15 محرم الحرام کو شیخ طریقت امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے بڑے بھائی مرحوم عبد الغنی صاحب کی برسی ہے۔ اسی سلسلے میں امیر اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کو اپنے بڑے بھائی کے ایصالِ ثواب کے لئے کم از کم ایک بار درود شریف پڑھنے اور ان کے لئے دعائے مغفرت کرنے کی ترغیب دلائی ہے۔

اس کے علاوہ خلیفہ امیر اہل سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے عاشقان رسول کو علم دین حاصل کرنے کے لئے اسلامک ریسرچ سینٹر (المدینۃ العلمیۃ) کے ذیلی شعبہ ہفتہ وار رسالہ کی جانب سے تیار کردہ 21 صفحات کا رسالہ امیر اہل سنت کے بڑے بھائی پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دُعائےخلیفۂ امیر اہل سنت

یااللہ کریم! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ امیر اہل سنت کے بڑے بھائی پڑھ یا سُن لے اُسے اور اس کے سارے خاندان کو نیک نمازی اور سچا عاشق رسول بنا اور اس سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے راضی ہوجا۔ اٰمین بجاہِ خاتَم النبیّن صلی اللہ علیہ و سلم

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


10 محرم الحرام  1447ھ بمطابق 5 جولائی 2025ء کی شب دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے محرم الحرام کی مناسبت سے مدنی پھول ارشاد فرمائے اور مدنی مذاکرے میں شریک کثیر عاشقانِ رسول کی دینی، اخلاقی و تنظیمی اعتبار سےتربیت کی۔

مدنی مذاکرے میں ہونے والے بعض سوال و جواب:

سوال:محبتِ حسین رضی اللہ عنہ کا اظہار عملی طورپر کس طرح ہونا چاہیئے ؟

جواب:امام حسین رضی اللہ عنہ کا ذکرِ خیر کرنا کارِ ثواب ہے، اس کے ساتھ ساتھ اپنے کردار پر بھی نظر رکھنی چاہیئے۔جب ضرورت پڑی تو امام حسین رضی اللہ عنہ نے حق کی خاطراپنے بال بچے ،مال اور اہل وعیال کو قربان کردیا ۔یہی جذبات ہمارے بھی ہونے چاہئیں ۔یہ مشہورہے اورسب جانتے ہیں کہ امام حسین رضی اللہ عنہ نے ظہر کی نمازکے لئے اپنا سر سجدے میں رکھ دیاتھا اور اسی حالت میں آپ نے جامِ شہادت نوش کیاتھا ۔گویا آپ نے پیغام دیاکہ یہ سر اللہ پاک کی بارگاہ میں جھکاہے باطل کے آگے نہیں جھکا۔ہمیں بھی نمازوں کی پابندی کرنی چاہیئے ۔آپ نے تلواروں کے سائے میں بھی نماز ادا کی اورہم پنکھوں بلکہ ACکے ہوتے ہوئے بھی نمازنہ پڑھ پائیں ! امام حسین رضی اللہ عنہ نے حق اورسچ کا ساتھ دیا، ہمیں بھی ہمیشہ حق اورسچ کا ساتھ دینا ہے ۔آپ نے اس آزمائش پر صبر کیا ،ہمیں کسی تکلیف و مصیبت کا سامنا ہوتو ہم بھی صبرکریں ۔صبر کا حکم اوردرس تو قرآنِ پاک میں دیا گیا ہے ۔مصیبت پر صبرکریں گے تو صابرین کے لئے جنت کی خوشخبری ہے ۔

سوال:اہلبیت سے محبت کرنے والوں کے لئے کیا خوشخبری ہے۔

جواب:اہلبیت سے محبت کرنے والوں کے لئے شفاعتِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خوشخبری ہے ،اولاد کو نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور اہلبیت ِاطہارکی محبت سکھانے کا حکم دیا گیا ہے۔الحمدللہ !ہم سُنّیوں میں محبتِ اہلبیت بہت ہوتی ہے ۔جب مَیں اتناچھوٹاتھا کہ امام حسین کا نام لینا نہیں آتاتھا ،اس وقت بھی اس بات کو سمجھتاتھا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ بہت بڑی ہستی ہیں ۔میری بڑی بہن کا نام خدیجہ، دوسری بہن کانام فاطمہ اورتیسری کا نام زہرا تھا۔مَیں یہ کہہ سکتاہوں کہ مَیں نے اپنےخاندان میں اہلبیت وساداتِ کرام کا تذکرہ اورمحبت بچپن سےدیکھی سُنی ہے ۔دعوتِ اسلامی کی بات کی جائے تو بچے بچے کو اہلبیت اورسادات سے محبت کرتا پائیں گے ۔یہاں سادات کااتنا ادب سکھایا جاتاہے کہ سید صاحبان دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں ۔اہلبیت وسادات سے محبت ہی کرنی ہے جوان کا گستاخ ہے اس کی بات سننی ہی نہیں ،سنیں گے تو وسوسے آئیں گے، صرف عاشقانِ رسول اورمحبت ِاہلبیت وصحابہ رکھنے والوں کی بات سنیں ۔اللہ پاک ہمیں ان کی بے ادبی سے بچائے اورہماری نسلوں میں بھی صحابہ واہلبیت کے بے ادب کو پیدانہ کرے ۔فرمانِ نانائے حسین (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ):جو اہلبیت سے بغض رکھے وہ منافق ہے ۔(الصواق المحرقہ ،ص 216)

سوال : شہادت کے وقت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی عمر مبارک کتنی تھی؟

جواب : 56سال 5ماہ 5دن۔

سوال: کیا عاشورا(10 محرم)کا روزہ رکھنا سنت ہے ؟

جواب: جی ہاں!یہ بڑا مبارک دن ہے ۔اس میں نیکیاں کرنے کا ثواب بھی زیادہ ہے ،جوعاشوراکا روزہ رکھے ،اس کے لئے خوشخبری ہے کہ ایک سال کے صغیرہ گناہ معاف ہوجاتے ہیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”شانِ حسنینِ کریمین مع عاشورا کے فضائل “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیرِاہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک !جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ”شانِ حسنینِ کریمین مع عاشورا کے فضائل“ پڑھ یا سُن لے، اُسے صحابہ و اہلبیت کا دیوانہ بنا اور اُسے ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب جنت الفردوس میں داخل فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبییین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

اللہ رب العزت نے اہلِ بیتِ اطہار کو عظمت و رفعت کی وہ بلندیاں عطا فرمائیں جن تک کسی کا خیال بھی نہیں پہنچ سکتا۔ ان میں بالخصوص حسنین کریمین علیہم السلام یعنی حضرت امام حسن مجتبیٰ اور حضرت امام حسین کی شان احادیث مبارکہ میں بارہا بیان ہوئی ہے۔

اسکے علاوہ یومِ عاشورا یعنی 10 محرم الحرام، اسلامی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جو قربانی، وفا، صبر اور دین کی سربلندی کا عظیم نشان بن گیا۔ اسی دن حضرت امام حسین رضی اللہُ عنہ اور ان کے باوفا ساتھیوں نے کربلا کے تپتے میدان میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دینِ اسلام کو ہمیشہ کے لیے زندہ و تابندہ کردیا۔

نواسۂ رسول حضرات حسنین کریمین رضی اللہُ عنہما کی شان و عظمت اور یوم عاشورا کے دن تاریخ میں کون کون سے واقعات رونما ہوئے اور دین اسلام میں اس کی اہمیت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لئے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو اس ہفتے 16 صفحات کا رسالہ شان حسنین کریمین رضی اللہُ عنہما مع عاشورا کے فضائل پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یا اللہ پاک !جو کوئی16 صفحات کا رسالہ ”شانِ حسنین کریمین مع عاشورا کے فضائل“ پڑھ یا سُن لے اسے صحابہ و اہل بیت کا دیوانہ بنا اور اُسے ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب جنت الفردوس میں داخل فرما ۔اٰمین

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


کراچی (28 جون 2025ء)- دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 28 جون 2025ء بمطابق 3 محرم الحرام 1447ھ کی شب ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی شہر کے عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ دیگر شہروں اور دیگر ممالک کے اسلامی بھائیوں نے مدنی چینل کے ذریعے شرکت کی۔

اس موقع پر شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ناظرین و حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے نیز دینی، اخلاقی، تنظیمی، شرعی اور معاشرتی حوالے سے اُن کی رہنمائی کی جس سے شرکا کو اپنی زندگی کو مزید بہتر بنانے اور معاشرتی فضا کو پاکیزہ بنانے میں مدد ملی۔

بعض سوالات کے جوابات:

سوال: مختلف ویڈیوزدیکھتے رہنا کیسا؟

جواب:ویڈیوز مختلف قسم کی ہوتی ہیں، اچھی، بُری اورفضول وغیرہ ۔دعوتِ اسلامی کی ویڈیوز اچھی ہی ہوتی ہیں انہیں دیکھا جائے۔گنا ہ بھری ویڈیو سے بچنا توبہت ضروری ہے اورفضول سے بھی بچا جائے۔ نیک لوگوں کے اوصاف میں ہے کہ وہ اپنے آپ کو لہو و باطل یعنی غلط باتوں اورکھیل کُود میں ملوث نہیں ہونے دیتے،ایسی مجالس اور کاموں سے منہ پھیرے رہتے ہیں۔رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : مِنْ حُسْنِ اِسْلامِ الْمَرْءِ تَرْکُہُ مَالَایَعْنِیْہِ یعنی کسی شخص کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ بے کار باتیں چھوڑ دے۔(مسند امام احمد ،ج3،ص259،حدیث: 1737)نجات دلانے والے کاموں، ذکر و اذکار میں مصروف رہیں تاکہ فضول کاموں میں نہ پڑیں ۔بندہ اللہ پاک کی رضاکے کام کرے اورکرتا جائے ۔

سوال:درودشریف وغیرہ پڑھ کر اگرکسی کو ثواب مِلک کردیاجائے تو کیا وہ مرحومین کو ایصال کرسکتاہے ؟

جواب:جی ہاں !جب کوئی کہے میں نے فلاں نیکی کا ثواب آپ کےمِلک کیا تو اب ’’قبول کیا‘‘کہنے کی حاجت نہیں کیونکہ مِلک کرتےہی دوسرے کو ثواب مِلک ہوجاتاہے ۔

سوال:امیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بوڑھوں کے بارے میں کیا فرمایا؟

جواب:یہ میری برادری ہے ۔ عام طورپر بیماری وغیرہ کی وجہ سے بوڑھے دکھی ہوتے ہیں، انہیں خوشیاں دینی چاہئیں، ہم انہیں خوشیاں دیں گے تو ہمیں بھی خوشیاں ملیں گی۔اولادکو چاہیئے کہ ہزار کام چھوڑ کر اپنے بوڑھے ماں باپ کا کا م کردیا کریں ۔یہ بھی تو کام ہے، جنت کاانعام ہے کہ ان کا کام کر کے جنت کے انعامات حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔بزرگوں کوسکون دیں گے تو خود بھی سکون پائیں گے۔جو بوڑھوں کی عزت کرتاہے، جب یہ خود بوڑھاہوگا تو اللہ پاک ایسے لوگ پیدافرمائے گا جو اس کی عزت کریں گے۔اس میں ایک اوربھی بشارت ہے کہ اس عزت کرنے والے اور خدمت کرنے والے کی اپنی عمر بھی لمبی ہوگی۔بزرگوں سے دعائیں لیں۔ اگریہ کوئی سخت کلمات کہہ دیں(انہیں نہیں کہنا چاہیئے ) تو صبر کریں اور جواب نہ دیں۔تمام بزرگ بھی برف کی طرح ٹھنڈے ہو جائیں ۔مزاج کے خلاف بات ہوجائے اورغصہ آجائے توصبر کریں اور کچھ نہ بولیں۔ ورنہ نہ بولنے والے بول دیں گے۔تِرمِذی شریف میں ہے :مَنْ صَمَتَ نَجَا یعنی جوچُپ رہا اُس نے نَجات پائی۔(سنن الترمذی،۴ /225 ، حدیث: 2509)اور یہ مُحاوَرہ بھی خُوب ہے:ایک چُپ سو کوہَرائے ۔

سوال:کاروبار اوردیگرکام کرنے والوں کے لئے کیا سیکھناضروری ہے ؟

جواب:کاروبار اور کام کرنے والوں کو چاہیئے کہ اپنے کاروبار اور کام کے بارے میں ضروری علمِ دین حاصل کریں تاکہ گناہ وحرام میں نہ پڑجائیں۔اللہ پاک پر توکل وکامل بھروسہ کریں ،جوقسمت میں لکھا ہے وہ مل کررہے گا۔لوگ کہتے ہیں میری روزی بندہوگئی ہے یہ نہیں کہنا چاہیئے کیونکہ جس کی روزی بندہوجائے وہ قبرستان چلا جاتاہے جو زندہ ہے اس کی روزی کبھی بندنہیں ہوتی۔

سوال:وضو میں مسواک کرنے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب:مسواک کرکے نماز پڑھنا 70 نمازوں کے برابرہے ۔ جن کو مسواک کی عادت ہوگی ان شاء اللہ الکریم ان کا خاتمہ ایمان پر ہوگا۔ رسالہ ”مسواک شریف کے فضائل “پڑھیں ۔

سوال:بزرگوں کا مدنی چینل کب شروع ہوا،پہلا کون ساپروگرام تھا اور روزانہ اس کی ٹرانسمیشن کب ہوتی ہے ؟

جواب:بزرگوں کا مدنی چینل 1 محرم شریف 1446ھ کوشروع ہوا۔پہلاپروگرام حضرت عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کے بارے میں تھا ۔ روزانہ اس کی ٹرانسمیشن صبح 10 تا 12 بجے ہوتی ہے ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” چھینک کے آداب “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاربّ کریم! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ”چھینک کے آداب“ پڑھ یا سُن لے ،اُسےاپنی رضا پر راضی رہنے کی سعادت دے اور ماں باپ سمیت اس کی بے حساب مغفرت فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

اسلام میں چھینک کو صرف ایک جسمانی عمل نہیں بلکہ اللہ پاک کی نعمت اور رحمت کا اظہار سمجھا گیا ہے۔ چھینک کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس کے متعلق واضح تعلیمات دی ہیں جو نہ صرف شکرگزاری سکھاتی ہیں بلکہ باہمی خیرخواہی اور دعاؤں کا تبادلہ بھی بناتی ہیں۔

چھینک کے متعلق آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان ہے کہ: اللہ پاک چھینک کو پسند اور جماہی کو ناپسند کرتا ہے، تو جب تم میں سے کوئی چھینکے اور اللہ کی حمد کرے تو ہر سننے والے مسلمان پر حق ہے کہ اسے چھینک کا جواب دے یعنی یرحمک اللہ کہے۔

(بخاری، 4/163، حدیث:6226)

چھینک کے متعلق معلومات فراہم کرنے اور اس کی اہمیت بتانے کے لئے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کو اس ہفتے 16 صفحات کا رسالہ چھینک کے آداب پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یاربّ کریم! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ چھینک کے آداب پڑھ یا سُن لے اُسےاپنی رضا پر راضی رہنے کی سعادت دے اور ماں باپ سمیت اس کی بے حساب مغفرت فرما۔ اللّٰھم اٰمین بجاہِ خاتَم النبیّن صلی اللہ علیہ و سلم

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


21 جون 2025ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک عظیم الشان مدنی مذاکرہ منعقد ہوا  جس میں ملک سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے عاشقانِ رسول نے براہِ راست اور مدنی چینل کے ذریعے شرکت کی۔

شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس بابرکت محفل میں عاشقانِ رسول کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے دینی، اخلاقی، تنظیمی اور شرعی مسائل پر اُن کی رہنمائی کی۔

مذاکرے کا باقاعدہ آغاز نمازِ عشا کے بعد تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جس کے بعد نعت خوانی اور منقبت کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

مدنی مذاکرے کے بعض سوال و جواب:

سوال: ایک دوسرے سے حسد کیوں کیا جاتاہے اور اس کاعلاج کیا ہے ؟

جواب: علم کی کمی اوراچھی صحبت نہ ملنے کی وجہ سے حسدوغیرہ کے مسائل ہوتے ہیں ۔ آج کل اچھی سمجھی جانے والی صحبت بھی اچھی نہیں ہوتی ایسی صحبت سے بہترہے کہ اچھی کتابیں پڑھی جائیں، ایسے عاشقانِ رسول کی صحبت میں رہا جائے جو علم بھی رکھتے ہوں ۔ کتاب ”غیبت کی تباہ کاریاں“ توجہ سے پڑھیں ،باربارپڑھیں اورسنجیدگی سے عمل کی کوشش کریں ۔جو بات سمجھ نہ آئے دارالافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام سے سمجھ لیں ۔ حسدکرنے والابُرابندہ ہوتاہے ۔وہ اللہ پاک کی تقسیم پر راضی نہیں ہوتا۔کسی کو عزت اوردیگرنعمتیں ملی ہیں تو اللہ پاک نے دی ہیں۔حسدیہ ہوتاہے کہ کسی کی نعمت دیکھ کر یہ تمنا کرنا کہ اس سے یہ نعمت ضائع ہوجائے۔حسد سے بچو، حسدنیکیوں کو اس طرح کھا جاتاہے جس طرح آگ لکڑی کو۔حسد سے دیگر گناہ پیدا ہوتے ہیں ( مثلاًتہمت لگانا وغیرہ) ۔بندہ ایک گناہ کرنے سے دیگر گناہوں میں پڑجاتاہے ۔نیک صورت اورعمامہ وداڑھی والابھی علمِ دین نہ ہونے کی وجہ سے اس طرح کی بھُول کرجاتاہے ،بعض لوگوں کو علم اورمعلومات ہوتی ہیں مگرشامتِ نفس کی وجہ سے ان بُرائیوں میں پڑجاتے ہیں ۔اللہ پاک جس کو بچائے۔بعض مرتبہ بندہ سمجھ رہا ہوتاہے کہ میں اچھے کام کررہاہوں مگر وہ حسد وغیرہ بُرے کاموں میں بھی مبتلاہوتاہے اوراسے پتاہی نہیں ہوتا حالانکہ یہ چیزیں اس کی ہلاکت اورجہنم میں جھونکنے کے لئے کافی ہیں ۔ظاہر بھی اچھا ہونا چاہیئے اورباطن بھی اچھا۔شیطان کے بہکاوے میں نہ آئیں کہ پہلے باطن کو سُدھارلوں پھر ظاہرسُدھاروں گا بلکہ دونوں کو سُدھارتے رہیں ۔قافلوں میں سفرکریں ،رسالہ نیک اعمال پر عمل کریں ،کسی کے عیب نہ دیکھیں بلکہ اپنے عیبوں پر نظررکھیں ۔

سوال:مختلف بزرگوں کے اوراد و وظائف پڑھناکیسا؟

جواب:اپنے پیرصاحب کے شجرے کے مختصراورادپڑھنے چاہئیں بشرطیکہ مخارج بھی درست ہوں ۔بہت زیادہ وظائف پڑھنے سے مسائل ہوسکتے ہیں ۔ اس لئے ہم زیادہ وظائف نہیں بتاتے بلکہ سنتوں پر عمل کرنے اوردرود و سلام پڑھنے کی ترغیب دلاتے ہیں۔

سوال:جو نشے کا عادی ہواورنشہ چھوڑنے کا ذہن بھی ہومگراس دوران مشکلات آنے کی وجہ سےنشہ نہ چھوڑپارہاہو ،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:نشہ حرام ہے،نشہ وہ ہوتاہے جس کے استعمال سے عقل میں فتور آئے ۔نشہ چھوڑنے کاذہن بنانے کے لئے اس کے عذابات پرنظررکھے کہ مَیں نشہ کروں گا تو اللہ پاک مجھ سے ناراض ہو گا اور مجھے جہنم میں ڈال دے گا،مَیں جہنم کا عذاب برداشت نہ کرسکوں گا ۔ایسابندہ توبہ بھی کرےاورعلاج بھی کروائے ۔جس چیز کی عادت ہوجاتی ہے تو اسےچھوڑنے میں تکلیف تو ہوتی ہے، مگرچھوڑنا توہوگا ۔اس کے لئے وہ سنجیدہ ہوجائے ۔ اللہ پاک سے دُعابھی کرے ۔

سوال: کیا حکیم اورڈاکٹر کی روزی میں برکت کی دعاکرسکتے ہیں ؟

جواب: کرسکتے ہیں بلکہ کرنی چاہیئے ۔ضروری تو نہیں کہ مریض چیک اپ کروانے کے لئے آئیں گے تو ہی رزق میں برکت ہوگی۔ آمدن کے اور بھی ذرائع ہوتے ہیں ۔

سوال:امام مسجدکے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:باعمل اورملنسار امام مسجد اپنے علاقے کا بے تاج بادشاہ ہوتاہے ۔

سوال:ایک ماہ کے قافلے میں دل لگے، اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب:قافلے میں سفرکرنا سعادت اور خوش نصیبی کی بات ہے ،سفرکرنے سے خوفِ خدا اورعشقِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں اضافہ ہوگا۔اس میں دل لگانا چاہیئے۔

سوال : بیوی ،بیٹی اوربہن کا نام غیرمردوں میں لینا کیسا؟

جواب : حیاجتنی زیادہ ہواُتنی ہی اچھی ہے ،حیاعورت کا زیورہے ۔اپنی بیوی ،بیٹی اوربہن کا نام غیرمردوں میں نہ لیاجائے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 105 مدنی پھول(قسط 05) پڑھنے یاسُننے والوں کو امیراہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 105 مدنی پھول(قسط 05) پڑھ یا سُن لے، اُسے قرآنِ کریم کی تلاوت کا شوق عطا فرما اور اس کو ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

اسلامک ریسرچ سینٹر (المدینۃ العلمیۃ) کا ایک ذیلی شعبہ ”شعبہ ہفتہ وار رسالہ“ بھی ہے جو علمی و تحقیقی انداز میں اور خوب محنت و لگن سے ہفتہ وار رسائل تیار کرتا ہے جسے ہر ہفتے مدنی مذاکرے میں پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی جاتی ہے۔

اسی شعبے نے اپنی محنت و کوشش سےقرآن پاک کی تفسیر کی کتاب ”تفسیر نور العرفان“ سے چند مدنی پھول اخذ کرکے ایک رسالہ بنام تفسیر نورُ العرفان سے 105 مدنی پھول(قسط 05) تیار کیا ہے۔شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے عاشقانِ رسول کو رسالے کو پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یااللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ تفسیر نورُ العرفان سے 105 مدنی پھول(قسط 05) پڑھ یا سُن لے اُسےقراٰن کریم کی تلاوت کا شوق عطا فرما اور اس کو ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔ اٰمین بجاہِ خاتَم النبیّن صلی اللہ علیہ و سلم

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 14 جون 2025ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرہ ہوا جس میں شہر کراچی کے عاشقانِ رسول براہِ راست جبکہ ملک و بیرونِ ملک ہزاروں عاشقانِ رسول مدنی چینل کے ذریعے شریک ہوئے۔ مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول کی جانب سے دینی و معاشرتی سوالات کئے گئے جن کے امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: حکیم ترمذی کامزارکہاں ہے ؟انہیں علم کی دولت کیسے حاصل ہوئی؟

جواب: عارف بِاللہ حکیم محمدبن علی ترمذی کا مزارترمذ،ازبکستان میں ہے ۔یہ علم حاصل کرنے کے لیے جانے لگے تو بوڑھی ماں نے کہاکہ میری خدمت کون کرے گا؟آپ رک گئے اوران کی خدمت میں مصروف ہوگئے ۔اللہ پاک نے ماں کی خدمت کی برکت سے انہیں علم کی دولت عطافرمادی ۔

سوال:اپنی والدہ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: ماں باپ کی خدمت اوران کا راضی ہونا بہت بڑی سعادت ہے ۔میری ماں بھی آخری وقت مجھ سے خوش تھیں۔آخری رات خلافِ معمول مجھے کہاکہ اپنے ہاتھ میرے نزدیک کروکہ میں اِسے چُوموں۔میں نے بڑھ کر اِن کے ہاتھ چُوم لئے ،پھر انہوں نے میرے ہاتھ بھی چُوم لئے ۔

سوال: آپ کے والدِ محترم کیسے تھے؟

جواب: میرے والدصاحب حاجی عبدالرحمٰن قادِری مذہبی آدمی تھے ،پوری داڑھی شریف تھی۔حج کے لیےگئے اورحج کے بعد جدہ (عرب شریف) میں لُولگنے سے وفات پاگئے ۔قصیدہ غوثیہ پڑھا کرتے تھے ۔جب قصیدہ غوثیہ پڑھتے تو چارپائی بلندہوجایا کرتی تھی۔ بھولے بھالے تھے۔نگائیں جھکا کرچلاکرتے تھے ۔

سوال: کیاہرایک سے حُسنِ اَخلاق سے پیش آنا چاہئے؟

جواب:جی ہاں! ایک آدمی کی اِصلاح گویا پورے خاندان کی اِصلاح ہے ۔اس لیے ایک ایک کوراضی رکھنا چاہئے، کسی سے بےرُخی اوربداخلاقی نہ کی جائے تاکہ کوئی ہم سے بچھڑکر کہیں اورنہ نکل جائے کیونکہ آجکل طرح طرح کے فتنے ہیں ۔

سوال: گوشت کھانے کے بعدکولڈ ڈرنک پی جاتی ہے ،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: کولڈ ڈرنک(ٹھنڈی بوتل) مجموعی طورپرصحت ومعدے کے لیے نقصان دہ ہے ۔ان کا استعمال شوگرکا مرض پیداکرتاہے ،وزن بڑھاتاہے ۔ان میں چینی کی مقداربہت زیادہ ہوتی ہے جس سے جسم میں چربی چڑھتی ہے ، ان کے استعمال سے پیشاب میں شوگرآنا شروع ہوجاتی ہے ۔ان میں موجودمٹھاس اورتیزابیت سے دانتوں کو نقصان پہنچتاہے ،ان کے استعمال سے کیلشیم جسم سے خارج ہوناشروع ہوجاتا ہے جس سے ہڈیاں کمزور ہوتی ہیں ۔ ان کی جگہ بغیر نمک اوربغیرچینی کے کچی لسی یا لیموں پانی استعمال کیا جائے ۔

سوال: زیادہ نمک کے استعمال کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب : نمک زیادہ استعمال کریں گے تو گُردوں کو زیادہ محنت کرنا پڑے گی ،یہ فیل بھی ہوسکتے ہیں ۔تربوز،کھیرے وغیرہ کھاتے ہوئے نمک استعمال نہ کرنا مناسب ہے ۔ Pink Salt (لاہوری نمک)استعمال کرنا چاہئے ۔کالانمک بھی مفیدہے ۔عبادت پر قوت حاصل کرنے کے لیے اپنی صحت کا خیال رکھیں گے تواس سے بڑھاپے میں بھی آسانی ہوگی ۔

سوال: چینی کے استعمال کے بارے میں کچھ ارشادفرمادیں ۔

جواب: سفیدچینی(White Sugar) کا استعمال بہت زیادہ ہے ۔دیسی گُڑاستعمال کیا جائے ۔میں حتی الامکان چینی سے بچتاہوں ۔دعوت اسلامی کے تمام مدارس المدینہ اورجامعۃ المدینہ میں چینی کی جگہ دیسی گُڑ استعمال کیا جائے ۔

سوال: اس مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کن کے ایصالِ ثواب کے لیے نیاز کرنے کی ترغیب ارشاد فرمائی؟

جواب: مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ، امیرالمؤمنین حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ کے ایصالِ ثواب کی۔ان کا یوم شہادت 18ذی الحج شریف ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” باپ کی عظمت وشان “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک!جو کوئی رسالہ ”باپ کی عظمت وشان“ کے 22 صفحات پڑھ یا سُن لے، اُس کے ماں باپ اس سے ہمیشہ راضی رہیں اور وہ والدین کو ساتھ لئے بے حساب جنت الفردوس میں داخل ہونے کی سعادت پائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


باپ اللہ عزوجل کی عظیم نعمت ہے، وہ اس سایہ دار درخت کی ماند ہے جو دھوپ اپنے اوپر لیتا ہے اور بچوں کو سایہ دیتا ہے، اُس کے سائے تلے اولاد پَل کر بڑی ہوتی ہے، ہماری زندگی میں پاب کی ایک خاص اہمیت اور کردار ہے نیز حدیثِ مبارکہ کا مفہوم ہے کہ ”رَب کی رضا باپ کی رَضا مندی میں ہے اور رَب کی ناراضی باپ کی ناراضی میں ہے“ ۔(ترمذی، 3 / 360، حدیث:1907)

عاشقانِ رسول کو باپ کی عظمت و اہمیت کے بارے میں بتانے اور اُن کے دلوں میں اپنے والدین کے لئے محبت پیدا کرنے کے لئے اس ہفتے شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے 22 صفحات کا رسالہ ”باپ کی عظمت و شان“ پڑھنے / سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے / سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یا اللہ پاک!جو کوئی رسالہ ”باپ کی عظمت وشان“ کے 22 صفحات پڑھ یا سُن لے اُس کے ماں باپ اس سے ہمیشہ راضی رہیں اور وہ والدین کو ساتھ لئے بے حساب جنت الفردوس میں داخل ہونے کی سعادت پائے ۔اٰمین

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


بیت اللہ شریف کا فرض حج کرنے کا اَجَرْ بیس (20) غزوات میں شرکت کرنے سے زیادہ ہے۔(فردوس الاخبار، 1 / 339، حدیث:2484 مفہوماً) نیز ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ اللہ عزوجل کے گھر کعبہ معظَّمہ کا طواف کرے اور وہاں موجود مقدس مقامات کی زیارت کرے۔

اسی سلسلےمیں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے عاشقانِ رسول کو 21 صفحات پر مشتمل رسالہ بغیر حج کے حج کا ثواب پڑھنے / سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے / سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یا رب المصطفےٰ جو کوئی 21صفحات کا رسالہبغیر حج کے حج کا ثواب پڑھ یا سن لے اس کو ماں باپ اور خاندان سمیت ہر سال حج مبرور اور مقبول حاضری سے مشرف فرما اور ماں باپ سمیت اس کی بےحساب مغفرت فرما۔ اٰمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


محبتِ رسول اور اسلامی تعلیمات کو عام  کرنے کے لئے مئی 2025ء کی 31 تاریخ کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقانِ رسول نے بھرپور شرکت کی۔ یہ مدنی مذاکرہ مدنی چینل کے ذریعے دنیا بھر کے عاشقانِ رسول میں نشر کیا گیا۔

اس موقع پر شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال:بعض اوقات بقر عید کے موقع پر ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ جاتی ہیں، اس صورت میں کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں؟۔

جواب:٭جب گھرسے نکلیں تو11بار یَاحَفِیْظُ ،11بار یَاسَلَامُ پڑھ لیا کریں ، اس کی ہمیشہ عادت بنا لیں٭رقم(Cash) ساتھ لے جانے کے بجائے دیگرذرائع(Online Paymentوغیرہ) سے ادائیگی کر دیں ٭ مویشی منڈی اکیلےجانے کے بجائے کچھ افرادساتھ لے جائیں٭رات کے بجائے دن میں خریداری کریں٭ ویران راستہ اختیارکرنے کے بجائے پُررونق راستے سے جائیں جہاں لوگوں کی چہل پہل زیادہ ہو، اگرچہ راستہ لمبا اور وقت بھی زیادہ لگتاہو۔

سوال:چوروں،ڈاکوؤں کوبھی سمجھائیں کہ وہ ان کاموں سےبازآئیں ۔

جواب:یہ نادان بہت بڑی بھُول کرتے ہیں ،یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح مال حاصل کرکے ہم مزے کریں گے ۔یہ مزے صرف چاردن کے ہیں ،”چاردن کی چاندنی ہےپھر اندھیری رات ہے“۔کئی ڈاکوجوانی میں مارےجاتے ہیں ۔ہرایک کو مرنا ہے ،حدیث پاک میں ہے کہ ”جس نے اپنے بھائی کی طرف لوہے کے کسی ہتھیارسے اشارہ کیا یعنی ڈرایا تو اس پر فرشتے لعنت کرتے رہتے ہیں یہاں تک کہ وہ اس کام سے بازآجائے یعنی یہ کام چھوڑدے“ ۔(جامع ترمذی ،حدیث نمبر2162)

سوال:بعض اوقات ذُوالحج شریف میں پیداہونے والے بچے کا نام ”حاجی“ رکھ دیا جاتاہے،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب:حاجی نام نہ رکھنا بہترہے ،اس میں دھوکہ ہوسکتاہے کہ اس نے حج کیا ہواہے ۔

سوال: بکری کو کان پکڑکر چلانا کیسا؟

جواب:نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ایک شخص کے قریب سےگزرے ،وہ بکری کو کان سےپکڑے کھینچتے ہوئے جارہا تھا، رحمتِ عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا ،اس کا کان چھوڑدو،گردن کے قریب سے پکڑو۔(سنن ابن ماجہ ،حدیث نمبر3171)

سوال:بعض لوگ اپنے گھرکو جنت کہتے ہیں ،ایساکہناکیسا؟

جواب:کوئی حَرَج نہیں ،کشمیرکو بھی تو جنت کہا جاتاہے۔ہمارے گھرمیں ہال کانام جنت ہال ہے، ایک شخصیت آئی، جنت ہال میں AC نہیں تھا اور گرمی تھی، وہ کہنے لگے کہ جنت میں اتنی گرمی تو نہیں ہوگی؟ میں نے فوراً جواب دیا کہ جنت اورجنت ہال میں فرق تو ہوناچاہیے۔اچھے نام رکھنے چاہئیں، ایسے نام نہ رکھے جائیں جسے شریعت منع کرے ، ہمارے گھرکا نام بیتِ رمضان اورحاجی عمران کے گھرکا نام بیت الامان ہے ۔دشمن بھی آجائے تو اسے امان مل جائے ،انتقام اپنی ڈکشنری میں نہیں ۔

سوال:قربانی کے موقع پر گلی محلوں میں جانوروں کی آلائشیں پھینکنے اورقربانی سے پہلے جانوروں کو باندھنے کے لئے راستہ بند کرنےکے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟۔

جواب:ہمیں صفائی ستھرائی رکھنی چاہیئے کہ صفائی کو نصف ایمان کہاگیا ہے۔صفائی سنت ہے ،کپڑے ،بدن اورگھربلکہ ہرجگہ صاف ہو۔پیارےآقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مزاجِ پاک میں نفاست یعنی بہت زیادہ صفائی تھی اورخوشبوبھی پسندتھی ۔فطرتِ سلیمہ صفائی اورخوشبوکو پسندکرتی ہے ۔گندگی اوربدبوکو ناپسندکرتی ہے ۔قربانی کے فوراً بعد جانورکی آلائشوں والی جگہ کو صاف کردیا جائے۔ورنہ بدبو،جراثیم اوربیماریاں پھیلیں گی ،اسی طرح راستوں کو بند نہیں کرنا چاہیئے۔حقوق ِعامہ کا خیال رکھنا چاہیئے، جگہ گھیرکر حقو قِ عامہ پامال نہ کریں ۔نبی ِکریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایاکہ ”راستے میں بیٹھنے سے بچو،صحابہ کرام علیہم الرضوان نے عرض کی: ہمیں بعض اوقات بات چیت کے لئے راستوں میں بیٹھنا پڑجاتاہے تو فرمایا ،بیٹھنا ہی ہوتو راستے کا حق اداکرو،انہوں عرض کیا کہ راستے کا حق کیا ہے؟ فرمایا:”نگاہ نیچی رکھنا ،تکلیف دہ چیزاٹھانا،سلام کا جواب دینا،نیکی کا حکم دینااوربرائی سےمنع کرنا“ ۔(بخاری شریف ،حدیث نمبر6229)

سوال : حجِ مبرور سے کیا مرادہے ؟

جواب : اس کی کئی تعریفیں ہیں ،آسان تعریف یہ ہے جو حج قبول ہوجائے وہ حجِ مبرورہے ۔

سوال: قبرستان جانے کے آداب کیا ہیں ؟

جواب: قبرستان جانا سنت ہے، نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہرسال غزوۂ اُحدکے شہیدوں کے مزارات پر تشریف لے جاتے۔قبرستان جائیں تو اہلِ قبرستان کو سلام کریں ۔قبرستان سے عبرت حاصل کریں،باتیں نہ کریں ،خاموش رہیں ،ایسی جگہ جائیں جہاں کسی قبرپر پاؤں نہ پڑے۔بہت بچ بچاکر حاضری دی جائے ۔قبروں اورمزارات پر جانا چاہیئے۔ایصالِ ثواب کریں، بہتر ہے 1 مرتبہ سُورہ فاتحہ اور 11 بار سورہ اخلاص پڑھ کر ایصال ثواب کریں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” 30 روحانی علاج “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَّ المصطفٰے! جو کوئی 32 صفحات کا رسالہ ”30 روحانی علاج“ پڑھ یا سُن لے، اس کی روحانی و جسمانی بیماریاں دور فرما اور اُسے ماں باپ سمیت بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

بکرے کی کلیجی

غذائیت سے بھر پور خوراک ہے، خون کی کمی دور کرتی نظر اور قوتِ حافظہ بڑھاتی، پٹھے مضبوط کرتی اور جسمانی طاقت میں اضافہ کرتی اور جلد (Skin) کو چمکدار بناتی ہے، مدافعتی نظام (IMMUNE SYSTEM) کو بہتر بناتی ہے۔

نقصانات:٭بکرے کی کلیجی ہفتے میں ایک آدھ بار کھائی جائے، زیادہ کھانے سے سر میں چکر اور متلی آنے وغیرہ کا خطرہ ہے٭کولیسٹرول بڑھاتی ہے، یورک ایسڈ میں بھی اضافہ ہوتا ہے لہٰذا دل اور جوڑوں کے مریض خوب احتیاط کریں٭ کلیجی بدن کے زہریلے مادّوں کو چونکہ خارج کرتی ہے اس لئے بیمار جانور کی کلیجی نقصان پہنچا سکتی ہے٭حاملہ خواتین کلیجی سے پر ہیز کریں۔

نوٹ : گائے کی کلیجی کے بھی کم و بیش اسی طرح کے فوائد و نقصانات ہیں۔

اونٹ کے گوشت کے فوائد

ان بیماریوں میں مفید ہے

٭خون کی کمی٭جوڑوں میں درد٭کمر درد٭ریڑھ کی ہڈی کا درد٭جسمانی کمزوری٭قوت مدافعت کی کمی (WEAK IMMUNITY) ٭موٹاپا (وزن کم کرنے میں مددگار ) ٭دائمی تھکن٭ پٹھوں کی کمزوری ٭بدہضمی، ذیا بیطیس اور دل کی بیماریاں میں اعتدال (Moderation) سے لینا ہے٭ سردمزاجی سے ہونے والی بیماریاں۔

مشورو: گرم مزاج والوں کو اعتدال سے یعنی محدود طور پر استعمال کرنا چاہیئے۔

کراچی رپورٹ: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رات گئے زلزلے کے مسلسل تین جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی۔ زلزلے کے جھٹکے اس قدر زوردار تھے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں لوگ نیند سے جاگ کر گھروں سے باہر نکل آئے، اذانیں دی گئیں اور شہری توبہ و استغفار میں مشغول ہو گئے۔

زلزلے کا پہلا جھٹکا رات 1:12 بجے محسوس کیا گیا، جس کے بعد تقریباً 1:30 بجے دو مزید جھٹکوں نے کراچی کے متعدد علاقوں کو لرزا دیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز کراچی کے نواحی علاقے گڈاپ ٹاؤن کے قریب تھا۔

زلزلے کے جھٹکے قائدآباد، ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل ٹاؤن، کورنگی، مجید کالونی، شیرپاؤ کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں واضح طور پر محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے فوراً بعد کئی علاقوں کی مساجد میں اذانیں شروع ہوگئیں جبکہ شہری ذکرو اذکار، توبہ و استغفار میں مشغول ہوکر بارگاہِ خداوندی میں رحم و کرم کی دعائیں مانگنے لگے۔

خوف و ہراس کے اس ماحول میں عالم اسلام کی مذہبی و روحانی شخصیت شیخ امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا ویڈیو پیغام جاری ہوا جس میں انہوں نے شہریوں کو صبر کرنے، گناہوں سے توبہ کرنے، ذکر و اذکار کرنے اور دعائیں کرنے کا ذہن دیا۔ اس ویڈیو پیغام میں امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اللہ پاک کی بارگاہ میں دعائیں کیں اور عاشقان رسول کو مصیبت سے حفاظت کے لئے مختلف اوراد و وظائف کا ورد کرنے کی ترغیب دلائی۔

امیر اہلسنت کا پیغام:

پہلی جون 2025ء کو کراچی کے بعض علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، لوگ گھروں سے باہر آگئے، مساجد میں اذانیں شروع ہوگئیں، اذانیں دینی چاہیئے، اذان سے بلائیں دور ہوتی ہیں۔اللہ پاک رحمت کی نظر فرمائے۔

امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے زلزلے کا سبب بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ ”فتاویٰ رضویہ“ میں ارشاد فرماتے ہیں کہ ”زلزلہ آنے کا سبب لوگوں کے گناہ ہیں“

امیر اہلسنت نے عاشقان رسول کو نیکیوں کی ترغیب دلاتے ہوئے فرمایا کہ ہم سب کو چاہیئے کہ ہم سچی توبہ کریں، نمازی بن جائیں، مسجدوں کو آباد کریں، جھوٹ بولنا، غیبت کرنا چھوڑ دیں اورفلموں ڈراموں سے تائب ہوجائیں، اگر ایسا کیا تو ان شاء اللہ عَزَّوَجَلَّ اللہ ہمیں اس طرح کی آفتوں سے محفوظ رکھے گا۔ اللہ پاک رحمت کی نظر فرمائے، عافیت فرمائے۔

امیر اہلسنت نے عاشقانِ رسول کو اپنی حفاظت و سلامتی کے لئے ہر نماز کے بعد ، گھر سے نکلتے وقت اور اللہ توفیق دے تو چلتے پھرتے بھی 11 مرتبہ یاحَفِیظُ، یا سَلامُکا ورد کرتے رہیں۔

دعائے عطار

اللہ پاک ہماری حفاظت کرے اور سلامتی نصیب فرمائے، اللہ پاک رحمت کی نظر فرمائے، خوف و ہراس میں مبتلا لوگوں کو اللہ پاک امن بخشے اور جن کو تکلیف ہوئی اللہ ان کو راحت بخشے،اللہ پاک ہماری مغفرت فرمائے اور اللہ پاک اس طرح کی آفتوں سے ہماری حفاظت فرمائے۔ اٰمین