مسلمانوں کے دلوں میں
جہاں صحابۂ کرام کی محبت دین اسلام کے لیے ضروری ہے وہیں حضورﷺ کے گھرانے اہلِ
بیت اطہار سے عقیدت و محبت میں دینِ اسلام کا حصہ ہے۔آقاﷺ نے جہاں اپنے اصحاب کے
لیے فرمایا کہ میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں ان میں سے جس کی اقتدا کرو گے ہدایت
پا جاؤ گے۔ (مشکاۃ المصابیح، 2/414، حدیث: 6018) وہیں اپنی آل کے لیے بھی فرمایا: میرے اہلِ بیت کی مثال
کشتی نوح کی طرح ہے۔جو اس میں سوار ہو گیا وہ نجات پا گیا۔اور جو پیچھے رہا وہ
ہلاک ہو گیا۔(مستدرک، 3/ 81، حدیث: 3365)
اہلِ بیت میں کون کون شامل: اہلِ بیت سے مراد رسول
اللہ ﷺ کے وہ آل و اولاد مراد ہیں جن پر صدقہ حرام ہے۔ان میں سیدنا علی کی اولاد،
سیدنا جعفر کی اولاد، سیدنا عقیل کی اولاد، سیدنا عباس کی اولاد، بنو حارث بن عبد
المطلب اور نبی اکرمﷺ کی تمام ازواج مطھرات اور بنات طاہرات رضی اللہ عنہم شامل
ہیں۔
حقوق اہلِ بیت(1): اپنی اولاد کو تین باتیں سکھاؤاپنے نبیﷺ کی محبت، اہلِ
بیت کی محبت اور تلاوت قرآن۔(فیضان اہلِ بیت، ص20)
(2) میری شفاعت میری امت کے اس شخص کے لیے ہے جو میرے گھرانے
(یعنی اہلِ بیت)سے محبت رکھنے والا ہو۔(فیضان اہلِ بیت، ص20)
(3) تم میں بہتر آدمی وہ ہے جو میرے بعد میرے اہلِ بیت کے لیے
بہتر ہوگا۔(مستدرک، 4/369، حدیث: 5410)
(4) جو میرے اہلِ بیت میں سے کسی کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا میں
قیامت کے دن اس کا بدلہ اسے عطا کروں گا۔(فیضان اہلِ بیت، ص24)
(5) سب سے پہلے میرے حوض (یعنی حوض کوثر)پر آنے والے میرے اہلِ
بیت ہوں گے۔(السنۃ لابن ابی عاصم، ص 173، حدیث: 766)
اللہ پاک سے محبت کرو
کیونکہ وہ تمہیں اپنی رحمت سے روزی دیتا ہے اور اللہ پاک کی محبت (حاصل کرنے ) کے
لیے مجھ سے محبت کرو، اور میری محبت (پانے) کے لیے میرے اہلِ بیت سے محبت کرو۔(ترمذی،
5/434، حدیث: 3814)
ہمارے اہلِ بیت کی محبت
کو لازم پکڑ لو کیونکہ جو اللہ پاک سے اس حال میں ملا کہ وہ ہم سے محبت کرتا ہے
اللہ پاک اسے میری شفاعت کے سبب جنت میں داخل فرمائے گا۔ (معجم اوسط، 1/606، حدیث: 243)
حبِ اہلِ بیت دے آل محمد کے لیے کر شہید عشق حمزہ پیشوا کے واسطے
کس زباں سے ہو بیان عز و شان اہلِ بیت مدح گوئے مصطفےٰ ہے مدح
خوان اہلِ بیت