مومن کی تعریف: مومن
وہ ہے جو ایمان کی صفت سے متصف ہو اور زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکام کے
مطابق گزارے۔
10 صفات مومن:
1️۔ الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ
بِالْغَیْبِ وَ یُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوةَ وَ مِمَّا رَزَقْنٰهُمْ یُنْفِقُوْنَۙ(۳) (پ 2، البقرۃ: 3) ترجمہ کنز
الایمان: وہ جو بے دیکھے ایمان لائیں اور نماز قائم رکھیں اور ہماری دی ہوئی روزی
میں سے ہماری راہ میں اٹھائیں۔ یہ آ یت مخلص مومنین کے بارے میں ہے جو ظاہری اور
باطنی دونوں طرح سے ایمان والے ہیں۔
2۔️ قَدْ اَفْلَحَ
الْمُؤْمِنُوْنَۙ(۱) (پ18، المومنون: 1) ترجمہ
کنز العرفان: بیشک ایمان والے کامیاب
ہوگئے۔ اس آیت میں ایمان والوں کو بشارت دی گئی ہے کہ بے شک وہ اللہ پاک کے فضل سے
اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئے اور ہمیشہ کے لئے جنت میں داخل ہو کر ہر نا پسند یدہ
چیز سے نجات پا جائے گے۔
3۔️ الَّذِیْنَ
یُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوةَ وَ یُؤْتُوْنَ الزَّكٰوةَ وَ هُمْ بِالْاٰخِرَةِ هُمْ
یُوْقِنُوْنَ(۳) (پ 19، النمل: 3) ترجمہ: وہ جو
نمازقائم رکھتے ہیں اور زکوٰۃ دیتے ہیں اور وہ آخرت پر یقین رکھتے ہیں۔ آیت کا
خلاصہ یہ ہے کہ قرآن ان لوگوں کےلیے ہدایت اور بشارت ہے جو اس پر ایمان لاتے ہیں
فرض نمازیں پڑھتے ہیں، اور جب ان کے مال پر زکوٰۃ فرض ہو جائے تو خوش دلی سے زکوٰۃ
دیتے ہیں اور وہ آخرت پر یقین رکھتے ہیں۔
4۔️ وَعَدَ اللّٰهُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِۙ-لَهُمْ
مَّغْفِرَةٌ وَّ اَجْرٌ عَظِیْمٌ(۹) (پ 6، المائدۃ: 9) ترجمہ: اللہ
نے ایمان والوں اور اچھے عمل کرنے والوں سےوعدہ فرما یا ہے کہ ان کے لیے بخشش اور
بڑا ثواب ہے۔ اچھے اعمال سے مراد ہر وہ عمل ہے جو رضائے الہی کا سبب بنے اس میں
فرائض و واجبات، سنتیں، مستحبات، جانی،ومالی عبادتیں، حقوق اللہ، حقوق العباد
وغیرہ سب داخل ہیں۔
5۔️ یٰۤاَیُّهَا
الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ قُوْلُوْا قَوْلًا سَدِیْدًاۙ(۷۰) (پ
22، الاحزاب: 70) ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سیدھی بات کیا کرو۔ اس
آیت میں ایمان والو جو تقوی اختیار کرنے اور حق بات کہنے کا حکم ارشاد فرمایا گیا
کہ تم اللہ پاک اور اسکے بندوں کے حقوق کی رعایت کرنے میں اللہ پاک سے ڈرو اور اپنی
زبان کی حفاظت کرو اگر تم ایسا کرو گے تو اللہ تم پر کرم فرمائے گاتمہارے اعمال
تمہارے لیے سنوار دے گا تمہیں نیکیوں کی توفیق دے گا، تمہارے گناہ بخش دے گا، جو
شخص اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی فرمانبرداری کرے اس نے دنیا اور آخرت میں کامیابی
پائی۔
6۔ اِنَّ الَّذِیْنَ
اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَهُمْ جَنّٰتُ النَّعِیْمِۙ(۸) خٰلِدِیْنَ
فِیْهَاؕ-وَعْدَ اللّٰهِ حَقًّاؕ-وَ هُوَ الْعَزِیْزُ الْحَكِیْمُ(۹)
(پ 21، لقمٰن: 8،9) ترجمہ: بے شک جو ایمان لائے اور انہوں نے اچھے کام کیے ان کے
لیے نعمتوں کے باغات ہیں، ہمیشہ ان میں رہیں گے یہ الله کا سچا وعدہ ہے اور وہی
عزت والا حکمت والا ہے۔ اس آیت میں ارشاد فرمایا کہ بے شک وہ لوگ جو ہماری آیتوں
پر ایمان لاتے ہیں اور انکے تقاضوں کے مطابق عمل کرتے ہیں ان کے لیے نعمتوں اور
چین کے ایسے باغات ہیں جن میں وہ ہمیشہ رہیں گے یہ ان سے اللہ کا سچا وعدہ ہے۔
7۔️ وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَنُدْخِلَنَّهُمْ
فِی الصّٰلِحِیْنَ(۹) (پ 20، العنکبوت: 9) ترجمہ: اور جو ایمان لائے اور انہوں نے اچھےکام کیے تو
ضرور ہم انہیں نیک بندوں میں داخل کریں گے۔ ارشاد فرمایا کہ جو لوگ ایمان لائے اور
انہوں نے نیک کام کیے تو ہم انہیں نیک بندوں کے زمرہ میں داخل کریں گے اور ان کا
حشر نیک بندوں کے ساتھ فرمائے گے یہاں صالحین سے مراد انبیاء کرام علیہم السلام
ہیں۔
8۔ فَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا
وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَهُمْ مَّغْفِرَةٌ وَّ رِزْقٌ كَرِیْمٌ(۵۰) (پ
17، الحج: 50) ️ترجمہ: جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک کام کیے ان کے لیے بخشش
اور عزت کی روزی ہے۔ آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک
کام کیے ان کے لیے گناہوں سے بخشش اور جنت میں عزت کی روزی ہے جو کبھی ختم نہ ہو
گی۔
9️۔ اِنَّ الَّذِیْنَ
اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ سَیَجْعَلُ لَهُمُ الرَّحْمٰنُ وُدًّا(۹۶) (پ
16، مریم: 96) ترجمہ: بے شک وہ جو ایمان لائے اور نیک اعمال کیے عنقریب رحمان ان
کے لیےمحبت پیدا کر دے گا۔
10۔ یُثَبِّتُ اللّٰهُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِی
الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ فِی الْاٰخِرَةِۚ- (پ 13،
ابراہیم: 27) ترجمہ کنز الایمان: اللہ ایمان والوں کو حق بات پر دنیا کی زندگی
میں اور آخرت میں ثابت قدم رکھتا ہے۔ یعنی اللہ پاک ایمان والوں کو دنیا کی زندگی
میں کلمہ ایمان پر ثابت قدم رکھتا ہے کہ وہ آزمائش اور مصیبت کے وقتوں میں بھی صبر
کرتے ہیں۔
اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں سچا مومن اور
عاشق رسول بنائے اور جو جو قرآن مجید میں اللہ پاک نے مومن کی صفات ارشاد فرمائی
ان پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین