دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 22 اپریل 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان کراچی میں بعد نماز عصر اور نماز تراویح کے بعد مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال : ایمان کاادنیٰ اور اعلیٰ درجہ کیا ہے ؟

جواب :تمام ضروریاتِ دین پر ایمان لانا ضروری ہے، مختلف احادیث میں کئی اعمال بیان ہوئے ہیں جو مومن کو مومنِ کامل بناتے ہیں۔(توجہ فرمائیں:ایمان کی تعریف،ضروریاتِ دِین کی تعریف اوردیگر بہت ساری معلومات جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب"کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب"کا مطالعہ بے حد مفید رہےگا)

سوال : لایعنی(غیر ضروری) کاموں سے بچنے کا کیا طریقہ ہے؟

جواب:لایعنی کاموں سے مراد غیر ضروری کام ہیں ، حدیث پاک ہے کہ انسان کے حُسنِ اسلام (یعنی اسلام کی خوبی) یہ ہے کہ بندہ لا یعنی کاموں کوچھوڑدے ۔ ( مسند امام احمد ،ج3،ص259،حدیث: 1737 )لایعنی کام قول اورفعل دونوں سے ہوتے ہیں قول کی مثال جیسے بلاوجہ باتیں کرنا کہ میں وہاں سےگزررہا تھا، وہاں ایکسیڈنٹ ہوگیاتھا، وہاں سبز پہاڑ تھے وغیرہ، بعض اوقات مبالغہ ہوتا ہے جیسے وہاں بہت زیادہ پھول تھے، اس کا نقصان یہ ہے کہ بعض اوقات بندہ جھوٹے مبالغے میں جا پڑتا ہے، فعل کی مثال جیسے بِلا ضرورت ٹانگ ہِلانا ،قلم سے بلاوجہ لائنیں لگانا،مختلف چیزوں سے دھاگے نکالنا۔( اگر یہ چیز کسی کی ہو یا مسجد کی دری ہواوردھاگے نکالنے سے اس کا نقصان ہو تو اب تو گناہ ہوجائے گا)، لا یعنی کاموں کا ایک نقصان یہ ہے کہ جتنی دیراس میں مصروف رہے گا اللہ پاک کے ذِکر سے غافل ہوجائےگا۔

سوال: زندگی سے مایوسی اور ناامیدی کو کیسے ختم کیا جائے؟

جواب:اللہ پاک کی رحمت پر نظر رکھیں ، رحمتِ الٰہی کے فضائل پڑھیں، تلاوت کریں،نمازیں پڑھیں، عبادت میں دل لگائیں، متعلقہ ڈاکٹر سے مشورہ کرکے دوا (Medicine)بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔

سوال: عُرس منانے یاایصالِ ثواب کرنے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب: عُرس وایصالِ ثواب کےبہت فائدے ہیں ،ایک فائدہ یہ ہے کہ صاحبِ عُرس یاجس کو ایصالِ ثواب کیا اُسے خوشی حاصل ہوتی ہے، نیک ہستیاں ہم سے خوش ہوں گی تو اپنا بیڑا پار ہے۔

سوال : عورتوں میں افضل کون ہیں؟

جواب: حضرت خدیجہ ، حضرت عائشہ اور حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہم اپنے اپنے مقام کے اعتبار سے عورتوں سے افضل ہیں ۔

سوال: درگزراورمعاف کرنے کی عادت کس طرح بنائی جائے ؟

جواب: اس کے لیے بہت ریاضت اور محنت کی ضرورت ہے، بندہ معاف کرنا سیکھے ورنہ انتقام لیتے ہوئے زیادتی کرے گا تو مظلوم سےظالم بن جائے گا، معاف کرنا بہت بڑی بات ہے، جتنا ہی زور دار دل دکھا ہوگا اس پر معاف کرنا اتناہی زیادہ کارِ ثواب ہوگا، فیضانِ سنت کے باب ’’ غیبت کی تباہ کاریاں‘‘ میں رسالے ’’عفو و در گزر کی فضیلت ‘‘(صفحہ 477تا494) کا مطالعہ کریں ، چودہ طبق روشن ہوجائیں گے۔(یعنی اتنی معلومات ملیں گی کہ آپ حیران ہو جائیں گے)

سوال : دُنیاوی اداروں کے طلبہ اپنے اَخلاق کس طرح بہتربنائیں ؟

جواب : طلبہ(Students) کسی ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں ،آگے جاکریہ ملک کے سارے شعبوں کو سنبھالیں گے،ان کی اخلاقی تربیت ضروری ہے، اس کے لیے دنیاوی اداروں کےنصاب (Syllabus) کی شرعی تفتیش ہو،یہ اسلامی تعلیمات میں رنگاہواہواوراساتذہ کی تربیت ہو،اِن شاۤءَ اللہُ الکریم تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کے اخلاق بھی بہترہوں گے اور ان کی اخلاقی تربیت بھی ہوگی ۔

سوال : دعاکےشروع اورآخرمیں دُرودشریف پڑھنے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب: دُعاکی قبولیت کی بشارت(خوشخبری) ہے لیکن اگرکوئی نہ پڑھے تو کوئی حرج نہیں جیسے ہم آپس میں ملاقات میں سلام کرتےہیں تو یہ بھی دُعاہے، اس کے اول وآخردُوردشریف نہیں پڑھا جاتا ۔

سوال: گفتگومیں مبالغہ آرائی سےکیسے بچا جائے ؟

جواب: اپنی گفتگوپرغورکریں ،کوشش کریں کہ اس میں مبالغہ نہ ہو ،جیسے یہ کہنا کہ سرمیں بہت دردہورہا ہے ،جب غورکیا تو معلوم ہواکہ دردتوہورہا ہے مگربہت نہیں ہورہا کیونکہ بہت سردردہوتو کچھ سمجھ نہیں آتا،اسی طرح یہ کہنا کہ بے حدبخارہورہاہے ،یہ بھی ٹھیک نہیں کیونکہ بخارکی کوئی حدتوہوتی ہے ، اگریہ حدتوڑدے توبندے کوقبرمیں اُتاردے گا۔

سوال: اصل مفتی کون ہوتاہے ؟

جواب: اصل مفتی مجتہد(مُج۔تَ۔ہِد)ہوتاہے اورمجتہد بہت بڑاعالم ہوتاہے ،موجودہ مفتیان ِکرام مجتہد نہیں بلکہ مفتیِ ناقل ہیں ۔

سوال : دعوتِ اسلامی تھیلیسیمیا(Thalassemia) کے مریضوں کے لیے خون(Blood) لینے کی مہم شروع کررہی ہے ،آپ بھرپورترغیب اِرشاد فرمادیں

جواب : پیارے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی دُکھیاری امت کے لیے نکلیےاوراپناخون دعوتِ اسلامی کودیجئے ، کسی خاندان کی رخصت ہونے والی مسکراہٹ ان شاء اللہ واپس آجائے گی ،میرے مدنی بیٹومزیدہمت کیجئے ۔

دُعائے عطار

یااللہ !جوخون دے یا جو ایک دفعہ دے چکا ہے وہ دوبارہ دے ،پیارے حبیب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے صدقے،اسے اُس وقت تک موت نہ دے ،جب تک پیارے محبوب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا جلوہ نہ دیکھ لے، اس کے ایمان پر مہرلگ جائے ،ایمان پر خاتمہ نصیب ہو۔امین۔اس کام میں جو ڈاکٹراوردیگرمعاونین شامل ہیں ، ان کے حق میں بھی یہ دعا قبول ہو،جو اسلامی بہنیں اپنے بیٹے اوردیگرمحرموں کواس کےلیے تیارکریں، ان کے حق میں بھی یہ دعاقبول ہواوروہ ثواب کا حقداربنیں ۔ خون دینے کے بعد خون دینے والوں کو اللہ پاک مزید قوت دے کہ یہ عبادت ونیکیاں کریں ۔

سوال: حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہااِسلام کیسے لائیں ؟

جواب: دراصل یہ سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے متاثرتھیں، اسی وجہ سے آپ سے نکاح ہوا،پھر جب وحی نازل ہوئی توانھوں نے تسلیاں دیں اورآپ پرایمان بھی لے آئیں ، یوں عورتوں میں سب سے پہلے ایمان لانے والی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہاہیں ۔

(توجہ فرمائیں:حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کا تعارف،قبولِ اسلام کا واقعہ،آپ کی علمی شان و شوکت اور آپ کی سیرت سے متعلق دیگرمعلومات جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کے رِسالے"فیضانِ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا"کا مطالعہ کیجئے)