اَلْحَمْدُللہ عَزَّوَجَلَّ تبلیغِ قرآن وسُنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک’’دعوتِ اسلامی‘‘نیکی کی دعوت، اِحیائے سنّت اور اشاعتِ علمِ شریعت کو دنیا بھر میں عام کرنے کا عزمِ مُصمّم رکھتی ہے، یہ اس وقت دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں،تقریباً100 شعبوں کے ذریعے دینِ اسلام کی خدمت کے لئے کوشاں ہے۔ اِنہی شعبوں میں سے ایک’’ مجلس المدینۃ العلمیۃ‘‘ بھی ہے , جو دعوتِ اسلامی کے عُلمائےکرام کَثَّرَ ھُمُ اللّٰہُ السَّلام پر مشتمل ہے، جس نے خالص علمی اوراشاعتی کام کا بیڑا اُٹھایا ہے۔

اس کے 17 شعبے ہیں۔شعبہ درسی کتب اِن میں سے ایک ہے جودرسِ نظامی (عالم کورس ) کی کتب پر کام کررہاہے۔ درسِ نظامی کےآٹھ سالہ نصاب میں اسّی 80 کے قریب کتب پڑھائی جاتی ہیں۔ المدینہ العلمیہ کے شعبہ درسی کتب نے ان میں سے 56 کتب پر کام مکمل کر کے شائع کردیا ہے۔ نیزرواں سال2020 میں ان شاء اللہ عزوجل 5 سے زائد کتب چھپنے کے لئے پریس پر جائیں گی۔ان کتب نے ملک وبیرونِ ملک سے خوب دادِ تحسین حاصل کی ہے۔ اور علماء کرام وطلبہ دین نے ان کے بارے میں اچھے تاثرات دیئے ہیں۔ ان میں سے اکثر کتب عربی میں اور کچھ ابتدائی کتب اردو اور فارسی میں بھی ہیں۔

ہم نے حتی المقدور کتب کو شرعی وفنی اعتبار سے جانچ کر شائع کیا ہے۔ شرعی اعتبار سے دارالافتاء اہلسنت نے تفتیش کی ہے اور فنی اعتبار سے اہلِ فن اساتذہ کرام نے جانچاہے۔نیز کتب کو جدید دور کے اعتبار سے دلکش وجاذبِ نظر بنانے کے لئے فور کلر (چاررنگی)یا ٹو کلر (دورنگی) بھی شائع کیا ہے اور کورل کی مدد سے خوبصورت ڈیزائننگ بھی کی گئی ہے۔ الغرض ہماری بھرپور کوشش رہی ہے کہ قارئین کو صحت مند وخوبصورت مواد فراہم کیا جائے۔ اللہ کریم سے دعا ہے کہ کتب کے اس ہار کو ہماری جیت کا ذریعہ بنائے۔ وما ذلک علی اللہ بعسیر۔

درسی کتب کم وبیش 19مختلف مراحل سے گزر کر شائع ہونے کے قابل ہوتی ہیں، یہ مراحل درج ذیل ہیں۔

(۱)۔جمع نسخہ جات (مطبوعات ومخطوطات)(2)۔جمعِ حواشی وشروحات(3)۔تقابلِ متن (4)۔تقابل حاشیہ(5)۔انتخابِ مواد برائے حاشیہ وشرح(6)۔مفتی بہ اقوال(7)۔اصح الاقوال(8)۔تخریج آیات (9)۔تخریجِ احادیث(10)۔وضعِ اعراب(11)۔مشکل الفاظ کے معانی(12)۔بین السطور (13)۔فرقِ نسخ(14)۔کورل(15)۔پہلی پروف ریڈنگ (16)۔دوسری پروف ریڈنگ (17)۔تیسری پروف ریڈنگ(18)۔شرعی تفتیش (19)۔پریس پر روانگی

(1)جمع نسخہ جات (مطبوعات ومخطوطات)

جس کتاب کو شائع کرناہوتا ہے سب سے پہلےاسکے مختلف نسخہ جات (جو کہ مطبوعات یا مخطوطات کی شکل میں ہوتے ہیں) حاصل کئے جاتے ہیں۔ پھر صحیح ترین نسخے، مطبوعے یا مخطوطے کو معیار بنا کر اس پر اعتماد کیا جاتا ہے تاہم دیگر کوبھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ نسخہ جات، المدینۃ العلمیہ کی لائبریری یا ملک وبیرون ملک کے مکتبوں اور انٹرنیٹ وغیرہ سے حاصل کئے جاتے ہیں۔

(2)جمعِ حواشی وشروحات

اگر اس کتاب پر حاشیہ یا شرح لکھنے کی ضرورت ہو تو اس کتاب کے مختلف حواشی وشروحات جمع کی جاتی ہیں۔ پھر ان میں سے چن چن کر حواشی لگائے جاتے ہیں یا شرح لکھی جاتی ہے۔غیر ضروری ابحاث وطوالت سے اجتناب کیا جاتا ہے۔

(3)تقابلِ متن

پھر صحیح ترین نسخے سے کتاب کا تقابل کیا جاتا ہے۔اسطرح کتاب کافی حد تک کتابت وغیرہ کی اغلاط سے پاک ہو جاتی ہے۔

(4)تقابل حاشیہ

متن کے تقابل کے بعد حاشیہ یا شرح کا بھی تقابل کیا جاتا ہے۔ اسطرح متن ، حاشیہ اور شرح تینوں سے اغلاط نسبتا رفع ہو جاتی ہیں۔

(5)انتخابِ مواد برائے حاشیہ وشرح

حاشیہ لگانے یا شرح لکھنے سے پہلے مواد کا انتخاب کیا جاتا ہے اور صحیح ترین، مختصر اور جامع عبارات کے ذریعے متن کی وضاحت کی جاتی ہے تاکہ پڑھنے والے کو تشنگی یا غیر ضروری طوالت سے اکتاہٹ محسوس نہ ہو۔

(6)مفتی بہ اقوال

اگر متن میں کوئی غیر مفتی بہ قول پایا جائے تو حاشیہ یا شرح میں اسکی نشاندہی کر کے مفتی بہ قول بھی ذکر کرنے کا التزام کیا جاتا ہے۔

(7)اصح الاقوال

اگر کسی چیز کے بارے میں مختلف اقوال ہوں تو صحیح ترین قول کی نشاندہی کرنے کی حتی الامکان کوشش کی جاتی ہے۔

(8)تخریج آیات

کتاب میں جہاں بھی آیاتِ قرآنیہ ہوں وہاں اس بات کا التزام کیا جاتا ہے کہ انکا پورا حوالہ دیا جائے یعنی پارہ، سورت اور آیت نمبر ذکر کر دیا جائے۔ نیز اردو کتب میں ترجمہ کنز الایمان بھی نقل کر دیا جاتا ہے۔

(9)تخریجِ احادیث

آیات کریمہ کے حوالوں کے ساتھ ساتھ احادیث مبارکہ کا بھی مکمل حوالہ درج کر دیا جاتا ہے تاکہ ضرورت کے وقت مراجعت کی جاسکے۔اور احادیث کی فنی حیثیت بھی معمول ہو جائے۔

(10)وضعِ اعراب

مشکل وغیرمانوس الفاظ پر اعراب کا التزام کیا جاتا ہے۔اس طرح صحیح تلفظ سے قارئین کو روشناس کرایا جاتا ہے۔

(11)مشکل الفاظ کے معانی

ضرورت کے وقت مشکل الفاظ کے معانی بھی آسان کر کے لکھ دیئے جاتے ہیں۔تاکہ کسی ایک لفظ کے سمجھ میں نہ آنے کی وجہ سے پوری عبارت کے فہم سے محرومی نہ ہو۔

(12)بین السطور

عبارت کو کم وقت میں حل کرنے کے لئے متعدد جگہوں پر بین السطور لگا کر آسانی پیدا کی جاتی ہے تاکہ حاشیہ وشرح میں حل تلاش نہ کرنا پڑے اور وقت کی بچت ہو۔ نیز لغت کی طرف مراجعت بھی نہ کرنی پڑے۔

(13)فرقِ نسخ

اگر کتاب کی عبارت مختلف نسخوں میں کچھ فرق کے ساتھ ہو تو عند الضرورۃ اسکی وضاحت کر دی جاتی ہے۔کیونکہ بعض عبارات بعض کی نسبت اقرب الی الفہم ہوتی ہیں۔

(14)کورل

مندرجہ بالا مراحل وغیرہ کے بعد کتاب کو ڈیزائننگ یعنی تزیین وآرائش کے لئے کورل پر بھیج دیا جاتا ہے اوراس میں مختلف قسم کے ڈیزائن ورنگ بھر دیئے جاتے ہیں۔

(15)پہلی پروف ریڈنگ

کتاب کو تیار کرتے ہی چھپنے کے لئے نہیں بھیج دیا جاتا بلکہ کم وبیش تین مرتبہ اسکی پروف ریڈنگ کی جاتی ہے۔ پہلی پروف ریڈنگ عموما کمپیوٹر پر ہی کر لی جاتی ہے۔

(16)دوسری پروف ریڈنگ

دوسری پروف ریڈنگ کورل پر بھیجنے سے پہلے پرنٹ پر کی جاتی ہے۔ اسطرح کورل پر کم سے کم کریکشن لگانے پڑتی ہیں۔

(17)تیسری پروف ریڈنگ

تیسری پروف ریڈنگ کورل کی ڈیزائننگ کے بعد ہوتی ہے یہ عموما سرسری طور پر ہوتی ہے اور اگر ضرورت ہو تو گہری نظر سے پوری کتاب کی پروف ریڈنگ کی جاتی ہے۔

(18)شرعی تفتیش

ان تمام مراحل کے بعد کتاب کو دار الافتاء اہلسنت کے علمائے کرام ومفتیانِ عظام کے بارگاہ میں شرعی تفتیش کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔ یہ حضرات کتاب کو شرعی اعتبار سے دیکھ کر اس میں ضروری کمی، بیشی اور تبدیلی وغیرہ کے بعد اسکی اشاعت کی اجازت مرحمت فرماتے ہیں۔

(19)پریس پر روانگی

اب بالآخر ان تمام تر مراحل کے بعد کتاب زیورِ طبع سے آراستہ ہونے یعنی چھپنے کے لئے پریس پر چلی جاتی ہے اور مکتبہ المدینہ اسے عمدگی کے ساتھ شائع کرکے دنیا بھر کے طول وعرض میں بھیج دیتا ہے۔