ہمارے معاشرے میں جہاں دوسری بے انتہا برائیاں ہیں وہاں ایک برائی معذرت قبول نہ کرنا بھی ہے۔ دنیا میں لاکھوں لوگ ایسے ہیں جو اپنے کسی عزیز کی غلطی پر معذرت قبول نہیں کرتے اور رشتہ توڑ لیتے ہیں۔

معذرت کیا ہوتی ہے؟ معذرت عربی زبان کا لفظ ہے جو عذر سے بنا ہے۔ یعنی اگر کسی کا کوئی عذر ہے تو اسے قبول کرنا اور اسے معاف کرنا۔ اگر تو کوئی شخص بار بار غلطی کرتا ہے اور بعد میں آ کر معذرت کرتا ہے تو ایسے شخص کا مسئلہ الگ ہے۔ یہاں بات ہو رہی ہے کسی عام شخص کی جس کی معذرت ہم قبول نہیں کرتے۔ ہمیں لگتا ہے یہ چیز ہماری عزت کے خلاف ہے کہ ہم معذرت قبول کریں مگر کیا واقعی میں ایسا ہے؟ حدیث مبارکہ کی روشنی میں ملاحظہ فرمائیے:

عزت والا کون ہے؟ روایت ہے حضرت ابو ہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله ﷺ نے کہ حضرت موسیٰ بن عمران علیہ السلام نے عرض کیا کہ اے رب تیرے نزدیک تیرے بندوں سے کون زیادہ عزت والا ہے؟ فرمایا کہ جب قدرت پائے بخش دے۔ (شعب الایمان، 6/319، حدیث:8327 )

کیا رب کے نزدیک عزت والا ہونا ہمارے لیے ضروری نہیں؟ معذرت قبول کرنا سنت الہیہ ہے۔ جب ہم اللہ پاک سے معذرت کرتے ہیں تو وہ قبول فرماتا ہے۔

عذر کو قبول کر لے گا: روایت ہے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے کہ رسول الله ﷺ نے فرمایا کہ جو اپنی زبان کی حفاظت کرے الله تعالیٰ اس کے عیب چھپالے گا اور جو اپنا غصہ روکے الله تعالیٰ اس سے قیامت کے دن اپنا عذاب روک لے گا اور جو الله تعالیٰ کی بارگاہ میں معذرت کرے الله تعالیٰ اس کے عذر قبول کرلے گا۔ (مراۃ المناجیح، 6/667)

کیا ہم سنت الہیہ پر عمل نہیں کریں گے؟ ہم میں سے ہر شخص چاہتا ہے کے ہم باعزت ہو۔ اور با عزت شخص کون ہوتا ہے؟ جو عاجزی کرنے والا ہو۔ عاجزی میں معذرت قبول کرنا بھی شامل ہے۔

اللہ اسے اونچا کر دیتا ہے: روایت ہے حضرت عمر رضی الله عنہ سے آپ نے منبر پر فرمایا: اے لوگو! انکساری اختیار کرو کیونکہ میں نے رسول الله ﷺ کو فرماتے سنا کہ جو الله تعالیٰ کے لیے انکسار و عجز کرتا ہے الله اسے اونچا کردیتاہے تو وہ اپنے دل کا چھوٹا ہوتا ہے اور لوگوں کی نگاہ میں بڑا اور جوغرورکرتا ہے الله تعالیٰ اسے نیچا کردیتا ہے تو وہ لوگوں کی نگاہ میں چھوٹا ہوتا ہے اور اپنے دل میں بڑا حتی کہ وہ لوگوں کے نزدیک کتے اور سؤر سے زیادہ ذلیل ہوتا ہے۔ (شعب الایمان، 6/276، حدیث: 8140)

رب کے نزدیک سؤر جیسا ذلیل ہونا کوئی پسند کر سکتا ہے؟ اللہ پاک ہمیں عاجزی بالاخلاص کرنے والا بنائے۔ آمین یا رب العالمین بجاہ خاتم النبیینﷺ