اعتدال
اورمیانہ روی کا معنی و مفہوم:
میانہ روی کے معنی ہیں کہ ہر کام اور ہر حالت
میں درمیانی راہ اختیار کرنا اور افراط و تفریط سے اجتناب کرنا۔
اسلام دنیا کا
واحد مذہب ہے جس کا پورا نظام معتدل ہے اور اس کے تمام امور نقطۂ اعتدال پر قائم
ہیں۔ اس کے اعتقادات میں اعتدال، اعمال وعبادات میں اعتدال، معاشرت وتمدن میں
اعتدال، اقتصادیات وسیاسیات میں اعتدال، معاملات وتعلیمات میں اعتدال، الغرض اس کے
تمام امور نقطۂ ا عتدال پر قائم ہیں۔ جیسے خرچ کرنے میں نہ تو اسراف کرنا اور نہ
بخل کرنا بلکہ درمیانی طریقہ یعنی جود و سخاوت اختیار کرنا، یا ہمت و حوصلہ کے
اظہار کے موقع پر نہ تو تہور دکھانا اور نہ بزدل بن جانا بلکہ درمیانی راہ شجاعت
کو اختیار کرنا یا اعتقادی اور نظریاتی معاملات میں بھی میانہ روی اختیار کرنا۔
مطلب یہ ہے کہ اسی عقیدہ پر اعتماد کیا جائے اور وہی نظریہ اپنایا جائے جو دین و
دیانت اور عقل ودانش کے اعتبار سے معتدل سمجھا جائے۔ مثلا ًایک عقیدہ جبر کا ہے
اور ایک قدر کا ہے۔یہ دونوں عقیدے افراط و تفریط کے حامل
ہیں، ان دونوں کے برخلاف درمیانی عقیدہ وہ ہے جو اہل سنت وجماعت کا ہے۔ اسی طرح
میانہ روی اختیار کرنے کے حکم کا تعلق معیشت سے ہے۔ ضروریات زندگی پر نہ تو اتنا
خرچ کیا جائے جو اسراف و عیش کی حد تک ہو اور نہ اس قدر کم خرچ کیا جائے جو تنگی و تکلیف میں مبتلا کر دے بلکہ ان دونوں کے درمیان اعتدال پیدا کیا جائے۔
رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان: حضرت عبداللہ بن
سرجس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :نیک راہ
روش کسی کام میں آہستگی اور غور و فکر کے لئے تاخیر کرنااور میانہ روی وہ خوبیاں
ہیں جو نبوت کے چوبیس اجزاء ميں سے ایک جز
ہے۔(مشکوۃ المصابیح حدیث988)
غرض کہ انسانی
زندگی کے ہر گوشہ اور ہر فعل میں میانہ روی اختیار کرنے کا حکم ہے اور یہی چیز
یعنی ہر ایک امر میں اعتدال اختیار کرنا وہ کمال ہے جو انسان کو اس کی مراد اور اس
کے مقاصد تک پہنچاتا ہے کیونکہ بہت دوڑ کر چلنے والاگر جاتا ہے اور سست رفتاری سے
چلنے والا بچھڑ جاتا ہے، صرف اعتدال کی چال چل کر ہی منزل پر پہنچا جا سکتا ہے۔
اللہ پاک کا ارشاد ہے: وَ
كَذٰلِكَ جَعَلْنٰكُمْ اُمَّةً وَّسَطًا لِّتَكُوْنُوْا شُهَدَآءَ عَلَى النَّاسِ
وَ یَكُوْنَ الرَّسُوْلُ عَلَیْكُمْ شَهِیْدًا ترجمہ کنزالایمان: اور بات یوں ہی ہے کہ ہم نے تمہیں کیا سب امتوں میں
افضل کہ تم لوگوں پر گواہ ہو اور یہ رسول تمہارے نگہبان و گواہ ۔(پ2، البقرۃ:143)
امام طبری رحمۃ
اللہ علیہ نے اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے فرمایا ہے : میں سمجھتا ہوں کہ اللہ نے اس
امت کو’ امت وسط ‘ کا خطاب اس لئے دیا کہ وہ دین میں میانہ روی اختیار کر تے ہیں،
نہ تو ان کے یہاں نصاری جیسا غلوہے ،اور نہ یہودیوں جیسی کوتاہیوں اور مجرمانہ
حرکتوں کا تصور ہے لہٰذا اللہ نے اس امت کا یہ وصف اس لئے بیان کیا کہ اللہ کو
اعتدال ومیانہ روی پسند ہے۔