تین رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور چار رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دامت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:کیاجانوروں کی کچھ چیزوں میں بھی تاثیر ہوتی ہے ؟

جواب: جی ہاں ! میراتجربہ بھی ہے، عارف باللہ(یعنی اللہ پاک کی پہچان رکھنے والے)حضرت کمالُ الدِّین دَمیریرحمۃ اللہ علیہ نے"حَیَاتُ الْحَیَوان "میں اس طرح کی تاثیرات لکھی ہیں ۔یہ تاثیرات اللہ پاک نے رکھی ہیں ۔مؤثرِحقیقی تو اللہ پاک ہی ہے۔

سوال:قوتِ فیصلہ اورخود اِعتمادی کیسے پیداہو؟

جواب: یہ بندےکےاپنےاختیارمیں ہے ،اپنا ذہن بنائےاوراپنے اندرکام کرنےکی ہمت پیداکرے۔ جن میں اس کی کمی ہو،ان کے لیے دوسروں کوچاہئے کہ ان کی ہمت بڑھائیں ۔

سوال: کیا ہراچھا کام نیک اورثواب کام ہوتاہے ؟

جواب:ضروری نہیں ہے،مباح بھی ہوسکتاہے۔مباح کام (جواپنی ذات میں نہ بُراہواورنہ ثواب والاجیسے کھانا کھانا) میں اچھی نیت(مثلاً عبادت پر قوت حاصل کرنے کی نیت ) کرلی جائے تو وہ بھی نیک وثواب والاکام بن جاتاہے۔

سوال: جس کا دل دُکھا دیا ہو،کیا اس کو اپنی نیکیاں اِیصال کرنا کافی ہوگایا اس سے معافی بھی مانگناہوگی؟

جواب:معافی مانگناہوگی ،اگرفوت ہوگیا ہے تو اس کے لیے مغفرت کی دُعا کرے ۔

سوال: جَزَاکَ اللہُ خَیْراََکے کیامعنی ہیں ؟

جواب: اللہ پاک آپ کو بھلا اوراچھابدلادے۔

سوال:گھرمیں گاجرکااچارکس طرح بنایاجائے؟

جواب:گاجرکا اچارگھرمیں بنایا جاسکتاہے،گاجروں کوکاٹ کر ان میں تیل ،مرچ اورلیموں ڈال دیں ۔گاجرکا اچاربنانےمیں لحسن بھی ڈالا جاتاہے مگرمیں یہ پسندنہیں کرتا کیونکہ کچےلحسن والے اچارکھانےسے منہ میں بُو ہوجاتی ہے جس کے ہوتے ہوئے ذِکرُاللہ اورتلاوت وغیرہ کرنے کی اجازت نہیں ۔اس لیے گاجرکے اچارمیں لحسن نہ ڈالاجائے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:کیا دینِ اسلام کے لیے قربانی کی بھی اہمیت ہے ؟

جواب: دین ِاسلام کی اِشاعت کے لیے قربانی کی بہت اہمیت ہے ،اِسلام کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔

سوال:پوری دنیا پر حکومت کرنے والے بادشاہ کتنے اورکون کون تھے ؟

جواب: پوری دنیا پر حکومت کرنے والے 4 بادشاہ ہوئے ہیں۔2 مومن اور2 کافر۔ مومن بادشاہ حضرت سلیمان علیہ السلام اور حضرت ذوالقرنین رضی اللہ عنہ اور کافر نمرود اور بختِ نصرتھے۔

سوال: کیا سرپر مہندی لگا کرسونے کاکوئی نقصان بھی ہے؟

جواب:جی ہاں ! اس سےنظرجانے(یعنی نابینا ہونے)کااندیشہ ہے، سرپر مہندی لگا کرنہیں سونا چاہئے۔میری ایک نابینا سے ملاقات ہوئی تھی اس نے بتایا تھا کہ 10سال پہلے میں میری آنکھیں دُرست تھیں،مگرمیں بالوں میں مہندی لگا کرسویااورجب اُٹھا تو میری نظر جاچکی تھی۔

سوال:کلیجی کھانا کیسا؟

جواب:کلیجی کھا نامفید ہے البتہ جن کوکولیسٹرول یا پیٹ میں گیس کامرض ہووہ نہ کھائیں ۔جنت میں جنتیوں کوسب سے پہلے مچھلی کی کلیجی کاکِنارہ دیاجائے گا۔

سوال: سفرِحج کےدوران اُم المؤمنینحضرتِ میمونہ رضی اللہ عنہاکے مزارِپُراَنوارسے پتھرلینے والا واقعہ کیا ہے ؟

جواب: 1410ھ مطابق 1990ء میں ہم جب حج پر گئے تو اُم المؤمنین حضرتِ میمونہ رضی اللہ عنہاکے مزارِپُراَنوارسے ایک پتھرتبرک کے لیے بیگ میں رکھ لیاتھاتاکہ وطن بھیج دیاجائے مگرجب اس کو کچھ وقت کے بعد دیکھا تو اس میں نمی تھی اوردیکھتے دیکھتے ہی اس کی نمی میں اضافہ ہوگیا،گویا وہ مزارِپُرانوارسے جُدائی پر رورہا تھا ،پھراسے دوبارہ مزارپر رکھ دیا تھا ۔

سوال: اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان رحمۃاللہ علیہ کیسے شاعرتھے ؟

جواب:اعلیٰ حضرت بہت بڑے عالم،بہت بڑے محدث اوربہت بڑے مفتی تھے، اسی طرح بہت بڑے شاعربھی تھےبلکہ کہنا چاہئے کہ ہرفن مولیٰ تھے،جیسے آپ کلام لکھنے میں اِمَامُ الْکَلام ہیں،اسی طرح آپ کاکلام بھی کَلامُ الْاِمَام یعنیکلاموں کا اِمام ہے۔

سوال: جب بچوں کو باہرجانا ہوتو کیا ماں باپ سےاجازت لینی چاہئے؟

جواب:جو بچے ناسمجھ ہوں انہیں تو ماں باپ سےاجازت لے کرہی باہرجانا چاہئے بلکہ بچوں کو اس کا پابند بنا یا جائےاورجب بڑے ہوجائیں تو بھی اجازت لینا اچھا ہے، جب میں اوپر والی منزل سے نیچے کھا نا کھانے جاتاتوکھانا کھانے کے بعد اُوپر جانےسے پہلے اپنی بڑی بہن( فوئی ماں، جو میری ماں کی جگہ تھی )سے اجازت لیتاپھر اوپروالی منزل پر جاتا، اسی طرح سفرسے پہلے بھی اجازت لیتاتھا ،اجازت لینے سے محبت بڑھتی ہے۔

سوال: کئی لوگ کہتے ہیں کہ ’’میں بہت مصروف ہوں ‘‘اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: ہرایک کوچاہئے کہ یہ کہنے’’میں مصروف ہوں‘‘ سے پہلے خوب غورکرلے کہ کیا وہ واقعی مصروف ہے یا نہیں ؟مصروف ہے تو یہ کہے ورنہ جھوٹ نہ بولے۔