نبی کریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کے اَصحاب رَضِیَ اللہُ عنہم اجمعین قیامت تک کے لئے تمام لوگوں کے لئے روشن ستاروں کی مانند ہیں ،جیسا کہ خود آپ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کے فرمان کا خلاصہ ہے:میرے اَصحاب ستاروں کی مانند ہیں،انہی میں سے روشن و تابندہ ہستی خلیفۃ المسلمین،خلیفہ ثانی، یارِ غار حضرت ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہُ عنہ بھی ہیں۔ آپ رَضِیَ اللہُ عنہ کی شان کے کیا کہنے!خودقرآن اور صاحبِ قرآن نے آپ کی تعریف بیان فرمائی ہے۔ آپ رَضِیَ اللہُ عنہ وہ ہستی ہیں، جن کی مدح سرائی تمام صحابہ کرام رَضِیَ اللہُ عنہم نے فرمائی ہے۔ آئیے!حصولِ برکت کے لئے شانِ صدیقِ اکبر ،مولا علی شیرِ خدا رَضِیَ اللہُ عنہ کی زبانی سنتی ہیں:صحابہ میں سب سے افضل:امیر المؤمنین حضرت علی رَضِیَ اللہُ عنہ نے فرمایا:ہم سب صحابہ میں حضرت صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ عنہ سب سے افضل ہیں۔(الریاض النضرہ،1/ 138)سبحان اللہ!قربان جائیے! شانِ صدیقِ اکبر پر کہ آپ افضل البشر بعد الانبیاء ہیں۔ہر نیک کام میں سبقت:حضرت علی رَضِیَ اللہُ عنہ فرماتے ہیں:اس ذات کی قسم! جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے!میں نے جس کام میں بھی سبقت کا ارادہ کیا،اس میں حضرت ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہُ عنہ مجھ سے سبقت لے گئے ۔(مجمع الزوائد، 9/ 29، حدیث 14332)محبتِ صدیقِ اکبر کا انعام:حضرت علی رَضِیَ اللہُ عنہ فرماتے ہیں:جس نے حضرت صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ عنہ سے محبت کی، قیامت کے دن وہ انہی کے ساتھ کھڑا ہوگا اور وہ جہاں تشریف لے جائیں گے، وہ بھی انہی کے ساتھ جائے گا۔(کنزالعمال،7/6،حدیث36094)صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ عنہ کا دل بہت مضبوط ہے: حضرت علی رَضِیَ اللہُ عنہ نے برسر ِمنبر فرمایا:حضرت صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ عنہ کا دل بہت مضبوط ہے۔ (الریاض النضرہ،1/139)سب سے پہلے خلیفہ صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ عنہ:حضرت علی رَضِیَ اللہُ عنہ نے ارشاد فرمایا:غور سے سن لو! ہم نے حضرت ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہُ عنہ کو ہی خلافت کا اہل سمجھا۔(مستدرک ، 4/ 27، حدیث :4519)الزام تراشوں والی سزا:حضرت علی المرتضیٰٰ رَضِیَ اللہُ عنہ نے ارشاد فرمایا:جو مجھے حضرت ابوبکر و عمر رَضِیَ اللہُ عنہما سے افضل کہے گا تو میں اس کو مفتری کی(یعنی تہمت لگانے والے کو دی جانے والی)سزا دوں گا۔(تاریخِ ابن عساکر، 30/ 383)حضرت علی رَضِیَ اللہُ عنہ بارگاہِ رسالت میں حضرت صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ عنہ کے مقام و مرتبے سے بخوبی آگاہ تھے، جبھی تو فرماتے ہیں:میں صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ عنہ کی تمام نیکیوں میں سے ایک نیکی ہوں۔الغرض فرمانِ مولیٰ علی سے شانِ صدیقِ اکبر خوب ظاہر ہوتی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ وہ ارفع و اعلیٰ شخصیت کے مالک ہیں جن کی عظمت کے قائل تمام ہی صحابہ کرام رَضِیَ اللہُ عنہم اور خود سردارِ اولیا آپ کی شان کے قائل ہیں۔سبھی اَصحاب سے بڑھ کر مقرب ذات ہے ان کی ،رفیقِ سرورِ اَرض و سَما صدیقِ اکبر ہیں۔اللہ پاک ہمیں فیضانِ صدیقِ اکبر سے مالامال فرمائے۔اٰمین بجاہِ النبی الکریم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم