نماز دینِ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے ہر عبادت کا ایک ستون اور پایہ ہوتا ہے جس پر پوری عمارت کا دارو مدار ہوتا ہے، اگر کبھی اس ستون پر کوئی آفت آجائے تو پوری عمارت زمیں بوس ہو جاتی ہے۔ اسی طرح سے نماز ایک دیندار انسان کے دین و عقائد کے لئے ایک ستون کے مانند ہے۔پیارے پیارے اسلامی بھائیوں! نمازِ پنجگانہ مسلمانوں کے لئے ایک اہم ترین فریضہ ہے۔ اسلامی عبادات میں سب سے افضل عبادت نماز ہے۔ قرآن و حدیث میں نماز کے بے شمار فضائل بیان ہوئے ہیں ۔جن میں سے نماز عصر کی اہمیت و افضلیت پر 5 فرامین مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ذکر کیے جاتے ہیں:۔

(1) حضرت عمارہ بن روبیہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ شخص ہرگز جہنم میں نہیں جائے گا جو طلوع آفتاب سے پہلے اور غروب آفتاب سے پہلے نماز پڑھے یعنی فجر اور عصر کی نماز پڑھے (صحيح مسلم)

(2)حضرت ابن عمر رضي اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس کی نماز عصرجاتی رہی گویا اس کا گھر بار اور مال لٹ گیا۔(مشکوة المصابیح)حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ الله علیہ اس حدیث پاک کے تحت لکھتے ہیں: یعنی جیسے اس شخص کو وہ نقصان پہنچا جس کی تلافی نہیں ہوسکتی ایسے ہی عصر چھوڑنے والے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔

(3)حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مصطفیٰ جان رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو نماز عصر چھوڑدے اس کے عمل ضبط ہوگئے۔(مشکوة المصابیح)حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃاللہ علیہ اس حدیث پاک کے تحت لکھتے ہیں:عمل ضبط ہونے سے مراد اس کام کی برکت کا ختم ہونا ہے یا یہ مطلب ہے کہ جو عصر چھوڑنے کا عادی ہوجائے اس کے لئے اندیشہ ہے کہ وہ کافر ہوکر مرے۔

(4)حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدار رسالت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو دو ٹھنڈی نمازیں پڑھا کرے جنت میں جائے گا۔(مشکوة المصابیح)مرأة المناجیح میں ہے کہ ٹھنڈی نمازوں سے مراد فجر و عصر ہے۔

(5)حضرت ابو بصرہ غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نور والے آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ نماز یعنی نماز عصر تم سے پچھلے لوگوں پر پیش کی گئی تو انہوں نے اسے ضائع کردیا لہذاجو اسے پابندی سے اداکریگا اسے دگنا اجر ملے گا۔(صحیح مسلم)حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث پاک کے تحت لکھتے ہیں: یعنی پچھلی امتوں پر بھی نماز عصر فرض تھی مگر وہ اسے چھوڑ بیٹھے اور عذاب کے مستحق ہوئے، تم ان سے عبرت پکڑنا۔

اللہ پاک ہمیں پانچوں وقت کی نماز با جماعت پڑھنےکی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم