مخصوص جانور کو مخصوص وقت میں اللہ پاک کا قُرب حاصل کرنے کے لئے ذبح کرنا قربانی ہے،  قربانی صاحبِ وُسعت پر شریعت کی طرف سے مقرر کردہ ہے ایک عبادت ہے اور قربانی حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام کی اور ہمارے پیارے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی بھی سُنتِ مبارکہ ہے۔

حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا:"جس نے خوش دلی کے ساتھ طالبِ ثواب ہوکر قربانی کی، تو وہ آتشِ جہنم سے حجاب(روک) ہو جائے گی۔"

قربانی کرنے کے بہت سے دینی اور دنیاوی فوائد ہیں، دینی فوائد تو ہم سنتے ہی رہتے ہیں، آئیے آج اس کے کُچھ دنیاوی فوائد پر نظر ڈالتے ہیں:

1۔قربانی کا جانور مویشی منڈی لانے اور وہاں سے گھر لانے وغیرہ میں گاڑیوں اور کنٹینروں کا استعمال کیا جاتا ہے، تو قربانی کی سُنت کے سبب گاڑیوں والوں کا روزگار چلتا ہے۔

2۔قربانی کے دنوں میں چارے وغیرہ کے اسٹال لگائے جاتے ہیں، اس سے ان کا روزگار بھی چلتا رہتا ہے۔

3۔قربانی کے دن آنے پر ہزاروں قصاب جانور ذبح کرنے اور قیمہ بنانے وغیرہ کا کام کرتے ہیں، اس سے ان کاروزگار چلتا ہے۔

4۔قربانی کی کھالوں سے بہت سی چیزیں بنائی جاتی ہیں۔

5۔قربانی کی کھالوں سے جو چیزیں بنائی جاتی ہیں، انہیں دوسرے ملکوں میں برآمد کیا جاتا ہے، جس سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔

6۔بہت سے لوگ قربانی کی کھالیں دعوتِ اسلامی کے مدارس وغیرہ کو دیتے ہیں، جسے بیچ کر ان مدارس وغیرہ کے کئیں ماہ کے اخراجات پورے کئے جاتے ہیں۔

7۔پھر مسلمان اپنی قربانی کا گوشت اپنے دوستوں، رشتہ داروں، غریبوں کو دیتے ہیں، اس طرح غریب لوگ بھی گوشت کھا لیتے ہیں۔

اے عاشقانِ رسول!ابھی اپنے قربانی کے دنیاوی فوائد پڑھے، اگر یہ فوائد ہمیں نہ بھی معلوم ہوں تب بھی اللہ اور اس کے رسول کریم و صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم پر عمل کرتے ہوئے قربانی کرنی چاہئے۔

اللہ پاک ہمیں خوش دلی کے ساتھ قربانی کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور دونوں جہاں کی بھلائیاں عطا فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم