اللہ کریم قرآنِ مجید،فرقانِ حمید میں ارشاد فرماتا ہے:ان الصلوۃ کانت علی المؤمنین کتٰبا موقوتا۔ترجمۂ کنز الایمان:بے شک نماز مسلمانوں پر وقت باندھا ہوا فرض ہے۔(پارہ 5، سورہ نساء:103)پانچوں نمازوں کی بےشمار فضیلتیں ہیں، ہر نماز اپنی الگ حیثیت سے اعلیٰ درجے پر ہے، اسی طرح نمازِ عشا پڑھنے والوں کی بھی بے شمار فضیلتیں ہیں۔عشا کے لغوی معنی ہیں: رات کی ابتدائی تاریکی، چونکہ یہ نماز اندھیرا ہو جانے کے بعد ادا کی جاتی ہے، اس لئے اس نماز کو نمازِ عشا کہا جاتا ہے۔(فیضان نماز، صفحہ 114)

تو پانچوں نمازوں کی پابند کردے پئے مصطفی ہم کو جنت میں گھر دے

عموماً عشا کی نماز کے وقت لوگ اپنے بستر کا رُخ کر لیتے ہیں اور عشا کی نماز میں سستی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ عشا میں تہائی رات تک تاخیر مستحب ہے اور آدھی رات تک تاخیر مباح ہے۔نمازِ عشا کے فضائل و اہمیت پر پانچ فرامینِ مصطفی صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم :1۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ میں اپنی امت پر مشقت ڈال دوں گا تو انہیں حکم دیتا کہ عشا کو تہائی یا آدھی رات تک پیچھے کریں۔ (مراۃالمناجیح، جلد 1، صفحہ 375)2۔تابعی بزرگ حضرت سعید بن مسیب رحمۃ اللہ علیہ سے مروی ہے کہ سرورِ دوجہاں صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عبرت نشان ہے:ہمارے اور منافقین کے درمیان علامت (یعنی پہچان) عشا کی نماز میں حاضر ہونا ہے، کیونکہ منافقین ان نمازوں میں آنے کی طاقت نہیں رکھتے۔(فیضان نماز، صفحہ 112) 3۔فرمانِ مصطفیٰ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم:جس نے عشا کی نماز باجماعت پڑھی تو گویا اس نے تمام رات نماز پڑھی۔(معجم کبیر، جلد 1، حدیث 148)4۔رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا؛جس نے عشا کی نماز باجماعت پڑھی اور جماعت سے کوئی بھی رکعت فوت نہ ہوئی تو اس کے لئے نفاق اور جہنم سے آزادی لکھ دی جاتی ہے۔(شعب الایمان، جلد 3، حدیث2875)5۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:منافقوں پر فجر اور عشا سے زیادہ کوئی نماز بھاری نہیں اور اگر جانتے کہ ان دونوں میں کیا ثواب ہے تو گھسٹ کر بھی ان میں پہنچتے۔(مرآۃ المناجیح، جلد 1، 383)ہمیں چاہئے کہ پانچوں نمازوں کو پابندی وقت کے ساتھ ادا کریں کہ نماز مسلمانوں پر فرض ہے، اس کا چھوڑنا گناہِ کبیرہ ہے۔اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں پابندی وقت کے ساتھ پانچوں نمازیں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ہماری کوئی نماز قضا نہ ہو۔آمین