2020ء میں مجلس المدینۃ العلمیۃ کا65 سےزائدکتب ورسائل کامیگا پروجیکٹ مکمل کرنے کاعزم

(تفصیلی رپورٹ)

عالمگیرتحریک دعوتِ اسلامی کاشعبۂ تصنیف وتالیف ”المدینۃ العلمیۃ“108شعبہ جات میں سے ایک ہے ۔دورِحاضر کےمطابق علمِ دین کے فروغ کے لئے 2001ء میں یہ شعبہ قائم ہوااور اپنے قیام سے لے کر اب تک عوام وخواص کو اہم ترین موضوعات پر567 کتب و رسائل فراہم کرچکا ہے،جن میں کئی نصابی کتابیں بھی شامل ہیں ۔عمدہ اورمعیاری کتابوں کی مسلسل فراہمی اِس شعبے کے منظم اور باصلاحیت ہونے کی روشن دلیل ہے ۔

المدینۃ العلمیۃ اپنی کتابوں کےذریعےشخصیت سازی کےرہنمااصول،اسلامی اقدار ،حقانیت ِاسلام اوراسلام کی روشن تعلیمات ہرطبقے تک پہنچانے کے لئےپُرعزم ہےلہٰذا ہرسال کی طرح 2020ء میں بھی معیاری، معلوماتی اورمفیدترین کتب ورسائل شائع کرنے کا ایک میگا پروجیکٹ بنایا گیاہےجس میں تقریباً 65 سے زائد کتب ورسائل شامل ہیں۔ المدینۃ العلمیۃ کی جانب سے دی گئی رپورٹ کے مطابق 2020ء میں شرح معانی الآثار، آثارُ السنن، قدوری مع خلاصۃ الدلائل، مسند امام اعظم ، توضیح تلویح، مؤطا امام مالک، مؤطا امام محمد،حلیۃ الاولیا مترجم بنام اللہ والوں کی باتیں جلد 9 اور 10، فیضان ریاضُ الصالحین جلد 9 سمیت 65 سے زائد کتابیں مکمل کی جائیں گی اوراس میگاپروجیکٹ کومکمل کرنے کے لئے المدینۃ العلمیۃ کے 106 علماء کرام 15 شعبوں میں تقسیم ہوکر بھرپور کوشش کریں گے۔

قارئین کومستندکتب کی دستیابی کے باعث اربابِ قلم، شائقینِ کتب اور زندگی کے ہر شعبےسے وابستہ قارئین نے المدینۃ العلمیۃ کی آنے والی کتابوں کو پذیرائی بخشی اور اس کی کئی کتابوں کےدرجن سےزائدایڈیشن لاکھوں کی تعداد میں شائع ہوئے۔بعض کتب ورسائل کے ایڈیشن اورنسخوں کی تعداد تو حیرت انگیر اورتعجب خیز ہے مثلا بچوں کے لیے لکھی کئی کتاب ’’اسلامی کی بنیادی باتیں (تین حصے)‘‘ 2012 ءسے اب تک34،ایڈیشن میں  12 لاکھ سے زیادہ کی تعداد میں چھپ چکی ہے ۔اسی طرح کتاب’’ سنتیں اورآداب ‘‘2007 سے اب تک17،ایڈیشن میں تقریبا 2 لاکھ 10 ہزارکی تعداد میں عوام وخاص کےہاتھوں میں پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ المدینۃ العلمیۃشروع سے اب تک علومِ قرآن وحدیث،فقہ،تصوف و روحانیت، اسلامی تاریخ اور دیگر موضوعات پر 570کتب ورسائل تصنیف وتالیف کرچکا ہے جبکہ اسلامک کلچر اور بچوں کی کہانیوں پر مشتمل کتابیں اور اسکول و کالجز کےلئےقرآنیات کانصاب بھی فراہم کیاجا چکا ہے۔ نگران المدینۃ العلمیۃ، رکنِ شوریٰ حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی ہیں جن کی زیرِ نگرانی بہت سی کتابوں کے نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جبکہ بہت سے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں، مکمل ہونے والے منصوبوں میں سے 4 کا مختصرتعارف ملاحظہ کیجئے۔

(1) بہار شریعت:فقہ حنفی کی مشہور ومعروف کتاب”بہارِ شریعت“ہرفرد کی ضرورت ہے،اسی ضرورت کے پیشِ نظر2006ء میں اِس لاجواب فقہی انسائیکلوپیڈیا پردورِ حاضر کےمطابق کام کاآغاز ہوا،اِس کے لئے6علمائےکرام کاانتخاب ہوا اور آخر کار2011ء میں یہ شاہکار 3626صفحات پر مشتمل6 ضخیم جلدوں کی صورت میں عوام وخواص کے ہاتھوں پہنچااور اِس قدر مقبول ہوا کہ اب تک مختلف انداز میں37ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں ۔بہارِ شریعت سے متعلق دو اہم شخصیات کے تاثرات ملاحظہ کیجئے :

(1)جگر گوشۂ صدرُ الشَّریعہ ،حضرت مولانا قاری محمد رضاء المصطفٰی اعظمی: دعوتِ اسلامی نے بہارشریعت کی تسہیل و تخریج کرکے اس کے حق کو ادا کردیا۔ دعوتِ اسلامی کے شعبہ المدینۃ العلمیۃ کی اس شاندار کاوش کو دیکھ کر یقیناً صدر الشریعہ بدرالطریقہ حکیم ابوالعلیٰ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ علیہ کی روح پرنور اعلیٰ علیین میں خوش ہورہی ہوگی، کیونکہ صدرُ الشریعہ رحمۃ للہ علیہ نے فرمایا تھا کہ ” اگر اورنگزیب عالمگیر علیہ الرحمۃ میری اس کاوش (بہارِ شریعت) کو دیکھ لیتے تو یقیناً اسے (فقہ حنفی کے مسائل پر مشتمل خزانہ جان کر) سونے میں تولتے ۔“اور آج المدینۃ العلمیۃ کی اس مبارک کاوش نے صدرُ الشریعہ کی تمنّا کو پورا کردیا ، بلکہ یوں کہئے کہ سونے میں تولنے سے بھی زیادہ اہم کارنامہ انجام دے دیا۔

(2)خیرُالاذکیا حضرت مولانا محمداحمد اعظمی مصباحی(صدرمجلس شرعی ،ناظم تعلیمات، جامعہ اشرفیہ):بہارِ شریعت ہمارے یہاں عرصۂ دراز سے رائج ہے، لیکن المدینۃ العلمیۃ نے ایک تو اس کے حوالوں کی تخریج کی ہے، اس کے ساتھ ساتھ حواشی بھی لکھے ہیں، فقہی فوائد اور اصطلاحات شروع میں دی ہیں، اور بہت سی دوسری چیزیں شامل کی ہیں، جو اس کتاب کو بہت ہی عظیم ، بہت ہی وقیع اور عوام و خواص کے لیے بہت زیادہ مفید بنادیتی ہیں۔

(2)جدالممتارعلی ردالمحتار:”جد الممتار“امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ کےوہ وضاحتی نوٹس(Explanation Notes) ہیں جوآپ نے”ردالمحتار“پرتحریر فرمائے ۔چونکہ ”جدالممتار“تحقیق و تدوین کا منتظر تھااسی لئےعرصہ دراز سےیہ علمی خزانہ اہلِ علم کی پہنچ سے دوررہا۔” المدینۃ العلمیۃ“ نےیہ اہم اور مشکل ترین پروجیکٹ لیا ،اِس کےلئے7علمائے کرام منتخب ہوئےاوراِن کی کوششوں سے2013ء کو4000صفحات پرمشتمل7جلدیں منظرِ عام پرآئیں۔جدُالممتار سے متعلق ایک شخصیت کا تاثرملاحظہ کیجئے:

