دوران تلاوت قرآن اشکباری کرنا مستحب عمل ہے جس کی مثالیں ہمیں نبی کریم صلی علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ صحابۂ کرام علیہم الرضوان اور سلف و صالحین کی حیات سے بھی ملتی ہیں جن میں سے چند پیش ِخدمت ہیں:

خاتم المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دورانِ تلاوتِ قرآن اشکباری فرمانا:

”حضرت عبد اللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انہیں فرمایا: مجھے قرآن مجید پڑھ کر سناؤ۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: میں آپ کو پڑھ کر سناؤں حالانکہ آپ پر قرآن نازل ہوا! فرمایا: میری یہ خواہش ہے کہ میں اسے دوسروں سے سنوں۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ پھر میں نے سورۃ النساء کی تلاوت کی یہاں تک کہ جب میں اس آیت پر پہنچا: فَکَيْفَ إذَا جِئْنَا مِنْ کُلِّ أُمَّةٍ بِشَهِيْدٍ وَ جِئْنَا بِکَ عَلَی هَؤُلَاءِ شَهِيْدًا (تو کیسی ہوگی جب ہم ہر اُمت سے ایک گواہ لائیں اور اے محبوب تمہیں ان سب پر گواہ اور نگہبان بنا کر لائیں۔(پ5، النساء: 41)تو مجھ سے فرمایا: رک جاؤ! جب میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دیکھا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چشمانِ اقدس سے آنسو رواں تھے۔۔( اخرجہ البخاری فی الصحيح، کتاب: فضائل القرآن، باب: البکاء عند قراءة القرآن، 4 / 1927)

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی تلاوت سے سردار مشرکین کا مضطرب ہونا:

"حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے:فَيَقِفُ عَلَيْه نِسَاءُ الْمُشْرِکِيْنَ وَأَبْنَاؤُهُمْ يَعْجَبُونَ مِنْهُ وَيَنْظُرُونَ إلَيْهِ، وَکَانَ أَبُوبَکْرٍ رَجُلًا بَکَّاءً لاَ يَمْلِکُ عَيْنَيْهِ إذَا قَرَأَ الْقُرْآنَ فَأَفْزَعَ ذَلِکَ أَشْرَافَ قُرَيْشٍ مِنَ الْمُشْرِکِيْنَ.

" مشرکین کی عورتیں اور بچے کھڑے ہوکر ان کی طرف دیکھتے اور تعجب کا اظہار کرتے۔ جب وہ قرآن مجید کی تلاوت کرتے تو (بے تحاشا روتے) اور انہیں اپنی آنکھوں پر قابو نہ رہتا۔ ان کا (اس سوز سے) قرآن مجید پڑھنا قریش کے مشرک سرداروں کو مضطرب کر دیتا۔“

(رواہ البخاری فی الصحيح، کتاب الصلاة، باب المسجد يکون فی الطريق من غير ضرر بالناس، 1 / 181)

حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا قرأت کے وقت اشکباری کرنا:

”حضرت عبد اﷲ بن شداد بیان کرتے ہیں کہ میں نے صبح کی نماز میں حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کے رونے کی آواز سنی اور میں اس وقت آخری صف میں آپ رضی اللہ عنہ کی اقتداء میں نماز ادا کر رہا تھا۔ اور آپ سورہ یوسف کی یہ آیت تلاوت فرما رہے تھے: إنَّمَا أَشْکُو بَثِّي وَحُزْنِي إلَی اﷲِ (بے شک میں اپنے دکھ اور غم کا شکوہ صرف اﷲ تعالیٰ سے کرتا ہوں)۔“

(الحديث رقم: اخرجہ البخاری فی الصحيح، کتاب صفۃ الصلاة، باب: إذا بکى الإمام فی الصلاة)

قرآن پاک غم کے ساتھ نازل ہوا ہے:

حضرت سعد بن ابی وقاص رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضور پر نور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’یہ قرآن غم کے ساتھ نازل ہوا تھا، جب تم اسے پڑھو تو روؤ اور اگر رو نہ سکو تو رونے کی شکل بنا لو۔( ابن ماجہ، کتاب اقامۃ الصلاۃ والسنّۃ فیہا، باب فی حسن الصوت بالقرآن، ۲ / ۱۲۹، الحدیث: ۱۳۳۷)

مختصر وضاحت:

امام محمد غزالی رَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں ’’غم ظاہر کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ قرآن کے ڈرانے، وعدہ اور عہد و پیمان کو یاد کرے پھر سوچے کہ اِس نے اُس کے احکامات اور ممنوعات میں کتنی کوتاہی کی ہے تو اس طرح وہ ضرور غمگین ہو گا اور روئے گا اور اگر غم اور رونا ظاہر نہ ہو جس طرح صاف دل والے لوگ روتے ہیں تو اس غم اور رونے کے نہ پائے جانے پر روئے کیونکہ یہ سب سے بڑی مصیبت ہے۔(احیاء العلوم، کتاب آداب تلاوۃ القرآن، الباب الثانی فی ظاہر آداب التلاوۃ، ۱ / ۳۶۸)

کاش! قرآن پڑھ کر اشکباری کریں میری آنکھیں

کاش! سنت کو اسلاف کی ادا کریں میری آنکھیں