حضرت لوط علیہ السلام حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بھتیجے ہیں، آپ سدوم کے نبی تھے،آپ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ساتھ ہجرت کرکے ملکِ شام میں آئے تھے اور حضرت ابراہیم خلیل اللہ علی نبینا و علیہ الصلوۃ والسلام کی دعا سے نبی بنائے گئے۔(نورالعرفان، ص255- قوم لوط کی تباہ کاریاں، ص 1 تا 2)اللہ پاک نے ان کو اہلِ سدوم کی طرف مبعوث فرمایا، آپ ان لوگوں کو دینِ حق کی دعوت دیتے اور فعلِ بد سے روکتے، قومِ لوط بیانِ عافیت نشان کو سُن کر نہیں مانے،سر تسلیمِ خم کرنے کے بجائے بے باکانہ نافرمانیاں کرتے رہے۔ان کی سب سے بڑی خباثت لواطت(یعنی لڑکوں سے بدفعلی) کرنا تھی، اسی پر حضرت لوط علیہ السلام نے اپنی قوم سے فرمایا:ترجمۂ کنزالایمان:کیا تم ایسی بے حیائی کا ارتکاب کرتے ہو، وہ جو تم سے پہلے جہاں میں کسی نے نہ کی۔(پ8،الاعراف:80) آپ نے ان کو بے حیائی کی باتوں سے منع فرمایا تو ایک نے بھی آپ کی بات نہ مانی اور اس ممنوع کام کو ترک نہ کیا،اسی لئے اللہ پاک نے انہیں وہ سزا دی کہ وہ ہمیشہ کے لئے عبرت کا مرقع بن کر رہ گئے۔قومِ لوط کی صرف یہی ایک نافرمانی نہیں تھی، بلکہ وہ کئی طرح کی نافرمانیوں میں گرفتار تھے، ان کا کام راستوں میں ڈاکے ڈال کر راستے کا سارا مال لوٹ لینا تھا، اس طرح یہ لوگوں کی اذیت کا سبب بنتے اور اس طرح لوگوں کو اذیت پہنچانا بھی خدا کی نافرمانی ہے۔اسی طرح قومِ لوط کی ایک نافرمانی اپنے دوستوں سے خیانت کرنا بھی تھی،وہ اپنے دوستوں کی امانتوں کا خیال نہیں رکھتے تھے، بلکہ اس میں خیانت کے مرتکب ہوتے تھے، اسی پر بس نہیں تھا، بلکہ وہ عام اجتماع کے مقامات پر طرح طرح کی فحش باتیں اور فحش حرکات کرتے،بلکہ بعض اوقات مجلس میں بھی بدفعلی کا ارتکاب کرتے اور بالکل حیا نہ کرتے،ان میں بےحیائی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی، ان پر نہ کسی نصیحت کا اثر ہوتا تھا، نہ کسی کے سمجھانے سے باز آتے تھے،انہیں نہ موجودہ گناہوں سے شرم تھی،نہ سابقہ گناہوں پر ندامت اور نہ ہی مستقبل میں اصلاح کی نیت، اسی لئے اللہ پاک نے انہیں سخت سزا دی، انہوں نے اپنے نبی سے یہاں تک کہہ دیا کہ(قصص الانبیاء،ص 225)ترجمۂ کنزالایمان:اگر تم سچے ہو تو ہم پر اللہ کا عذاب لے آؤ۔ (العنکبوت:29/29) چنانچہ ان پر عذابِ الٰہی نازل ہو گیا، اللہ پاک نے ان کی بستیوں کو اس طرح اُلٹ کر دیا کہ ان کا اوپر والا حصّہ نیچے ہو گیا، پھر مسلسل پتھروں کی بارش سے انہیں نظروں سے اوجھل کر دیا۔(قصص الانبیاء، ص 232)اللہ پاک ہم سب کو اپنی نافرمانی والے کاموں سے محفوظ فرمائے۔آمین