سرور کہوں کہ مالک و مولا کہوں تجھے                              باغِ خلیل کا گلِ زیبا کہوں تجھے(اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ)

نبی پاک صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے، آپ نے لوگوں کو ایک ربّ کی عبادت کرنے کا درس دیا، آپ تمام خصلتوں کے جامع ہیں اور اس بنا پر آپ کے بہت سے نام ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:1۔بشیر: خوشخبری دینے والے، رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کو خوشخبری سنانے والا بنا کر بھیجا گیا، آپ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم قرآن کو ماننے والوں اور اس کے احکام پر عمل کرنے والوں کو نجات و فلاح اور جنت کی خوشخبری دیتے ہیں، قرآنِ پاک میں ارشادِ باری ہے:اے حبیب!بے شک ہم نے تمہیں حق کے ساتھ خوشخبری دینے والا اور ڈر کی خبریں دینے والا بنا کر بھیجا۔(سورۂ فاطر، آیت24)2۔ نذیر:ڈر سنانے والا، آپ دوزخ سے ڈرانے کی خبریں دینے والے ہیں، آپ کی تبلیغ کے باوجود اگر کوئی جہنم کی راہ جاتا ہے تو اس کے متعلق آپ سے سوال نہ ہوگا کہ وہ کیوں ایمان نہ لایا، کیونکہ آپ نے اپنا فرض پوری طرح ادا کر دیا ہے۔ قرآن مجید میں ہے:ترجمہ صراط الجنان:بے شک ہم نے تمہیں حق کے ساتھ بھیجا، خوشخبری دیتا اور پھر ڈر سناتا اور تم سے دوزخ والوں کا سوال نہ ہوگا۔(سورۂ بقرہ، آیت119)3۔مزمل:کپڑے میں لپٹنے والے، روایاتِ صحیحہ میں ہے کہ شروع میں جب وحی کی دہشت اور نقل سے آپ کا بدن کانپنے لگا تو آپ نے گھر والوں سے فرمایا:زملونی زملونی(مجھے کپڑا اڑھاؤ، کپڑا اڑھاؤ)چنانچہ کپڑا اڑھا دیا گیا، اللہ پاک نے اس اور اس سے اگلی صورت میں آپ کو وہی نام لے کر پکارا، قرآنِ مجید میں ہے:یا ایھا المزمل اے کپڑے میں لپٹنے والے۔(سورۂ مزمل، آیت 1)4۔رؤف:نرم دل، مہربان، آپ نرم دل کے مالک تھے، آپ لوگوں پر مہربان تھے اور ان کی خطاؤں کو معاف فرما دیتے تھے، جنگِ احد میں عتبہ بن ابی وقاص نے آپ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کے دندان مبارک کا کچھ حصہ شہید کر دیا اور عبداللہ بن قمیہٕ نے چہرہ انور کو زخمی کردیا، مگر آپ نے ان لوگوں کے لئے اس کے سوا کچھ نہ فرمایا:اے اللہ پاک! میری قوم کو ہدایت دے، کیوں کہ یہ لوگ مجھے نہیں جانتے ۔(الشفا بتعریف حقوق المصطفی فصل واماالحلم۔الخ، ج1،ص105)5۔صادق:سچ کہنے والا، حضور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم ہمیشہ سچ بولتے ہیں، آپ کے سچ بولنے کی وجہ سے لوگ آپ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کو صادق و امین پکارنے لگے، آپ کی سچائی کا قائل ابوجہل جیسا کافر بھی تھا۔

جس کو کافر بھی تسلیم کرتے تھے حق اس صداقت امانت پہ لاکھوں سلام

6۔عاقب: پیچھے آنے والا، رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم سب سے آخر میں تشریف لائے، سب سے آخری کتاب آپ کو ملی، سب سے آگے حضور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا دین آیا اور قیامت تک حضور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا دین باقی رہے گا۔ آپ نے فرمایا:میرا نام عاقب ہے، عاقب وہ ہے جس کے بعد کوئی نبی نہیں۔(مسلم، حدیث6096)7۔قاسم:تقسیم کرنے والا، آپ خزانوں میں سے تقسیم کرنے والے ہیں، بانٹنے والے ہیں، اگر کوئی فقیر آتا تو خود بھوکے رہتے تھے، مگر اپنا کھانا اس فقیر کو دے دیتے، آپ نے فرمایا:اَللہُ الْمُعْطِیْ وَاَنَا قَاسِمٌ۔اللہ پاک دینے والا ہے اور ہم اس کو تقسیم کرنے والے ہیں۔(بخاری، 3116)8۔محمود:تعریف کیا ہوا، آپ کا یہ صفاتی نام ہے۔ حضرت عباس رَضِیَ اللہُ عنہ نے فرمایا:آپ کا یہ نام زبور میں بھی موجود ہے، نیز حضرت ابنِ عباس رَضِیَ اللہُ عنہما سے روایت ہے: آپ کا نام مبارک آسمانوں میں محمود ہے۔9۔حامد:تعریف کرنے والا، آپ کی والدہ ماجدہ آمنہ رَضِیَ اللہُ عنہا فرماتی ہیں:میں نے خواب میں دیکھا کہ کوئی کہنے والا کہتا ہے :اے آمنہ!تیرے شکم میں ساری مخلوق سے بہتر اور سب کے سردار جلوہ افروز ہیں، ان کا نام حامد صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم رکھنا۔(الریاض الانیقہ،139)10۔احمد:سب سے زیادہ حمد کرنے والا، آپ اللہ پاک کی سب سے زیادہ حمد کرنے والے ہیں، آپ کی زبان مبارک ہر وقت اللہ کے ذکر سے تر رہتی۔حضرت عیسی علیہ السلام نے فرمایا:میں بشارت دیتا ہوں کہ میرے بعد ایک شان والا رسول آئے گا، اس کا نام احمد ہوگا ۔

لیکن رضا نے ختمِ سُخن اس پہ کر دیا خالق کا بندہ خلق کا آقا کہوں تجھے(اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ)