عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے زیر اہتمام رمضان المبارک میں روزانہ مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہےجس میں کثیر عاشقان رسول شرکت کرررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں 4 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ذکر و اذکار کے ساتھ ساتھ دیگر شرعی مسائل کے حوالے سے شرکا کی رہنمائی فرمائی۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کیا ماہِ رمضان میں ویڈیوگیمز(Video Games)کھیل سکتے ہیں ؟

جواب: ویڈیوگیمز عموماً گناہ بھری ہوتی ہیں ،رمضان المبارک اور اس کے علاوہ بھی اس سے بچنا ضروری ہے ۔والدین اپنے بچوں کو اس سے بچائیں ،ماہِ رمضان تو عبادت ،ذکرودُروداورتلاوتِ قرآن کے لیے آیا ہے، اس میں عبادت میں مصروف رہنا چاہئے ۔

سوال: سردردکا رُوحانی علاج بتادیجئے؟

جواب: بعدِعصر 67مرتبہ لَاۤاِلٰہ َاِلاَّ اللہُ پڑھ کر سرپر دم کیجئے،دوسراعلاج یہ ہے کہ 1 باربِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ کر سرپردم کیجئے، کاغذپر1 بارلکھ کر سرپرباندھ لیجئے ۔

سوال: کسی مسلمان کو تکلیف دیناکیسا؟

جواب: مسلمان کو ایذاوتکلیف دینا حرام اورجہنم میں لے جانے والاکام ہے، ایسا کرنے والے کو اللہ پاک سے توبہ کرنےکے ساتھ ساتھ جس کوتکلیف دی ہے اس سے معافی مانگنا بھی ضروری ہے ۔

سوال:پان کھانے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: پان کھاناجائز ہے مگرپان جتنی دیرمنہ میں رہے گا تو ذکرودُرود سے محروم رہیں گے ،میں نے بہت پہلے کچھ کچھ پان کھانا شروع کیا تھا مگرپھر غورکیا کہ اتنی دیرمیں ذکرودُرودنہیں کرسکتا،میں نے فیصلہ کرلیا کہ میں اب پان نہیں کھاؤں گا ،مجھ سے محبت کرنے والوں کوچاہئے کہ وہ بھی ان چیزوں سے بچیں ۔

سوال: کیا جُوتااُلٹارکھا ہوتو اس کو سیدھا کردینا چاہئے؟

جواب: استعمال شدہ جُوتا اُلٹارکھا ہوتوموقع کی مناسبت سے سیدھا کردینا چاہئے کہ یہ معیوب ہے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال:بیماروں کی عیادت و تیمارداری کے بارے میں کچھ مدنی پھول ارشادفرمادیں؟

جواب: ہرمریض سے تیمار داری کرنی چاہئے بالخصوص والدین بیمارہوں تو دن میں کئی کئی بارجاکر بیمارپرسی کریں ،علاج کی ضرورت ہوتوعلاج بھی کروائیں،بیمارکو تسلی دیں، دعوتِ اسلامی کے شعبہ روحانی علاج سے روحانی علاج بھی کروائیں، دعابہت بڑاعلاج ہے، دعامؤمن کا ہتھیارہے ، دعابلاکو ٹال دیتی ہے،مریض خود بھی اوردوسرے بھی دل لگا کر اس کی شفا کی دعا کریں ۔

سوال: میت کو کس چیزسے راحت حاصل ہوتی ہے؟

جواب: میت کو ایصالِ ثواب کریں تو اللہ پاک کی رحمت سے اسےٹھنڈک وراحت پہنچے گی ۔

سوال: نکاح کے بعدرخصتی کب تک ہو جانی چاہئے ؟

جواب: فی زمانہ جس دن نکاح کیا جائے،اُسی دن رخصتی کردینا زیادہ بہتر ہے ۔

سوال: علم ِ دین حاصل کرنے کا جذبہ برقراررہے، اس کے لیے کیا کریں ؟

جواب: بزرگوں کا قول ہے: اُطْلُبُوا الْعِلمَ مِنَ المَهدِ إلَى اللَّحْدِ یعنی ماں کی گود(مہد) سے لے کر قبر(لحد) تک علم حاصل کرو،اس طرح کے دیگراقوال سننے اورپڑھنے سے علم حاصل کرنے کی طرف رغبت بڑھے گی ،اگرکوئی بات معلوم بھی ہوتو شوق سے سنیں تاکہ بتانے والے کی دلجوئی ہو،اس کا دل خوش ہو ،کبھی وہ ایسی بات بھی بتادے گا جو آپ کو معلوم نہیں ہوگی ۔

سوال: آپ رسائل کب لکھتے ہیں؟

جواب: جب وقت اوریکسوئی ملتی ہے تو تحریری کام کرتاہوں، کیونکہ تحریری کام کے لیے یکسوئی ضروری ہے، اس لیے بیرونِ ملک بھی چلاجاتاہوں۔ میں اپنی تحریر کی مفتی صاحب سے تفتیش کرواتاہوں ،اس میں جو بات طب سے تعلق رکھتی ہے وہ حکیم صاحب سے اورجس کا تعلق ڈاکٹرصاحب سے ہو وہ ان سے تفتیش کرواتاہوں تاکہ کوئی غلطی نہ ہو۔

سوال: اِنشاپردازی کیا ہوتی ہے ؟

جواب: عمدہ اندازِ تحریرکو اِنشاپردازی کہتے ہیں ،تحریر میں اچھے اورمناسب الفاظ کا چناؤوغیرہ ،اس کے ساتھ قلم اورتحریرکی روانی میں مضبوطی بھی ضروری ہے، کوئی تحریرلکھنے کے لیے علم ضروری ہے، بغیرعلم کے درست نہیں لکھ سکتے، غلطی ہوسکتی ہے ،بہترتحریرکے لیے مسلسل کوشش ضروری ہے ۔

سوال: مطالعہ کی عادت بنانے کا کوئی طریقہ اِرشاد فرمادیں۔

جواب: مطالعہ کرنے میں اوّلاً دل نہیں لگتا، اس لیے جس دینی کتاب میں دلچسپی ہو ، پہلے وہ پڑھیں ،جنہیں شرعی مسائل سیکھنے کا ذوق ہو وہ بہارِشریعت پڑھیں،جنہیں واقعات اچھے لگتے ہوں،وہ اسلامی واقعات پڑھیں ،جو پڑھا ہے اچھی طرح یادہوتو کسی کو سنا دیں ،پڑھتے ہوئے جو بات اہم لگے اسےلکھ لیں اوراسے پڑھتے رہیں ۔

سوال: ایک عورت کو حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے کیا کیا باتیں سیکھنے کو ملتی ہیں؟

جواب: سیدہ خاتونِ جنت،حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے سیکھنے کو کیا نہیں ملتا ،آپ کا پردہ بے مثال تھا ، اسلامی بہنیں پردہ کریں ،آپ عبادت بہت زیادہ کرتی تھیں ،گھرکے سارے کام اپنے مبارک ہاتھوں سےکرتی تھیں ، آٹا پیس کرروٹی خود بناتیں ،گھرکا پانی مشک میں بھرکرلاتیں، اس کے ساتھ دن رات عبادت کرتیں ،اسلامی بہنوں کے لیےاس میں درس ہے۔کرنا ہے تو موقعے ہزار،نہیں کرنا تو بہانے ہزار۔

سوال: اچھی عورت کوگھرمیں کیسےرہنا چاہئے ؟

جواب: اسلامی بہن کے اخلاق اچھے ہوں گے،زبان محتاط ہوگی تو گھرمیں راج کرے گی ،گھر کے افراد اس سے محبت کریں گے ،بداخلاقی کرے گی تو میکےپہنچ جائے گی ،ساس اگرسخت سست کہہ دے تو ماں کو یادکرے، اس نے بھی تو کبھی ایساکہہ دیا ہوگا ،اسی طرح شوہرکو بھی ساس کی شکایات نہ کرے ،سسرال میں کوئی بات ہوجائے، سسرال اورشوہرکی کوئی خامی ہوتو میکے بلکہ کسی کو بھی نہ بتائے ،شادی سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتوں مثلاً اللہ پاک کوراضی کرنے کے لیے اپنے گھر والوں کی خوب خدمت کرے ،ماں کو کام نہ کرنے دے بلکہ گھر کےسارے کام کرے ،اچھے اچھے کھانے بناناسیکھے ،شادی کے بعدسسرال والوں کی خوب خدمت کرے ،اچھی نیت سےخدمت کی جائے تو جنت ہے ۔

سوال: بچوں کو امی کے ہاتھ کا بنا ہواکھانامزیدارنہ لگے تو وہ کیا کریں ؟

جواب: صبرکریں ، اپنی اپنی پسند ہے ،کھا نا مزیدارہومگراپنے کو پسندنہ ہو تو وہ مزیدارنہیں لگے گا ،کھانے میں عیب نہیں نکالنا چاہئے ۔پسندہوتو کھا لیں ورنہ ہاتھ روک لیں یہی سنت ہے ۔