رمضان المبارک کی برکتیں لوٹنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 5 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: جو نمازِتہجدکی نیت سے سوئے مگربیدارنہ ہوسکےتو کیااُسے نمازِتہجدکا ثواب ملے گا ؟

جواب: جی ہاں،اُسے ثواب ملے گا۔

سوال: سیدہ خاتونِ جنّت،حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا کی نمازِجنازہ کس نے پڑھائی؟

جواب: ایک روایت کے مطابق اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ نے اوردوسری روایت کے مطابق،اسلام کے چوتھے خلیفہ حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ نے پڑھا ئی۔

سوال: کوئی ہماری تعریف کرے تو ہم کیا کریں ؟

جواب: کوئی تعریف کرے تو اچھا لگتاہے ،اس اچھالگنے میں خطرہ ہے کہ بندہ عُجب (خودپسندی) میں مبتلاہوجائے ،وہ اس تعریف کو اپنا کمال سمجھے کہ میں نے یہ کیا ہے، وہ کیا ہے وغیرہ ۔یادرکھئے! جس شاخ میں پھل ہوگاوہ جھکی رہے گی اورجس میں پھل نہیں وہ اکڑی رہے گی ،علم اوراچھی صحبت نہ ہونے کی وجہ سے باطنی بیماریاں یوں جڑپکڑلیتی ہیں کہ بندہ کہیں کا نہیں رہتا،دعوتِ اسلامی کا دِینی ماحول ایک نعمت ہے، عاشقانِ رسول کے ساتھ وابستہ رہیں ،ذیلی حلقے کے12 دینی کاموں میں مصروف رہیں بالخصوص نیک اعمال کے رسالے پر عمل کرتےرہیں ۔

سوال: نیک اعمال رسالے پرعمل کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: نیک اعمال کا رسالہ پُرکرنا آسان ہے، مگرعمل کرنا مشکل ہےاس لیے نیک اعمال رسالے پر عمل کرنے والے تھوڑے ہیں کیونکہ نیک اعمال کرنے میں محنت لگتی ہے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: دسترخوان پر گِرے ہوئے ٹکڑوں کو کھانے کی کیافضیلت ہے؟

جواب :گِرے ہوئے دانے ،برتن میں بچاہواکھانا ،شوربہ وغیرہ جو قابلِ استعمال ہواُسے استعمال میں لایاجائے، ضائع نہ کیا جائے۔حدیث پاک میں ہے: جوشخص دسترخوان سے کھانے کے گِرے ہوئے ٹکڑوں کو اُٹھا کر کھائے وہ فراخی کی زندگی گزارتا ہے اوراس کی اولاداوراولاد کی اولاد کم عقلی سے محفوظ رہتی ہے ۔(کنزالعمال ،15/111بحوالہ فیضان سنت ،1/262)

سوال : برتن کو چاٹنے کے کیافائدے ہیں؟

جواب: حدیث پاک میں ہے :جوکھانے کے بعدبرتن کوچاٹ لے گاوہ برتن اُس کے لیے استغفارکرے گا۔(ابن ماجہ ،4/14)ایک اورروایت میں ہے کہ وہ برتن کہتاہے :اے اللہ !اس کو جہنم سے آزادکر،جس طرح اس نے مجھے شیطان سے نجات دی ۔(کنزالعمال ،15/111)،ایک حدیث پاک میں ہے :جورِکابی (پلیٹ)اوراپنی اُنگلیاں چاٹے ،اللہ پاک دنیاوآخرت میں اس کا پیٹ بھرے ۔(طبرانی کبیر،18/261)اس حدیث پاک کامعنی ہے :رکابی(پلیٹ) اوراپنی انگلیاں چاٹنے والا دُنیامیں فقروفاقہ سے بچے ،قیامت کی بھوک سے محفوظ رہے ،دوزخ سے پناہ دیا جائے کہ دوزخ میں کسی کا پیٹ نہ بھرے گا۔(فیضان سنت ،1/100)

سوال: چڑچڑاپن کیا ہے ؟

جواب:چڑچڑاپن غصے کی سوتیلی بہن ہے بلکہ غصے کی ایک قسم ہے،اس سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔

سوال: کیا روزے دارسے یہ سوال کرنا چاہئے کہ آج آپ کا روزہ کیسا گزرا؟

جواب: پوچھنا نہیں چاہئے ،وہ سچ بولے یاجھوٹ بول دےیہ اندیشہ ہے ،اس لیے نہ پوچھنا اچھا ہے ۔

سوال : کھانے کے بعد جو اجزاء منہ میں ہی رہ جائیں ،ان کاکیا کرنا چاہئے ؟

جواب: ایک گھونٹ پانی لےکر منہ میں پھیرلیں اورنگل جائیں،کھانے کے بعد مسواک کی جائے،چائے یا غذاکے ذرّات دانتوں پر نہیں لگے رہنے چاہئیں ۔

سوال:آپ کو کیا کیا کام کرنے والے اچھے لگتے ہیں؟

جواب: اچھائی کرنے والےاچھے لگتے ہیں۔

سوال: امی ابومیں اگر کسی بات پر جھگڑاہوجائے تو اولاد کو کیا کرنا چاہئے ؟

جواب : اولادخاموش رہے ۔بات کا وزن ہوتو جس کا قصورہواسے الگ سے نہایت ہی ادب سے سمجھا دے ۔