استاذُالعلماحضرت مولانا افتخار احمد قادری مصباحی(شیخ الحدیث دار العلوم قادریہ غریب نواز، ساؤتھ افریقہ):دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے المدینۃ العلمیۃ کے علمائے کرام نے جدُ الممتار کو جس طرح احسن انداز میں پیش کیا ہے یہ دیرپا رہنے والا کام ہے، میں ان تمام علماء کو اس عظیم کام انجام دینے پر بہت مبارک دیتاہوں۔

(3) صراطُ الجنان فی تفسیر القرآن:اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو قرآنِ کریم کی صورت میں وہ نسخۂ کیمیا عطافرمایا ہےجس کےامتیازی اوصاف میں کوئی اور کتاب اس کےبرابر نہیں۔یہ لاریب کتاب تمام عالَم کے لئےعلم و دانش کاخزانہ اورہدایت و راہنمائی کاذریعہ ہے۔اس میں ایسے اصول عطا کیے گئے ہیں جو دائمی اورابد ی ہیں۔اسی اہمیت کے پیشِ نظر اَلْمَدِیْنَۃُ العِلْمِیّۃ نے ایک ذیلی شعبہ ”فیضان ِ قرآن “ قائم کیا جوقرآنی تعلیمات کوکتب و رسائل کےذریعے لوگوں تک پہنچانےمیں مصروفِ عمل ہے ۔اس شعبے کی ایک کاوش 10 جلدوں پرمشتمل دورِ حاضر کی آسان اردوتفسیر” صراطُ الجنان فی تفسیر القرآن“ہےجوکہ عام فہم اندازِ تحریرمیں سورتوں کے مضامین ،آیات کی جامع وضاحت اورایمانی ،معاشرتی ،معاشی اوراخلاقی بگاڑ کو روکنے کے لئےاصلاحی مواد پر مشتمل ہے۔اسی شعبے کی دوسری کاوش لفظی ترجمہ” معرفۃ القرآن فی ترجمۃ القرآن“ 6جلدوں میں شائع ہوچکا ہے ۔ تاحال قرآن سے متعلق کئی کتب زیرِترتیب ہیں جنہیں تکمیل کے بعدشائع کرکے منظر عام پر لایا جائے گا۔

(4)احیاءالعلوم: اما م محمد غزالی رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ کی تمام ہی کتابیں علم کے قیمتی موتی اپنے دامن میں سموئے ہوئے ہیں مگر سب سے زیادہ شہرت پانے والی کتاب اِحْیَاءُ الْعُلُوْم اپنی مثال آپ ہے۔یہ کتاب ہردورمیں مشائخ وعارفین، اقطاب واولیا اورعلما وصوفیا کی توجہ کامرکزرہی ہے ۔اسی اہمیت کے پیشِ نظر امیر اہلِ سنّت حضر ت علامہ مولانا محمد الیاس قادری نےاس کتاب کے ترجمے کی خواہش فرمائی جسے المدینۃ العلمیۃ نے میگا پروجیکٹ کے طور پر لیا اور5علمائے کرام کےسپرد کیا۔2014ء میں یہ پروجیکٹ 5522صفحات پرمشتمل پانچ جلدوں کی صورت میں یہ منصوبہ مکمل ہوا۔اب تک اِس کے 16ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں ۔

اس سال(2020ء) مکمل ہونے والے چارمنصوبوں کامختصر تعارف و جائزہ

(1)فیضان ِ ریاض الصالحین:المدینۃ العلمیۃکے بڑے منصوبوں میں سے ایک منصوبہ ’’فیضان ریاض الصالحین ‘‘بھی ہے۔جس پر المدینۃ العلمیۃ کے شعبہ فیضان حدیث کے تحت کام جاری ہے۔2011ء میں اِس منصوبے کاآغاز ہوا اور اِس کے لئےابتداءً ایک اور پھر6 علمائے کرام کو منتخب کیا گیا جن کی کوششوں سے اب تک 4 جلدیں شائع ہوچکی ہیں اورجلدنمبر5تا7اشاعت کےمراحل میں ہےجب کہ جلد نمبر8اور 9 پر کام جاری ہے۔خیال رہے کہ فیضانِ ریاضُ الصالحین کی ہر جلد600 سے750صفحات پر مشتمل ہے یوں فیضان ریاضُ الصالحین کا 9جلدوں کا مکمل سیٹ کم وبیش ساڑھے چھ ہزار(6500)صفحات پرمشتمل ہوگا اور یہ پروجیکٹ اگست2020ء میں مکمل ہوجائے گا ۔

(2)حلیۃ الاولیامترجم بنام اللہ والوں کی باتیں:اللہ کےپسندیدہ بندوں کی سیرت دنیا و آخرت میں ہمارے لئے رہنما ہے،حلیۃُ الاولیا میں انہی پسندید ہ بندوں کےاحوال و آثار کامحفوظ کردیے گئےہیں،اردو دان طبقے کو ان پاکیزہ نفوس سے روشناس کرانے کے لئے اِس عالی شان کتاب کے ترجمے کی ضرورت محسوس ہوئی اور5منتخب علمائے کرام کواِس کے ترجمے کا کام سونپ دیا گیا۔اِس کی پہلی جلد2013ء منظرِ عام پر آئی جس کے اب تک 14 ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں یادر ہے کہ”حلیۃ الاولیامترجم بنام اللہ والوں کی باتیں“ کی 8جلدیں کا ترجمہ ہوکرمنظرعام پر آگیاہےاور بقیہ دو جلدوں کا ترجمہ اس سال ہوجائے گا یوں یہ پروجیکٹ 10جلدوں میں مکمل ہوگا ۔

(3)قوتُ القلوب:قوتُ القلوب کا موضوع تو تصوف ہے مگر اُس میں قرآن و حدیث اور دیگر علوم کے مضامین بھی شامل ہیں ،یہ کتاب سابقہ ادوار کی طرح دورِ حاضر میں بھی اِتنی ہی مفید اورشائقین ِ علم کے ذوق کا سامان فراہم کرتی ہے لہٰذا المدینۃ العلمیۃ نے اِس کتاب کے اردو ترجمے کا فیصلہ کیا تاکہ عوام بھی اِس خزانے سے علم و عمل کے قیمتی موتی چُن سکے۔اِس ترجمے کےلئے4علمائے کرام کو منتخب کیا گیا۔اب تک 1510صفحات پرمشتمل اِس کتاب کی دوجلدیں منظر ِعام پرآچکی ہیں اور اِ ن کے 9 ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں ۔مزید دوجلدیں2020ء میں شائع ہوجائیں گی۔

(4)آئیے!قرآن سمجھتے ہیں مع ہدایات برائے اساتذہ(14جلدیں):قرآنِ پاک ہدایت و رہنمائی کاسرچشمہ ہے۔مسلمانوں نےجب بھی اس کی ہدایات پر عمل کیا کامیاب ہوئے اور جب اس کی تعلیمات کو پسِ پُشت ڈالا تو ناکام و نامراد ہوئے ۔ہدایات و رہنمائی کے اِس سرچشمے سے نوجوان نسل کوسیراب کرنے کے لئے2017ء میں ایک پروجیکٹ”آیئے! قرآن سمجھتے ہیں“کے نام سے شروع کیا گیا۔یہ پروجیکٹ7جلدوں پرمشتمل ہےجو مختلف عمر کے طلبہ کی ذہنی صلاحیت مدِّ نظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے ۔اب تک اِس کی 6جلدوں اشاعت کے لئے جاچکی ہیں جب کہ ایک جلد فائنل مراحل میں ہے نیز یہ ساتوں جلدیں تقریباً1800صفحات پر مشتمل ہیں۔اِس کورس کو پڑھانے کے لئے ایک گائیڈ بُک ہدایات برائے اساتذہ کے نام سے مرتب کی جارہی ہےجس کےدوحصے مکمل ہوچکے ہیں۔مزید پانچ حصے2020 میں مکمل کرلیے جائیں گے ۔ یوں2سال سے جاری 14جلدوں پر مشتمل یہ عہدساز اور تاریخی منصوبہ اِس سال پایۂ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