اے
عاشقانِ نماز!بے شک اللہ پاک نے ہمیں بے شمار انعامات سے نوازا ہے، الحمدللہ عزوجل
ان میں سے ایک عظیم الشان انعام نماز ہے اور باجماعت نماز بھی کسی نعمت سے کم نہیں،
اللہ پاک کے فضل و کرم سے یہ بھی کثیر نیکیاں حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، اللہ پاک
قرآن کریم سورۃ البقرہ آیت 43 میں ارشاد فرماتا ہے: وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِيْنَ0 ترجمہ کنزالایمان:رکوع کرنے والوں
کے ساتھ رکوع کرو۔
حضرت مفتی
احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:اس یعنی رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو
کا مطلب ہے کہ جماعت سے نماز پڑھا کرو، کیونکہ جماعت کی نماز تنہا نماز سے ستائیس27
درجہ افضل ہے۔(تفسیر نعیمی، جلد 1، صفحہ 335)
باجماعت
نماز کی فضیلت پر احادیث مبارکہ:
1۔ اللہ عزوجل
باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب(پیارا)رکھتا ہے۔(مسند احمد، مسند اما احمد بن
حنبل، جلد2، صفحہ 309، ح5112)
2۔ جب بندہ
باجماعت نماز پڑھے، پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت(یعنی ضرورت) کا سوال کرے تو اللہ
پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے لوٹ جائے۔(حلیۃ ال
اولیٰ اء جلد 7، صفحہ 299، حدیث10591)
3۔ مرد کی
نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے 25 درجے زائد ہے۔(بخاری،
جلد 1، صفحہ 233، ح647)
4۔ نماز باجماعت
تنہا پڑھنے سے 27 درجہ بڑھ کر ہے۔
5۔ جس نے فجر
اور عشاء کی نماز باجماعت پڑھی اور جماعت سے کوئی رکعت فوت نہ ہوئی تو اس کے لئے جہنم
و نفاق سے آزادی لکھ دی جاتی ہے۔(شعب الایمان، جلد3، صفحہ 62، حدیث 2875)
درس:اے
عاشقانِ نماز! جیسا کہ احادیث مبارکہ سے نماز باجماعت کی فضیلت و اہمیت اور فوائد
بھی ظاہر ہو رہے ہیں، لہٰذا اللہ پاک کا پیارا بننے کے لئے، درجات کی بلندی
کو پانے کے لئے، جنت میں داخلے کے لئے، جہنم سے آزادی کے لئے، منافقت سے نجات پانے
کے لئے، شیطان سے حفاظت کے لئے اور اسی طرح اللہ پاک کی رحمت اور بہت سے فوائد
حاصل کرنے کے لئے نماز باجماعت کی پابندی کیجئے اور دوسروں کو بھی نیکی کی دعوت دے
کر باجماعت نماز پڑھنے کی ترغیب دلایئے۔