اللہ کریم  نے ہمیں جو نعمتیں عطا فرمائی ہیں ان میں سے ایک عظیم نعمت حلال گوشت بھی ہے۔ گوشت اللہ پاک کی وہ نعمت ہے جو جنت میں بھی ہو گی۔ چنانچہ اہلِ جنت کے بارے میں اللہ تبارک و تعالٰی ارشاد فرماتا ہے:

(وَ اَمْدَدْنٰهُمْ بِفَاكِهَةٍ وَّ لَحْمٍ مِّمَّا یَشْتَهُوْنَ(۲۲)) ترجمہ کنزالایمان: اور ہم نے ان کی مدد فرمائی میوے اور گوشت سے جو چاہیں۔ (پ 27،الطور :22)

اللہ پاک کےآخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا پسندیدہ کھانا گوشت تھا۔ (اخلاق النبی و آدابہ ص 118 رقم : 597)

پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے جن جانوروں کا گوشت تناول فرمایا اُن میں سے پانچ حسبِ ذیل ہیں۔

1. اونٹ کا گوشت : آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اونٹ کی کلیجی تناول فرمانا ثابت ہے۔ چنانچہ حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ سے روایت ہے "حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے اُن اونٹوں میں سے جو میں نے لٹیروں سے چھینے تھے (چھڑائے تھے) ایک اونٹ کو ذبح کیا اور اس کی کلیجی اور کوہان کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے بھونا۔ )صحیح المسلم، کتاب الجھاد والسیر ، باب غزوۃ ذي قرد: ٣/١٤٣٨ رقم الحدیث : ۱۸۰۷ (

2. بکری کا گوشت: حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں کہیں سے (بکری کا) گوشت آیا۔ اس میں سے دست کا گوشت خدمت اقدس صلی اللہ علیہ وسلم میں پیش کیا گیا۔ کیونکہ دست کا گوشت آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو پسند بھی تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو دانتوں سے کاٹ کر تناول فرمایا۔ (شمائل ترمذی، چشتی)

3. نیل گائے کا گوشت : حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے ایک نیل گائے کو دیکھا اور اس کو شکار کیا. حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ (اے قتادہ) اس کے گوشت میں سے کچھ تمہارے پاس ہے؟ میں نے عرض کیا کہ اس کا پاؤں ہمارے پاس ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے پکڑا اور تناول فرمایا۔ (صحیح بخاری و مسلم شریف)

4. بٹیر کا گوشت : بٹیر کھانا حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے۔ چنانچہ حضرت سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں۔ میں نے نبیِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بٹیر کا گوشت کھایا۔

5. خرگوش کا گوشت: حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ہم مرالظہران کے مقام پر تھے کہ ہم نے ایک خرگوش کو بھگایا، لوگ اُس کے پیچھے بھاگ بھاگ کر تھک گئے، پس میں نے اسے پکڑ لیا اور حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس لے آیا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اسے ذبح کیا اور اُس کی رانیں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیں اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے قبول فرما لیں۔

معلوم ہوا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حلال جانور کا گوشت بہت شوق سے تناول فرماتے۔ بلکہ گوشت آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مرغوب غذا تھی۔

گدا بھی منتظر ہے خلد میں نیکوں کی دعوت کا

خدا دن خیر سے لائے سخی کے گھر ضیافت کا

(حدائق بخشش، ص37)