حافظ محمد حنین قادری (درجہ
ثانیہ جامعۃُ المدینہ فیضان اوکاڑوی کراچی ، پاکستان)
حرام مال کی تعریف: جو مالِ حرام کے ذریعے سے حاصل کیا جائے وہ حرام مال ہے۔
حرام مال کی مثالیں : غصب، چوری، ڈاکہ، رشوت، اور جوئے کے ذریعے سے حاصل کیا ہوا مال، سود ، بھتہ
خوری اور ہراساں (خوفزدہ) کرکے وصول کیا ہوا مال، ناچ گانا ، زنا اور شراب کی
کمائی ،داڑھی منڈانا وغیرہ حرام کاموں کی اجرت وغیرہ ۔
حرام مال کے متعلق مختلف احکام : (1) حرام ذریعے سے مال حاصل کرنا گناہ اور جہنم میں لے
جانے والا کام ہے (2) جس کا لینا حرام دینا بھی حرام ہے۔ (مثلاً سود لینا اور دینا
دونوں حرام ہے، رشوت لینا اور دینا دونوں حرام ہے) (3) مالِ حرام میں سے کوئی پیسہ
اپنے کھانے، پہننے یا کسی اور مصرف (کام) میں لگانا حرام ہے۔( ظاہری گناہوں کی
معلومات،ص 99)
حرام مال کے گناہ میں مبتلا ہونے کے بعض اسباب: علمِ دین کی کمی ( کہ خرید و فروخت کے شرعی احکام نہ
جاننے کے سبب ایک تعداد ہے جو نہ چاہتے ہوئے بھی حرام میں جا پڑتی ہے) ، مال و
دولت کی حرص،راتوں رات امیر بننے کی خواہش ، مفت خوری کی عادت اور کام کاج سے دور
بھاگنا ، بری صحبت (جیسے جوا کھیلنے والوں کے پاس اٹھنے بیٹھنے والا خود بھی جوا
کھیلنے میں مبتلا ہو جاتا ہے)۔
حرام کے ذریعے مال
کمانے کی مذمت: نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: بندہ
حرام ذریعے سے جو مال کمائے اگر اسے خرچ کرے گا تو اس میں برکت نہ ہوگی اور اگر
صدقہ کرے گا تو وہ مقبول نہیں ہوگا اور اگر اُس کو اپنی پیٹھ پیچھے چھوڑ کر مر
جائے گا تو وہ اس کیلئے جہنم میں جانے کا سامان ہے، بے شک اللہ پاک برائی کو برائی
سے نہیں مٹاتا ، ہاں نیکی سے برائی کو مٹا دیتا ہے۔ (مسند امام احمد، 2/ 505 ،
حدیث : 3744)
حرام کھانے کی مذمت: رسولِ انور صاحب کوثر صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان ہے: عذاب کے
مستحق لوگوں کے گھروں پر ہر دن اور ہر رات ایک فرشتہ ندا دیتا ہے:جس نے حرام کھا
یا اس کا نہ کوئی نفل قبول ہے نہ فرض۔
پیارے پیارے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے حرام کمانا اور
کھانا کس قدر اللہ اور اس کے محبوبِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی
نافرمانی ہے اور احادیثِ مبارکہ میں حرام کمانے اور کھانے کی کس قدر مذمت بیان کی
گئی۔ تو میرے پیارے اسلامی بھائیو! ہر گز حرام سے بچئے اس سے بچے رہنے کیلئے ہردم
دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ رہئے، خوف خدا رکھئے۔ اور قبر و آخرت کو یاد
کرتے رہئے انشاء الله حرام کمانے اور کھانے سے بچنے میں آسانی ہوگی۔ اللہ کریم
ہمیں حرام کمانے اور کھانے ان دونوں مہلکات سے محفوظ فرمائے۔ اٰمِیْن
بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم