تو اہلِ بیت کا معنی ہوا گھر والے
۔اور اہل بیت نبی کے معنی ہوئے ۔"نبی کے گھر والے۔ مفسر شہیر حکیم الامت مفتی
احمد یار خان نعیمی (رحمۃُ اللہ علیہ) نے تحریر فرمایا کہ حق یہ ہے کہ حضور (علیہ
السّلام) کی تمام اولاد صاحبزادے صاحبزادیاں اور تمام ازواج حضور کے اہل بیت ہیں۔
(امیر معاویہ پر ایک نظر ،ص 34)
اللہ پاک قراٰن کریم
میں اہل بیت کی شان بیان کرتے ہوئے فرماتا ہے : اِنَّمَا
یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَ
یُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًاۚ(۳۳) ترجَمۂ کنزُالایمان: اللہ تو یہی چاہتا ہے اے نبی کے گھر والو کہ تم سے ہر
ناپاکی دُور فرما دے اور تمہیں پاک کر کے خوب ستھرا کر دے۔( پ 22 ، الاحزاب : 33)
حضرت زید بن ارقم
رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: میں تم میں وہ چیز چھوڑتا ہوں کہ اگر تم
اسے تھامے رہو تو میرے بعد گمراہ نہ ہو گے ان میں سے ایک دوسری سے بڑی ہے ۱؎ الله کی کتاب جو آسمان
سے زمین تک دراز رسی ہے۲؎ اور
میری عترت یعنی میرے اہل بیت یہ دونوں جدا نہ ہوں گے حتی کہ میرے پاس حوض پر آجاویں۳؎ تو غور کرو تم ان دونوں
سے میرے بعد کیا معاملہ کرتے ہو۔
قراٰن و حدیث کی
روشنی میں ہمیں اہل بیت کے حقوق کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے آئیے اب ہم اہل بیت کے
حقوق سنتے ہیں۔ حق نمبر 1: ہمیں اپنی ذات اہل بیت
اطہار کو مقدم کریں۔ یعنی کہ اگر ایک طرف ہماری عقل میں کوئی بات آرہی ہو اور دوسری
جانب اہل بیت کی بات ہو تو ہمیں ان کو ترجیح دینی چاہیے۔
حق نمبر 2: ان کے حق میں سے یہ بھی
ہے کہ ان کی محبت میں اس حد تک نہ بڑھ جائیں کہ ان کی محبت میں معاذ اللہ صحابہ
کرام رضی اللہ عنہم سے بغض و عداوت کی بو آنے لگ جائے۔ حق
نمبر3 : ان کے محبت کرنے والوں سے محبت کریں اور ان سے دشمنی رکھنے
والوں سے قطع تعلق کریں۔ حق نمبر4 : ان کے حقوق میں سے سب سے اہم حق یہ ہے کہ ہم ان کی مبارک سیرت
کا ناصرف مطالعہ کریں بلکہ مطالعہ کر کے اُس پر عمل پیرا ہونے کی بھی کوشش کریں۔
ہم اللہ پاک سے دعا کرتے ہیں اللہ پاک ہمیں اہل بیت کا حق
پہنچاننے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم