ہزاروں تشنگان  علم و حکمت نے فرامین مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے فائدہ حاصل کیا اور اپنے دین و دنیا کو سنوارتے چلے گئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی کے ہر پہلو سے ہماری رہنمائی فرمائی آئیں اپنی دین ودنیا کو سنوارنے کے لیے چند حدیثیں ملاحظہ کرتے ہیں

1)قبر کاساتھی: حضرت سَیِّدُنَا انس ر ضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہےرسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نےفرمایا: میت کے پیچھے تین چیزیں جاتی ہیں ، گھر والے ، مال اور اس کاعمل، پس دو چیزیں یعنی اس کے گھر والے اور اس کا مال واپس لوٹ آتے ہیں اور ایک چیز یعنی اس کا عمل اس کے ساتھ باقی رہتاہے۔ کتاب:فیضان ریاض الصالحین جلد:2 , حدیث نمبر:104

2)ڈبل ثواب پانے والے تین اشخاص :روایت ہے ابوموسیٰ اشعری سے فرماتے ہیں کہ فرمایا رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے تین شخص وہ ہیں جنہیں ڈبل ثواب ملتا ہے وہ کتابی جو اپنے نبی پربھی ایمان لائے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی ،غلام مملوک جب الله کا حق بھی اداکرے اور اپنے مولا کا بھی اور وہ شخص جس کے پاس لونڈی تھی جس سےصحبت کرتا تھا اُسے اچھا ادب دیا اور اچھی طرح علم سکھایا پھر اُسے آزاد کرکے اس سے نکاح کر لیا اُس کے لیے دوہرا ثواب ہے۔ کتاب:مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:11

3)ایمان کی مٹھاس پانے والا : حضرت اَنس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ تین چیزیں جس شخص میں ہوں وہ ایمان کی مٹھاس پائے گا { ۱ } جس کو اللہ و رسول ان دونوں کے ماسوا (سارے جہان ) سے زیادہ مَحبوب ہوں { ۲ } اور جو کسی آدمی سے خاص اللہ ہی کے لئے محبت رکھتا ہو { ۳ } اور جو اسلام قبول کرنے کے بعد پھر کفر میں جانے کو اتنا ہی بُرا جانے جتنا آگ میں جھونک دئیے جانے کو بُرا جانتا ہے۔ کتاب:منتخب حدیثیں , حدیث نمبر:11

4)نجات و ہلاکت میں ڈالنے والی خصلتیں :حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ رسو ل اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ تین(خصلتیں )نجات دلانے والی اور تین(خصلتیں )ہلاکت میں ڈالنے والی ہیں ۔نجات دلانے والی (خصلتیں )یہ ہیں : { ۱ } ظاہر و باطن میں اللہ سے ڈرنا { ۲ } خوشی و ناراضگی میں حق بولنا { ۳ } مالداری اور فقیری میں درمیانی چال چلنا، اور ہلاکت میں ڈالنے والی (خصلتیں )یہ ہیں : { ۱ } نفسانی خواہشوں کی پیروی کرنا { ۲ } بخیلی کی اطاعت کرنا { ۳ } اپنی ذات پر َگھمنڈ کرنا۔اور یہ ان تینوں میں سب سے زیادہ سخت ہے۔ کتاب:منتخب حدیثیں , حدیث نمبر:33

5) صدقہ جاریہ والے اعمال :حضرت ابو ہریر ہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ عَزَّوَجَلَّ و صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا ہے کہ جب انسا ن مرجاتا ہے تو اس سے اس کے عمل کا ثواب کٹ جاتا ہے مگر تین عمل سے (کہ ان کا ثواب مرنے کے بعد بھی ملتا رہتا ہے ) { ۱ } صدقہ جاریہ کا ثواب { ۲ } یا اس علم کاثواب جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں { ۳ } یانیک اولاد جو اس کے لیے دعا کرتی رہے۔ کتاب:منتخب حدیثیں , حدیث نمبر:37

پیارے پیارے اسلامی بھائیو ! احادیث کی روشنی میں ہمیں چاہیے کہ اپنی خصلتیں اور عادات و اطوار کو سنواریں ثواب میں اضافے والے اعمال کریں ہلاکت میں ڈالنے والے اعمال سے بچیں اللہ ہمیں عمل کی توفیق نصیب فرمائے آمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم