7 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 8 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:گھر میں زیتون کا درخت ہونا کیساہے؟

جواب:زیتون تو برکت والا ہے ،اس کادرخت گھرمیں ہو توحرج نہیں ۔

سوال:مسلمانوں کو آپس میں کس طرح رہناچاہئے؟

جواب:مسلمان آپس میں بھائی بھائی بن کررہیں ،اپنےبھائی سے کیا لڑنا ! آپس میں نرمی بھراسلوک کرناچاہئے۔

سوال:اکبرنام رکھنا کیسا؟

جواب:اکبرنام نہ رکھاجائے۔ایک صحابی رضی اللہ عنہ کا نام اکبر تھا، نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نےتبدیل فرماکر بشیر رکھ دیا ۔البتہ اگراکبرنام کسی نام کا حصہ ہوتو اس میں حرج نہیں جیسے نام علی اکبرہے ،یہ درست ہے۔نام کون سارکھنا چاہئے؟اس کی تفصیل جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی بہت ہی پیاری اور منفردکتاب ’’نام رکھنے کے احکام ‘‘کا مطالعہ کیجئے ۔

سوال: کون سی آسمانی کتاب کون سےرسولعلیہ الصلوۃ والسلام پر نازل ہوئی ؟

جواب:زبورحضرت داؤدعلیہ السلامپر،تورات حضرت موسٰی علیہ السلامپر،اِنجیل حضرت عیسٰی علیہ السلامپر اورقرآنِ کریم ہمارےنبی حضرت محمد مصطفی ٰصلی اللہ علیہ والہ وسلّم پر نازل ہوا ۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:رشوت دینےسےکیسےبچا جائے ؟

جواب:یہ ذہن بنا لیا جائے کہ رشوت تودینی ہی نہیںہے ،جو کام کرواناہے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئےکروانا ہے،1979ء میں ایک ملک میں میراپہلا سفرتھا ،جب میں وہاں پہنچا تو ائیرپورٹ کے عملے نے مجھے کہا کہ جو آپ سامان لائے ہیں وہ تب آپ کوملے گا جب اتنی اتنی رقم (رشوت)دوگے ،میں نے ان سےکہا کہ میرا سامان چیک کرواور جو قانون کے مطابق اضافی اخراجات(Extra Charges) بنتے ہیں وہ لے لو،انھوں نےمیرےسامان کی لسٹ بنائی اورایک سوتیس(130) روپے اضافی اخراجات(Extra Charges)بنائے ،میں نے وہ اداکیے اوریوں رشوت دینے سے بچ گیا۔

سوال: 12ربیع الاول1409ھ کوبارہویں شریف کیمحفلِ نعتجو کراچی میں ہوئی تھی، اس میں بڑی روحانیت تھی، اس بارےمیں کچھ فرمائیے ؟

جواب: 12ربیع الاول1409ھ(23اکتوبر1988ء) کوعیدگاہ بندروڈکراچی میں بارہویں شریف کی محفل ہوئی تھی ،واقعی اس محفل کا اپنا ہی اندازتھا ،اس محفل میں دواسلامی بھائیوں نے مجھے بتایا تھاکہ ہمیں نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کی زیارت ہوئی ہے۔

سوال:صبرکی عادت کیسے بن سکتی ہے؟

جواب:صبرِ جمیل یہ ہے کہ مصیبت وبیماری کے وقت زبان خاموش ہواورچہرے یا اندازسے بھی اس کااظہارنہ ہو ۔بغیرضرورت مصیبت یابیماری کا اظہارنہیں کرناچاہئے۔محض کسی سے ہمدردی کے کلمات سننےکے لیےمصیبت وبیماری کا اظہارکرناصبرچھپانے کےثواب سے محروم کردتیاہے۔صبرکاعادی بننے کے لیے تصوف امام غزالی کی کتب(مثلاً احیاء العلوم،منہاج العابدین وغیرہ) کا اطمینان کےساتھ مطالعہ کیجئے ۔

سوال:کیا ہمیں صبرکرنا چاہئے یااِینٹ کا جواب پتھر سےدینےوالی سوچ ہونی چاہئے؟

جواب:جی ہاں !ثواب کی نیت سےصبرکرنا چاہئے،اینٹ کا جواب پتھرسے دینے والی سوچ اورذہن ٹھیک نہیں ،سارے نبیوں نے صبرکیا، میرےآقا صلی اللہ علیہ والہ وسلّم اِمَا مُ الصَّابِرِیْن(یعنی صبرکرنے والوں کے اِمام)ہیں ،میرےپیارےآقا صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کے نواسے حضرت سیدنا امام حسینرضی اللہ عنہ نے توایساصبرکیاکہ تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی ۔

سوال:اگرکوئی بیمارنہ ہو اورجھوٹ موٹ کسی کو کہےکہ میں بیمارہوں تو ایسا کہنا کیسا؟

جواب:ایسا کہناجھوٹ ہے،جھوٹ گناہ اورجہنم میں لےجانے والاکام ہے ،اس لیے ایسا ہرگز نہ کہے اورحدیثِ پاک میں وعید بھی ہےکہ جھوٹے بیمارنہ بنوورنہ بیمارہوجاؤ گے۔

سوال:بڑھاپے میں تکلیف کم ہو،اس کے لیے بچوں اورجوانوں کو کیاکرناچاہئے ؟

جواب:بچپن اورجوانی میں خالص دودھ پیا جائے ۔دودھ بہت فائدے والا ہے ،بڑھاپے کی تکلیفوں سے بچناچاہتےہیں،ابھی سے میدہ،چکناہٹ اورمٹھاس سے پرہیزکرناشروع کردیں ۔

سوال:بچپن میں آپ ناشتہ کس طرح کرتے تھے ؟

جواب:ہم 5 بہن بھائی تھے ،ناشتے میں1 انڈاپکتاتھا، آدھا انڈا بڑےبھائی کو ملتاتھا کیونکہ وہ کماتے تھے، بقیہ انڈے کے4حصے ہوتے تھے،ان 4حصوں میں سے ایک حصہ مجھےملتاتھا۔

سوال:کیاماہِ رمضان میں گنا ہ کی ہلاکت خیزی بڑھ جاتی ہے؟

جواب:جی ہاں !گناہوں کی ہلاکت خیزیاں بہت ہیں ،ماہِ رمضان میں تو اس کی ہلاکت خیزی بڑھ جاتی ہے ۔

سوال:کیا اللہ پاک کی خفیہ تدبیرسےڈرنا ضروری ہے؟

جواب:جی ہاں !اللہ پاک کی خفیہ تدبیرسےڈرنا ضروری ہے،اگرنیک ہے تو وہ بھی ڈرے کہ نہ جانے نیکیاں قبول ہوں گی یا نہیں ؟اللہ پاک کی رحمت پر بھی نظررکھے۔

سوال:جب آپ نے دعوت ِاسلامی بنائی تو آپ کوکیا مشکلات درپیش آئیں ؟

جواب:جب دعوت ِاسلامی کا آغازہواتو ظاہرہےمشکلات تو درپیش آئیں اوراصل کام کھا ناپکانا ہوتاہے،جب کھانا پک جائے تو کھانا آسان ہے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہدعوتِ اسلامی بن گئی ہے ،اب جو زیادہ کھائے گا اتنا ہی طاقت آئےگی ،البتہ ابھی بہت کام باقی ہے ،کام میں مشکلات تو آتی ہیں ۔

سوال: کیا جوچلتے پھرتے دُوردِ پاک پڑھے تو یہ بھی غفلت سے پڑھنا شمارہوگا ؟

جواب:نہیں !بیٹھے بیٹھے بھی غفلت ہوسکتی ہے ،اگرچلتےپھرتے دُورد شریف پڑھتے ہوئے توجہ نہیں بٹ رہی تویہ غفلت میں شمارنہیں ہوگا ۔

سوال:روزہ دارجنّت کےکس دروازے سے داخل ہوں گے ؟

جواب:ریّان سے ۔

سوال:صحابۂ کرام رضی اللہ عنھممیں سب سےزیادہ مالدارکون تھے؟

جواب:حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ

سوال:کیا اس ترقی یافتہ دَورمیں بھی قلم(Pen/Ball Pen) کی اہمیت ہے اورکیاہاتھ سے لکھنا ترک نہیں کرناچاہے ؟

جواب:قلم کی اہمیت اپنی جگہ برقرارہے ،قرآنِ کریم میں پوری سورت قلم کے نام سےہے ،قلم سےلکھنا ترک نہیں کرناچاہئے ۔تعویذات بھی قلم سے لکھے جاتے ہیں، کیونکہ ان کے لکھنےمیں چالیں ہوتی ہیں ۔

سوال:کس طرح بیٹھ کرلکھنا چاہئے ؟

جواب:نارمل انداز سے بیٹھ کر لکھاجائے مگربعض بچے (اوربڑے بھی) جھک کرلکھتے ہیں ،اس سےکمردرداوردیگرمسائل ہوسکتے ہیں ۔

سوال:مِلک شیک(Milk Shake) استعمال کرنا کیساہے؟

جواب:مِلک شیک(Milk Shake) میں دودھ اورپھل ڈالا جاتاہے ،اس کےبھی اپنےفوائدہیں۔ملک شیک میں چینی نہ ڈالی جائے۔

سوال:میری نابالغ بیٹیاں ماہِ رمضان کے روزے رکھنے،پانچویں نمازیں پڑھنے کے ساتھ ساتھ روزانہ 1پارہ پڑھ رہی ہیں،آپ کچھ مدنی پھول دیں تاکہ وہ ماہِ رمضان کےبعد بھی نمازیں اورتلاوتِ قرآن کرتی رہیں ۔

جواب:جونیک عمل شروع کیاجائے تو اسے جاری رکھناچاہے کیونکہ حدیث پاک میں اس کام کوافضل فرمایاگیا ہے جوباقاعدگی سے کیاجائے اگرچہ تھوڑاہو۔