اہل بیت سے مراد وہ لوگ ہیں جن پر صدقہ حرام ہے اور ان لوگوں میں آپ ﷺ کی تمام ازواج مطہرات اور ان کی آل اولاد شامل ہیں۔

اللہ پاک سے محبت کرو کیونکہ وہ تمہیں اپنی نعمت سے روزی دیتا ہے، اور اللہ پاک کی محبت حاصل کرنے کے لیے مجھ سے محبت کرو اور میری محبت پانے کے لیے میرے اہل بیت سے محبت کرو۔ (ترمذی، 5/434، حديث: 53814)

ان کی پاکی کا خدائے پاک کرتا ہے بیاں آیۂ تطہیر سے ظاہر ہے شان اہل بیت

(ذوقِ نعت، ص71)

اہلِ بیت اطہار وہ عظیم ہستیاں ہیں جنہیں ہمارے پیارے نبی پاک ﷺ سے خاندانی نسبت بھی حاصل ہے۔ حضورِ اکرم ﷺ اور اہلِ بیت اطہار کی محبت کے بغیر ایمان کامل نہیں ہوتا جیساکہ فرمان مصطفىٰ ﷺ ہے: کوئی بندہ اس وقت تک کامل مؤمن نہیں ہوتا یہاں تک کہ میں اس کو اس کی جان سے زیادہ پیارا نہ ہو جاؤں اور میری اولاد اس کو اپنی اولاد سے زیادہ پیاری نہ ہو۔ (شعب الایمان، 2/ 189، حدیث: 1505)

باغ جنت کے ہیں بہر مدح خوانِ اہلِ بیت تم کو مژدہ نار کا اے دشمنان اہل بیت

کس زباں سے ہو بیان عز و شانِ اہل بیت مدح گوئے مصطفیٰ ہیں مدح خوانِ اہل بیت

شرح: اہل بیت اطہار کی شان و عظمت کا اظہار قرآن کریم کی آیتِ تطہیر سے بھی ہوتا ہے جس میں اللہ پاک نے اہل بیت سے گناہوں کی آلودگی دور کر کے انہیں خوب پاک کرنے کو بیان فرمایا ہے: اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَ یُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًاۚ(۳۳)(پ 22، الاحزاب: 33) ترجمہ کنز الایمان: اللہ تو یہی چاہتا ہے اے نبی کے گھر والو کہ تم سے ہر ناپاکی کو دور فرمادے اور تمہیں پاک کرکے خوب ستھرا کردے۔

صدیق اکبر کی اہل بیت سے محبت: ایک موقع پر حضرت صدیق اکبر رضی للہ عنہ کے سامنے اہل بیت کا ذکر ہوا تو آپ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے ! رسول پاک ﷺ کے قرابت داروں سے حسن سلوک کرنا مجھے میرے قرابت داروں سے صلہ رحمی کرنے سے زیادہ محبوب و پسندیده ہے۔(بخاری، 2/438، حدیث: 3712)

ایک بار حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: رسول اکرم ﷺ کے احترام کے پیش نظر اہل بیت کا احترام کرو۔ (بخاری، 2/438، حدیث: 3713)