کوئی بھی انسان راہ راست پر آتا ہے ترقی کی منزلیں طے کرتا ہے اگرچہ وہ منزلیں دنیاوی ترقی کی ہوں یا اخروی ترقی کی، پھر وہ ترقی کی سیڑھیاں چڑھ کر کامیابی سے ہمکنار ہو کر سورج کی طرح روشن ہوتا چلا جا تا ہے  اس کی کامیابی کی پروان کے پیچھے ہمیں ایک عظیم تربیت کا پہلو نظر آتا ہے معلوم ہوا تربیت انسان کی کامیابی میں سانسوں کی مانند ہے پھر اگر تربیت کرنے والا مثالی ہو تو سیکھنے والا دنیا کے سامنے ایک مثالی چراغ بن کر ابھرتا ہے دیکھا جائے تو حضور علیہ الصلوۃ والسلام سے زیادہ تربیت فرمانے والا رب نے بنایا ہی نہیں محترم قارین آئیے اب مثالی ہیرے ہم بھی بصورت حدیث چن لیتے ہیں۔

(تین چیزیں اجنبی) حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے حضور نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا تین چیزیں ہیں جو دنیا میں اجنبی ہیں (1)ظالم کے سینے میں قرآن اجنبی ہے(2) برے لوگوں میں نیک آدمی اجنبی ہیں(3) ایسے گھر میں قرآن کی تلاوت اجنبی ہے جس گھر میں تلاوت نہ ہوتی ہو (تنبیہ الغافلین جلد 2 ص137)

حضور صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا تین آدمی قیامت کے دن مشک اذفر کے ٹیلے پر ہوں گے انہیں حساب غمزدہ نہیں کرے گا نہ انہیں گھبراہٹ ہوگی یہاں تک کہ لوگ اپنے حساب و کتاب سے فارغ ہو جائیں گے(1) وہ شخص جس نے رضائے الہی کے لئے قرآن پڑھا(2)وہ شخص جو کسی کا غلام ہواس وجہ سے وہ آخرت کے عمل سے غافل نہ ہو (3)وہ شخص جس نے نماز کے لیے اذان دی ہو(شعب الایمان جلد3 صفحہ 120 حدیث 3060)

رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا آدمی اپنے پیٹ سے زیادہ برا برتن نہیں بھرتا انسان کے لیے چند لقمے کافی ہیں جو اس کی پیٹھ کو سیدھا رکھیں اگر ایسا نہ کر سکتے تو ( 1)تہائی کھانے کے لیے (2)تہائی پانی کے لیے اور(3) ایک تہائی سانس کے لیے ہو۔(السنن الکبری للنسائی جلد 4 صفحہ 177 حدیث 6769)

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں رسول اکرم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ میت کے ساتھ تین چیزیں جاتی ہیں دو لوٹ آتی ہیں اور ایک ساتھ جاتی ہے اس کے ساتھ اس کے گھر والے اس کا مال اور اس کے اعمال جاتے ہیں تو اس کے گھر والے اور مال لوٹ جاتے ہیں اور اس کے عمل ساتھ رہ جاتے ہیں ۔( مرآۃالمناجیح جلد 7 صفحہ 27 حدیث 4932)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ دو جہاں کے تاجور سلطان بحروبر صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کھانا کھلانا اور سلام کو عام کرنا اور رات کو جب لوگ سو جائیں تو نماز پڑھنا گناہوں کے کفارے ہیں ۔(مستدرک ،جلد 5،صفحہ نمبر 178 ،حدیث 7655)

اللہ پاک ہمیں حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی اس تربیت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین