تمام تعریفیں  اللہ رب العزت کے لیے جس نے ہمیں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا امتی بنایا اور کروڑوں درود نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ مبارکہ پر جنہوں نے ہمیں دین اسلام کی روشنی سے آشنا کیا اس بات میں کوئی شک نہیں کہ قرآن وحدیث عالم انسانیت کیلئے سرچشمہ ہدایت ہے ۔ کیونکہ اس میں انسانی زندگی سے متعلقہ ہر پہلو کا واضح بیان موجود ہے ۔ چنانچہ قرآن کریم میں اللہ رب العزت نے مختلف مقامات پر مسلمانوں کی تربیت فرمائی اور احادیث مبارکہ میں اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی امت مسلمہ کی تربیت فرمائی ۔ اور کسی بھی معاملے میں غیر کا محتاج نہیں چھوڑا ۔ چنانچہ ذیل میں چند ایسی احادیث بیان کی جاتی ہیں جن میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے تین چیزوں سے تربیت فرمائی ۔ ملاحظہ کیجئے ۔

1 ۔ حلاوت ایمان : نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس میں تین خصلتیں ہوں وہ ایمان کی لذت پالے گا (1) الله عزوجل و رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسے تمام جہان سے زیادہ محبوب ہوں (2) جو بندے سے صرف الله پاک کی رضا چاہتے ہوئے محبت کرے (3) جو اسلام لانے کے بعد کفر میں لوٹ جانا ایسا بُرا جانے جیسے آگ میں ڈالے جانے کو برا جانتا ہے ۔ ( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 حدیث نمبر:8 )

2 ۔ امت مسلمہ کا شرف : حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ہم کو دوسروں لوگوں پر تین چیزوں سے بزرگی دی گئی (1) ہماری صفیں فرشتوں کی صفوں کی طرح کی گئیں (2) ہمارے لیے ساری زمین مسجد بنادی گئی (3) اور جب پانی نہ پائیں تو اس کی مٹی پاک کرنے والی کردی گئی ۔ ( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 حدیث نمبر:526 )

3 ۔ مشک کے ٹیلے : حضرت ابن عمر سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا قیامت کے دن تین شخص مشک کے ٹیلوں پر ہوں گے (1) وہ غلام جواللہ کا اور اپنے مولا کا حق اداکرتا رہے(2) وہ شخص جوکسی قوم کی امامت کرے اور وہ اس سے راضی ہوں (3) وہ شخص جو ہر دن رات پانچ نمازوں کی اذان دے ۔ ( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 حدیث نمبر:666 )

دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ پر صدق نیت کے ساتھ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور دوسرے لوگوں تک پہنچانے کا شرف بھی عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم ۔