6 اپریل
کو مدنی مذاکرے کا انعقاد، امیر اہلسنت نےمدنی پھول ارشاد فرمائے
رمضان المبارک کی رحمتیں لوٹنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 6اپریل
2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے
شرکت کی۔
امیر
اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان
رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔
بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے
کے مدنی پھول
سوال: بوریت(اُکتاہٹ) کیسے دُورکی جائے؟
جواب : بوریت یعنی اُکتاہٹ تقریباً سارے کاموں
میں ہوتی ہے ،ایک کام میں بوریت ہوجائے تو دوسراکام شروع کردیناچاہئے،البتہ دوسراکام گناہوں بھرانہیں ہونا چاہئے۔
سوال: مسجد
وغیرہ میں افطاری کے لیے کیا پھل کاٹ کر بھیجا جائے؟
جواب: بغیر کاٹے(ثابت) بھیجا جائے ،پھل کے اوپرکھال یعنی
چھلکاہوتا ہے جس سے وہ خراب نہیں ہوتا ،کٹاہواپھل اورکٹی ہوئی سبزیاں فریج میں
نہیں رکھنی چاہئیں ،پھل کھاتے وقت اورسبزیاں پکاتے وقت کاٹنی چاہئیں ورنہ جراثیم
داخل ہوجائیں گے اوران کے فوائدکم ہوجائیں گے۔
سوال: کہا
جاتاہے کہ رمضان کےپہلے10دن عشرۂ رحمت
،دوسرے 10دن عشرۂ مغفرت اورآخری عشرہ جہنم سے آزادی ہے، کیا یہ حدیث پاک میں ہے؟
جواب:حی ہاں !حدیث میں ہے کہ رمضان
کا اوّل رحمت، اوسط(درمیان) مغفرت اورآخرجہنم سے آزادی ہے۔ (صحیح ابن خزیمہ ،3/1887،بحوالہ فیضان سنت ،1/858)
سوال: بزرگانِ
دِین کی سیرت پڑھنےکے کیا فوائد
ہیں؟
جواب: بزرگانِ
دِین کی سیرت پڑھنے کے کئی فائدےہیں ،
جہاں اللہ والوں کا ذکرہوتاہے وہاں اللہ پاک کی رحمت نازل ہوتی ہے،ان کے واقعات
پڑھنے سے دل میں نرمی پیداہوتی ہے ،ان کی
محبت میں اضافہ ہوتا ہے اور عقیدت بڑھتی ہے ،عمل کی ترغیب ملتی ہے ،ان کے بعض واقعات سے دل پر چوٹ لگتی ہے ،ان کی باتیں
دل میں اثرکرتی ہیں البتہ سیرت مستندہونی
چاہئے ۔المدینۃ
العلمیہ(Islamic Research Center) نے صحابۂ کرام اوراولیائےکرام کی سیرت پر بہت
سی مستندکتابیں اوررسائل لکھے ہیں اورمکتبۃ المدینہ نے شائع کئے ہیں،یہ خرید کر مطالعہ کریں ۔
سوال : بزرگان ِ دین کی سیرت پر مستند کوئی کتاب بتادیجئے ۔
جواب: اللہ والوں کی باتیں (مترجم حلیۃ الاولیا )کی 8 جلدیں(Volumes) مکتبۃ
المدینہ سے شائع ہوگئی ہیں ،اس کاپورا
سیٹ خریدلیں، میں نے بھی اپنے پاس یہ سیٹ
رکھا ہواہے ،یہ بہت دلچسپ کتاب ہے ،شروع
کریں تو پڑھتے جائیں۔
سوال: آپ(امیرِ اہلسنت دامت
برکاتہم العالیہ) کس حساب سے
صدقۂ فطراداکریں گے؟
جواب:میں عجوہ کھجورکے
حساب سے صدقۂ فطراداکروں گا،جس سے بَن
پڑے وہ عجوہ شریف اور کشمش کے حساب سےصدقہ ٔفطراداکرے ۔
بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی
مذاکرے کے مدنی پھول
سوال: بعض نادان رمضان میں بھی گناہ کرتے ہیں،ایسوں کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟
جواب : گناہ کبھی بھی نہیں
کرناچاہئے، رمضان میں تو بالخصوص بچناچاہئے ،رمضان میں نیکیوں کا ثواب
بڑھ جاتاہے،لیکن ساتھ ساتھ گناہوں کی شدت
ونحوست میں بھی اضافہ ہوجاتاہے۔
سوال: کس
کی دِینی بات سنیں اورکس کی نہ سنیں؟
جواب: امامِ اہلسنّت ،سیدی اعلیٰ حضرت امام احمدرضا رحمۃ اللہ
علیہ بہت بڑے عالم ،بہت بڑے مصنف تھے ،ان کا 33جلدوں پر
فتاویٰ رضویہ ہے، قرآنِ پاک کا ترجمہ بھی کیا ہے ،یہ میرے آئیڈیل
ہیں، جو ان کےذکرپر خوش ہوتاہے،ان کا چاہنے والا ہے اسی عالم کی بات سننی چاہئے، جو ان کانہیں ہے
وہ ہمارانہیں ،ایمان سلامت رکھناچاہتے ہیں تو آپ بھی ان کے ہوکررہ جائیں ۔
سوال: گھرمیں اگر کوئی سورہا ہوتو کیا احتیاط کرنی چاہئے؟
جواب: اگروہ اتنا حساس ہے کہ تھوڑی سے روشنی سےاس کی آنکھ کھل جاتی ہے یا کسی طرح کی تھوڑی سی آوازسے بھی وہ جاگ جاتاہے تو پھر کوئی ایساکام نہ کیا جائے کہ اس کی آنکھ
کھل جائے اوراسے تکلیف ہو ۔
سوال: ماں
باربارڈانٹتی ہوتو بیٹی کو کیا کرنا چاہئے ؟
جواب: صبرکرے ،زبان سے کچھ نہ کہےاورجس وجہ سے ڈانٹ پڑتی
ہووہ کام نہ کرے،ماں باپ کوچاہئے کہ اولاد کو باربارنہ ڈانٹیں، خصوصاًجوان اولاد
کو بار بارڈانٹتے رہنا اسے باغی بناسکتاہے ۔
سوال: راہ
ِخدامیں مال خرچ کرنے کے کیادُنیوی فوائد ہیں ؟
جواب: راہِ خدامیں
خرچ کرنے سے روزی میں برکت ہوتی ہے ،پریشانیاں دور ہوتی
ہیں اوربیماریاں ختم ہوتی ہیں ۔
سوال:کھانے
کے اوّل وآخرنمک یا نمکین کھانے کاکیا
فائدہ ہے؟
جواب: کھانے کے اوّل وآخرنمک یا نمکین کھانے سے 70بیماریاں دورہوتی ہیں ،میں اوّل وآخر پنک سالٹ (لاہوری نمک )استعمال کرتا ہوں یعنی
تھوڑاساچکھ لیتاہوں ۔رسالہ" 220سنتیں اورآداب" کے
صفحہ 20 پر ہے :اوّل آخرنمک کھائیے کہ سنت ہے اوراس
سے 70بیماریاں دورہوتی ہیں ،اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے نمکین کھانے کو نمک
کے حکم میں لیا ہے ۔
سوال: کیا والدین کے اچھا یا بُراہونے کا اولادپربھی اثرہوسکتاہے؟
جواب : ایساہوسکتاہے کہ اچھا تخم(بیج ) اچھا پھل لاتاہے،بُراتخم(بیج ) بُراپھل لاتاہے ،لیکن ایساہونا ضروری نہیں ۔
سوال: آپ سیدھے ہاتھ سے لینے دینےکی بہت تاکیدکرتے
ہیں، اس کی کیا وجہ ہے ؟
جواب:سیدھے
ہاتھ سے لینا دینا سنت اوراُلٹے ہاتھ سے لینا دینا شیطان کا کام ہے ،سنت پرعمل میں
عظمت ہے ، مجھے قاری مصلح الدین رضوی رحمۃ اللہ علیہ کی بہت صحبت حاصل رہی ہے ،قاری صاحب کو کوئی اُلٹے
ہاتھ سے چیز دیتاتو آپ نہ لیتے ،وہ سمجھ جاتااورسیدھے ہاتھ
سے دیتااوراسے سیدھے ہاتھ سے لے لیتے ،میرابھی یہی اندازہے ۔فرمانِ محدثِ اعظم پاکستان حضرت علامہ
سرداراحمدقادِری رحمۃ
اللہ علیہ :سیدھے ہاتھ سے لیتے دیتے رہو گے تو قیامت میں جب
نامہ اعمال دیاجائے گا توسیدھے ہاتھ سے لینے دینے کی عادت ہونے کی وجہ سے سیدھے ہاتھ سے نامہ اعمال
لے لوگے ۔
سوال:سنتوں پر خودعمل کیسے کریں
اوردوسروں کوکس طرح ترغیب دلائیں ؟
جواب: سنتوں کے بارے میں علم حاصل کریں، ان پرسنجیدگی سے
عمل کرکے اپنے اوپرنافذکریں اورعمل کرکے دوسروں کو ترغیب دلائیں ۔
سوال: دسترخوان پر جوذرّات
گِرجاتے ہیں،ان کا کیاکرنا چاہئے؟
جواب: دسترخوان
پر جو ذرّات ،چاول کے دانے اورتِل وغیرہ گِرجائیں تو انہیں کھالیں ، ضائع نہ کریں
،جب روٹی توڑیں تو سالن کی پلیٹ کے اوپر کرکے توڑیں تاکہ روٹی کے ذرّات سالن میں
گِریں اورپیٹ میں چلے جائیں ۔
سوال : کیا بڑابھائی چھوٹے بھائی کو
کوئی کام کہہ سکتاہے؟
جواب: حدیث پاک ہے: جو اپنے بڑوں کا ادب نہ کرے
اورچھوٹوں پر شفقت نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں (معجم اوسط،3/349)یعنی
ہمارے طریقے پر نہیں ،بڑے بھائی کوچاہئے کہ وہ چھوٹے بھائی سے مشقت والاکام
نہ لے ،معمولی کام لیا جاسکتاہے
،بارباربھی نہ کہے ،چھوٹابھائی بھی اس کے کام کردیا کرے ۔گھرکا ماحول حکمتِ عملی سے محبت وپیاروالارکھا
جائے ۔
سوال: کیا
دِینی احکام پرعمل خوش دلی سے کرناچاہئے ؟
جواب: جی ہاں
!دِینی احکام پر خوش دلی سے عمل کرنا چاہئے ،بعض اوقات نفس پر بوجھ پڑتاہے تو وہ
عمل کرنے پر ثواب زیادہ ملے گا۔ان شاۤء اللہُ الکریم