دینِ اسلام میں تمام فرائض کی تکمیل پر انتہائی زور دیا گیا ہے بالخصوص نماز کی ادائیگی کی بہت تاکید کی گئی ہے ۔اس لیے کہ نماز جمیع عبادات کی اصل اور مومن کی معراج ہے۔ پھر نماز میں بھی نمازِ عصر کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی کثیر احادیثِ طیبہ میں اس کی تاکید موجود ہے۔ ذیل میں ہم پانچ احادیثِ کریمہ ذکر کرتے ہیں جن سے نمازِ عصر کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔

(1)عَنْ ‌عَبْدِ اللهِ بْنِ عُمَرَ ، أَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: الَّذِي تَفُوتُهُ ‌صَلَاةُ ‌الْعَصْرِ كَأَنَّمَا وُتِرَ أَهْلَهُ وَمَالَهُ ترجمہ: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : جس کی عصر کی نماز فوت ہوگئی گویا کہ اس کے اہل و عیال اور اس کا مال لُٹ گیا۔

(2)عَنْ بُرَيْدَةَ الْأَسْلَمِيِّ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ فَاتَتْهُ ‌صَلَاةُ ‌الْعَصْرِ حَبِطَ عَمَلُهُ» ترجمہ: حضرت بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس کی عصر کی نماز فوت ہوگئی اس کا عمل برباد ہوگیا۔

(3)عَنْ ‌أَبِي الْمَلِيحِ قَالَ:«كُنَّا مَعَ بُرَيْدَةَ فِي غَزْوَةٍ فِي يَوْمٍ ذِي غَيْمٍ، فَقَالَ: بَكِّرُوا بِصَلَاةِ الْعَصْرِ، فَإِنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: مَنْ تَرَكَ ‌صَلَاةَ ‌الْعَصْرِ فَقَدْ حَبِطَ عَمَلُهُ» ترجمہ: حضرت ابو الملیح رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم بادلوں کے دن ایک غزوے میں حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھے تو آپ نے فرمایا کہ جلدی جلدی عصر کی نماز پڑھو کیونکہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ جس نے عصر کی نماز چھوڑ دی اس کا عمل برباد ہوگیا۔

(4)عَنْ ‌عَلِيٍّ قَالَ:«قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمَ الْأَحْزَابِ:شَغَلُونَاعَنِ الصَّلَاةِ الْوُسْطَى‌صَلَاةِ الْعَصْرِ،مَلَأَ اللهُ بُيُوتَهُمْ وَقُبُورَهُمْ نَارًا ترجمہ: حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے احزاب کے دن فرمایا کہ (مشرکین نے) ہمیں صلوٰۃِ وسطٰی ،عصر کی نماز سے مشغول رکھا ، اللہ پاک ان کے گھروں اور قبروں کو آگے سے بھر دے۔

(5)مِنْ أَبِي بَكْرِ بْنِ عُمَارَةَ بْنِ رُوَيْبَةَ الثَّقَفِيِّ، عَنْ أَبِيهِ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «لَنْ يَلِجَ النَّارَ مَنْ صَلَّى قَبْلَ طُلُوعِ الشَّمْسِ وَقَبْلَ غُرُوبِهَا» ترجمہ: حضرت ابو بکر بن عمارہ بن رویبہ ثقفی اپنے والد سے روایت فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ وہ شخص کبھی بھی آگ میں داخل نہیں ہوگا جس نے سورج کے طلوع ہونے(یعنی صبح کی نماز) اور غروب ہونےسے پہلے (یعنی عصر کی )نماز پڑھی۔

اللہ کریم پیارے محبوبِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے ہم سب کو نمازِ پنجگانہ باجماعت مسجد کی صفِ اول میں ادا کرنے کی توفیقِ رفیق نصیب فرمائے۔