اللہ کریم کی رحمت سے ہمیں جو بے شمار انعامات عنایت ہوئے ہیں، الحمد
للہ نماز بھی ان میں سے ایک عظیم الشان نعمت ہے اور اسی طرح نماز کی جماعت کی دولت
بھی کوئی معمولی انعام نہیں، اللہ پاک کے فضل سے یہ بھی ہمارے لئے بے شمار نیکیاں
حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، اللہ پاک قرآن کریم سورۃ البقرہ، آیت 43 میں فرماتا ہے: وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِيْنَ0
ترجمہ کنزالایمان:رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔
تشریح:اس آیت کا مطلب یہ ہے کہ جماعت سے نماز پڑھا کرو، کیونکہ جماعت کی نماز
تنہا نماز سے 27 درجہ افضل ہے۔(تفسیر نعیمی، جلد 1، صفحہ 330)
فرامینِ مصطفیٰ:
1۔ اللہ عزوجل باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب(پیارا)رکھتا ہے۔(مسند
احمد، مسند اما احمد بن حنبل، جلد2، صفحہ 309، ح5112)
خدا سب نمازیں پڑھوں باجماعت
کرم ہو پئے تاجدارِ رسالت
2۔ مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے
سے 25 درجہ زائد ہے۔(بخاری، جلد 1، صفحہ 233، حدیث 647)
جماعت سے گر تو نمازیں پڑھے گا
خدا تیرے دامن کرم سے بھرے گا
3۔ نماز باجماعت تنہا پڑھنے سے 27 درجہ افضل ہے۔(بخاری، جلد 1، صفحہ
232، حدیث 645)
4۔ جس نے فجر اور عشاء کی نماز باجماعت پڑھی اور جماعت سے کوئی رکعت
فوت نہ ہوئی تو اس کے لئے جہنم و نفاق سے آزادی لکھ دی جاتی ہے۔(شعب الایمان،
جلد3، صفحہ 62، حدیث 2875)
میں پانچوں نمازیں پڑھوں باجماعت
ہو توفیق ایسی عطا یا الہی
5۔ جس نے باجماعت عشاء کی نماز پڑھی، گویا آدھی رات قیام کیا اور جس
نے فجر باجماعت ادا کی، گویا ساری رات قیام کیا۔(مسلم، صفحہ 258، حدیث 1491)
احادیث مبارکہ کی تشریح: مذکورہ بالا تمام احادیث
سے یہ معلوم ہوا کہ نماز باجماعت کی بہت زیادہ فضیلت ہے، اکیلے نماز پڑھنے سے
باجماعت تکبیر اولیٰ کے ساتھ نماز پڑھنا بہت سعادت مندی کی بات ہے،
اے کاش! تمام اسلامی بھائی تکبیر اولیٰ کے ساتھ باجماعت نماز ادا کریں۔
اللہ پاک سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
ہو کرم ربّ رحمت، پئے سرو رِسالت
نہ نماز با جماعت، کی چھٹے کبھی سعادت
پابندیِ نماز کا درس: اللہ پاک نے قرآن مجید میں
متعدد مرتبہ نماز کی پابندی کا حکم دیا ہے، نمازِ پنجگانہ پہلی امتوں میں سے کسی
پر بھی فرض نہیں کی گئی، یہ صرف حضور ﷺ کے
صدقے امت ِمحمدیہ ﷺ پر فرض کی گئی ہے اور
نماز کا عظیم تحفہ مدینے والے آقا ﷺ کو معراج
کی رات عطا فرمایا گیا، فرمانِ مصطفیٰ ﷺ ہے:٭نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔٭نماز مؤمن
کی معراج ہے۔٭نماز بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے۔٭نمازی کے لئے سب سے بڑی
نعمت یہ ہے کہ اسے بروزِ قیامت اللہ عزوجل کا دیدار ہوگا۔
لیکن افسوس! آج اکثر مسلمانوں کو نماز کی بالکل پرواہ نہیں رہی، ہماری
مسجدیں نمازیوں سے خالی نظر آتی ہیں، اللہ پاک نے نماز فرض کر کے ہم پر یقیناً
احسانِ عظیم فرمایا ہے، ہم تھوڑی سی کوشش کریں، نماز پڑھیں تو اللہ کریم ہمیں بہت
سارا اجرو ثواب عنایت فرماتا ہے۔
جنت میں نرم نرم بچھونوں کے تخت پر
آرام سے بٹھائے گی اے بھائیو! نماز