یکم  رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور دو رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: نیکیاں شروع کرتاہوں مگراستقامت نہیں ملتی کیا کیا جائے؟

جواب:شیطان ،ہمزاداورنفس انسان کو نیکیوں سےدُورکرنےکی کوشش کرتے ہیں ،اس لیے ان کی مخالفت کی جائے،یہ جو کہیں اس کا اُلٹ کریں گےتو استقامت حاصل ہوجائے گی۔اِنْ شَاۤء اللہُ الرَّحْمٰن

سوال:نیک طبیعت کون ہوتاہے؟

جواب:جو سب کی خیرخواہی وبھلائی چاہتاہو،کسی کودھوکا نہ دیتاہو،چالاکیاں کرکے لوگوں کونقصان نہ پہنچاتاہو،وہ نیک طبیعت ہے ہم سب کو بھی ایساہی ہوناچاہئے۔

سوال: ماہِ رمضان میں کیا مخصوصعبادت کی جائے ؟

جواب:روزے رکھیں یہ فرض ہیں ،پانچوں نمازیں اداکریں ،وظائف اوران کا وقت مقررکرلیں ،ان سب کو اپنی روٹین کاحصہ بنا لیں ۔

سوال:لوگ کہتےہیں کتابوں سے دوستی کرلو،کتابوں سےدوستی کیسےہوگی؟

جواب:کتابوں سےدوستی یہ ہے کہ ہم انہیں پڑھیں ،ہمیں قرآنِ کریم اوراسلامی کتابیں ہی پڑھنی چاہئیں۔

بعدِ عشاء ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:کیا گُناہوں اورنیکیوں کےبھی اثرات ہوتےہیں ؟

جواب:جی ہاں !ایک نیک پڑوسی سےاس کےآس پاس سو(100)گھروں تک اس کی نیکی کا اثرپہنچتاہے۔

سوال:اُولُو الْعَزم(صاحبِ ہمت)رسولوں کی تعداد کتنی ہے اوریہ کون کون ہیں؟

جواب: اُولُو الْعَزم رسولوں کی تعداد5 ہے ،ہمارے پیارے آقا حضرت محمدمصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ،حضرت سیدناابراہیم علیہ السلام،حضرت موسٰی علیہ السلام،حضرت عیسیٰ علیہ السلام اورحضرت نوح علیہ السلام۔

سوال: قرآنِ کریم کی سب سےبڑی اورسب سےچھوٹی سورت کون سی ہے؟

جواب:سب سے بڑی سُوْرۂ بَقَرَہ اورسب سے چھوٹی سُوْرۂ کوثَر ہے ۔

سوال:پیارے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم نے نیکی کی دعوت کیسےدی ؟

جواب: پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےاپنا کردارکفارکے سامنےپیش کیا،یہ بھی آپ کو صادق(سچا) اورامین(امانت دار،جس پر اعتمادکرتےہوئے امانتیں رکھی جائیں) کہتے تھے۔پھرنیکی کی دعوت دی۔کئی لوگ ایمان لےآئےاورکئی لوگوں نےآپ پر ظلم کیا،مگرآپ نےہمت نہ ہاری اورنیکی کی دعوت کاسلسلہ جاری رکھا۔

سوال:غم اورٹینشن کےبارے میں کچھ ارشادفرمائیں ؟

جواب:غم اورٹینشن کئی بیماریوں کوجنم دیتاہے ،غم زندگی کو کھا جاتاہے ،اس سےہم سب کو نکلناچاہئے ۔اللہ پاک پر بھروسا کرناچاہئے۔

سوال: خاتونِ جنت،شہزادیِ کونین حضرت سَیِّدَتُنَافاطمۃُ الزَّہرارضی اللہ عنہاکا یوم ِعرس کیاہے؟

جواب:3رمَضانُ المبارک۔

سوال:دارالمدینہ کےبارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:دارالمدینہ دعوتِ اسلامی کا تاریخی کارنامہ ہے،یہ بچوں کو ایساماحول دیتاہے جس سے بچوں کے اخلاق بہترہوتے اورنمازروزے کاذہن بنتاہے ، جن کے بچے اس میں پڑھتے ہیں وہ ان کی فیس(Fee)وقت پر جمع کروائیں ۔جودے سکتے ہیں ان کوچاہئے کہ اپنی صاف رقم(علاوہ زکوٰۃ و فطرہ وغیرہ)سے اس کی مددکریں تاکہ یہ چلتے رہیں۔

سوال:قساوتِ قلبی یعنی "دل کی سختی" کیا ہے اوراس کےکیااسباب ہیں ؟

جواب:قساوتِ قلبی یعنی دل کی سختی ایک باطنی بیماری ہے ،اس کےمعنی یہ ہیں کہ موت وآخرت کویادنہ کرنے کے سبب دل کا سخت ہوجانایادل کااس قدرسخت ہوجاناکہ طاقت کےباوجود کسی شرعی فقیر کو بھی کھانا نہ کھلائے ،ہرگنا ہ دل کی سختی کا سبب ہے، اس کے علاوہ بھی کئی اسباب ہیں مثلاً بغیر بھوک کےکھانا،بغیرتعجب کے ہنسنا اوربغیرضرورت کےبولنا وغیرہ۔

سوال:کیا انسان کووقت کے ساتھ اپنےاندرتبدیلی لانی چاہئے؟

جواب:ہروہ تبدیلی جواسلام سےنہیں ٹکراتی اسےقبول کیا جاسکتاہے۔کسی وقت آڈیوکیسٹوں کی ٹیکنالوجی تھی، تو ہم نےاس کے ذریعےنیکی کی دعوت عام کی،اب چینل کادور،سوشل میڈیا(Social Media) کادورہےتو ہم نےمدنی چینل شروع کیاہے۔شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے موجودہ دورکے حالات واقعات کو پیشِ نظررکھتےہوئے اپنےاندرتبدیلی لانی چاہئے۔

سوال:سحری میں کیاکھاناچاہئے؟

جواب:سحری میں پراٹھا،فرائی انڈااورملائی وغیرہ نہ کھائی جائے ،یہ سخت جان مزدوروں کی غذاہے ،سحری میں دہی ،کھچڑی جس میں نمک مصالحہ کم ہو،گھرکی روٹی(چپاتی)وغیرہ نارمل غذاکھائی جائے ،مناسب پانی پیا جائے ،ضرورت سے زیادہ معدےپر دباؤنہ ڈالاجائے ۔خوب چباکرکھایا جائے ،بچوں کو بھی چباناسکھایاجائے ۔بچے فوراًمنہ بھرلیتے ہیں ،ان پر نظررکھناپڑے گی ،جب تک ایک نوالہ نگل نہ لیں دُوسرالقمہ نہ لینےدیں۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’احترامِ رمضان‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارب ِّکریم! جو کئی رسالہ ’’احترامِ رمضان ‘‘کے 26 صفحات پڑھ یا سُن لے،اُسے عاشقِ رمضان بنا اور اسے بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم